لندن: لندن میں تارکین وطن کے خلاف احتجاج، ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔مظاہرین نے مارچ کے دوران تارکین وطن مخالف نعرے بازی کی، مظاہرین نے ’’کشتیاں روکو‘‘ اور ’’واپس بھیجو ‘‘ کے نعرے لگائے۔برطانوی میڈیا کے مطابق مارچ میں ’’یونائٹ دی کنگڈم‘‘ اور دیگر سیاسی نعرے لگائے گئے، سڑکوں پر تارکین وطن مخالف بینرز اور پلے کارڈز لہرائے گئے۔مظاہرین نے حکومت سے مہاجرین کی پالیسیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے کہا کہ لندن آج آزادیٔ اظہار رائے کے دفاع میں کھڑا ہے، تارکین وطن سے مقامی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق مظاہرہ مقامی سطح پر منظم کیا گیا لیکن بین الاقوامی توجہ حاصل کر گیا۔مارچ میں برطانیہ کے چاروں قومیتی پرچم نمایاں نظر آئے، مظاہرہ صرف مہاجرین نہیں بلکہ سماجی مسائل پر بھی مرکوز تھا۔
Category: اہم خبریں
-

عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا: سلمان اکرم راجہ
گجرات:سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا۔پنجاب کے علاقے گجرات میں سیلاب زدہ علاقوں میں دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی عوام کے حقوق کیلئے جیل میں بیٹھا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ مشکل کی اِس گھڑی میں بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق عوام کے دُکھ میں ساتھ کھڑے ہیں، عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا لیکن یہ ختم ہو کر رہے گا۔سیکرٹری جنرل پا کستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عوام دشمن حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، متاثرین کو خوراک، ادویات کی ضرورت ہے سب مل کر مشکل کا مقابلہ کریں گے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہپی ٹی آئی کی پوری جماعت آفت کی اِس گھڑی میں پرویز الہٰی کے ساتھ کھڑی ہے، نظام اپنے بوجھ تلے گرنے کو ہے ،جھوٹ پامال ہوگا اور سچ کا بول بالا ہونے والا ہے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ اِس ملک میں اغوا، تشدد کا قانون ہے جسے شکست دے کر پیار، انصاف کا قانون نافذ کرنا ہے،عوام اپنے عزم میں کمی نہ آنے دیں، انشاللہ! پاکستان کو فلاح کی جانب لے کر جائیں گے۔
-

بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے شہری کو گرفتار کر لیا
فیصل آباد: بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔تھانہ سمن آباد کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے شہری کو گرفتار کر لیا۔جو دیگر ٹریفک کے لئے خطرے کی علامت بنا ہوا تھا۔ جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔
-

ڈالر کی قدر میں کمی ،تولہ سونا 2500روپے مہنگا
کراچی: ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان جمعہ کو بھی جاری رہا،ادھر سونے کی قیمتوں میں بڑااضافہ ریکارڈکیاگیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالرایک پیسے کی کمی سے 281.55روپے پر بند ہوا۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 9 پیسے کی کمی سے 282روپے 61پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 27ڈالر کے اضافے سے 3645ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 2500روپے کے اضافے سے 3لاکھ86 ہزار500روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 2143روپے کے اضافے سے3لاکھ 31 ہزار 361 روپے پر جاپہنچا۔ -

عمان کو شکست دیکر پاکستان کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز
دبئی:ایشیاکپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 2025 کے چوتھے میچ میں پاکستان نے عمان کو یکطرفہ مقابلے میں 93 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔عمان کی ٹیم پاکستان کے 161 رنز کے تعاقب میں صرف 67 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عمان کی جانب سے حماد مرزا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔عامر کلیم 13، شکیل احمد 10، محمد ندیم 3، ونایک شکلا 2، حسنین شاہ 1، کپتان جتندر سنگھ 1، شاہ فیصل 1، سفیان محمود 1، اور ذکریا اسلام 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے عمان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔عمان کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث ، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل تھے ۔ گرین شرٹس نے عمان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے ۔محمد حارث نے 66 رنز کی اننگز کھیلی، صاحبزادہ فرحان نے 29 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 23 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے ۔صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا صفر پر آؤٹ ہوئے ، محمد نواز نے 19 اور حسن نواز نے 9 رنز سکور کیے ۔عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاواضح رہے کہ پاکستان اور عمان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔
-

دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ ترین صورتحال
لاہور: ملک بھر کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ 89 ہزار 60 کیوسک، ہیڈ اسلام کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 82 ہزار 755 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائِی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 94 ہزار 147 کیوسک ریکارڈ ہوا۔دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 61 ہزار 205 کیوسک، سکھر کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 72 ہزار 320 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کوٹری کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 62 ہزار 939 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
-

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار آئندہ چند گھنٹوں میں قطر روانہ ہوں گے
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے دورہ قطر کی تیاری مکمل کر لی گئی۔سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار آئندہ چند گھنٹوں میں قطر روانہ ہوں گے، وہ ر دوحہ میں اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس کل دوحہ میں منعقد ہو گا، اجلاس میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب نائب وزیراعظم اپنے خطاب میں قطر کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی اور حمایت کا اعلان کریں گے، جب کہ اجلاس میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی جائے گی۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے مسلم و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر غور کریں گے اور غزہ پر جاری اسرائیلی و صیہونی بربریت پر بھی بات کی جائے گی۔خیال رہے ذرائع نے مزید یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا بھی پرسوں دوحہ میں عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کا امکان ہے۔
-

ججز یا وکلا کے بجائے سائل کا مفاد ہمیشہ مقدم ہونا چاہئے: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
مظفر آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ کو انصاف فراہم کرنے کے سفر میں چیلنجز کا بھی سامنا ہے، ججز یا وکلا کے بجائے سائل کا مفاد ہمیشہ مقدم ہونا چاہئے۔
جوڈیشل کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کانفرنس آزاد کشمیر کی گولڈن جوبلی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کانفرنس آزاد کشمیر کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت اعزاز ہے، آزاد کشمیر کی عدلیہ عوام کو انصاف فراہم کرنے میں پیش پیش ہے، آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ نے جرات اور عزت کے ساتھ خطے میں ایک اہم سنگ میل طے کیا ہے تاہم آزاد کشمیر میں بھی کیسز کی تعداد میں اضافہ، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور بچوں اور خواتین کی انصاف تک رسائی جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدلیہ کو انصاف فراہم کرنے کے سفر میں چیلنجز کا بھی سامنا ہے، تاہم آزاد جموں و کشمیر کے سپریم کورٹ کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ججز یا وکلا کے بجائے سائل کا مفاد ہمیشہ مقدم ہونا چاہیے، بینچ اور بار کے درمیان تعلقات مثبت ہونے چاہئیں، اس کے بغیر قانون کی حکمرانی اور اصلاحات ممکن نہیں۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر عدلیہ اور انصاف کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور آزاد کشمیر کی عدلیہ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ -

انڈونیشیا میں شدید بارشیں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، 19 جاں بحق، کئی لاپتہ
بالی: انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں شدید بارشیں اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بالی میں لینڈسلائیڈنگ سے کئی مکانات تباہ، 19 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، ریسکیو ٹیمیں تلاش میں مصروف ہیں،خبرایجنسی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیانیار، کرانگاسیم، بادونگ میں 18 لینڈ سلائیڈنگز رپورٹ ہو چکی ہیں،منگل اور بدھ کو موسلا دھار بارشوں سے دریا بپھر گئے،سیلاب سے گھروں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔اسی طرح بالی میں ایک ہفتے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، بارش میں کمی کے باوجود لینڈ سلائیڈنگ اور طوفان کا خطرہ برقرار ہے، دوسری جانب ڈیزاسٹر ایجنسی نے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی۔علاوہ ازیں خبر ایجنسی کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، سیاحتی علاقوں میں صورتِ حال نازک ہے اور مقامی حکومتیں متحرک ہو گئیں۔
-

کراچی کے مسائل کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور اسے اقتدار میں لانے والے ہیں: نعیم الرحمان
کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ سسٹم کے نام پر جو نظام چل رہا ہے اس کی ذمہ داری صرف پیپلز پارٹی پر نہیں بلکہ انہیں اقتدار میں لانے والوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کراچی وسائل میں سب سے آگے ہے مگر اس کے فنڈز کھائے جا رہے ہیں، 3 ہزار 360 ارب روپے جو کراچی کو اے ڈی پی کے تحت ملنے تھے وہ فراہم نہیں کیے گئے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پی ایف سی کا اجلاس 15 سال سے نہیں ہوا، شاہراہ بھٹو اربوں روپے سے بنی مگر اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر مہران ایکسپریس وے جیسی ہوگئی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے یاد دلایا کہ حب نہر کا افتتاح بلاول بھٹو نے کیا تھا مگر وہ پراجیکٹ دراصل ماضی میں جماعت اسلامی کا تھا اور اب تباہی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گرین لائن پراجیکٹ تین حکومتوں میں مکمل نہ ہوسکا، ریڈ لائن منصوبہ بھی نامکمل ہے اور اس کی لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا ہے کہ پورا شہر ٹوٹی سڑکوں، گڑھوں اور مٹی کے ڈھیروں میں بدل چکا ہے جبکہ ایم کیو ایم، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی سب ایک ہی ہیں۔
