لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے 1500الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی منظوری دیدی گئی ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا،اس موقع پرمریم نواز کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار الیکٹرک بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کیا جائے گا۔انہوں نے پہلے مرحلے میں 380 الیکٹرک بسوں کی خریداری جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسیں چلا نے کیلئے جون کی ڈیڈلائن مقرر کی۔سرگودھا،شیخوپورہ، سیالکوٹ اور گجرات سمیت 6اضلاع میں نئے ٹرانسپورٹ سسٹم پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ لاہور،فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کی جائے گی۔فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس کے ٹریک کیلئے بھی پلان طلب کر لیا گیا،لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کی پلاننگ کیلئے 15روز کی مہلت دی گئی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک بسوں کے چارجنگ اسٹیشن کا پلان بھی طلب کر لیا،اجلاس میں لاہور میں جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی منظوری دی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں،لاہور ہی نہیں باقی شہروں کے عوام کا بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر پورا حق ہے۔ خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر بڑے شہر میں شاندار اور جدید ترین بس سسٹم موجود ہو،ترقی کے سفر میں سب کو شریک کرنے کیلئے دیگر شہروں میں الیکٹرک بس چلائی جائے گی۔
Category: کاروبار
-

ٹرمپ انتظامیہ کا پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف، امریکا سے مذاکرات کیلئے حکومت کا اہم اجلاس
اسلام آباد:امریکا کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کے لیے حکمت عملی تیار کرنے پر کام شروع کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت وزارت تجارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں امریکا کی جانب سے 29 فیصد اضافی ٹیرف کے ممکنہ اثرات پر غور کیا گیا۔حکومت اضافی امریکی ٹیرف پر ٹرمپ انتظامیہ سے بات چیت کرے گی جس کا مقصد ٹیرف میں ممکنہ کمی کی راہ ہموار کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پچاس سے زیادہ مختلف کاروباری نمائندوں، بڑے تاجروں، درآمد اور برآمد کنندگان سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز شریک تھے۔اجلاس میں نئے امریکی ٹیرف کے خاص طور پر پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات پر ممکنہ منفی اثرات کے سدباب کا جائزہ لیا گیا۔حکام کے مطابق پاکستان کی امریکا کو برآمدات کا حجم اوسط پانچ اعشاریہ پانچ ارب ڈالر سے زیادہ ہے، امریکا کیلئے پاکستانی برآمدات کا زیادہ تر حصہ ٹیکسٹائل پر مبنی ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے ایک ورکنگ گروپ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اسٹیرنگ کمیٹی بھی قائم کر چکے ہیں۔
-

اسٹاک مارکیٹ میں تاریخ کی سب سے بڑی مندی ، کاروبار روک دیا گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ کی سب سے بڑی مندی ، انڈیکس میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ، سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا منفی آغاز ہوا، 100 انڈیکس 6324 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 12 ہزار 466 کی سطح پر آ گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث کچھ دیر کیلئے کاروبار روک دیا گیا۔کاروبار کے دوران انڈیکس میں 8 ہزار سے زائد پوائنٹس تک کمی ریکارڈ کی گئی ، کاروبار دوبارہ شروع ہونے پر انڈیکس میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے ، ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق 7 پیسے کی کمی کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 280 روپے 40 پیسے پر آ گئی ہے۔
-

بجلی کی قیمتوں میں کمی کا عمل شروع، نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا عمل بھی شروع ہوگیا، کراچی سمیت ملک بھر کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 90 پیسےفی یونٹ سستی ہوگئی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، بجلی کی قیمت میں کمی اکتوبر تا دسمبر 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہوگا، بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل سے جون 2025 تک 3ماہ کیلئے ہوگا، بجلی صارفین کو کمی سے 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فروری میں سماعت کی تھی۔دوسری جانب نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسکوز کے صارفین کیلئے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی کمی کی گئی، فروری کی فیول چارجز ایڈجسمنٹ کی مد میں 46 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی جبکہ کراچی کے صارفین کیلئے جنوری کی فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں 3 روپے 2 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا اعلان کیا ہے۔
-

وزیراعظم شہباز شریف کا مہنگائی کی شرح میں کمی پر اظہار اطمینان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2025 میں مہنگائی کی شرح 0.7 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ شرح 20.7 فیصد تھی، جو حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔وزیراعظم کے مطابق، اس وقت ملک میں مہنگائی کی شرح 6 دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران بھی مہنگائی گزشتہ کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر رہی، جو حکومتی پالیسیوں اور عوامی ریلیف اقدامات کا نتیجہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں واضح کمی عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کا ثبوت ہے۔ اس کے نتیجے میں عام آدمی کی زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اور ملکی معیشت بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے تاکہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
-

بجلی کی قیمت میں کمی پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ریکارڈ بلندی پر بند
کراچی: بجلی کے نرخ اور مہنگائی میں کمی پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ریکارڈ بلندی پر بند ہوا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج 100 انڈیکس 1131 پوائنٹس اضافے سے 118938 پر بند ہوا ہے۔100 انڈیکس کاروباری دن میں 1671پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازار میں 42 کروڑ شیئرز کے سودے 28 ارب روپے میں طے ہوئے۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 116 ارب روپے بڑھ کر 14491 ارب روپے ہے۔دوسری جانب انٹربینک تبادلہ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاو 280 روپے 56 پیسے ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاو 8 پیسے اضافے سے 281.99 روپے ہے۔
-

امریکہ کی جانب سے اضافی ٹیرف لگانے پر چین سمیت مختلف ممالک کا ردعمل
امریکہ کی جانب سے اضافی ٹیرف لگانے پر چین سمیت مختلف ممالک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔چین نے امریکی ٹیرف کو عالمی اقتصادی ترقی کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکہ سے نئے ٹیرف فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔چین نے امریکہ پر تازہ ترین محصولات فوری منسوخ کرنے پر زور دیتے ہوئے جوابی اقدامات کا عندیہ بھی دیا ہے۔چینی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ امریکہ کا اقدام گزشتہ کئی سالوں میں ہونے والی کثیر الجہتی تجارتی مذاکرات کے توازن کو نظرانداز کرتا ہے۔امریکہ نے بین الاقوامی تجارت سے بہت فائدہ اٹھایا ہے، چینی وزارت تجارت نے کہا کہ اضافی ٹیرف کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں،چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے جوابی اقدامات کرے گا۔چینی وزارت تجارت نے کہا کہ نئے ٹیرف سے خود امریکی مفادات اور عالمی سپلائی چین کو نقصان پہنچے گا۔ دوسری جانب برطانوی وزیر تجارت کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیرف کے باوجود امریکہ کے ساتھ اقتصادی معاہدے کیلئے پرعزم ہیں۔کینیڈین وزیراعظم نے امریکی ٹیرف کے خلاف جوابی اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم نے امریکہ کے جوابی ٹیرف کو غیرضروری قرار دیا ہے۔آئرلینڈ کے وزیراعظم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کو امریکی ٹیرف کا مناسب جواب دینا چاہیے، اطالوی وزیراعظم نے یورپی یونین پر امریکی ٹیرف کو غلط قرار دے دیا۔
-

پاکستان میں مہنگائی میں کمی، عوام کے لیے خوشخبری
اسلام آباد: پاکستان میں مہنگائی کی شرح مارچ 2025 میں مزیدکم ہوئی ہے۔پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق مارچ 2025 میں مہنگائی کی شرح 0.7 فیصد رہی، جو گزشتہ ماہ 1.5 فیصد تھی۔ ایک سال پہلے یعنی مارچ 2024 میں یہ شرح 20.7 فیصد تھی، یعنی گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔شہری علاقوں میں مہنگائی 1.2 فیصد تک محدود رہی، جو فروری میں 1.8 فیصد تھی جب کہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح جوں کی توں یعنی صفر فیصد رہی۔ مہنگائی میں یہ کمی عوام کے لیے خوش آئند ہے۔کنزیومر پرائس انڈیکس میں خوراک کا حصہ سب سے زیادہ (34.6فیصد) ہے، جو اب بھی تشویش کا باعث ہے۔ مارچ 2024 میں فوڈ انڈیکس 278.3 ریکارڈ کیا گیا جو سالانہ بنیادوں پر 5.1 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ماہانہ بنیادوں پر چند اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں ٹماٹر 36 فیصد ، تازہ پھل 19 فیصد اور انڈے 15فیصد مہنگے ہوئے۔ اسی طرح کچھ اشیاء سستی ہوئیں، جیسے کہ پیاز 15فیصد، چائے 8 فیصد اور آلو 7 فیصد سستے ہوئے۔دیگر میں رہائش کے اخراجات میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 1.2 فیصد کمی ہوئی جب کہ لباس، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے اخراجات میں 11 سے 14 فیصد اضافہ ہوا۔مہنگائی میں کمی سے عام آدمی کے لیے زندگی کچھ آسان ہوسکتی ہے، مگر خوراک، رہائش اور دیگر ضروریات کی قیمتوں میں اب بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ امید ہےکہ حکومت مہنگائی کو مزید کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرےگی۔
-

کراچی: آئل ریفائنری کے قریب آتشزدگی، کئی گھنٹوں بعد بھی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا
کراچی کے علاقے کورنگی میں آئل ریفائنری کے قریب لگنے والی خوفناک آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی تاحال قابو نہ پایا جا سکا، فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ مبینہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگنے کے باعث پھیلی تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیل گیا جس سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔فائر بریگیڈ حکام نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا، پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ آگ آئل ریفائنری سے دور لگی ہے جبکہ سوئی سدرن کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔فائر آفیسر محمد ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ بجھانے نے کیلئے شہر بھر سے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں، پانی کی پائپ لائن کی بورنگ کے دوران گیس لائن کو نقصان پہنچا، آگ پراسرار ہے یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ کونسی لائن متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا ہے کہ آگ پر پانی پھینکا جا رہا ہے وہ دوبارہ اڑ کر واپس آ رہا ہے، ایس ایس جی سی کے عملے کو طلب کر لیا گیا ہے ، کسی ڈمپر یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے مٹی پھینکنے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف فائر آفیسر سے رابطہ کر کے ہدایت کی ہے کہ آگ پر فوری قابو پایا جانا چاہیے۔
-

آئی ایم ایف سے منظوری: حکومت نے بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی
اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد بجلی کی قیمت میں کمی کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کرادی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی جس پر نیپرا اتھارٹی 4 اپریل کو درخواست پر سماعت کرے گی۔حکومت نے بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل تا جون 2025 کے لیےکرنےکی تجویز دی ہے جب کہ کے الیکٹرک سمیت تمام کمپنیوں پر کمی کا اطلاق کرنےکی درخواست کی گئی ہے۔وفاقی حکومت اپریل تا جون کے لیے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سبسڈی فراہم کرے گی جس کی آئی ایم ایف کی جانب سے بھی منظوری دی جاچکی ہے۔
