Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 534 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • شاہین آفریدی اپنے نکاح کیلئے اہلخانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے

    شاہین آفریدی اپنے نکاح کیلئے اہلخانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنے نکاح کی تقریب میں شرکت کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔

    پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی کا نکاح جمعہ کو سابق ٹیسٹ کپتان شاہد خان آفریدی کی دوسری صاحبزادی انشاء کے ساتھ ہوگا۔

    تقریب نکاح میں رشتہ دار، عزیزو اقارب، کرکٹرز اور دیگر شخصیات شرکت کریں گی جب کہ رخصتی دلہن کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد عمل میں آئے گی۔
    قبل ازیں شاہد خان آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصا کی شادی گزشتہ ہفتہ نصیر ناصر خان سے انجام پائی تھی۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد قومی کرکٹرز رشتہ ازواج میں منسلک ہوئے ہیں، ان میں جارح مزاج بیٹر شان مسعود، فاسٹ بولر حارث رؤف اور آل راؤنڈر شاداب خان شامل ہیں۔

  • شاہد آفریدی نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا

    شاہد آفریدی نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا

    لاہور: شاہد آفریدی نے پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا۔

    ذرائع کے مطابق سابق کپتان نے اپنی نجی مصروفیات کی وجہ سے عہدہ چھوڑا ہے، اس سے قبل شاہد آفریدی نے بطور عبوری چیف سلیکٹر کام جاری رکھنے سے بھی معذرت کی تھی۔

    شاہد آفریدی نے صرف نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کیلیے اسکواڈز منتخب کئے۔
    شاہد آفریدی کو گزشتہ سال 24 دسمبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کیلیے عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جس میں عبد الرزاق، راؤ افتخار انجم رکن اور ہارون رشید کنوینر کے طور پر شامل تھے۔

  • سندھ میں 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے، سوئی سدرن

    سندھ میں 3 دن سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے، سوئی سدرن

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو تین دن گیس کی فراہمی بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز بشمول آر ایل این جی پمپز کو جمعہ 3 فروری صبح 8 بجے سے پیر 6 فروری صبح 8 بجے تک 72 گھنٹوں کے لیے گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

    سوئی سدرن کمپنی نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، لوڈ مینجمنٹ کے تحت گھریلو صارفین کی ضرورت پوری کرنے کے لیے سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند کی جائے گی۔
    ایس ایس جی سی کے مطابق تمام جنرل انڈسٹریز اور کیپٹو پاور کو اتوار 5 فروری صبح 8 بجے سے اگلے 24 گھنٹے کیلئے گیس کی ترسیل بند رہے گی۔

  • مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

    مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

    غزہ: مغربی کنارے میں دو الگ الگ واقعات میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں چاقو سے لیس ایک نوجوان نے حملہ کیا جس پر فوجی اہلکاروں نے اپنے دفاع میں نوجوان پر گولی چلائی۔

    دوسری جانب عینی شاہد کا کہنا ہے کہ نوجوان کو چوکی پر روکا گیا تھا اور تلاشی کے دوران ہونے والی تلخ کلامی پر اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کیا۔ نوجوان نہتا تھا۔

    ادھر مغربی کنارے کے ایک اور علاقے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ نوجوان کو پستول رکھنے کا الزام عائد کرکے شہید کیا گیا۔

    اسرائیلی فوج نے اس سال کے پہلے مہینے میں 35 فلسطینی نوجوانوں کو بیدردی سے شہید کیا جس میں ایک ہی واقعے میں 10 نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا جس کے بعد سے مغربی کنارے میں کشیدگی برقرار ہے۔

    اسرائیلی جارحیت پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل اور فلسطین کا دورہ کیا اور ملکی قیادتوں سے فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا۔

  • فلم ’پٹھان‘ کی غیرقانونی نمائش: سندھ سینسر بورڈ کا ایکشن

    فلم ’پٹھان‘ کی غیرقانونی نمائش: سندھ سینسر بورڈ کا ایکشن

    کراچی: چیئرمین سندھ بورڈ آف فلم سینسرز خالد بن شاہین نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی پاکستان مخالف فلم ’پٹھان‘ کی غیرقانونی نمائش کا نوٹس لے لیا۔

    سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے کراچی میں بھارتی فلم ’پٹھان‘ کی غیر قانونی نمائش کی خبروں کا نوٹس لے لیا، سینسرز بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ علم ہوا ہے کہ فائر ورکس ایونٹس نامی کوئی ادارہ 4 فروری 2023 کو ڈی ایچ اے میں انڈین فلم پٹھان کی عوامی نمائش کا اہتمام کررہا ہے اور مذکورہ کمپنی نے فلم کے ٹکٹس بھی بک کرلیے ہیں۔

    سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی نجی پارٹی یا فرد کسی بھی فلم کی سرکاری یا پرائیوٹ سطح پرعام نمائش کا اہتمام کرنے کا حق نہیں رکھتا جب تک کسی فلم کو عوامی نمائش کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ جاری نہ کیا گیا ہو۔

    چیئرمین بورڈ خالد بن شاہین کا کہنا ہے کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کا سیکشن 4 (10) کسی فلم کی پبلک یا پرائیویٹ نمائش کو ریگولیٹ کرتا ہے اور کوئی بھی بورڈ کی تصدیق کے بغیر فلم کی نمائش نہیں کرسکتا، اس لیے مناسب ہے کہ فلم پٹھان کی نمائش کو فوری طور پر منسوخ کردیا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمپنی کو جاری کیے گئے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آپ مذکورہ بالا ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو ایسی خلاف ورزی سیکشن 18(1) کے تحت دی گئی سزا کے مترادف ہوگی، جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فلم جس کی بورڈ سے تصدیق نہ کی گئی ہو، اس کی غیر قانونی نمائش کی صورت میں نمائش کنندہ کو تین سال قید یا 100,000 روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکتی ہیں اور جرم جاری رکھنے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 10,000 روپے مزید جرمانہ لگایا جاسکتا ہے۔

  • عمان؛ جھولا گرنے سے 7 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی

    عمان؛ جھولا گرنے سے 7 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی

    مسقط: عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں فیسٹیول کے دوران ایک جھولا گر گیا جس کے نیچے دب کر ایک خاتون اور 7 بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق جھولا گرنے کا واقعہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں پیش آیا جہاں کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں ایک فیسٹیول جاری تھا اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔

    سول ڈیفنس اینڈ ایمبولینس اتھارٹی نے امدادی کاموں کے دوران جھولے میں پھنسے ایک درجن سے زائد افراد کو باہر نکالا اور 8 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ خطرے سے باہر ہیں۔
    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے تاہم ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث ہوا۔

    عمان میں اس قسم کے واقعات شاز و نادر ہی پیش آتے ہیں تاہم 2016 میں ایک غیر ملکی لڑکا جھولا گرنے سے ہلاک ہوگیا تھا جب کہ ایک شخص زخمی بھی ہوا تھا۔

  • بابر اعظم نے سال کے بہترین کرکٹر کی ٹرافی وصول کرلی

    بابر اعظم نے سال کے بہترین کرکٹر کی ٹرافی وصول کرلی

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سال کے بہترین کرکٹر کی ٹرافی وصول کرلی۔

    پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کپتان بابر اعظم کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی پیش کی۔

    بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر سال کے بہترین کرکٹر قرار پائے تھے، انہوں نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کی ٹرافی بھی نجم سیٹھی سے وصول کی۔
    قومی ٹیم کے کپتان 2021 میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔

    انہوں نے 2022 میں 9 میچوں میں 84.87 کی ایوریج سے 679 رنز بنائے جس میں تین سینچریاں اور پانچ نصف سینچریاں شامل تھیں۔

    بابراعظم سے پہلے بھارت کے ایم ایس دھونی، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، بھارت کے ویرات کوہلی بھی مسلسل دوبار یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

    قبل ازیں آئی سی سی ٹیسٹ آف دی ایئر ٹیم 2022 کیلئے کپتان انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو مقرر کرتے ہوئے اسکواڈ میں بابراعظم کو بھی شامل کیا تھا۔

  • گورنر پنجاب کا صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار

    گورنر پنجاب کا صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار

    لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار کردیا۔

    بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی الیکشن تاریخ پر سیکریٹری الیکشن کمیشن، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو لکھے گئے مراسلے میں کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 105 کی شق 3 پر موجودہ صورتحال پر عمل نہیں ہوسکتا۔ متن میں گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی گورنر پنجاب کے آرڈر سے تحلیل نہیں ہوتی، آرٹیکل 105 کا اطلاق نہیں ہوتا۔
    بلیغ الرحمان نے کہا کہ ب انتخابی عمل آرٹیکل 224 اور الیکشن ایکٹ 2017 کی شقوں کے مطاق ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان اور معاشی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق آگے ضروری کارروائی کرے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما پی ٹی آئی عثمان بزدار نے مراسلے کے پیرا 2 میں جس آرڈر کا ذکر کیا ایسا کوئی آرڈر جاری نہیں ہوا۔

  • متحدہ عرب امارات میں رہائشی ویزے کے حامل افراد کیلیے خوش خبری

    متحدہ عرب امارات میں رہائشی ویزے کے حامل افراد کیلیے خوش خبری

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے 6 ماہ سے زائد عرصے سے ملک سے باہر مقیم باشندوں کے دوبارہ مملکت میں داخلے کا اجازت نامہ جاری کردیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی نے کئی ماہ سے بیرون ملک مقیم اماراتی شہریت کے حامل افراد کے لیے رہائشی ویزوں کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے آن لائن سروس شروع کی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے قانون کے تحت بیرون ملک مقیم رہائشی ویزے کے حامل افراد کو اپنا اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد مملکت میں آکر اپ ڈیٹ کرانا ہوتا ہے۔

    مختلف وجوہات کی وجہ سے رہائشی ویزے کے حامل کئی افراد متحدہ عرب امارات نہیں آسکے تھے۔ ایسے افراد اب تجدید کے لیے ملک میں آنے کے بجائے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

    تاہم ریذیڈنسی کو فعال کرانے کے لیے اجازت نامے کی منظوری بنیادی شرط ہے ۔ خیال رہے کہ چھ ماہ کے دوبارہ داخلے کا اصول متحدہ عرب امارات میں گولڈن ویزا رکھنے والوں پر لاگو نہیں ہوتا ہے۔

    یہ سہولت اس لیے فراہم کی جا رہی ہے تاکہ دنیا بھر کے زیادہ سے زیادہ ذہین، باصلاحیت اور پیشہ ور افراد کو ملک میں خوش آمدید کیا جاسکے۔

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف کارروائیوں کے دوران چرس اور ہیروئن سے بھرے کیپسول اور ویڈ تحویل میں لیے۔

    انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اے این ایف اور اے ایس ایف کی باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور پر مشترکہ کارروائی کے دوران فلائٹ نمبر ’جی نائن 555‘ سے شارجہ جانے والے مسافر سے 70 گرام چرس برآمد کی گئی۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ چرس کو رباب (میوزیکل انسٹرومنٹ) میں چھپایا گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں اور بیرون ملک کیپسولز کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

    ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ پہلی کارروائی کے دوران ملکی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 210 کے ذریعے دبئی جانے والے ملزم کے پیٹ سے 80 ہیروئن سے بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔

    دوسری کارروائی کے دوران قومی ائرلائن کی پرواز پی کے 287 کے ذریعے دوحہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 52 چرس سے بھرے اور 31 آئس سے بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 510 گرام چرس برآمد کی گئی، گرفتار ملزم چرس طلبا کو فروخت کرتا تھا۔

    اسی طرح لاہور ایمپریس روڈ پر واقع نجی کورئیر آفس میں ناروے سے بھیجے گئے پارسل سے 31 گرام ویڈ برآمد ہوئی، مذکورہ برآمد شدہ ویڈ ٹافیوں کے پیکٹ میں چھپائی گئی تھی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے.