اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جعلی ڈگری کیس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک بطور جج کام کرنے سے روک دیا گیا۔عدالت نے اس کیس میں سینئر قانون دان بیرسٹر ظفر اللہ خان اور اشتر علی اوصاف کو عدالتی معاون مقرر کیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل سے بھی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر معاونت طلب کی گئی ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ قبل ازیں درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آنے تک کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا رہے گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے سامنے ایک اہم سوال ہے جس کو دیکھنا ہے، اگر معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر التوا ہو تو کیا ہائی کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے؟ وکیل اسلام آباد بار ایسوسی ایشن راجا علیم عباسی نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، بار ایسوسی ایشنز سٹیک ہولڈرز ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ اس کیس میں فریق ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ حق سماعت کسی کا بھی رائٹ ہے، ہم نے آفس اعتراضات کو دیکھنا ہے۔راجا علیم عباسی نے کہا کہ ہماری صرف گزارش ہے کہ یہ خطرناک رجحان ہے، اگر یہ رجحان بنے گا تو خطرناک ہوگا، سپریم کورٹ کے دو فیصلے موجود ہیں، اس درخواست پر اعتراض برقرار رہنے چاہئیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان نے سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری شامل نہیں جبکہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کے ڈویژن اور سنگل بنچ ختم کر دیئے گئے ہیں۔
Category: اہم خبریں
-

قطر امریکا کا بہترین اتحادی، اسرائیل کو محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا: ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکا کا قریبی اتحادی ہے اور اس حوالے سے اسرائیل کو بہت محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا۔امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران قطر کو بہترین اتحادی قرار دیا اور کہا کہ قطر کے ساتھ امریکا کے خاص تعلقات ہیں، جبکہ قطر کے امیر کو انہوں نے عظیم رہنما قرار دیا۔ایک صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ قطر پر اسرائیلی حملوں کے تناظر میں وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو محتاط رہنا چاہیے، انہیں حماس کے خلاف اقدامات ضرور کرنے ہیں لیکن قطر امریکا کا اہم اتحادی ہے جسے اکثر لوگ نظر انداز کرتے ہیں۔دوسری جانب ٹرمپ نے روس پر پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ امریکا روس کے خلاف مزید اقدامات کے لیے تیار ہے اور یورپ کو بھی اسی پالیسی پر عمل کرنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک روس سے بڑی مقدار میں تیل خرید رہے ہیں جبکہ امریکا نہیں چاہتا کہ یورپ روسی تیل پر انحصار کرے۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بھارت پر بھی روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر بھاری ٹیرف عائد کیا جا چکا ہے۔
-

200 سکول اپ گریڈ کرنے کی منظوری
ملتان: حکومت نے 200 سکولز کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد ابتدائی سے ہائی لیول تک سکولز کی اپ گریڈیشن دی جائے گی سکولوں کی اپ گریڈیشن پر 47کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز خرچ ہوں گے ۔ اپ گریڈ ہونے والوں میں 64 سکول پائلٹ پروجیکٹ کے تحت شامل کئے گئے ہیں، اپ گریڈیشن میں 136نئے سکولوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ محکمہ خزانہ نے اپ گریشن کیلئے پہلے مرحلے 10 کروڑ روپے جاری کر دیئے ۔منصوبے کی مدت یکم اپریل 2025سے 30جون 2027تک ہوگی ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو فنڈز کے استعمال کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے علاوہ ازیں ان سکولوں میں اساتذہ کی بھرتی اور تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھی گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے ۔
-

یونائٹیڈ چرچ کو نسل کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ریلی
راولپنڈی: یونائٹیڈ چرچ کونسل کے زیر اہتمام ریلی پریس کلب کے سامنے یوم دفاع پاکستان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیئرمین یونائیٹڈ چرچ پاسٹر الیاس، پاسٹر شمشیر یوسف، پاسٹر سیمسن بھٹی سیاسی سماجی کا کن طارق جوشی، ایلون، طارق رحمت، جبار ودیگر نے میجر عدنان شہید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، پاسٹر الیاس نے کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئے پاک فوج شب و روز کوشاں ہے، اقلیتوں سمیت پوری قوم پاک فوج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
-

علی پور ڈوب گیا، موٹروے ایم 5 بند : شجاع آباد کی مزید بستیاں زیر آب، جلالپور پیروالا سے نقل مکانی جاری، پینے کا پانی کھانا ہے نہ خیمے : متاثرین کا احتجاج
ملتان ،لاہور: جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ،دھوند بند پر سیلابی ریلے سے شگاف 400فٹ سے بھی بڑا ہوگیا ،شجاع آباد کی درجنوں بستیاں زیرآب آگئیں ،سینکڑوں مکان گرگئے ،متاثرین کی بڑی تعداد گھروں میں محصورہے جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ علی پور مکمل طور پر ڈوب گیاہے۔ملتان سے اوچ شریف موٹروے ایم 5بند کردی گئی ،جلالپور پیروالا سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے اور متاثرین ملتان روڈ دھوند بند پر پناہ لینے پر مجبور ہیں ،متاثرین نے پینے کا پانی اور خیمے نہ ملنے پر احتجاج کیا اور سیاستدانوں سے شکوہ کیا،سیلاب میں اب تک 104ہلاکتیں ہوچکی ہیں تاہم اب پنجاب بھر میں دریا معمول پر آنے لگے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ سیلابی علاقوں میں بجلی بلوں کوموخر کرنا کوئی احسان نہیں ،یہ خادم پاکستان کی حقیر سی کوشش ہے ، ریلیف کے مزید اقدامات کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق سیلابی پانی کی شدت کے باعث ملتان سے اوچ شریف تک موٹروے ایم فائیو کو مکمل طور پر بند کردیاگیاہے ،دھوند بند میں سیلابی ریلے سے پڑنے والا شگا ف 400فٹ تک چوڑا ہوگیا اور سیلابی پانی موضع رکن ہٹی میں داخل ہوگیاجبکہ بستی سومن ،بستی مولا، بستی داد ،نواں شہر ،مٹھو اور ماڑا سمیت درجنوں بستیاں زیرآب آچکی ہیں ،سینکڑوں مکانات گرنے سے پچاسی ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ اکثریت گھروں میں محصور ہے ، سیلاب زدہ علاقوں میں چوری کے واقعات بھی بڑھ گئے ، جلال پور پیروالا سے نقل مکانی پر مجبور متاثرین دھوند بند پر اور ملتان روڈ پر پناہ لئے ہوئے ہیں اوردو دن گزرجانے کے باوجود بے یارومددگار ہیں ،سیاستدانوں نے بھی کوئی مددفراہم نہیں کی ۔متاثرین کا کہناتھاکہ پینے کا پانی اور کھانا نہیں مل رہا ،خیمے تک نہیں دئیے گئے ۔ان کا مطالبہ تھاکہ حکومت صورتحال کا نوٹس لے کر ریلیف کے حوالے سے سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کرے اور مال مویشیوں کو بچانے کیلئے چارے اور ویٹرنری ڈاکٹرز کا بندوبست کرے ۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ بستیوں کے مکینوں کو ریلیف دینے کے حوالے سے کاوشیں تیز کر دی ہیں، مشکل کی گھڑی میں بزنس کمیونٹی بھی باہر نکلے اور حکومت کا ساتھ دے ۔ان کاکہناتھاکہ سیلا ب نے ملتان کی138بستیوں میں تباہی مچائی جس سے 6 لاکھ افراد متاثر ہوئے ،جلا ل پور اور شجاع آباد کی ڈیڑھ سو سے زیادہ بستیاں پانی میں ڈوب گئیں ،سینکڑوں مکانات گرنے سے لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ، ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی کپاس، کماد ،چاول، تل اور چارہ جات کی فصلیں تباہ ہو ئیں ۔خواجہ سلمان رفیق اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کشتی پر سیت پور کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کئے ،دونوں وزرا ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور بھی گئے اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ مریم اورنگزیب نے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ علی پور پورا ڈوب گیا ہے بہت بڑا نقصان ہوا ہے ،وزیراعلٰی کی ہدایت پر سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کردیا گیاہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو ہر سیلاب متاثرہ فرد کے نقصان کا تعین کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ ضلع رحیم یار خان میں بستی ساون ماچھی موضع رسول پورکے نزدیک حفاظتی بند ٹوٹنے سے درجن سے زائد بستیاں زیرآب آگئیں اور سینکڑوں مکانات متاثر ہوئے لوگ وہاں سے نقل مکانی کرنے لگے ہیں ۔وزارت آبی وسائل کے مطابق 3دریاؤں چناب ،راوی اور ستلج میں پانی کی سطح میں بڑی کمی آئی ہے ۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر 27 اگست کو آٹھ لاکھ پچانوے ہزار کیوسک کا ریلا آیا تھا لیکن گزشتہ روز چناب ہیڈ مرالہ پر پانی کم ہو 31 ہزار 500 کیوسک رہ گیا۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کم ہو کر 1 لاکھ 1 ہزار 95 کیوسک، راوی میں جسر کے مقام پر پانی کم ہو کر 12 ہزار 600 کیوسک رہ گیا ہے ۔سیلاب کے باعث بورے والا کے نواحی علاقے ساہوکا میں گزشتہ روز بارات سیلابی پانی میں پھنس گئی ،دلہا اپنی بارات عارفوالا لے کر جا رہا تھا کہ اچانک پانی کے ریلے نے ان کا راستہ روک لیا۔ باراتیوں نے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں سے مدد طلب کی، جس پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ دریائے راوی میں ڈو ب کر 12سالہ بچہ فیضان جاں بحق ہو گیا ۔ اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں پانچ سالہ بچی محبوبہ ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔ نارنگ کے سرحدی دیہات مقبول پور میانی میں باپ بیٹا سیلابی پانی میں ڈوب گئے ۔8سالہ بیٹے کو مقامی لوگوں نے بچا لیا جبکہ باپ طاہر محمود موقع پر جاں بحق ہوگیا۔پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے گڈو بیراج پر 14 سے 15 ستمبر تک اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے ۔ رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل نے بتایا ہے کہ گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ سندھ حکومت کے ترجمان مصطفی بلوچ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ کیوسک یا اس سے زائد پانی کا ریلا داخل ہونے کا امکان ہے ۔ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے گیارہویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 104 ہو گئی ہے جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں ۔پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے 11ویں سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رو ز قوم سے خطاب میں کہاکہ متاثرہ گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل مکمل طور پر معاف کر دئیے گئے ہیں۔ بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے ، سیلاب زدہ علاقوں کے گھریلو صارفین کو اگست کے بجلی کے بل ادا نہیں کرنا ہوں گے ، جنہوں نے پہلے ہی بل جمع کروا دئیے ہیں، ان کی رقم اگلے ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی اور یہ سیلاب متاثرین کا حق ہے ، کسی قسم کا احسان نہیں۔ زرعی اور صنعتی صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ان کے اگست کے بجلی بل فی الحال موخر کئے گئے ہیں، اگر نقصانات زیادہ نکلے تو انہیں بھی مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج مل کر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں اور متاثرہ آبادیوں کو خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ متاثرین کی مکمل آباد کاری کے عزم پر قائم ہیں اور حکومت اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھے گی جب تک ہر متاثرہ خاندان کو دوبارہ اپنے گھر میں آباد نہ کر دیا جائے۔
-

راوی کنارے 7کلو میٹر لمبے حفاظتی بند کا سنگ بنیاد
اسلام آباد: حالیہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی حفاظت کیلئے دریائے راوی کے کنارے 40فٹ چوڑے، 30فٹ اونچے اور 7کلو میٹر طویل حفاظتی بند کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ فوری طور پر شروع ہو کر 100دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا اور اس منصوبے کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے شہریوں کیلئے حفاظتی بند پر جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریک سمیت گرین بیلٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی جبکہ بہترین لائیٹنگ اور سیکورٹی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ کیمرے بھی نصب ہوں گے، پارک ویو سٹی کی انتظامیہ نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دریائے راوی پر اس حفاظتی بند کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، سیلاب سے متاثرہ رہایشیوں کیلئے ایک ارب روپے کے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے، متاثرہ رہایشی علاقوں میں دو ماہ کیلئے ڈویلپمنٹ چارجز بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے شہریوں کو مزید ریلیف ملے گا۔
-

مچھروں کی افزائش میں اضافہ، ڈینگی کائونٹرز غیر فعال
لاہور : مون سون کی بارشوں اور سیلاب کے اثرات آنا شروع لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مچھروں کی افزائش میں اضافہ، لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 25 ڈینگی کے کنفرم مریض رپورٹ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر میں ڈینگی کے 4 کنفرم مریض رپورٹ ،شہر میں رواں سال سے اب تک ڈینگی کے 135 مریض رپورٹ ، پنجاب میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 811 تک پہنچ گئی ہے ،شہر میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے ، شہر میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے تاحال کوئی ڈینگی سپرے اور سرویلنس شروع نہیں ہو سکی ، رواں سال شہر میں ڈینگی کے مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہے ، ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز تاحال غیر فعال ،ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا ہے ،ڈینگی کے بیشتر مریض نجی ہسپتالوں اور کلینکس پر رپورٹ ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے شہری ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، گھروں میں سپرے لازمی کریں اور لوشن کا استعمال کریں، رواں سال ڈینگی سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو بروقت روکا جائے ،ڈینگی سرویلنس کو تیز کیا جا رہا ہے اور لاروا کو ہنگامی بنیادوں پر تلف کیا جا رہا ہے۔
-

امریکا کا ایک بار پھر اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان
تل ابیب: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعلان کیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بقول صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ غزہ جنگ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے ساتھ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے۔مارکو روبیو نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حماس اب کسی کے لیے خطرہ نہیں رہے ہیں، غزہ کے لوگ ایک بہتر مستقبل کے مستحق ہیں اور یہ بہتر مستقبل اس وقت تک شروع نہیں ہوسکتا جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔امریکی وزیر خارجہ نے اپنے صدر کی ترجمانی کرتے ہوئے نیتن یاہو سے کہا کہ آپ ہماری غیر متزلزل حمایت اور نتیجہ خیز ہونے کے عزم پر اعتماد کرسکتے ہیں۔اس موقع پر نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کی تعریف اور انھیں سب سے بڑا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارکو روبیو کا دورہ ایک “واضح پیغام” تھا کہ امریکا، اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی مؤقف دہرایا کہ مغربی ممالک کے تیزی سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے عمل سے کوئی فائدہ نہ ہوگا البتہ حماس کی حوصلہ افزائی ہوئی۔یاد رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1500 کے قریب اسرائیلی مارے گئے تھے اور 251 کو یرغمال بناکر غزہ لے آیا گیا تھا، اس کے اگلے ہی روز سے اسرائیل نے غزہ پر انتقامی بمباری شروع کی جس میں اب تک 65 ہزار کے قریب فلسطینی شہید اور دو لاکھ زخمی ہوچکے ہیں۔
-

ریفری کیخلاف دیر سے کیوں ایکشن لیا؟ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ معطل
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے رویے پر ردعمل دینے میں تاخیر پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو گزشہ روز بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر آئی سی سی کو خط دیر سے لکھنے پر برطرف کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عثمان واہلہ کو ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے حوالے سے ردعمل دینے میں تاخیر پر معطل کیا گیا۔
-

دبئی: ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی 64 رنز پرگرگئی، محمد نواز بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
دبئی: ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان کی چھٹی وکٹ بھی 64 رنز پرگرگئی، محمد نواز بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
