Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 541 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی قیمت میں بڑی کمی

    کراچی: بین الاقوامی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 22 ڈالر گھٹ کر 1902 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہو گئی۔

    ملک میں فی تولہ سونےکی قیمت 9 ہزار روپے کم ہو کر 2 لاکھ 1 ہزار 500 روپے کی سطح پرآگئی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 7716 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 72 ہزار 754 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

    اس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 201500 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت کم ہوکر 172754 روپے کی سطح پر آگئی۔

  • فواد چوہدری سے اہلیہ اور بیٹیوں کی اڈیالہ جیل میں ملاقات

    فواد چوہدری سے اہلیہ اور بیٹیوں کی اڈیالہ جیل میں ملاقات

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری سے ان کی اہلیہ اور بیٹیوں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔

    الیکشن کمیشن کو دھمکی دینے اور بغاورت کے کیس میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو گزشتہ روز عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • تاجر تنظیموں کا اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی سکیورٹی کلیئرنس کا مطالبہ

    تاجر تنظیموں کا اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی سکیورٹی کلیئرنس کا مطالبہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری نے پشاور پولیس لائنز میں دہشت گردی کے واقعے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی سکیورٹی کلیئرنس کا مطالبہ کردیا۔

    آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری و چیرمین ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری و دیگر تاجر رہنماؤں نے گزشتہ روز جاری مشترکہ بیان میں پشاور پولیس لائنز میں دہشت گردی کے واقعے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے مساجد میں دہشت گردی کرنے والے کسی صورت میں مسلمان نہیں ہو سکتے۔

    تاجر رہنماؤں نے کہا کہ پولیس لائنز حساس ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے، دہشت گردوں کی وہاں تک رسائی سکیورٹی اداروں کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے واقعے کی فوج سے انکوائری کرائیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنائیں۔

    انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ اسلام آباد میں لاتعداد غیر ملکی رہائش پذیر ہوگئے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ان کی سکیورٹی کلیئرنس کرائیں اور غیر قانونی مقیم افراد کو شہر سے باہر نکالیں۔ یہ لوگ منظم طریقے سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ ان میں سے بے شمار افراد کو ایم سی آئی نے کاروبار کے لائسنس جاری کر رکھے ہیں۔

    انہوں نے تمام مارکیٹوں کے عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے میں غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی کریں اور کاروبار کرنے والوں کی بھی لسٹ پولیس کو مہیا کریں۔

  • انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 1.75 روپے کم، اوپن مارکیٹ میں بدستور اضافہ

    انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 1.75 روپے کم، اوپن مارکیٹ میں بدستور اضافہ

    کراچی: ملک میں ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں بلند ترین شرح پر ہے، تاہم مسلسل اضافے کے رجحان کے بعد آج انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 1.75 روپے کم جب کہ اوپن مارکیٹ میں بدستور 1.50 روپے بڑھ گئی۔

    ڈالر طویل دورانیے کی اُڑان کے بعد منگل کے روز ریورس گیئر میں آگیا اور سپلائی قدرے بہتر ہونے سے انٹربینک میں 2 ماہ بعد ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔ جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 269 اور 268روپے سے نیچے آگئے جب کہ اسکے برعکس اوپن ریٹ بڑھ کر 275 اور 276روپے سے بھی تجاوز کرگیا۔

    انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کی ابتدا میں ڈالر کے انٹربینک 33پیسے بڑھ کر 270روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن اس کے بعد اتارچڑھاؤ کے رحجان سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 4روپے 18پیسے کی کمی سے 265روپے 65پیسے پر آگیا تھا، اس کے بعد معمولی ریکوری کے ساتھ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر1روپے 63پیسے کی کمی سے 268روپے پر ٹریڈ ہوا۔

    کاروبار کے اختتام تک ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.75روپے کی کمی سے 267.88روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 1روپے 50پیسے اضافے سے 276.50روپے کی سطح پر بند ہوا۔

    واضح رہے کہ ماہرین پہلے ہی پیش گوئی کرچکے تھے کہ ڈالر کے انٹربینک ریٹ کو 270روپے کی سطح پر پہنچتے ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا اور پھر اس کے بعد ڈالر کی قدر بتدریج کمی سے 265روپے کے آس پاس مستحکم رہے گی یا معمولی نوعیت کے اتارچڑھاؤ کے ساتھ 265روپے سے بڑھتا یا گھٹتا ہوا نظر آئے گا۔

    مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر کا تعین اب چونکہ مارکیٹ فورسز کررہی ہیں لہذا طلب ورسد کی بنیاد پر مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ نظر آرہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر آزاد ہونے سے بینکنگ سیکٹر میں اوورسیز ورکرز کا لیگل ریمیٹینسز انفلو بڑھ گیا ہے جبکہ ایکسپورٹرز نے بھی بیرونی ممالک سے اپنی برآمدی آمدنی کی ترسیلات منگواکر مقامی مارکیٹ میں کیش کرانا شروع کردیے ہیں جس سے سپلائی بڑھ گئی ہے اور ڈالر تنزلی سے دوچار ہوگیا ہے۔

  • پیٹرول کی پیداوارمیں توازن؛ سعودی ولی عہد کا روسی صدر کو فون

    پیٹرول کی پیداوارمیں توازن؛ سعودی ولی عہد کا روسی صدر کو فون

    ریاض / ماسکو: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کے لیے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور روسی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی تیل منڈی میں استحکام کے لیے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم ’’اوپیک‘‘ کے ارکان کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

    سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم گفتگو میں تجارتی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور یکم فروری کو اوپیکس کے اجلاس میں تیل کی پیداوار کی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھنےکی سفارش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات عائد کر دیے۔

    رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر تحریک انصاف کی درخواست واپس کر دی۔

    اعتراض لگایا گیا کہ تحریک انصاف نے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی تعیناتی کو چیلنج کیا تھا، درخواست گزار کی جانب سے عوامی اہمیت اور بنیادی حقوق کے کسی معاملے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
    درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا اور اسد عمر نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہونے کا کوئی ثبوت نہیں دیا۔

    اعتراض میں یہ بھی کہا گیا کہ آرٹیکل 248 کے تحت وزیر اعلیٰ کو فریق نہیں بنایا جا سکتا، درخواست کی تیاری میں غیر مناسب زبان کا استعمال کیا گیا۔

  • دہشتگرد عسکریت پسندی کیخلاف ہماری کامیابیاں پلٹنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

    دہشتگرد عسکریت پسندی کیخلاف ہماری کامیابیاں پلٹنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر ملک میں عسکریت پسندی کے خلاف ہماری کامیابیاں پلٹنا چاہتے ہیں۔

    پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں گزشتہ روزہونے والے خوں ریز خودکش دھماکے کے تناظر میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد اپنی گھناؤنی کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف ہماری محنت سے حاصل کی گئی کامیابیوں کو پلٹنا چاہتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت، شہباز شریف آئی جی پر برہم

    انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ پاکستان دشمن عناصر کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ہم اپنی سیاسی لڑائی بعد میں لڑ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور خودکش دھماکے کے بعد وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔ قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔

  • آٹو میٹک بکنگ اینڈ ٹریول کیلئے ریلوے کی ’’رابطہ‘‘ ایپ متعارف

    آٹو میٹک بکنگ اینڈ ٹریول کیلئے ریلوے کی ’’رابطہ‘‘ ایپ متعارف

    لاہور: پاکستان ریلوے نے آٹو میٹک بکنگ اینڈ ٹریول اسسٹنٹ ایپ سروس “رابطہ “متعارف کروادی۔

    وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کو سیلاب اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مالی بحران کا سامنا ہے، ریلوے کیلئے وفاقی حکومت نے فوری 40 ارب روپے مانگے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیزل کے 35 روپے بڑھے ہیں تیل کی قیمت پر ایک سال میں ساڑھے 5 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے، دُگنا اضافہ ٹرانسپورٹر نے من مرضی کیا اب اتنا ہی کرایہ بڑھائیں گے جو ٹرانسپورٹ سے ملا جلا ہو۔ روس سے تیل کا معاہدہ ہوگیا تو تیل کی قیمت کم ہوگی تو کرایہ بھی کم کر سکیں گے، کمائیں گے تنخواہیں اور پنشن دیں گے۔
    وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کو تنخواہوں اور پنشن میں رکاوٹ کا سامنا ہے، تنخواہوں کا ایک ارب 24 کروڑ روپے دو شیڈولز میں دینے ہیں تاہم افسران کو 20 تاریخ کو تنخواہ دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2600 سے زائد دکانیں کرائے پر نہیں چڑھائیں گئی، سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہ پڑھ کر کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، ریلوے کی دوکانیں کرائے پر دینے سے 3 ارب روپے قومی خزانے میں آجائیں گے۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ رابطہ ایپ متعارف کروانے کا واحد مقصد ریلوے کا فائدہ 100 فیصد کرنا ہے، ماضی کے لوگوں پر ملبہ نہیں ڈالنا چاہتا، ریلوے کے اصولوں پر آنا پڑے گا جو چیز سوٹ کرے گی وہ ہی کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سزا ان لوگوں کو سزا دیں جنہوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا ہے، ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے عمران خان کا گند صاف کررہے ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کو الوداع کر گئے تھے پچھلی حکومت واپس لے آئی۔

  • کراچی؛ ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب لڑنےکا فیصلہ

    کراچی؛ ایم کیو ایم کا قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب لڑنےکا فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم بھرپور طریقے سے انتخابی میدان میں اترے گی جس کے لیے شام 4 بجے مرکزی عہدے داران اور الیکشن سیل کے اراکین کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔

    اجلاس میں 16 مارچ کو قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ہونے والے انتخابات اور تیاریوں کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔
    واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں منعقد کیے گئے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ اعلان سے قبل مصطفیٰ کمال کی پارٹی پی ایس پی ایم کیو ایم پاکستان میں ضم ہوگئی تھی جبکہ فاروق ستار بھی پارٹی میں دوبارہ شامل ہوگئے تھے۔

  • حکومت کی آئی ایم ایف جائزہ مشن کو شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی

    حکومت کی آئی ایم ایف جائزہ مشن کو شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر طریقے سے بروقت مکمل کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن میں آئی ایم ایف مشن کے چیف نیتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کے جائزہ مشن سے ملاقات کی، جس میں وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

    وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق اس موقع پر آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز روئیز، وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم آن ریونیو طارق محمود پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف وفد کے ارکان اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزے کو پورا کرنے کے لیے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اظہار کیا۔

    انہوں نے مشن کو مالیاتی اور اقتصادی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات بشمول مالیاتی فرق کو کم کرنے، شرح مبادلہ میں استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے بات چیت جاری رکھنے پر آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت موجودہ پروگرام کو بھی مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسحق ڈار نے مشن کے لیے اپنی تمام تر حمایت کو مزید بڑھایا اور توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت 9 ویں جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

    آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر ناتھن پورٹر نے اس موقع پر اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت 9ویں جائزے کی تکمیل کے لیے آئی ایم ایف کی ضروریات پوری کرے گی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات پر اپنی پیش رفت کو جاری رکھنے کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر طریقے سے بروقت مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان مالیاتی اصلاحات پر مل کر کام کریں گے۔