کراچی:پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج(پی ایم ای ایکس)میں 52ارب روپے کے سودے ہوئے ۔گزشتہ روز پی ایم ای ایکس کی رپورٹ کے مطابق سودوں کی مجموعی تعداد51894رہی۔زیادہ سودے سونے کے ہوئے جن کی مالیت 24.684 ارب روپے رہی جب کہ چاندی کے سودوں کی مالیت 12.103 ارب روپے ، کوٹس کے سودوں کی مالیت 6.992 ارب روپے ، پلاٹینم کے سودوں کی مالیت 2.916 ارب روپے ، خام تیل کے سودوں کی مالیت 1.992 ارب روپے ، این ایس ڈی کیو 100 کے سودوں کی مالیت 1.959 ارب روپے ، قدرتی گیس کے سودوں کی مالیت 485.107 ملین روپے ، کاپر کے سودوں کی مالیت 382.127 ملین روپے ، ڈی جے کے سودوں کی مالیت 301.580 ملین روپے ، ایس پی 500 کے سودوں کی مالیت 258.955 ملین روپے اور جاپان ایکوٹی کے سودوں کی مالیت 76.307 ملین روپے ریکارڈ کی گئی۔
Category: کاروبار
-

ڈالر کی قدر میں کمی،سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر
کراچی:انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔ادھر سونے کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مقامی و بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین ترین سطح پر جاپہنچی تاہم چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر3پیسے کی کمی سے 281.32 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 5 پیسے کی کمی سے 282روپے 35پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر کے نمایاں اضافے سے پہلی بار 3855 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 3178 روپے کے ہوشربا اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 6 ہزار 778 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 2725 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 48 ہزار 746 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 900 ہزار روپے کے ہوشربا اضافے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے 4 لاکھ 3ہزار 600 روپے روپے پر جاپہنچی تھی۔ دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 16 روپے کی کمی سے 4776 روپے ہوگئی تھی۔
-

انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ سے 50 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی خریداری
کراچی:اسٹیٹ بینک نے جون 2025 میں انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ سے 50 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے ڈالر خریدے جس کے بعد مالی سال 2025 کے دوران مرکزی بینک کی مجموعی خریداری کا حجم 7 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی اس بڑی سطح پر خریداری نہ صرف ملکی ذخائر کو سہارا دینے کیلئے اہم اقدام ہے بلکہ یہ حکمتِ عملی مستقبل میں بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ ڈالر کی مسلسل خریداری اور بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی کے باوجود ذخائر جون 2025 تک بڑھ کر 14 ارب 50 کروڑ ڈالر کی سطح تک جا پہنچے۔
-

سٹاک ایکسچینج :تاریخی تیزی،1لاکھ 65 ہزارکی بلند سطح عبور
کراچی:سٹاک ایکسچینج کی برق رفتاری نے نہ صرف سب کو حیران کردیا بلکہ عالمی و مقامی سطح پر اپنا لوہا بھی منوالیا۔ 100انڈیکس کیلئے کاروباری ہفتے کے دوسرا دن ریکارڈ ساز رہا۔ دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس نے یکے بعد دیگرے دو نفسیاتی حدیں پار کرکے نئے ریکارڈز قائم کردیے۔سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز 506 پوائنٹس کی تیزی سے 1 لاکھ 64 ہزار 354 پوائنٹس کی ریکارڈ حد سے ہوا، اسکے بعد 100 انڈیکس کی تیز رفتار ی سے دوران کاروبار1 لاکھ 65 ہزار اور پھر1 لاکھ 66 ہزار کی سطح عبور ہو گئیں۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کا ہندسہ پار کرگیا۔ماہرین کے مطابق اسٹاک ایکسچینج کی شاندار رفتار کے پیچھے عوامل وزیر اعظم اور آرمی چیف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کامیاب ملاقات ،سی پیک فیز ٹو کی کامیابی کیلئے چین سے اہم معاہدے ،سعودی عرب سے اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی توقعات ، توانائی کے گردشی قرضوں کی کمی کاسرکاری منصوبہ ، اسٹیٹ بینک ذخائر میں مسلسل اضافہ ، آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات ، روپے کی قدر میں استحکام اور بلو چپ کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج ہیں ۔ دن بھر بینکنگ ، انرجی، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ اور فارما سیکٹرز کے حصص میں ریل پیل رہی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1ہزار 645 پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار 1 لاکھ 65 ہزار 493 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 715.15 پوائنٹس کے اضافے سے 50986.83اورآل شیئرز انڈیکس 537.02 پوائنٹس بڑھ کر 100542.55 پوائنٹس پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 120ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 19 ہزار 263ارب روپے سے تجاوز کرگیا ۔مجموعی طور پر 488 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجس میں سے 175 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 288 میں کمی اور 24 میں استحکام رہا۔گزشتہ روز 1 ارب 34 کروڑ 97 لاکھ 98 ہزار 22 روپے مالیت شیئرز کے سودے 76 ارب 77 کروڑ روپے میں طے ہوئے ۔ سٹاک مارکیٹ کے سابق ڈائریکٹر امین یوسف نے دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ بینچ مارک 100 انڈیکس 13ہزار پوائنٹس بڑھ چکا ہے اور یہ سب معاشی و سفارتی محاذ پر کامیابی کا نتیجہ ہے جب کہ آئندہ دنوں میں مزید معاشی خوشخبریاں 100 انڈیکس کو با آسانی نئے ریکارڈ حد پار کرادیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال ستمبر سے لے کر رواں سال ستمبر تک مارکیٹ نے سرمایہ کاروں کو 98 فیصد منافع دیا جو کہ عالمی و مقامی سطح پر منفرد ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے ۔
-

روپیہ مستحکم، انٹربینک میں ڈالر مزید 3 پیسے سستا
کراچی: انٹربینک میں آج روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 3 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 32 پیسے پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 35 پیسے پر بند ہوا تھا۔
-

کے سی سی آئی اجلاس،بزنس مین گروپ کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار
کراچی: بزنس مین گروپ (بی ایم جی)کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے مالی سال 2024-25 کے دوران کاروباری مفادات کے تحفظ، پالیسی سازوں سے مشاورت، ادارہ جاتی ڈھانچے کی جدت اور برآمدات کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔کے سی سی آئی کے 64 ویں سالانہ اجلاس عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بی ایم جی کی کامیابی کی بنیاد یکجہتی، ٹیم ورک اور لگن ہے جو قومی خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بی ایم جی نے 89 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ریکارڈ ٹرن آؤٹ کے ساتھ 2400 فارم جمع ہوئے اور 400 سے زائد اراکین نے براہ راست شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ فنانس ایکٹ کی شق 37 اے اور 37 بی کے خلاف مزاحمت کے نتیجے میں ایف بی آر کے گرفتاری کے اختیارات واپس لیے گئے ۔صدر کے سی سی آئی محمد جاوید بلوانی نے کہا کہ عدالتی مقدمات اور انتظامی رکاوٹوں کے باوجود تمام وعدے پورے کیے گئے ، کاروبار دشمن اقدامات کے خلاف ہڑتال بزنس کمیونٹی کی تاریخی کامیابی رہی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے آرمی چیف سے ملاقات طے کرائی جو ایک اہم سنگ میل ہے۔
-

اسٹاک ایکسچینج :100انڈیکس پہلی بار 1لاکھ 63ہزار پوائنٹس عبورکرگیا
کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز نئے ریکارڈ قائم کردیے ۔ بینچ مارک 100 انڈیکس نے کاروبار کے آغاز کے چند منٹوں میں ہی 1 لاکھ 63 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرلی، جو تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے ۔ ابتدائی ٹریڈنگ 663 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 62 ہزار 920 پوائنٹس پر شروع ہوئی، جس کے بعد تیزی کا سلسلہ بڑھتا گیا اور انڈیکس نے 1600 پوائنٹس کے بھاری اضافے سے 1 لاکھ 63 ہزار 903 پوائنٹس کی بلند ترین سطح چھو لی۔ دن بھر انڈیکس 1 لاکھ 62 ہزار سے 1 لاکھ 63 ہزار پوائنٹس کے درمیان ریکارڈ تیزی کے ساتھ گردش کرتا رہا۔اس شاندار رفتار کے پیچھے اہم عوامل میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کامیاب ملاقات، سی پیک فیز ٹو کے معاہدے ، سعودی عرب سے متوقع سرمایہ کاری، توانائی کے گردشی قرضوں میں کمی کا منصوبہ، اسٹیٹ بینک ذخائر میں اضافہ، آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت مذاکرات، روپے کی قدر میں استحکام، بلیو چپ کمپنیوں کے نتائج اور عالمی اداروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد شامل ہیں۔کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 ہزار 590 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 63 ہزار 847 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، جو تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے ۔ اس دوران کے ایس ای 30 انڈیکس 548 پوائنٹس اضافے سے 50,271 پر، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1375 پوائنٹس اضافے سے 243,695 پر جبکہ آل شیئر انڈیکس 625 پوائنٹس اضافے سے 100,005 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 120 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 19,042 ارب روپے سے بڑھ کر 19,162 ارب روپے ہوگیا۔ دن بھر 482 کمپنیوں میں کاروبار ہوا، جن میں سے 235 کے شیئرز کی قیمتیں بڑھیں، 216 میں کمی اور 31 میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 65 ارب 76 کروڑ روپے مالیت کے سودے طے پائے۔
-

کھیل کو جنگ سے جوڑنا مایوسی ظاہر کرتا ہے :نقوی
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے متنازعہ بیان پر سخت ردعمل سامنے آگیا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف بھارت کی جیت پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے۔ لکھا کہ کھیل کے میدان میں آپریشن سندور، یہاں بھی نتیجہ ویسا ہی ہے ، انڈیا جیت گیا،ہمارے کرکٹرز کو مبارک ہو۔ مودی کی اس ٹویٹ پر جہاں کچھ بھارتی صارفین نے ان کی تعریف کی وہیں کئی صارفین نے اسے غیر مناسب اور اشتعال انگیز بیان قرار دیا۔اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اگر جنگ تمہارے فخر کا پیمانہ ہے تو تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کو ہمیشہ پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکستوں کا سامنا رہا ہے اور کوئی کرکٹ میچ اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ کھیل کو جنگ سے جوڑنا صرف مایوسی ظاہر کرتا ہے اور اس سے کھیل کی روح متاثر ہوتی ہے ۔
-

سیلاب متاثرین کو وزیراعظم پیکیج دینے کیلئے حکومت کی IMF سے درخواست
اسلام آباد:حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو سیلاب متاثرین کی ریکوری و بحالی کیلئے وزیراعظم پیکیج دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ریلیف پیکیج متعارف کرانے کیلئے نیڈ بیسڈ اسسمنٹ رپورٹ مانگ لی تاکہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا سکے۔ آئی ایم ایف سے اجازت ملنے پر رواں مالی سال کیلئے بجٹ میں مختص 389 ارب روپے کے ایمرجنسی فنڈز کی رقم سے وزیراعظم پیکیج متعارف کرایا جائے گا۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق خیبر پختونخوا نے 40 سے 50 ارب، سندھ نے 40 ارب روپے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا ہے لیکن ذرائع یہ بتاتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں حتمی نقصانات کا تخمینہ 30 ارب روپے تک رہے گا۔ صوبائی حکام کے ساتھ بھی وفد کی بات چیت ہوئی جس پر رواں مالی سال کے دوران بجٹ سرپلس، سیلاب کے باعث نقصانات، ریکوری و بحالی، گزشتہ مالی سال کی کارکردگی پر بات چیت ہوئی۔ وفد سے بات چیت کے دوران صوبوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی حکومتوں کے نمائندے آئی ایم ایف سے حتمی ڈیٹا شیئر کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سے آج مذاکرات شیڈول ہیں۔ باوثوق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ آئی ایم ایف وفد نے کرپشن اینڈ ڈائیگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ سٹرکچرل بنچ مارک کے مطابق آج پبلش کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔وزارت خزانہ حکام نے رپورٹ پبلش کرنے کے لیے مزید وقت کی درخواست کی۔ ملٹری اور جوڈیشل افسروں کے علاوہ سول بیوروکریسی کے اثاثے پبلک کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ نام صِیغہ راز میں رکھنے پر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ وفد کو گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے لیے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، ایف بی آر میں ٹرانسفارمیشن اور پولیٹیکلی ایکسپوزڈ پرسن جیسے اقدامات پر بریف کیا گیا اور رپورٹ میں ترمیم کی بھی درخواست کی۔ گورننس اینڈ کرپشن ڈائیگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو مکمل طور پر ادارہ جاتی خودمختاری دی جائے اور اس کیلئے لیگل فریم میں تبدیلیاں کی جائیں۔ شارٹ ٹرم میں وزارت خزانہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے الگ کر کے فَنکشنل کیا جائے ۔ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کے ساتھ تعارفی سیشن میں ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وفد کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد سے کم رہ سکتی ہے ۔ آئی ایم ایف کو ٹیکس محاصل، مالیاتی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔
-

نیا دن نیا ریکارڈ! سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد پار کر گیا
کراچی: سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آئے روز ریکارڈ پر ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جس سے ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس 2600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 66 ہزار 556 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1645 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 493 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔خریداری کا رجحان اہم شعبوں میں دیکھنے میں آیا جن میں آٹو موبائل سمبلرز، کمرشل بینکس، کھاد سازی، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں، اس کے علاوہ اے آر ایل، حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایس این جی پی، ایس ایس جی سی، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 63 ہزار 847 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
