لاہور:سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے تاریخی فائنل سے قبل جارحانہ اور بے خوف رویہ اپنانے کا مشورہ دے دیا۔ایک انٹرویو دیتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا جس طرح انہوں نے بنگلادیش کے خلاف سیمی فائنل میں کھیل پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اُس مائنڈ سیٹ سے نکلیں، بھارت کے دباؤ کو توڑیں اور میدان میں اتر کر ان کا سامنا کریں، ہمیں صرف 20 اوور پورے نہیں کرنے بلکہ وکٹیں لینا ہیں، جیسے ہی شروع میں ان کا بڑا کھلاڑی آؤٹ ہوگا، وہ دباؤ میں آجائیں گے ۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو بھارت کے نمبر ون ہونے کے تاثر میں نہیں آنا چاہیے بلکہ اپنی بہترین کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے ۔انہوں نے زور دیا کہ یہ نہ سوچیں کہ ہم دنیا کی سب سے بہترین ٹیم ہیں، بلکہ یہ سوچیں کہ ہم بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں ہیں، اپنے کھیل پر فوکس کریں اور سمجھداری سے کرکٹ کھیلیں۔سابق فاسٹ بولر نے ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس بڑے سکور کرنے اور حریف کو آؤٹ کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے ۔
Category: کھیل
-

حارث رؤف ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس میں 50وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی
دبئی :فاسٹ بالر حارث رؤف ٹی ٹونٹی کرکٹ کے ٹورنامنٹس میں 50وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بالر بن گئے۔انہوں نے یہ اعزاز بنگلہ دیش کے خلاف حاصل کیا۔ واضح رہے کہ یہ ٹی 20 وکٹیں نہیں بلکہ ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس کی وکٹیں ہیں۔ حارث نے سنگ میل 32میچوں میں عبور کیا ہے ۔
-

ایشیا کپ 2025 کا فائنل: بڑے معرکے کے ٹکٹ کتنے میں فروخت ہوئے؟
دبئی :ایشیا کپ 2025 کا فائنل کل اتوار 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوگا جہاں پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔بھارتی ٹیم کے کھیل میں سیاسی بیانات دینے کے باوجود شائقین کرکٹ میں جوش و خروش عروج پر ہے اور ہزاروں فینز اب بھی ٹکٹ خریدنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے لیے کم سے کم ٹکٹ کی قیمت 350 درہم (تقریباً 26 ہزار 817 روپے) ہے جو اپر سٹینڈز کے لیے ہیں جبکہ سب سے مہنگے ٹکٹ کی قیمت 11000 درہم (تقریباً 8 لاکھ 42 ہزار 820 روپے) ہے۔ایشیا کپ کے ٹکٹس کی فروخت کرنے والے آفیشل پورٹل پر ٹکٹس اب بھی دستیاب ہیں، دبئی سٹیڈیم کے پویلین کے ٹکٹ کی قیمت 900 درہم (68 ہزار 958 روپے) ہے۔دیگر کیٹیگریز میں ٹکٹس کی قیمتیں 3500 درہم (2 لاکھ 68 ہزار 170 روپے)، 6000 درہم (4 لاکھ 59 ہزار 720 روپے)، 8000 درہم (6 لاکھ 12 ہزار 960 روپے) اور 11000 درہم (8 لاکھ 42 ہزار 820 روپے) مقرر ہیں۔خیال رہے دبئی کرکٹ سٹیڈیم کے جنرل ( اپر ) سٹینڈز کے ٹکٹ 350 درہم (26 ہزار 817 روپے) میں فروخت کیے گئے ہیں جبکہ سپیشل ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمت 1500 درہم (1 لاکھ 14 ہزار 930 روپے) سے شروع ہورہی تھی۔
-

ہمار ہدف ایشا کپ جیتنا، بھارتی میڈیا کیا کہہ رہا پرواہ نہیں : سلمان علی آغا
دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ہمار ہدف ایشا کپ جیتنا، بھارتی میڈیا کیا کہہ رہا پرواہ نہیں۔یواے ای کے شہر دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پچھلے میچز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے، ہو سکتا ہے کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی فائنل کے لیے بچا کر رکھی ہو۔اُنہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کیا کہہ رہا ہے، اس سے کوئی غرض نہیں، ہماری ساری توجہ اپنی کارکردگی پر ہے، ایشیا کپ فائنل کیلئے تیار رہیں، اُمید ہے اچھے نتائج دیں گے، انشااللہ کل پاکستان کو جیتتے ہوئے دیکھیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں ، اگرچالیس اوور تک پلان پرعمل کیا توکسی ٹیم کو بھی ہرا سکتے ہیں، صائم ایوب اگلے دس سال تک ٹیم کے کام آ سکتا ہے، صائم نے فیلڈنگ اور بولنگ میں اچھی پرفارمنس دی، توقع ہے صائم فائنل میں اچھی بیٹنگ کریں گے۔سلمان آغا نے کہا کہ گراؤنڈ سے باہر کی چیزوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے ،ہمارا ہدف ایشیاکپ جیتنا ہے، اِسی کے لیے میدان میں اتریں گے، کبھی نہیں دیکھا کہ دوٹیموں میں ہینڈ شیک نہ ہوا ہو، کبھی میرے والد نے بھی ایسی بات نہیں بتائی کہ ہینڈشیک نہیں ہوا، پہلے بھی پاک بھارت میچز ہوئے، حالات خراب ہونے کے باوجود ہینڈشیک ہوئے، ہینڈ شیک نہ ہونا کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پہلے سپنرز کو زیادہ مدد مل رہی تھی ،اسی لیے سپنرز پر زیادہ انحصار کیا، اگرکوئی گراؤنڈ میں جارحانہ انداز دکھانا چاہتا ہے کوئی مسئلہ نہیں ، فاسٹ بولرز سے اگر اُس کا جارحانہ پن چھین لیں تو کچھ بچتا ہی نہیں، ہر کھلاڑی کو پتہ کہ جذبات کو کیسے قابو رکھنا ہے، ہرکھلاڑی کو جذبات کے اظہار کا حق ہے بس کسی کی توہین نہ کرے۔
-

ڈالرکی قدر کم،سونا اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ
کراچی:نٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر بڑھ گئی ،ادھر سونے اورچاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 4پیسے کی کمی سے 281.37 روپے کا ہوگیا۔یاد رہے کہ جمعرات کو مقامی کرنسی 281.41 پر بند ہوئی تھی۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 10 ڈالر کی کمی سے 3740 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا ایک ہزار روپے کی کمی سے 3 لاکھ 95 ہزار 800 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 858 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 39 ہزار 334 روپے ہوگئی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 64 روپے کی کمی سے 4599 روپے ہوگئی۔
-

بھارت کیخلاف صرف کھیل پر توجہ ، ہیسن کا قومی ٹیم کو پیغام
دبئی :ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین بڑے ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو اہم پیغام جاری کیا ہے۔پاکستانی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ بھارت کے خلاف صرف کھیل پر توجہ دی جائے ، دباؤ والے میچز میں جذبہ آنا فطری بات ہے مگر ہمیں اپنی توانائی کھیل پر مرکوز رکھنی ہوگی۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ مائیک ہیسن نے تسلیم کیا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی کارکردگی کمزور تھی مگر دوسرے میچ میں ٹیم نے بہتر فائٹ کی تھی۔مائیک ہیسن نے نے جیت کے عزم کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پچھلے میچ میں بھارت کو کافی دیر تک دباؤ میں رکھا، مگر میچ ختم کرنے کے لیے ہمیں یہ دباؤ زیادہ دیر تک برقرار رکھنا ہوگا، یہی ہماری اصل آزمائش ہے ۔پاکستان کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے مسلسل کامیابیوں کے بعد اعتماد حاصل کیا ہے اور اب کھلاڑی اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستانی کھلاڑیوں کی فائٹ پر فخر ہوناچاہیے ، شاندار میچ جیتا ہے چند ماہ میں پاکستانی ٹیم نے کئی میچز اپنے نام کیے ہیں۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ دبئی کی پچ چیلنجنگ تھی، ابتدائی اوورز میں بیٹنگ مشکل رہی۔مائیک ہیسن کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے نظم و ضبط سے بولنگ کی
-

اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر:قومی فٹبال ٹیم کے دو سابق کپتانوں کا موقع دینے کا فیصلہ
لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کے لیے قومی ٹیم کے دو سابق کپتانوں کلیم اللہ اور صدام حسین کو ایک اور موقع دینےکا فیصلہ کیا ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو دونوں سینئر کھلاڑیوں کو پرکھنے پر رضا مند ہوگئے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو افغانستان کے خلاف میچ کے لیے ممکنہ پلیئرز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایشین کپ کوالیفائر راؤنڈ تھری کا میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس کے لیے پاکستان ٹیم منiجمنٹ نے 12 اوور سیز پلیئر سمیت 37 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی ہے۔افغانستان کے خلاف پاکستان کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اگلے ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے گول کیپر یوسف بٹ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔میلبرن سٹی کی نمائندگی کرنے والے احمد فراز گلزاری بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جب کہ ویلز کے رہکسم اے ایف سی میں کھیلنے والے عمر نواز کو بھی قومی فٹبال سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ عمر نواز سانحہ اے پی ایس کے متاثر احمد نواز کے بھائی ہیں۔عادل نبی، اعتزاز حسین اور حارث زیب بھی پہلی بار پاکستان فٹبال سکواڈ میں شامل ہیں، آؤٹس خان کو بھی قومی فٹبال سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
-

پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا،اتوار کو بھارت سے کر کٹ کی تیسری جنگ
دبئی:ٹی20 ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرا کر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا، اتوار کو بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔ایشین کرکٹ چیمپئن پاکستان بنے گا یا بھارت، فیصلہ اتوار 28 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں مدمقابل آئیں گے ۔ایشیا کپ کے اب تک 41 سال میں ہونے والے 17 ایڈیشنز میں پاکستان اور بھارت کبھی فائنل میں آمنے سامنے نہیں آسکے تھے ۔بھارت 11 مرتبہ فائنل میں پہنچا تو پاکستان نے 5 بار فائنل کھیلا لیکن ایک دوسرے کے سامنے نہ آسکے ۔بھارت نے سب سے زیادہ 8، سری لنکا نے 6 اور پاکستان نے صرف 2 بار ایشیا کپ کرکٹ کا ٹائٹل جیتا۔ تین بار پاکستان فائنل میں شکست سے دوچار ہوا، پاکستان نے آخری مرتبہ 2012ء میں ایشیا کپ کی حکمرانی حاصل کی تھی۔ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت اب تک 10 مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، 8 میں بھارت نے کامیابی حاصل کی اور 2 بار پاکستان کامیاب ہوا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ دو بار مقابلہ ہوا ہے اور دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 136 رنز کاتعاقب کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔بنگلادیش کی جانب سے شمیم حسین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 جبکہ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل بنگلادیش کی دعوت پر قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کی نقصان پر 135 رنز سکور کیے ۔پاکستان کی جانب سے محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ محمد نواز 25، شاہین شاہ آفریدی 19، کپتان سلمان علی آغا 19، فخر زمان 13، صاحبزادہ فرحان 4 اور حسین طلعت 3 رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے ۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2، 2 اور مستفیض الرحمن نے 1 وکٹ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
-

ایشیا کپ سپر فور: سری لنکا کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
دبئی: ٹی 20 ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں سری لنکا کے کپتان چارتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جسپریت بمرا اور شیوم دوبے کی جگہ ارشدیپ سنگھ اور شرشیت رانا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری طرف سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، کرونارتنے کی جگہ لیانگے کو شامل کیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ پہلا مقابلہ ہے۔بھارت نے سپر فور مرحلے میں اپنے دو میچز میں پاکستان اور بنگلادیش کو شکست دی ہے اور فائنل میں پہنچ گیا ہے جبکہ سری لنکا کو اپنے دو میچز میں پاکستان اور بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ایونٹ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
-

آئی سی سی نے حارث رؤف اور سوریا کمار یادیو پر جرمانہ عائد کردیا
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حارث رؤف، صاحبزادہ فرحان اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی پیشی کا فیصلہ سنا دیا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے قومی کرکٹر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ جبکہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دے دی گئی دعویٰ کے مطابق بھارتی کپتان سوریاکمار یادو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔واضح رہے بھارتی کپتان کی جانب سے متنازع بیان دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی جس پر آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو طلب کیا تھا۔کرکٹ میدان میں سیاسی بیان سوریا کمار کے گلے پڑگئے، ان کی سرزنش کرکے مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی، میچ ریفری رچی رچرڈسن نے گزشتہ روز دبئی کے ہوٹل میں معاملے کی سماعت کی تھی، اور بھارتی کپتان کو آئندہ سیاسی بیان نہ دینے کی ہدایات کی تھیں۔دوسری جانب جمعے کے روز بھارتی بورڈ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان آئی سی سی میں پیش ہوئے تھے۔ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلے کو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈر لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیتے ہوئے طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا۔بھارتی کرکٹ بورڈ اور فینز کو پاکستان سے میچ جیتنے کے باوجود حارث رؤف کا انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے پاکستان کرکٹرز کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی۔بھارت کی جانب سے کی جانے والی شکایت پر آج حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہوئے، میچ ریفری رچی رچرڈسن نے حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے۔
