Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 17 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    اسلام آباد: حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظرجڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

    ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق اسلام آباد میں سیکیورٹی تیسری حد تک الرٹ کردی ہے جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز میں داخل ہونے والے تمام افراد کو مکمل پڑتال کے بعد داخل ہونے دیا جائے گا۔

    ترجمان کیپٹل پولیس کے مطابق اگر کوئی پولیس یا کسی بھی دوسرے ادارے کے علامتی لباس میں ہوگا تو اسے بھی تلاشی کے عمل سے گزرنا پڑے گا جبکہ 2000 سے زائد افراد سرکاری اور غیر سرکار ی گاڑیوں میں گشت کریں گے جن کی شناخت کے لیے ان کی گاڑیوں پر پاکستان کے جھنڈے آویزاں کئے گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس اور دیگر اداروں کی گاڑیوں پر بھی پاکستان کے جھنڈے آویزاں کیے گئے ہیں، ٹریفک کے بہاؤ میں ایمبولینس، آگ بجھانے والی گاڑیاں اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

    راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    دوسری جانب سی پی اوسید خالد ہمدانی نے بتایا کہ راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اہم مقامات بشمول ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور عوامی مقامات پر خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے۔

    سی پی او کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پکٹس لگا دی گئیں جہاں چیکنگ کی جا رہی ہے، شب 8 سے 12 بجے تک اسنیپ چینگ جاری رہے گی اور سینئر افسران فیلڈ میں سیکیورٹی ڈیوٹی چیک کررہے ہیں۔

    سی پی او کے مطابق شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، شہریوں کی حفاظت اور امن وامان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • الیکشن کمیشن کاانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پردانیال عزیز کو نوٹس

    الیکشن کمیشن کاانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پردانیال عزیز کو نوٹس

    لاہور: الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پراین اے 75 سے امیدوار دانیال عزیز کو نوٹس جاری کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے نارووال این اے 75 سے امیدوار دانیال عزیزکو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 فروری کو مقرر کردی۔

    انتخابات میں فتح کی صورت میں دانیال عزیز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔
    الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نارووال کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی رپورٹ کے مطابق دانیال عزیز بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں، وہ جاری کردہ نوٹس کا نہ تو جواب دیتے ہیں اور نہ حاضر ہوتے ہیں۔

    ڈی ایم او کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دانیال عزیز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جو انہوں نے ادا نہیں کیا۔

  • 6 سالہ بچے کے اغوا میں ملوث سگا چاچا گرفتار

    6 سالہ بچے کے اغوا میں ملوث سگا چاچا گرفتار

    کراچی: اسلامیہ کالونی سے 6 سالہ بچے کے اغوا میں سگا چاچا ملوث نکلا، پولیس نے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیرآباد تھانے کےعلاقے اسلامیہ کالونی سے 6 سالہ معصوم بچے عمر کو نامعلوم ملزمان اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے، اغواء کاروں نے بیرون ملک مقیم بچے کے والد سے بذریعہ فون 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

    ایس ایس پی ویسٹ شاد ابنِ مسیح کی ہدایت پر مغوی بچے کی بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھی جس پر پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاطت بازیاب کرکے اس کے اغوا میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
    پیرآباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ہاشم ولد محمد نظر خان کے نام سے ہوئی جو کہ مغوی بچے کا سگا چچا ہے ملزم نے بیرون ملک مقیم اپنے بھائی سے ذاتی رنجش کی بناء پر اپنے بھتیجے کو اغواء کیا اور بھائی سے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

    واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 95/2024 مغوی بچے کے چچا غیرت خان کی مدعیت میں تھانہ پیرآباد میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی اپنے ہی ایک اور بھائی کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ہوکر پیرآباد تھانے سے جیل جا چکا ہے۔

  • اوگرا نے گیس ٹیرف میں بڑا اضافہ کر دیا

    اوگرا نے گیس ٹیرف میں بڑا اضافہ کر دیا

    اسلام آباد: اوگرا نے 2 فروری سے سوئی ناردرن کے ٹیرف میں 35.1 اور سوئی سدرن کے ٹیرف میں 8.5 فیصد کا بڑا اضافہ کر دیا۔

    اوگرا نے اضافے کا نوٹیفکیشن منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو اطلاق کے لیے بھجوا دیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر گیس کی اوسط قیمت 1238.68 روپے سے بڑھا کر 1673.82 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی۔ سوئی ناردرن کو صارفین سے 180 ارب روپے مزید وصول کرنے کی اجازت دی گئی۔
    سوئی سدرن کی گیس کی اوسط قیمت 1350.68 روپے سے بڑھا کر 1466.40 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی۔ سوئی سدرن کو صارفین سے 48 ارب روپے مزید وصول کرنے کی اجازت دی گئی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا سوئی کمپنیوں سے گیس چوری کی شرح کم کروانے میں ناکام رہی۔

    اوگرا کے مطابق سوئی کمپنیوں نے گیس چوری کم کرنے کے لیے اوگرا کو ٹھوس منصوبہ پیش نہیں کیا اور رواں مالی سال گیس چوری سے سوئی ناردرن کو 14 ارب 77 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔

    اوگرا نے کمپنی کے منافع پر عائد 10 فیصد سپر ٹیکس کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کی منظوری دے دی۔

    حکومت نے یکم جولائی سے زیادہ منافع کمانے والی کمپنیوں سے سپر ٹیکس وصولی شروع کی تھی اور حکومت کی ہدایت تھی کہ ٹیکس وصولی کو صارفین پر منتقل نہ ہونے دیا جائے۔

    سوئی ناردرن کو کرک میں دفتر کھولنے کی اجازت بھی دی گئی جس کے لیے 10 کروڑ روپے سالانہ کے اخراجات کی بھی منظوری دی گئی۔

  • پی آئی اے نجکاری میں اہم پیشرفت، کابینہ نے تنظیم نو کی مںظوری دے دی

    پی آئی اے نجکاری میں اہم پیشرفت، کابینہ نے تنظیم نو کی مںظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تجویز پر خیبرپختوںخوا میں چار احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں تبدیل کرنے اور پی آئی اے کی تنظیم نور کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی۔

    کابینہ نے ان عدالتوں کے ججز کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز منظور بھی کرلی۔ اعلامیے کے مطابق باقی ماندہ عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔ ان تبدیلیوں سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
    پی آئی اے کی تنظم نو کی منظوری

    وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے جبکہ کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

    کابینہ کو مزید بتایا فنانشل ایڈوائزر کی جانب سے بین الاقوامی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی مالیاتی تنظیم نو کا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کے تحت پی آئی اے کو دو کمپنیوں ٹاپ-کو (TopCo)اور ہولڈ-کو (HoldCo) میں تقسیم کردیا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کے بنیادی آپریشنز انجنئیرنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ، کارگو، فلائیٹ کچن اور ٹریننگ کو ٹاپ-کو جبکہ دیگر ادارے جیسا کہ پریسیژن انجینئرنگ کمپلیکس -Precision Engineering Complex، پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹیڈ- PIA Investment Limited اور دیگر ذیلی اداروں و پراپرٹیز کو ہولڈ -کو (Hold-Co)میں شامل کیا جائے گا۔

    شرکا کو بتایا گیا کہ ان اقدامات سے سر مایہ کاروں کو پی آئی اے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کو حکومتی ملکیتی اداروں کے پی آئی اے پر تصفیہ طلب رقوم کے حوالے سے معاملات جلدنمٹانے کے ہدایت بھی دی۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری بھی دے دی۔

    اس کے علاوہ کابینہ نے وزارتِ دفاع و پیداوار کی سفارش پر لیفٹینٹ جنرل طاہر حمید شاہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ جس پر اطلاق 30 نومبر 2023 سے ہوگا۔

    وزارت خارجہ کی سفارش پر کابینہ نے میجر عابد منصور خان کو سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے خدمات کے اعتراف میں ملنے والے ایوارڈ نوت شجاعت اور نوت شرت وصول کرنے کی اجازت دے دی۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے اُن کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل وصول کرنے کی اجازت دے دی۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی- ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ ان تجاویز کے تحت نیشنل لسٹ میں موجود انتہائی ضروری ادویات کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کو ڈرگ ایکٹ 1976 سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا اور ڈرگ پرائیسنگ پالیسی 2018 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔

    مزید برآں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ڈاکٹر کی جانب سے مریضوں کو وٹامنز ، ملٹی وٹامنز ، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات تجویز نہیں کی جائے گی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وٹامنز ، ملٹی وٹامنز ، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات کی فہرست مروجہ عالمی معیار کے مطابق مرتب کرے گی اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے میں رہے گی۔

    آکر میں وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 01-02-2024کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

  • این اے 127 میں ووٹوں کی خریداری کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں صلح

    این اے 127 میں ووٹوں کی خریداری کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں صلح

    لاہور: این اے 127 میں ووٹوں کی خریداری کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں صلح ہوگئی۔

    صلح نامے کی کاپی کے مطابق دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے پر لگائے گئے الزامات واپس لے لئے ہیں۔

    دونوں پارٹیوں نے اقرار کیا ہے کہ این اے 127 اور پی پی 160 میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کریں گے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حلقہ این اے 127 کے امیدوار عطا تارڑ نے پیپلزپارٹی پر ووٹوں کی خریداری کا الزام عائد کرتے ہوئے دو افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    عطا تارڑ پیپلزپارٹی کے دفتر میں ساتھیوں سمیت داخل ہوگئے تھے، انکا کہنا تھا کہ مذہبی کتاب پر ہاتھ رکھ کر پی پی امیدوار کیلیے ووٹ خریدے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی نے عطا تارڑ پر دفتر پر حملے اور کارکنوں کے اغوا کا الزام عائد کرتے ہوئے لیگی رہنما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 127 سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

  • عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف نو مئی کے 12 مقدمات کی سماعت 13 فروری تک ملتوی

    عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف نو مئی کے 12 مقدمات کی سماعت 13 فروری تک ملتوی

    راولپنڈی: عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات میں سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

    انسداد دہشت گردی کے جج ملک اعجاز آصف نے 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی درخواست ضمانتوں پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 12 مقدمات کے چالان کی نقول ملزمان میں تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 13 فروری تک ملتوی کردی۔
    ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر سماعت بھی 13 فروری کو ہوگی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی وکالت ایڈووکیٹ وحید انجم کررہے تھے جبکہ شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری غیر حاضر تھے۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی 9 مئی کے ایک مقدمہ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی۔

    دوران سماعت راولپنڈی پولیس نے ٹیکسلا میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج تین مقدمات میں شیخ رشید کو گرفتار کرنے کی درخواست کی اور شیخ رشید کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا۔ عدالت نے پولیس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو تینوں مقدمات میں ڈسچارج کرنے کا حکم دیا۔

  • اگروہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنا تو 6 ماہ کے اندر کیوں نکالا، رونا دھونا شروع کرے گا، بلاول بھٹو

    اگروہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنا تو 6 ماہ کے اندر کیوں نکالا، رونا دھونا شروع کرے گا، بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حریف سیاست دانوں کا نام لیے بغیر ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ اور پرانے سیاست دانوں نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے پاکستان کی جمہوریت، معیشت اور وفاق کو نقصان پہنچایا ہے اور ان میں سے کسی کو حکومت ملی تو اگلے روز دھرنے کی سیاست شروع کریں گے۔

    لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو میونسپل اسٹیڈیم میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں پورے ملک کا دورہ اور مہم چلانے کے بعد اپنے گھر واپس آیا ہوں، لاڑکانہ کے عوام کا شکر گزار ہوں، عوام نے جو وفاداری میرے اور میرے خاندان اور میری جماعت کے ساتھ دکھائی ہے اس سے دنیا کی تاریخ رقم ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام جب وزیراعظم بناتے ہیں تو پورے ملک کی ترقی ہوتی ہے، ملک ایٹمی پاور بن جاتا ہے اور پوری امت مسلمہ کی قیادت کرتا ہے، پوری دنیا بات مانتی ہے کیونکہ انہیں علم ہوتا ہے کہ یہ عوام کا وزیراعظم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بڑے عرصے سے ملک میں لاڑکانہ سے وزیراعظم نہیں بنا، اب لاڑکانہ اور لاڑکانہ کے عوام کی باری ہے، انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتیں دیکھیں وہ ماضی کا حصہ بن گئی ہیں اور اپنی آخری اننگز کھیل رہی ہیں، ہم نے ان سب کو دیکھا اور بھگتا ہے، وزیراعظم بننے سے کچھ اور کہتے ہیں اور وزیراعظم بننے کے بعد کچھ اور کرتےہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانے سیاست دان جو آج تک سیاست میں ہیں وہ نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں جانتے، یہ اس ملک کو اپنی نفرت کی سیاست کی وجہ سے خطرے میں ڈال رہے ہیں، ان کی سیاست سیاست نہیں رہی، انہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا ہے، سیاست کو گالی بنا دیا ہے اور پورا ملک مایوس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کیا یہی ہماری قسمت میں ہے کہ ہم نے انھی شکلوں کو بار بار دیکھنا ہے، ہماری معیشت کو نقصان ہوا تو ان بزرگ اور پرانے سیاست دانوں کی انا اور ضد کی وجہ سے ہوا ہے، انہوں نے اپنی ذاتی دشمنی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت، وفاق، جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم اس کرسی پر بیٹھنا چاہتا ہے، ان کی ضد کی وجہ سے پاکستان کی جمہوریت کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، جس کے لیے عوام نے خون کی قربانی دی ہے، ہماری معیشت کے ساتھ کھیلنے والوں کو احساس، فکر اور اندازہ نہیں ہے کہ عوام کتنی مشکل اور تکلیف میں ہے، ان کی ذاتی دشمنی کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران میں دھکیلا گیا ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت تاریخی سطح پر آگئی ہے لیکن ان کو فکر نہیں ہے، فکر ہے تو کرسی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے نہ اپنا منشور عوام کو دیا ہے، ووٹ کے لیے نہ تو عوام کے پاس گئے اور عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں اگر اس مشکل سے نکلنا ہے اور چاہتے ہیں کہ ملک میں استحکام ہو جس سے معاشی استحکام ہو اور اس سے عوام کا معاشی فائدہ ہو اور مسائل کا حل ہوتو نہ مسلم لیگ(ن) اور نہ پی ٹی آئی یہ کام کرسکتی ہے، صرف اور صرف پیپلزپارٹی یہ کام کرسکتی ہے۔

    ‘ان میں سے کوئی جیتا تو اگلے دن دھرنے کی سیاست شروع کرے گا’

    چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ میں آج کہہ رہا ہوں کہ اگر ان میں سے کوئی جیت جاتا ہے تو اگلے دن سے دھرنے کی سیاست شروع کرنا ہے، پھر سے سیاسی انتقام لینا ہے، عوام کی خدمت کے بجائے سیاسی پکڑ دھکڑ کرنا ہے، ہم نے یہ فلم 3 دفعہ دیکھی ہے اور جانتے ہیں کہ چوتھی دفعہ کیا ہوگا، پہلی دفعہ بنا تو انہی سے لڑا جنہوں نے بنایا تھا، دوسری دفعہ امیرالمومنین بننے کا خواب دیکھ رہا تھا، دوسری دفعہ اس کو پھر بنایا گیا تو انہی لوگوں سے لڑ پڑا جنہوں نے انہیں وزیراعظم بنایا، جس سے نقصان ملک، عوام، جمہوریت اور معیشت کا نقصان ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تیسری دفعہ ان کو آر او الیکشن کے ذریعے عوام پر مسلط کیا گیا، پھر سے وہی کام کیا، انہی لوگوں سے پنگا لیا، جنہوں نے اس کو بنایا، نقصان جمہوریت، پاکستان، معیشت اور عوام کا ہوا، اب چوتھی بار اس کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ چوتھی 8 فروری نہیں بلکہ ابھی سے تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم بن چکا ہے، انہوں نے کرنا وہی ہے، 6 مہینے کے اندر وہی رونا دھونا شروع کرنا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، مجھے بلایا، آپ ان کو بھرپور جواب دیں اور شیر کا راستہ روکنا ہے۔

    بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہمیں حکومت میں آکر دو کام کرنے ہیں، ایک نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا ہے، پاکستان کو جوڑنا ہے تقسیم نہیں کرنا ہے، مسلم لیگ اپنی طاقت کے نشے میں ملک کو تقسیم کر رہی ہے، باقی سیاسی جماعتوں میں سے کوئی مذہب، کوئی فرقہ واریت اور کوئی لسانیت کی بنیاد پر سیاست کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دوسرا کام پاکستان کے عوام کو ریلیف دینا ہے اور اس کا طریقہ عوامی معاشی معاہدے میں بتادیا ہے، مشکل معاشی فیصلے ہوں گے اور 17 وزارتوں کو صوبوں میں منتقل کریں گے، جس کے لیے سالانہ 300 ارب روپے ضائع ہوجاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور صوبہ سندھ کے ہر ضلعے میں یونیورسٹی اور مفت معیاری علاج کے لیے ہسپتال قائم کرنا ہے، یہ عوام اور میرے درمیان ایک عوامی معاشی معاہدہ ہے، وفاقی حکومت ملی تو مل کر اپنے منشور پر کام کریں گے۔

    ‘اگر میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تو ایسا پیچھا کروں گا کہ وہ عمران خان بھول جائیں گے’

    بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پورا ملک گھوم کر آیا ہوں، میاں صاحب خیبرپختونخوا میں اپنی سیٹ ہار رہے ہیں، بلوچستان میں پیپلزپارٹی جیسا جلسہ کر کے دکھائیں جہاں ہماری جماعت آگے ہی آگے ہے، ان کا پورا ٹبر لاہور کی سڑکوں پر گھوم رہا ہے لیکن عوام کوئی ردعمل نہیں دے رہے ہیں اور عوام ان کا شکل نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور شفاف انتخابات ہوئے تو لاہور سے میں وہ نشست جیت کر دکھاؤں گا، سندھ میں یہ کہہ سکتا کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیے ہیں، مسائل اور مشکلات ہیں مگر یہاں کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جس وفاداری کے ساتھ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اور ہر الیکشن میں پچھلے الیکشن سے زیادہ سیٹیں دی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صاف شفاف انتخابات ہوئے تو کانٹے دار مقابلہ ہوگا، اگر صاف شفاف انتخابات ہوئے تو پیپلزپارٹی ہارے یا جیتے یہ چاہے گی کہ یہ ملک آگے بڑھے، استحکام اور ترقی ہو۔

    چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اگر میرے ووٹ پر ڈاکا مارا گیا، کسی نے چھیڑ چھاڑ کی، میں جانتا ہوں آپ لوگ کون ہو، کہاں بیٹھے ہو، نام بھی جانتا ہوں کون یہ کوششیں کر رہے ہیں، اگر میرے ووٹوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوا تو پھر میں ایسا پیچھا کروں گا کہ وہ عمران خان کو بھول جائیں گے۔

  • معلومات ملی ہیں کچھ شرپسند دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

    معلومات ملی ہیں کچھ شرپسند دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

    کراچی: نگراں وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس معلومات ہیں کہ کچھ شرپسند دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

    سندھ اسمبلی بلڈنگ میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے نگران صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج اپیکس کمیٹی میں اعلی قیادت سمیت تمام ایجنسیز کے نمائندہ گان موجود تھے۔ اپیکس کمیٹی میں موبائل سروس بند کرنے کے حوالے سے کوئی معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔ کسی کو بھی الیکشن کے دن قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔

    وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ اسلحے کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہے۔ اسلحے کی نمائش پر گرفتار بھی کریں گے اور ایف آئی آر بھی کاٹیں گے۔ کراچی میں بھی بیلٹ پیپرز کل سے تقسیم ہونا شروع ہو جائیں گے۔ کراچی، مٹیاری، سانگھڑ، شکار پور حساس ضلع ہیں۔ اپیکس کمیٹی میں اطلاعات آئی ہیں کہ کچھ لوگ دہشت گردی کا پلان کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے کسی بھی واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ بلوچستان سے آگے تک کی سرحد بہت لمبی ہے جہاں سے دہشت گرد آ سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر میں کنٹرول روم بنے گا۔ ڈائریکٹر انفارمیشن کنٹرول روم میں موجود رہیں گے۔ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کل سے الیکشن سیل فعال کر دے گا۔پورے سندھ کی خبریں الیکشن سیل سے ملیں گیں۔ پیرا میڈیکل اسٹاف ہر وقت موجود رہے گا۔ آرمی کی تعیناتی مکمل ہو چکی ہے۔ پولیس، رینجرز اور پھر آرمی ان کے درمیان رابطے ہوں گے، سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ واپسی میں بیلٹ پیپرز کی مکمل حفاظت کی جائے گی، جو بھی حساس ضلع ہیں وہاں ہمارا فوکس زیادہ ہو گا۔

    احمد شاہ نے کہا کہ کچے کے آس پاس کے علاقوں میں عارضی پولنگ اسٹیشنز بنائے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں بیلٹ پیپرز پہنچ چکے ہیں۔ کچے کا انٹیلیجنس آپریشن مکمل ہو چکا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ،حکومت ،ایجنسیز سب ایک پیج پر ہیں۔صرف الیکشن کے دن کے لیے نہیں بلکہ اس کے بعد بھی ریڈ الرٹ رہے گا۔ امن کے ساتھ الیکشن ہوگا۔الیکشن کے بعد کوئی دشمن فائدہ نا اٹھائے تو اس کے لیے بھی الرٹ رہیں گے۔

  • پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکی، شائقین پریشان

    پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکی، شائقین پریشان

    کراچی: پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2024 کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جانب سے ویب سائٹ pcb.tcs.com.pk پر ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ منگل کو شام 5 بجے شروع ہونے کی خوش خبری سنائی گئی تھی مگر مقررہ وقت کے بعد بھی ویب سائٹ کا سرور ہی ڈاﺅن ہوگیا اور ٹکٹوں کی فروخت شروع نہ ہوسکی۔

    پی ایس ایل کے ٹکٹ نہ ملنے پر مداحوں نے پریشانی کا اظہار کیا اور مایوس شائقین میڈیا دفاتر میں فون کرکے بکنگ کا آغاز نہ ہونے کی وجوہات جاننے کی کوشش کرتے رہے۔
    خیال رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 17 فروری کو لاہور میں ہوگا جہاں2 بار کی چیمپئین لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا جبکہ فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔