Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 547 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • قتل کی سازش کا الزام؛ آصف زرداری کا عمران خان کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس

    قتل کی سازش کا الزام؛ آصف زرداری کا عمران خان کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے فاروق ایچ نائیک کے ذریعے عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان 14 روز میں اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف سول اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔

    نوٹس کے مطابق عمران خان کے جھوٹے، من گھڑت بیان سے آصف زرداری کی پاکستان اور بیرون ملک ساکھ و شہرت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

  • پختونخوا الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا فیصلہ

    پختونخوا الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا فیصلہ

    پشاور: تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد گورنر کی طرف سے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

    ہائی کورٹ میں پٹیشن پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور صوبائی صدر پرویز خٹک کی جانب سے بدھ کے روز بیرسٹر گوہر کی وساطت سے دائر کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اپنی پٹیشن میں عدالت سے استدعا کرے گی کہ وہ الیکشن کمیشن کو ہدایت دے کہ قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی 33 نشستوں پر ضمنی الیکشن کرانے کے بجائے پورے ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے ۔
    پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی کے مطابق ملک میں معاشی بحران کی سب سے بڑی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے، اس لیے فوری انتخابات ہی بحرانوں کا واحد حل ہے، انتخابات کی تاریخ میں جتنی تاخیر ہوگی، اتنا ہی ملک کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 13 جماعتی پی ڈی ایم ٹولہ انتخاب سے فرار چاہتا ہے۔

  • پاکستانی باکسر نے دبئی میں پروفیشنل باکسنگ فائٹ جیت لی

    پاکستانی باکسر نے دبئی میں پروفیشنل باکسنگ فائٹ جیت لی

    کراچی: پاکستان کے نوجوان باکسر فرید احمد نے دبئی میں منعقد پروفیشنل باکسنگ فائٹ جیت لی۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان پاکستانی باکسر فرید احمد نے پروفیشنل باکسنگ فائٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپر فیدر ویٹ (58 کلو گرام) کیٹگری میں یوگنڈا کے باکسر لیوس کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے فتح اپنے نام کی۔ فائٹ دبئی میں مڈل ایسٹ پروفیشنل باکسنگ کی زیرنگرانی منعقد کی گئی۔

  • بلوچی گلوکارہ ایوا بی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    بلوچی گلوکارہ ایوا بی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

    کراچی: کنا یاری کی مشہور بلوچی ریپر و گلوکارہ ایوابی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

    کوک اسٹوڈیو کے گانے ’کنا یاری‘ سے مشہور ہونے والی بلوچی گلوکارہ ایوا بی نے نئی زندگی کا آغاز کر دیا۔

    ہجاب پہن کر اسٹیج پر سُر بکھیرنے والی بلوچی ریپر کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں گلوکارہ کو لال رنگ کا بلوچی دلہن کا روایتی عروسی لباس زیب تن کئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تاہم ہمیشہ کی طرح ان ویڈیوز اور تصاویر میں بھی ایوا بی نے مہندی لگے ہاتھوں سے اپنا چہرہ چُھپا رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ اب سے کچھ دن قبل ہی ایوابی نے انسٹاگرام پر اپنی منگنی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ وہ جلد نئی زندگی کا آغاز کرنے جارہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کنا یاری گانے سے مشہور ہونے والی بلوچی گلوکارہ ایوا بی نے منگنی کرلی

    خیال رہے کہ ایوابی کی شادی گلوکار مدثر قریشی سے ہوئی ہے سوشل میڈیا پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے انہیں شادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • مار گئی ہمیں یہ مہنگائی!

    مار گئی ہمیں یہ مہنگائی!

    ’’بس آخری اشتہار رہ گیا، مجھے معلوم ہے کیا جواب ملے گا‘‘ اخبار دیکھتے ہوئے اس نے خودکلامی کی۔
    ’’مجھ سے بہتر تو زین رہا، خوشحال ہے، لگتا ہے اچھی جاب ملی ہے۔‘‘ اس نے اپنے کلاس فیلو کو یاد کیا۔
    ’’فائدہ ایسی ڈگری کا، ماسٹرز کرنے سے بہتر تھا میں مزدور بن جاتا۔‘‘
    سخت چلچلاتی دھوپ میں اس کی بائیک ٹریفک جام میں پھنسی تھی۔ ٹریفک سگنل پر تیسری جنس کا نمائندہ تالیاں بجا کر بھیک مانگ رہا تھا۔ اس کی نگاہیں ہیجڑے سے ٹکرائیں۔
    ’’زین…؟‘‘ ایک کرب انگیز کراہ اس کے لبوں سے خارج ہوئی، اور آنکھیں بھر آئیں۔

    ایک دہائی قبل لکھی گئی اپنی یہ مختصر سو لفظی کہانی ہمیں پھر یاد آگئی جب آج ایسی ہی ایک خبر نظر سے گزری۔ خبر لاہور میں خواجہ سراؤں کے ساتھ لڑکی کا بھیس بدل کر بھیک مانگنے والے گیارہ سالہ لڑکے زین کی ہے۔ زین کے والدین ذہنی معذور ہیں اور اپنے بچوں کی پرورش سے قاصر ہیں۔ زین اپنے والدین کی دیکھ بھال اور معاش کے لیے یہ کام کرنے پر مجبور ہوا۔ زین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ یعنی کسی کی غربت اور مجبوری کا مداوا کیے بغیر اس کا ’’روزگار‘‘ چھین لیا گیا۔

    صرف ایک زین ہی نہیں، اسی قبیل کے کئی کردار روز نگاہوں کے سامنے سے گزرتے ہیں جو اپنی مجبوریوں، غربت اور ملک میں بڑھتی ہوشربا مہنگائی کے باعث ایسا کرنے پر مجبور ہیں۔ بھیک مانگنا کوئی قابل ستائش عمل تو نہیں، لیکن پیٹ بھرے لوگوں کے نزدیک کسی کی مجبوری صرف عذرِ لنگ ہوتی ہے۔ جب تک کوئی خود اس کرب اور تکلیف سے نہ گزرے وہ دوسروں کی مجبوریوں کو بھی تنقید کا نشانہ ہی بناتا ہے۔ بھیک مانگنے یا بقول معترضین یہ ’’قبیح فعل‘‘ سرانجام دینے کے بجائے ’’مزدوری کرلیتا‘‘ وغیرہ وغیرہ جیسے مشورے گھڑے جاتے ہیں۔ لیکن ملک کی اس وقت جو معاشی صورتحال ہے اس میں تو ایک غریب مزدور کے گھر کا چولہا بھی بجھ چکا ہے۔ ملک میں غربت اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ لوگ اپنے بچے بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ایسی ہی ایک تصویر نے روح تک کو لرزا کر رکھ دیا جس میں ایک ماں اپنی بچی کے ساتھ ’’بیٹی برائے فروخت‘‘ کا کارڈ اٹھائے کھڑی ہے۔

    ملک میں غربت کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور حکومت کی ’’شوبازیاں‘‘ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ اس پر مستزاد عوام پر ایک اور ’’پٹرول بم‘‘ گرادیا گیا ہے۔ اور اس بار دس بیس روپے نہیں بلکہ پٹرول کی قیمت میں پورے 35 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں یہ ریکارڈ اضافہ مزید مہنگائی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ کیا یہ بہتر نہ ہوتا کہ عوام کو سہولت دینے کےلیے اشرافیہ کی عیاشیاں ختم کردی جاتیں۔ حکومت کے مشکل فیصلوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر یہ استہزائیہ پوسٹیں بھی گردش میں ہیں کہ ’’اگر واقعی مشکل فیصلہ کرنا ہے تو ملک میں کسی کو بھی ایک لیٹر پٹرول، نہ ہی ایک یونٹ بجلی مفت ملے۔ پلاٹس واپس، پروٹوکول و دیگر الاؤنسز ختم، یہ ہے مشکل فیصلہ۔ جنھوں نے ملک کو لوٹا ہے ان کی جائیدادیں نیلام کرکے قومی خزانے میں ڈالو، یہ ہے مشکل فیصلہ۔ پٹرول مہنگا کرنا تو سب سے آسان فیصلہ ہے جو آپ نے فوراً کرلیا‘‘۔

    معیشت کی بحالی کے لیے جو وزیر خزانہ بہت زور و شور سے واپس لایا گیا اُن کے مطابق ’’حکومت کے پاس معاشی بحران حل کرنے کےلیے کوئی جادو کی چھڑی نہیں‘‘۔ یہ بات تو عوام بھی جانتے ہیں، ملک کے حالات جادو کی چھڑی سے نہیں بلکہ اصلاحات اور درست پالیسی سے ہی تبدیل کیے جاسکتے ہیں لیکن اس جانب بھی تو پیش رفت نہیں کی جارہی۔ صرف عوام پر ہی زور چل رہا ہے لیکن عوام پر یہ جبر بھی اپنی حدیں پار کرچکا ہے۔ ’’پاکستان کی معاشی ترقی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے‘‘ جیسے بیان دینا وزیرخزانہ کو زیب دیتا ہے؟

    عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ صرف عوام سے ہی کیوں قربانی مانگی جاتی ہے؟ اس ملک کے امرا اور اشرافیہ کیوں قربانی نہیں دیتے۔ حکومت اور اپوزیشن میں شامل وزرا اپنی عیاشیاں کیوں ختم نہیں کرتے؟ ایوان و عدلیہ میں بیٹھے افراد کا پروٹوکول ختم کیوں نہیں کیا جاتا؟ آخر کب تک عوام ہی بوجھ اٹھاتے رہیں گے، قربانیاں دیتے رہیں گے؟

    وزیراعظم پاکستان اپنے نمائشی بیانات میں کہہ تو رہے ہیں کہ ’’میں اپنی ساری سیاسی کمائی پاکستان کےلیے قربان کرنے کو تیار ہوں، ملک و قوم کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے‘‘ وغیرہ وغیرہ۔ لیکن یہ قربانی کب دی جائے گی؟ ایک طرف قربانی کی باتیں اور دوسری جانب عمل یہ ہے کہ حکومت نے عیاشیوں کےلیے 135 بی ایم ڈبلیو گاڑیاں منگوانے کی اجازت دے دی۔ وزیراعظم پاکستان سے گزارش ہے کہ ’’شوبازیاں‘‘ ختم کرکے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔ عوام کا دل صرف باتوں سے نہیں بہلائیے بلکہ حقیقی ریلیف فراہم کیجیے۔ ان پالیسیوں اور سوچ کو ترک کیجیے جس کی وجہ سے آج عوام کو یہ برے دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ قربانیاں صرف عوام سے نہ مانگیے بلکہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی اشرافیہ اور بالائی طبقے کا تمام تر پروٹوکول، سیاستدانوں اور بڑے سرکاری افسران کی مراعات کا خاتمہ کرکے ملکی خزانے سے بوجھ کم کیا جائے۔

  • مہنگائی کیخلاف عوام بیدار ہوں، احتجاج کے بغیر مسائل کم نہیں ہونگے، حافظ نعیم

    مہنگائی کیخلاف عوام بیدار ہوں، احتجاج کے بغیر مسائل کم نہیں ہونگے، حافظ نعیم

    کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف عوام کو بیدار ہونا ہوگا، احتجاج کیے بغیر مسائل کم نہیں ہوں گے۔

    ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے اور آئی ایم ایف کے نام پر ہمیں ڈرا کر مزید مہنگائی کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں کم نہیں کرتے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیتے ہیں۔ یہ سب ایک ہی طرح کی پالیسیاں لے کر معیشت چلاتے ہیں، کوئی تبدیلی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے اشرافیہ نے سب کو جاہل بنا دیا ہے۔ ان کی اپنی بجلی مفت ہوتی ہے اور قوم کے لیے بجلی کا بل بڑھتا ہے۔ قومی بچت اسکیموں میں اتنا بڑا بجٹ موجود ہے، اس کا ٹیکس کاٹا جائے تو ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔ انکوائری ہونی چاہیے کہ کس افسر کے گھر کتنے پیسے پڑے ہیں۔ آئی ایم ایف یہ سوال نہیں کرتا کہ اپنی عیاشیاں کم کرو۔دفاع کے علاوہ دیگر خرچ میں فوج بھی شامل ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمران مل کر ایک دوسرے کی کرپشن چھپاتے ہیں، تاہم عوام کو اب بیدار ہوکر متحد ہونا پڑے گا۔ سراج الحق نے مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کردی ہے۔ احتجاج کیے بغیر مسائل کم نہیں ہوں گے۔ اب تو آئی ایم ایف سرکار 9 دن تک پاکستان میں رہے گی۔ ایک مزدور 18 ہزار تنخواہ میں کس طرح گزارہ کر سکتا ہے؟۔

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات اور اس کے نتائج کی تاخیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 15 دن گزر گئے ہیں، ابھی تک کوئی رزلٹ نہیں آیا۔ 25 سے 30 نشستیں ہیں، جن کے لیے ہم عدالت میں بھی جائیں گے۔ ہم اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے آگے تک جائیں گے۔ آر اوز نے اپنی مرضی کے نتائج جاری کیے، لیکن پھر بھی ہم کامیاب ہوئے۔

    حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے ہم سیٹوں کے لحاظ سے پہلے نمبر پر آئیں گے۔ حکومت اور اس کے اتحادی مرضی کے افسران لگانا چاہتے ہیں۔الیکشن کمیشن میں ہمارا جو کیس موجود ہے وہ ہمارے حق میں آئے گا۔ جہاں تک ووٹ کا تعلق ہے ہم حکمراں جماعت سے بہت آگے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں اس پروسیس کو تیز کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی کاموں میں اپنے نمائندے لگا رہی ہے۔ میں ان سے کہوں گا ابھی ذرا انتظار کر لیں۔ عوام کا پیسہ عوام ہی پر لگنا چاہیے۔ ہم ہر سطح پر ٹاسک فورس بنا رہے ہیں، جو تمام سطح پر کام کرے گی۔ اس وقت منصوبوں میں کرپشن عروج پر ہے۔میئر تو جماعت اسلامی ہی کا ہوگا۔

    امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سے لڑنا نہیں چاہتی۔ اداروں میں افسران اپنا قبلہ درست کرلیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔ہمارا بغض کسی انسان سے نہیں، کرپشن سے ہے۔ مردم شماری کا عمل شروع ہو رہا ہے، کہا جا رہا ہے لوگ آن لائن اپنی رجسٹریشن کروا سکے ہیں، جو لوگ یہاں کے ہیں انہیں یہیں گنا جائے۔

    حافظ نعیم نے مزید کہا کہ سندھ حکومت آئین میں ترامیم کرکے میئر کو اختیارات دے۔دھرنے کے وقت بھی جو وعدے کیے گئے تھے، وہ پورے ہونے چاہییں۔ ہر شہری کو مردم شماری کے حوالے سے حق ہونا چاہیے کہ وہ خود کو چیک کرسکے کہ اسے گنا گیا ہے یا نہیں۔ مردم شماری کا تو اصول یہ بھی ہے کہ سفارتکار کو بھی گنا جائے۔ مردم شماری کے لیے جو ہمارے نمائندے منتخب ہوئے وہ بھی نگرانی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو خریدا گیا تو بھرپور طریقے سے ایکسپوز کریں گے۔کوئی بھی جماعت اسلامی کا منتخب امیدوار خرید نہیں سکتا۔ ایم کیو ایم آخری وقت تک بلدیاتی انتخابات سے فرار چاہتی تھی۔

  • امارات کے صدر کا اسلام آباد کا دورہ ملتوی

    امارات کے صدر کا اسلام آباد کا دورہ ملتوی

    اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان نے اسلام آباد کا ایک روزہ سرکاری دورہ موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کردیا۔

    وہ صبح ساڑھے سات بجے سے ٹیک آف کے منتظر تھے مگر بہاولپور میں شدید بارش اور موسم کی صورتحال کے باعث اسلام آباد نہیں آسکے۔ سکیورٹی نے موسم کی خرابی کی وجہ سے انہیں اڑان کی اجازت نہیں دی۔

    صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان کے دورہ اسلام آباد کی تاریخوں کا دوبارہ اعلان کیا جائے گا۔

    انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے دورے کی منسوخی پر اپنے افسوس کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ جلد دو دن کے دورے پر اسلام آباد آؤں گا، ان شاءاللہ۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی سلامتی و حفاظت ہمیں زیادہ عزیز ہے، موسم کی شدت میں پرواز کا خطرہ نہیں لے سکتے۔

    آئی جی اسلام آباد و سکیورٹی ڈویژن نے نفری ہٹادی اور اسلام آباد کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں۔

    ان کے دورے کے پیش نظر آج وفاقی دارالحکومت میں عام تعطیل تھی۔

  • حکومت سے فواد چوہدری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب

    حکومت سے فواد چوہدری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب

    لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سے فواد چوہدری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    جسٹس طارق سلیم نے فواد چوہدری کے قریبی عزیز نبیل شہزاد کی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ، نیب ، ایف آٸی اے اور تمام آٸی جیز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ فواد چوہدری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ، خدشہ ہے اس طرح کے دیگر مقدمات بھی درج کیے گٸے ہیں جن کا مقصد فواد چوہدری کی بار بار گرفتاری ہے ۔
    درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت نیب ، ایف آٸی اے اور تمام آٸی جیز سے فواد چوہدری کے خلاف مقدمات کا ریکارڈ طلب کرے اور فواد چوہدری کو بے بنیاد مقدمات میں گرفتار کرنے سے روکے۔

    عدالت نے درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

  • کرن جوہر بیک گراؤنڈ ڈانسرز کی طرح کپڑے پہنتے ہیں، فرح خان کا ہدایتکار پر طنز

    کرن جوہر بیک گراؤنڈ ڈانسرز کی طرح کپڑے پہنتے ہیں، فرح خان کا ہدایتکار پر طنز

    دبئی: بالی ووڈ پروڈیوسر اور ہدایتکارہ فرح خان کا کہنا ہے کہ کرن جوہر ریڈ کارپٹ پر فانوس کی طرح نظر آتے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں فرح خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرن جوہر کو اپنا ریڈ کارپٹ کا ڈراؤنا ترین خواب قرار دے دیا۔

    فرح خان کا کہنا تھا کہ ’میرا ریڈ کارپٹ کے بارے میں ایک ڈراؤنا ترین خواب ہے وہ کرن جوہر کو دیکھنا ہے جو ریڈ کارپٹ پر فانوس کی طرح نظر آتے ہیں‘۔

    فرح نے کرن جوہر کے فیشن اور اسٹائل پر مزید طنز کرتے ہوئے کہا کہ کرن جوہر بیک گراؤنڈ ڈانسرز کی طرح کپڑے پہنتے ہیں۔

    فلمساز فرح خان اور کرن جوہر جب بھی ایک دوسرے کے فیشن کے انتخاب اور کپڑوں پر بات کرتے ہیں تو وہ ایک دوسرے پر مزاحیہ انداز میں طنزیہ تبصرے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    اس سے قبل کرن جوہر نے بھی فرح خان کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں فرح خان کو امریکہ کے ایک ڈسکاؤنٹ اسٹور پر میکسیکو کی مشہور ڈِش ’ناچوز‘ مفت مانگتے دیکھا گیا تھا۔

  • اسمبلی تحلیل کے 90 روز میں الیکشن ہونے چاہییں، لاہور ہائیکورٹ

    اسمبلی تحلیل کے 90 روز میں الیکشن ہونے چاہییں، لاہور ہائیکورٹ

    لاہور: تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کے 90 روز میں انتخابات ہو جانے چاہییں۔

    عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ تحریک انصاف کی درخواست میں اہم قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

    پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے کی، جس میں تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر اور سابق اسپیکر سبطین خان، میاں اسلم اقبال، شبلی فراز، علی ساہی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

    بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90روز کے اندار الیکشن ہونا ہوتے ہیں جب کہ گورنر پنجاب نے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔عدالت گورنر کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت دے۔ جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ میں اس بات پر آپ سے متفق ہوں کہ 90روز میں الیکشن ہونے چاہییں، سوال یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کون کررہے ہیں ۔ آپ سب سے پہلے الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں۔

    پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بھی گورنر پنجاب کو الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے مراسلہ لکھا ، گورنر نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ۔ اس مؤقف پر الیکشن کمیشن بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔ جسٹس جواد حسن نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں ۔ کس نے کرانے ہیں یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔ ہم جمہوریت کے لیے جدوجہد کریں گے۔

    دوران سماعت عدالت نے گورنر پنجاب کے وکیل کی جانب سے تیاری نہ کر کے آنے پر اظہار برہمی کیا۔عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو روسٹرم پر بلا کر استفسار کیا کہ آپ کو تحریک انصاف نے خط لکھا ، آپ کو الیکشن کمیشن نے خط لکھا ، آپ کا مؤقف ہے کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل کےلیے مہلت مانگ لی۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ تحریک انصاف کی درخواست میں اہم قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے 3 فروری تک جواب طلب کرلیا۔