Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 18 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 7 نفسیاتی سطحیں عبور

    پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 7 نفسیاتی سطحیں عبور

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، انڈیکس 7 نفسیاتی سطحیں عبور کرگیا۔

    آئی ایم ایف کی قومی ائیرلائن کی نج کاری پلان منظور ہونے کی اطلاعات کے علاوہ گردشی قرضوں میں کمی اور ٹیرف ریشنلائزیشن منصوبوں کی منظوری کے امکانات اور ریفائنری سیکٹر میں بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے انڈیکس کی 63100، 63200، 63300، 63400، 63500، 63600 اور 63700 پوائنٹس کی 7 نفسیاتی سطحیں بھی عبور ہوگئیں۔

    تیزی کے سبب 68.45 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1 کھرب 21 ارب 85 کروڑ 63 لاکھ 79 ہزار 411 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ تعطیلات اور انتخابی گہما گہمی بڑھنے سے منگل کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی لیکن تیزی آتے ہی پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے ایک موقع پر 174 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن براؤن فیلڈ ریفائنری کی ترمیمی پالیسی کی منظوری کی خبر سے اس شعبے میں تازہ سرمایہ نے مارکیٹ کا گراف بلند کیا جس سے ایک موقع پر 882 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 796.10 پوائنٹس کے اضافے سے 63799.02 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

    کے ایس ای 30 انڈیکس 272.30پوائنٹس کے اضافے سے 21600.18پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1725.33پوائنٹس کے اضافے سے 108088.48پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 518.59 پوائنٹس کے اضافے سے 31471.37 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 20.35 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 33کروڑ 9 لاکھ 21 ہزار 598 حصص کے سودے ہوئے۔

    کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 336 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 230 کے بھاو میں اضافہ 79 کے داموں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں ماڑی پیٹرولیم کے بھاو 77.73 روپے بڑھکر 2316.57روپے اور پاکستان سروسز کے بھاو 39روپے بڑھکر 879 روپے ہوگئے جبکہ اٹک پیٹرولیم کے 11.88 روپے گھٹ کر 397.85روپے اور بلوچستان وہیلز کے بھاؤ 10.87 روپے گھٹ کر 171.13 روپے ہوگئے۔

  • انتخابات شفاف ہونگے عوام فیصلہ کریں قیادت کس جماعت کو دینی ہے، وزیراعظم

    انتخابات شفاف ہونگے عوام فیصلہ کریں قیادت کس جماعت کو دینی ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے ہرممکن قدم اٹھارہے ہیں انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔

    یہ بات نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دولت مشترکہ کے مبصر گروپ سے ملاقات میں کہی۔ مبصر گروپ نے سربراہ ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی انتخابات کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔

    نگراں وزیراعظم نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیاء اسکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔

    انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024ء کی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کیلئے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے، نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔

    دریں اثنا وفد نے سیکٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وفد نے انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

  • فراڈیوں کو دوبارہ آنے نہیں دینا انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کیا ہے، نوازشریف

    فراڈیوں کو دوبارہ آنے نہیں دینا انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کیا ہے، نوازشریف

    کھڈیاں خاص: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہماری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو آج پورے پاکستان میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا اور ملک میں ترقی ہوتی اس لیے اب فراڈیوں کو دوبارہ آنے نہیں دینا انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا ہے۔

    قصور کے علاقے کھڈیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ الیکشن 8 کو ہیں لیکن آج یہاں جشن کا سماں ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام کا پہاڑ ہے، سفید داڑھی والا بھی یوتھ ہے اور ہم سب یوتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس کی سمجھ مجھے آرہی ہے اور یہاں جو جذبہ موجود ہے اس کی بھی سمجھ ہے، شہباز شریف کو یقین ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 9 کے بعد تو آئیں گے لیکن یہ بتا کر جائیں کے کھڈیاں اور کوٹ رادھاکشن کو کیا دے کر جا رہے ہوں اور ان کو کچھ دیے بغیر جانے نہیں دینا اور یہاں کی تقدیر بدل جانی چاہیے۔

    نواز شریف نے کہا کہ میری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان بے روزگار نہیں ہوتا اور سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور یہ بات میں یقین سے کہہ رہا ہے اور دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ نواز شریف کا دورہ جاری رہتا تو پورے ملک میں کوئی بے روزگار نہیں رہتا، یہ بات کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی کے عوام بھی سن لیں۔

    ‘پاکستان کو ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہر نکلنا ہے’

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت ٹھوکرے کھائی ہیں لیکن ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلنا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے، میرے سامنے بڑے کام کے لوگ بیٹھےہوئے ہیں، ان سے کام لو اور اس جذبے کو پاکستان کے لیے استعمال کرو، یہ جذبہ پاکستان میں انقلاب پیدا کرے گا اور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔

    مسلم لیگ(ن) کے قائد نے کہا کہ شہباز شریف وعدہ کریں کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات کرے، راستہ کسی موٹروے سے کم نہیں ہونا چاہیے، کھڈیاں کا کیا قصور ہے کہ یہاں یونیورسٹی نہیں ہوسکتی، ان نوجوانوں کو یونیورسٹی ملنی چاہیے اور قصور کو بھی یونیورسٹی ملنی چاہیے، ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ اور بہترین کمپیوٹر ہونا چاہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں اسٹیڈیم نہیں ہے تو خوب صور اسٹیڈیم بننا چاہیے، کوٹ رادھا کشن کو بھی یہ تمام چیزیں ملنی چاہئیں، ملک رشید میرے پرانے ساتھی ہیں اور ہر مشکل دور میں میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں، ان کو وہ تمام چیزیں ملنی چاہئیں جو یہ کوٹ رادھا کشن کے لیے چاہتے ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ دو دن بعد جو سورج طلوع ہونے والا ہے، ان شااللہ وہ پاکستان کے لیے خوش حالی لے کر آرہا ہے، نواز شریف کے دور میں پاکستان میں خوش حالی تھی، یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، موٹر ویز بنانے، لوگوں کو سستی گیس اور سستی بجلی دینے، ہم دہشت گردی ختم کرنے میں مصروف تھے، ہم کسانوں کو آسانیاں دینے میں مصروف تھے، ہمارے دور میں 8 لاکھ روپے میں ٹریکٹر ملتا تھا اور آج 38 لاکھ روپے کا ملتا ہے تو کس کا دور اچھا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسانوں کو سولر پینل بنا کر دینا ہے تاکہ ٹیوب ویل سولر پینل پر چلے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ان شااللہ ان کو ہنر بھی سکھائیں گے اور باعزت روزگار بھی دیں گے۔

    ‘وہ 50 لاکھ گھر کہاں گئے’

    قائد مسلم لیگ (ن) نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے کہا تھا 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو کوئی گھر ملا، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، کسی کو بھی نوکری نہیں ملی، ایک بلین ٹری کا منصوبہ کہاں گیا، وہ کھو کھاتے میں پڑ گئے اور پاکستان کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 350 ڈیمز کہاں گئے، کہیں ایک بھی ڈیم نظر آتا ہے، مرغیاں، انڈے، کٹے کہاں گئے، یہ سب فراڈ تھا، آج کل اتنی مہنگائی ہوگئی ہے جبکہ ہمارے زمانے میں 10 روپے میں ایک کلو سبزی ملتی تھی، 5 لاکھ روپے تک کاریں ملتی تھیں جبکہ آج 25 سے 30 لاکھ روپے کی ہوگئی ہیں، موٹرسائیکل 70 ہزار میں ملتا تھااور آج ڈھائی لاکھ روپے کا ملتا ہے۔

    ‘پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے’

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک تولہ سونا 50 ہزار روپے میں ملتا تھا اور آج کتنے کا ہے، پاکستان میں یہ ناانصافی نہیں چاہیے، فراڈ لوگ تھے، ان فراڈیوں کو پاکستان میں دوبارہ آنے نہیں دینا، انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کیا ہے، ہم ان شااللہ پاکستان کو دوبارہ اپنی ڈگر پر لائیں گے اور اس ملک کی دوبارہ تعمیر کریں گے اور نواجوان ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی ترقی میں ہاتھ بٹائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف لکھ کر دوکہ قصور، کھڈیاں، کوٹ رادھا کشن اور پورے علاقے میں یونیورسٹی، دانش اسکول، بہترین ہسپتال بنائیں گے، اس میں کتنا خرچہ آئے گا 20 ارب روپے ہوگا عوام کے لیے 20 ارب قربان ہے اور یہ جذبہ پاکستان کے روشن مستقبل کا پیغام دے رہا ہے اور اس کا پیش خیمہ ہے، اسی جگہ پر اسٹیڈیم بنا کر دیں گے، جب اسٹیڈیم بنے گا تو شہباز شریف کے ساتھ میں خود افتتاح کرنے آؤں گا، کرکٹ کا میچ کھیلیں گے اور میں اوپننگ بیٹر کے طور پر کھیلوں گا۔

    نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں روٹی 4 روپے کی تھی جبکہ آج کل 20 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے، آج ہماری مہم کا آخری جلسہ ہے اور کھڈیاں میں ہوا ہے۔

  • نواز شریف کا تین مرتبہ تختہ الٹا لیکن کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، شہباز شریف

    نواز شریف کا تین مرتبہ تختہ الٹا لیکن کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، شہباز شریف

    قصور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا تین مرتبہ تختہ الٹا گیا لیکن کبھی کسی سپہ سالار کو میر جعفر نہیں بولا، یہ ہے عوام کا نواز شریف ہے۔

    قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان میں ترقیاتی کام کی جس کی تختیاں لگیں وہ نواز شریف ہے، نواز شریف 8 فروری کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوکر عوام کو مشکلات سے نکالیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سندھ والی پارٹی کراچی میں تو ترقیاتی کام نہیں کر سکی اور کہتی ہے کہ کراچی کو لاہور بنا دیں گے، جنہوں نے کراچی کو لاہور بنانا ہے تو باقی کیا بات رہ گئی!۔
    صدر ن لیگ نے کہا کہ ایک طرف 9 مئی کا واقعہ ہے اور دوسری طرف 28 مئی والا نواز شریف ہے، ایک طرف اندھیرے تھے تو نواز شریف روشنی لایا۔

  • پہلا سیمی فائنل؛ جنوبی افریقا کا بھارت کو جیت کیلئے 245 رنز کا ہدف

    پہلا سیمی فائنل؛ جنوبی افریقا کا بھارت کو جیت کیلئے 245 رنز کا ہدف

    انڈر-19 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے بھارت کو جیت کیلئے 245 رنز کا ہدف دیدیا۔

    جنوبی افریقا کے شہر بینونی میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز 23 رنز کا آغاز دے سکے، اسٹیو اسٹوک 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لہوان پریٹوریئس نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔

    رچرڈ سیلٹسوین نے 2 چھکوں اور 4 چار چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ٹیگر صفر، اولیور وائٹ ہیڈ 22، دیوان ماریس 3 کپتان جوآن جیمز 24 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اختتامی لمحات میں ٹرسٹن لوس 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔
    بھارت کی جانب سے راج لمبانی نے 3، مشیر خان نے 2 جبکہ سومی پانڈے اور نمن تیواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں بھارتی کپتان اودے سہارن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر فائنل میں اچھا پرفارم کرکے ٹائٹل جیتنا ہدف ہے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ کوشش کریں گے حریف کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے میچ میں فتح سمیٹیں۔

    واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    بھارت کا اسکواڈ:

    کپتان اودے سہارن، آدرش سنگھ، ارشین کلکرنی، پریانشو مولیا، سچن داس، مشیر خان، ارویلی اوینیش، مروگن ابھیشیک، راج لمبانی، نمن تیواری، سومی پانڈے

    جنوبی افریقا کا اسکواڈ:

    لہوان پریٹوریئس، اسٹیو اسٹوک، ڈیوڈ ٹیگر، رچرڈ سیلٹسوین، دیوان ماریس، جوآن جیمز، اولیور وائٹ ہیڈ، ریلی نارٹن، ٹرسٹن لوس، نکوبانی موکوینا، کوینا مافاکا

  • پی ٹی آئی کے نوجوان نفرت ختم کریں میں بھی سب کچھ بھلادوں گی، مریم نواز

    پی ٹی آئی کے نوجوان نفرت ختم کریں میں بھی سب کچھ بھلادوں گی، مریم نواز

    قصور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں عوام کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں کہ وہ بھی نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔

    قصور کھڈیاں خاص میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کہا گیا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی آج دیکھو سیاست شروع بھی نواز شریف سے ہورہی ہے اور ختم بھی نواز شریف پر ہورہی ہے، نواز شریف کے مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر ان پر ہی ختم ہوتی ہے انہوں ںے تنقید کا آسان طریقہ ڈھونڈا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی شکر گزار ہوں کہ پاکستان کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار کرے چکیاں پیسنے پر لگادیا گیا، نواز شریف کی کردار کشی کی گئی اور مجھے بھی نہیں بخشا گیا، ہم پر کیچڑ اچھالی گئی، لیکن ان کے خلاف فیصلے آئے تو ہم نے ان پر تنقید نہیں کی۔
    مریم نواز نے کہا کہ میں نے اسی جدوجہد میں اپنی ماں کھوئی ہے جو کبھی واپس نہیں آئے گی، میں عوام کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، میں تحریک انصاف کے نوجوان جو جیلوں میں پڑے ہیں انہیں بھی پیغام ہے کہ نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔

  • بلاول کے تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

    بلاول کے تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

    شاہ محمد زمان نامی شہری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں جس کا انتخابی نشان تلوار ہے، بلاول بھٹو انتخابات میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر تیر کے نشان پر حصہ لے رہے ہیں، ایکٹ کے تحت کوئی شخص بیک وقت دو جماعتوں کا ممبر نہیں رہ سکتا۔

    اپیل میں موقف میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے قانون کا درست جائزہ نہیں لیا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو کو تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔

  • پی ٹی آئی کے خلاف بیان نہیں دیا 3 کروڑ میں ٹکٹ بکنے کے بیان پر قائم ہوں، شیخ رشید

    پی ٹی آئی کے خلاف بیان نہیں دیا 3 کروڑ میں ٹکٹ بکنے کے بیان پر قائم ہوں، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی گئی، شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی لیکن پی ٹی آئی میں ٹکٹ تین کروڑ میں بیچے جانے کے بیان پر قائم ہوں۔

    اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں شیخ رشید کے نو مئی کے حوالے سے قائم مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل میں کہا کہ صداقت عباسی کا بیان دوران حراست لیا گیا جو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا، جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا بیان ٹیکسلا کے مقدمات میں استعمال نہیں کیا جا سکتا، شیخ رشید گزشتہ سال چار مئی کو بیرون ملک گئے آٹھ اور نو مئی کے درمیانی شب واپس وطن پہنچے۔

    وکیل شیخ رشید نے کہا کہ جس زوم میٹنگ کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ کہاں اور کس کی صدارت میں ہوئی؟ کوئی شواہد موجود نہیں۔

    عدالت نے شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی، ٹیکسلا میں درج تین مقدمات میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہوگئی، عدالت نے شیخ رشید کو تینوں مقدمات میں ڈسچارج کر دیا اور شیخ رشید کو پولیس حراست میں دینے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

    میں نے پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی تھی ٹکٹ بکنے کے شواہد موجود ہیں، شیخ رشید

    سماعت کے بعد اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دو دن رہ گئے ہیں عوام سے اپیل ہے کہ قلم دوات کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کے خلاف کوئی پریس کانفرنس نہیں کی تھی پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار کے تین کروڑ روپے دے کر ٹکٹ لینے کے موقف پر آج بھی قائم ہوں، تین کروڑ روپے لے کر ٹکٹ دیا گیا جس کے شواہد موجود ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بانی و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی وہ دوسری جانب قید ہیں۔

    شیخ رشید کو الیکشن سے باہر رکھنے کے لیے سب کیا جارہا ہے، وکیل

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کے وکیل نے کہا کہ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں شیخ رشید کی گرفتاری کی استدعا کی، پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے 15 روز کا جسمانی ریمانڈ مانگا گیا ہم نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوٹر 16 جنوری کو بتا چکے ہیں کہ ان مقدمات میں شیخ رشید مطلوب نہیں ہیں۔

    وکیل نے کہا کہ پولیس نے صداقت عباسی کے 164 کے بیان کو بنیاد بنا کر شیخ رشید کی گرفتاری مانگی صداقت عباسی سرکاری ٹارچر سیل اور ایجنسیز اور پولیس کی تحویل میں تھے جب ان سے یہ بیان لیا گیا، 20 ستمبر 2023ء کے بیان پر شیخ رشید کو ان مقدمات میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا کوئی بیان ایک مقدمے میں ریکارڈ کیا گیا ہو وہ کسی اور مقدمے میں استعمال نہیں ہوسکتا۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ہمارے دلائل پر عدالت نے اتفاق کیا اور 16 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی، عدالت نے شیخ رشید کو ٹیکسلا کے تینوں مقدمات سے بری کر دیا ہے، شیخ رشید کے خلاف نیو ٹاؤن مقدمے میں ہمارے بحث مکمل ہوچکی ہے پولیس کیس جانب سے پھر تاریخ مانگی گئی کہ ان کے پراسیکیوٹر موجود نہیں۔

    انہوں ںے کہا کہ شیخ رشید کو 8 فروری کے الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شیخ رشید کو اس لیے بند کیا گیا کہ وہ انتخابی مہم نہ کر سکیں اور لوگوں سے ووٹ نہ مانگ سکیں، 8 فروری کو الیکشن ہیں اور 6 فروری کو تاریخ رکھنے کا مقصد وقت ضائع کرنا تھا، شیخ رشید کو الیکشن پراسس سے باہر رکھنے کے لیے سب کیا جارہا ہے۔

  • ن لیگ کے ساتھ اتحاد مشکل ہے یہ ووٹ کو عزت دو والی جماعت نہیں رہی، بلاول

    ن لیگ کے ساتھ اتحاد مشکل ہے یہ ووٹ کو عزت دو والی جماعت نہیں رہی، بلاول

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ اتحاد مشکل ہے، یہ مسلم لیگ میثاق جمہوریت والی اور ووٹ کو عزت دو والی جماعت نہیں رہی بلکہ یہ آئی جے آئی والی ن لیگ ہے۔

    وائس آف امریکا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے اتحاد مشکل ہے، یہ مسلم لیگ میثاق جمہوریت والی مسلم لیگ نہیں رہی، یہ ووٹ کو عزت دو والی نہیں بلکہ آئی جے آئی والی مسلم لیگ ہے یہ امیر المومنین بننے کے خواب دیکھنے والی مسلم لیگ ہے اس لیے میرا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ چلنا اب بہت مشکل ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر الیکشن میں گڑبڑ کرنا چاہتے ہیں، نگران حکومت اور انتظامیہ نواز شریف کے حق میں جانب دار ہیں، نگران وزیراعظم کی تقرری شہباز شریف نے راجہ ریاض کے ساتھ مل کر کی، راجہ ریاض اب مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سندھ میں ہماری حامیوں کو گرفتار کررہی ہے، مسلم لیگ ن کی سیاسی تقسیم کو ہوا دینے کی کوشش ناکام رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار کم کرنے کے لیے پہلا قدم سیاست دانوں کو اٹھانا ہوگا، سیاسی رہنما اختلافات کو سیاست تک محدود رکھیں، سیاست دانوں کو سیاست کے دائرے میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے نہیں تو دوسروں سے بھی توقع نہ رکھیں کہ وہ اپنے دائرے میں رہ کر کام کرے، 9 مئی واقعہ بالکل بھی سیاست کے دائرے میں تو نہیں تھا، سیاست دانوں کو قواعد و اصول طے کرنا ہوں گے کہ سیاست کو سیاست ہی رکھیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف اگر وزیر اعظم بنتے ہیں تو دیکھنا ہوگا کہ کس سوچ کو لے کہ چلتے ہیں، ن لیگ نفرت و تقسیم کی سیاست لے کر چل رہی ہے اگر نواز شریف کو یہ ریت چھوڑنی ہے تو نفرت کی سیاست چھوڑنا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوجوان آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ آزمانا نہیں چاہتے، نواز شریف سمجھوتہ پسند نہیں ہیں نواز شریف کا کچھ جمہوری مزاج تھا جو اب تقسیم ہوچکا، ہمیں الیکشن کی شفافیت پر پہلے سے سوالات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ انتخابی عمل جتنا ممکن ہو صاف و شفاف ہو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں تاکہ الیکشن کی ساکھ بحال ہو تاکہ جو بھی وزارت عظمی سنبھالیں ہمارا ملک مثبت سمت میں چلے۔

    انہوں ںے کہا کہ ملک میں سیاسی افہام و تفہیم چاہتے ہیں تاکہ پاکستان آگے چلے، امید ہے نواز شریف کے دباؤ کے باوجود نگران حکومت الیکشن میں مداخلت نہیں کرے گی امید ہے پیپلز پارٹی کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔

  • بحریہ اورمیری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سمندرمیں پھنسے 9بھارتی شہریوں کی جانیں بچالیں

    بحریہ اورمیری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سمندرمیں پھنسے 9بھارتی شہریوں کی جانیں بچالیں

    کراچی: پاک بحریہ اورمیری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے بحیرہ عرب میں مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیوآپریشن کرتے ہوئے 9 بھارتی شہریوں کی جانیں بچالیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نےمیری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مل کرسمندر میں خراب ہوجانے والی ہندوستانی بوٹ کو ٹھیک کرکے اس پر سوار 9 بھارتی شہریوں کی جانیں بچائیں۔

    سینٹ کٹس اینڈ نیوس میں رجسٹرڈ ایک اوشین ٹگ ایس اے ایس 5 ہندوستانی ساحل کے قریب غیرفعال تھا،کراچی کے شمال مشرق میں 167ناٹیکل مائل کی دوری پرموجود ٹگ کو برقی جنریٹرکی خرابی کا سامنا تھا،جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی منقطع تھی۔

    4فروری کی علی الصبح پاکستان نیوی کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹرکو مذکورہ ٹگ کی جانب سے مدد کا اشارہ ملا، ٹگ یکم فروری کوبھارت مہاراشٹرکی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کے لیے روانہ ہوا تھا اورمتحدہ عرب امارات(شارجہ )کی جانب جارہاتھا۔

    پاک بحریہ نے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ کو سمندر میں ٹگ کو تلاش کرنے کا کام سونپا تھا جس کے بعد پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی شپ (پی ایم ایس ایس) کشمیر کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا جو علاقے میں معمول کی میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز پر تعینات تھا۔

    پی ایم ایس ایس کشمیر نے ٹگ کو ساتھ ہی منسلک کرلیا اورتین گھنٹے کی سخت کوششوں کے بعد مرمت کرکے خرابی کو دورکردیا گیا۔

    ٹگ کے تھکے ہوئے عملے کو تکنیکی مدد کے علاوہ طبی سہولیات اورخوراک اورتازہ پانی فراہم کیاگیا،جس کے بعد مذکورہ ٹگ نے عرب امارات کی بندرگاہ کی جانب دوبارہ سفرشروع کردیا۔

    پاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اورپیشہ ورانہ مہارت کو کشتی کے عملے نے سراہا۔