کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف میں 3 ماہ کے لیے نرمی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کاروباری ہفتے کے چوتھے دن (جمعرات کو) بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ہوا۔ 2.92 فیصد کے اس اضافے سے انڈیکس بڑھ کر 117891 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس114153 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔بعد ازاں پی ایس ایکس میں انڈیکس 2563 پوائنٹس کے مجموعی اضافے سے 116716 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
Category: کاروبار
-

سونے کی قیمت میں بہت بڑا اضافہ، نرخ تاریخی بلندی پر پہنچ گئے
کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں آج بھی بہت بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کے نرخ تاریخی بلندی پر پہنچ گئے۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 78 ڈالرکے اضافے سے فی اونس سونا 3118 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔عالمی منڈی میں قیمت میں اضافے کے بعد ملکی سطح پر سونے کی قیمت میں 7 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا۔ 7 ہزار 800 روپے کے اضافے سے فی تولہ سونا 3 لاکھ 28 ہزار 800 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جب کہ 10گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 688 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 81 ہزار 893 روپے ہوگئی۔
-

پنجاب میں گندم خریداری پلان پر اہم اجلاس، کسانوں کو بہترین نرخ دلوانے کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں گندم کی خریداری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں گندم کے مناسب نرخوں پر خریداری کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اجلاس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی نے کی جبکہ معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ محمد اجمل بھٹی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کو گندم کی فصل کے بہترین نرخ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا جا سکے۔اس موقع پر معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے واضح کیا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، اور حکومت پرائس کنٹرول کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔
-

وزارت خزانہ نے ملکی و غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں
اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق ملکی و غیر ملکی قرض کا حجم 75 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق ملک کا اندرونی قرض 51 ہزار، بیرونی قرض 24 ہزار ارب تک پہنچ گیا، دسمبر تا فروری تین ماہ میں قرضوں میں ایک ہزار 338 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ -

پاکستان کا نئے ٹیرف پر مذاکرات کیلئے وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان نے نئے ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امریکی ٹیرف پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک اور دیگر شریک ہوئے۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وفد امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئے ٹیرف پر بات کرے گا، وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان شامل ہیں۔وزیرِ اعظم نے وفد کو امریکی نئے ٹیرف پر مذاکرات کے بعد لائحہ عمل طے کرنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، حکومت امریکا کے ساتھ تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔
-

چینی مصنوعات پر 104 فی صد امریکی ٹیکس نافذ
واشنگٹن:وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا نے آج صبح ایک بج کر 12منٹ سے چند چینی مصنوعات پر 104 فیصد ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا چند چینی مصنوعات پر 104 فیصد ٹیکس لاگو ہو جائے گا۔یہ اقدام چین کی جانب سے جوابی ٹیکس واپس نہ لینے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ چین معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ لیویٹ نے بتایا کہ تقریباً 70 ممالک نے امریکہ سے ٹیرف کے حوالے سے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے۔ٹیرف پر نہ تو کوئی تاخیر ہوگی اور نہ ہی توسیع دی جائے گی۔ دوسری طرف اس سے قبل چین نے کہا ہے کہ امریکا اپنے محصولات میں اضافہ کرتا ہے تو ہم اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے پرعزم طریقے سے جوابی اقدامات کریں گے۔ چین کی وزارت تجارت کے ترجمان لین جیان نے کہا ٹیرف جنگ آخری وقت تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ چین کے خلاف امریکا کے نام نہاد جوابی ٹیرف بے بنیاد ہیں۔چین نے جو جوابی اقدامات کئے ہیں وہ مکمل طور پر جائز ہیں جن کا مقصد چین کی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایک عام بین الاقوامی تجارتی ترتیب کو برقرار رکھنا ہے۔امریکی خریداروں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے محصولات عائد کرنے کے بعد دنیا کے دوسرے سب سے بڑے گارمنٹس مینوفیکچرر بنگلہ دیش سے آرڈرز روکنا شروع کردیے ہیں۔ٹرمپ نے بنگلہ دیش کی کپاس کی مصنوعات پر 37فیصد نئے محصولات عائد کیے ہیں۔ ٹرمپ نے ٹیرف کے بعد معاشی بے یقینی سے دوچار امریکیوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے بالکل گھبرانا نہیں ہے۔ماہرین کے مطابق امریکا میں کساد بازاری کا خدشہ 60 فی صد تک بڑھ گیا ہے۔ گیلپ سروے کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت 4 فیصد کمی کے بعد 43 فیصد پر آگئی ۔ یورپی یونین کے وزرائے تجارت کا لکسمبرگ میں اجلاس ہوا۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں یورپی یونین ٹریڈکمشنر نے کہا امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائدکرنیکی تیاری کرلی ہے۔ ٹیرف کے لیے مصنوعات کی حتمی فہرست 15 اپریل کو منظور ہوگی۔
-

عالمی ادارے سرمایہ کاری کریں، مضبوط سکیورٹی فریم ورک یقینی بنائیں گے: آرمی چیف
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا کہنا ہےکہ انہیں پختہ یقین ہےکہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں ایک رہنما کے طور پر ابھرنےکے لیے تیار ہے، پاکستانی عوام کے پیروں کے نیچے وسیع معدنی ذخائر ہوتے ہوئے مایوسی اور بے عملی کی کوئی گنجائش نہیں۔اسلام آباد میں پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور وسائل کی وسیع صلاحیت کی ترقی میں ہمارے ساتھ شراکت داری کریں۔ آرمی چیف نےکہا کہ پاکستان کی معدنیات کی دولت کو اخذ کرنے کے لیے انجینیئر ، جیالوجسٹ، آپریٹر اور بہت سے ماہرکان کن درکار ہیں اسی لیے ہم اس شعبے کی ترقی کے لیے طلبا کو بیرون ملک تربیت کے لیے بھی بھیج رہے ہیں، اس وقت بلوچستان کے27 طلبا زیمبیا اور ارجنٹینا میں منرل ایکسپلوریشن میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، ہمارا مقصد معدنی شعبےکے لیے افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل پیدا کرنا بھی ہے۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اقتصادی سلامتی، قومی سلامتی کے ایک اہم جُزو کے طور پر ابھری ہے، پاک فوج اپنے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات اور اعتماد کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط سکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات کو یقینی بنائےگی، ملک میں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم معدنی صنعتوں کی ترقی کو بھی یقینی بنایا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات اہم ہےکہ لاگت کو بہتر بنانے اور منڈیوں کو متنوع بنانےکے لیے پاکستان میں ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی جائے، پاکستانی عوام کے پیروں کے نیچے وسیع معدنی ذخائر، ہاتھوں میں مہارت اور شفاف معدنی پالیسی کے ہوتے ہوئے، مایوسی اور بے عملی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ آگے بڑھیں، اور جدوجہد کریں ملک کے لیے اور اپنے لیے، ہم پاکستانی بیک آواز شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کےکاروبار اور معدنی دولت سے استفادہ کرنےکے لیے آپ کی مہارت سے مستفید ہونا ہماری اجتماعی قومی خواہش ہے۔انہوں نےکہا کہ آپ پاکستان پر پُر اعتماد پارٹنر کے طور پر بھروسہ کرسکتے ہیں، میں بلوچ قبائلی عمائدین کی کاوشوں کا بھی معترف ہوں جنہوں نے کان کنی کے کاموں کو فروغ دینے اور بلوچستان کی ترقی و پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا، مل کر کام کرنے سے پاکستان کا معدنی شعبہ اجتماعی فائدے کے لیے علاقائی ترقی، خوشحالی اور پائیداری کو فروغ دے سکتا ہے۔
-

ن لیگ کے قائد نواز شریف سے بائننس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ کی ملاقات
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف سے سب بڑی عالمی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس کے بانی اور سابق سی ای او چانگ پنگ ژاؤ نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر ملک میں ڈیجیٹل اکانومی پر تبادل خیال اور اختراعی علوم کے ذریعے ترقی کے ویژن کو اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔میڈیا رپورٹس مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی ملاقات میں موجود تھے، نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نےچانگ پنگ ژاؤ کے پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر تقررکا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں ڈیجیٹل اثاثہ جات اور فیوچرٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی شراکت کے امور پر بھی گفتگو کی گئی، چانگ پنگ ژاؤ نے ابھرتی ہوئی بلاک چین ٹیکنالوجی اورگلوبل انٹر پرینیور شپ کے امکانات سے آگاہ کیا۔صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اختراعی تبدیلیوں کا شراکت دار بننے کے لیے تیار ہے، پاکستان کو دورجدید کے تقاضوں کے مطابق تیز ی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز سکھا کر عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ کے لیے تیار کر رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے بالکل تیار ہے، ہماری پوری توجہ نالج بیسڈ ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے، نالج بیسڈ ٹیکنالوجی نئی جنریشن کو اختراعی اور ڈیجیٹل انٹر پرائز کی راہ گامزن کرے گی۔بائننس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ نے شاندار میزبانی مسلم لیگ (ن) قائد محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا اور ڈیجیٹل علوم میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحتیوں کو سراہا۔
-

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد ایم خان کی ملاقات
اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ اور ای سی او رکن ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے ای سی او کی خطے میں اقتصادی ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے تنظیم کے پلیٹ فارم پر مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ڈاکٹر اسد ایم خان نے پاکستان کے ای سی او میں فعال کردار کی تعریف کی اور تنظیم کے جاری منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے خطے کی پائیدار ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا
-

بین الاقوامی تیل منڈی شدید مندی کا شکار، قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں
سنگاپور: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 3 روز میں خام تیل کی قمیت میں 13.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قمیت آج 4 فیصد گر گئی۔قیمتوں میں کمی کے باعث لندن برینٹ خام تیل کی قمیت 2.43 ڈالر کی کمی سے63.15 ڈالر فی بیرل، ویسٹ ٹیکساس خام تیل 2.42ڈالر کی کمی کیساتھ 59.57 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی خام تیل کی قمیت 50 ڈالر فی بیرل تک آسکتی ہے۔
