تاشقند:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر تاشقند، ازبکستان پہنچ گئے۔جہاں ان کا استقبال ازبکستان کے وزیرِ اعظم عبداللہ نغماتوویچ ارِپوف نے کیا۔ وزیرِ اعظم اور ازبکستان کے صدر کے درمیان ہونے والی دو طرفہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام شعبوں بشمول رابطے، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع و سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم پر بات چیت کی جائے گی۔ دونوں رہنما علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔اس موقع پر متعدد دو طرفہ معاہدے/ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔وزیرِ اعظم پاکستان ازبکستان پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں طرف کے اہم کاروباری حضرات شرکت کریں گے اور بی ٹو بی ملاقاتیں کر کے دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
Category: اہم خبریں
-

دوطرفہ کاروباری سرگرمیوں سے معیشت مستحکم ہو گی، وزیراعظم کا پاکستان آذربائیجان بزنس فورم سے خطاب
باکو: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان کاروباری سرگرمیوں سے معیشت مستحکم ہو گی، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، دونوں ممالک کے تاجروں کو پرکشش تجارتی مراعات سے استفادہ کرنا چاہئے، نارتھ ساؤتھ راہداری کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان آذربائیجان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اخلاص، باہمی اعتماد اور احترام اور عوام کی سطح پر محبت پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، آذری قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران وسیع تناظر میں تعمیری بات چیت ہوئی، ہم نے آگے بڑھنے پر دوٹوک اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے کاروباری طبقہ سے خطاب کرکے خوشی ہوئی، ہماری دوطرفہ تجارت 14 ملین ڈالر ہے، ہم اسے جلد 2 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، اس بارے میں معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان سے باسمتی چاول برآمد کئے جائیں گے، آذربائیجان کے صدر نے درآمدی ڈیوٹی سے استثنیٰ دیا ہے، اس طرح ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، ان شعبوں کا جائزہ لیں گے جن میں ٹیرف کم ہے تاکہ درآمدات اور برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایل این جی بھی تجارتی اشیاء میں شامل ہے، اگر ہم مل کر کوشش کریں گے تو 2 ارب ڈالر تجارتی ہدف کا حصول ممکن ہو گا۔ ان معاہدوں پر اپریل میں پاکستان میں دستخط کئے جائیں گے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نمائندوں پر مشتمل مستقل انفارمیشن بیورو قائم کیا جائے گا جو جدید سہولیات پر مشتمل ہو گا جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کو بروقت اور حقائق پر مبنی معلومات حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ مضبوط دفاعی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ڈیفنس مینو فیکچرنگ فیسیلٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابل بھروسہ، سستی ٹرانسپورٹیشن اور روابط کے فروغ کیلئے نارتھ ساؤتھ کوریڈور اہم ہے، اس حوالہ سے مفید بات چیت ہو گی، گوادر پورٹ ہماری تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، یہ گیم چینجر منصوبہ ہے، ہماری توجہ اس پر مرکوز ہے، آذربائیجان چیمبر آف کامرس اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالہ قائم کیا گیا ہے، یہ دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان چیمبر آف کامرس باکو سمیت آذربائیجان کے مختلف شہروں میں کام کر رہا ہے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی، آذربائیجان، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مفاہمت سب کے مفاد میں ہے، آذربائیجان نے اسلام آباد میں ماہرین کی ٹیم بھیجی جو وفاقی دارالحکومت کی تزئین و آرائش کیلئے بھرپور کام کر رہی ہے۔
-

بینچ اور بار مل کر قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
ڈی آئی خان: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا ہے کہ بینچ اور بار مل کر قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق دورے کا مقصد عدالتی اصلاحات اور انصاف کی بہتر فراہمی پر مشاورت کرنا تھا۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس سید محمد عتیق شاہ، سینئر جج جسٹس اعجاز انور و دیگر ہمراہ تھے،چیف جسٹس کی جانب سے دور دراز علاقوں میں ججز کو سہولیات دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکلا اور بار نمائندگان سے بھی ملاقات کی،چیف جسٹس کی جانب سے وکلا اور بار میں ہم آہنگی بڑھانے پر زور دیا گیا۔چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی ڈی آئی خان بینچ میں ویڈیو لنک سماعت کی تجویز سے اتفاق کیا،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان جیل کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے قیدیوں کے مسائل کا جائزہ لیا۔چیف جسٹس نے نیشنل پریزن پالیسی کے ذریعے قیدیوں کی فلاح و بہبود کی یقین دہانی کرائی،فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل نے وکلا کیلئے تربیتی پروگرام اور مالی معاونت پر بریفنگ دی۔
-

گولی کیوں چلائی؟ وہ کہتے ہیں وفاقی حکومت کے ماتحت آتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گولی کیوں چلائی کے حوالے سے بار بار سوال کیا لیکن وہ کہتے ہیں ہم وفاقی حکومت کے ماتحت آتے ہیں۔ اسلام آباد میں این ایف سی پالیسی ڈائیلاگ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق آرٹیکل 245 وفاقی حکومت نے نافذ کیا تھا ہم نے نہیں، وہ کہتے ہیں آرٹیکل 245 کے تحت جو کچھ ہوا حکومتی احکامات پر ہوا۔ اس سے قبل تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر این ایف سی ایوارڈ کے لئے ماحول بنانے کی بات کی گئی، جب سے این ایف سی ایوارڈ کا آغاز ہوا تب سے ملک میں سیاسی عدم استحکام رہا، تازہ ترین این ایف سی فارم 45 کے حکومت کی تیار کردہ ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان عمرانی معاہدے کی شکل میں آئین موجود ہے، اگر آئین ہر عمل نہ ہو تو اعتماد کا فقدان ہوتا ہے، اسی آئین ہر عمل نہ کرنے کی سزا ملک ٹوٹنے کی صورت میں سامنے آئی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنی ریاست کو نہیں مانتی تو وہ ٹیکس نہیں دیتی اور کرپشن کرتی ہے، جب فاٹا کا انضمام کیا گیا تو کہا گیا تھا کہ لوگوں کی ترقی کے لیے ضروری ہے، فاٹا کے انضمام سے خیبر پختونخوا کی آبادی 57 لاکھ بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے شامل ہونے سے صوبے کے مسائل میں اضافہ ہوا، ہم وفاق سے آئین کے تحت اپنے واجب الادہ رقم مانگتے ہیں، وفاقی حکومت نے 400 ارب سے زائد روپے فاٹا کی مد میں ادا کرنے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے قبائلی اضلاع کے مسائل سنگین ہوتے جارہے ہیں، قبائلی اضلاع میں خراب سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے تجارت نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ پرنٹ ہو چکی ہے، آپ سب اس رپورٹ کے اعداو شمار کا جائزہ لیں، جھوٹ سچ خود دیکھیں، رپورٹ دیکھنے کے بعد ہماری کارکردگی کا دوسروں سے موازنہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس رپورٹ پر مناظرے کے لیے بھی تیار ہوں، دعوے سے کہتا ہوں کہ ہماری کارکردگی کے مقابلے میں باقیوں کی کارکردگی ایک فیصد بھی نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے پابند ہیں، اڈیالہ جیل کے باہر کیمپ لگا تو عمران خان کے حکم کے مطابق خیبر پختونخواہ سے بھی لوگ آئیں گے۔
-

وفاقی وزرا کی پارلیمانی کارکردگی پر رپورٹ جاری
اسلام آباد وفاقی وزراء کی پارلیمانی کارکردگی پر رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ پلڈاٹ رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ میں 18وزراء اور 2وزیر مملکت ہیں،وفاقی کابینہ میں صرف ایک خاتون وزیرمملکت ہے۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کارکردگی کے لحاظ سے سب سے مؤثر رکن کابینہ رہے،وہ پارلیمانی کارکردگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پرہیں،ایوان میں حاضری اور گفتگو میں بھی اعظم نذیر تارڑ پہلے نمبر پرہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیمی بلوں سمیت 38حکومتی بلوں کی منظوری کرائی،اعظم نذیر تارڑ 157میں سے89اجلاسوں میں شریک ہوئے۔انہوں نے 17گھنٹے 18منٹ ایوان میں گفتگو کی۔خواجہ آصف 69اجلاسوں میں شرکت کرکے دوسرے نمبر پر رہے،انہوں نے 5گھنٹے 41منٹ ایوان میں گفتگو کی۔ ایوان میں گفتگو کے لحاظ سے وزیراطلاعات عطاتارڑ تیسرے نمبرپر رہے،وزیراطلاعات حاضری کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہیں۔
-

قلات حملہ: حکام نے 8 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں مسلح افراد نے سیندک پروجیکٹ کیلئے مشنری لیجانے والے ٹرکوں کے قافلے کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق تیس کے قریب گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر گھات لگائے مسلح افراد کی بڑی تعداد نے مرکزی شاہراہ پر حملہ کیا قبل ازیں قافلے کی سیکورٹی پر معمور فورسز کی گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔آدھے گھنٹے سے زائد علاقہ شدید فائرنگ اور دھماکوں سے گونجتا رہا۔حملے کے نتیجے میں فورسز و رسد گاڑیوں کے اہلکاروں کو جانی نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں جبکہ رسد گاڑیوں اور مشینری کو بھی نقصانات اٹھانے خبریں موصول ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں قلات میں شدید نوعیت کے حملے میں حکام کا 8 فورسز اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق ‘مستونگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کی زد میں آنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ فورسز کی مزید دو گاڑیوں کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ حملے میں ایک ٹرک ڈرائیور کے زخمی ہونے اطلاعات ہیں۔ آدھے گھنٹے سے زائد علاقہ شدید فائرنگ اور دھماکوں سے گونجتا رہا۔مقامی ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے ، اور کئی زخمیوں کو قلات اور مستونگ منتقل کیا گیا ہے ۔ -

وزیراعظم کا بجلی کے نرخوں میں کمی، گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے ریلیف کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گھریلو صارفین اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کی جائے گی۔ جمعہ کو اسلام آباد میں بجلی کے شعبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات مثبت نتائج دے رہی ہیں اور وہ ان اصلاحات سے مطمئن ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے سستا اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے کا عہد کیا ہے اور آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں میں ترمیم کے ذریعے قومی خزانے کی بچت اور صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ توانائی چوری کے خلاف مہم کے حوالے سے وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مہم کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ تمام تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے کے معزز بورڈ ممبران کی تقرری ان کی کارکردگی میں بہتری کا باعث بن رہی ہے، اور بجلی کی ترسیل کے نقصانات میں کمی بھی اصلاحات کے مثبت نتائج کا واضح نشان ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیوں کی شرح دسمبر پچھلے سال تک 93.26 فیصد تک بہتر ہوئی ہے، جو کہ اصلاحات اور توانائی چوری کے خلاف مہم کا نتیجہ ہے۔ اجلاس کو 500 کلو واٹ مٹیاری-مورو-رحیم یار خان اور غازی بروتھا-فیصل آباد ترسیلی لائن منصوبوں کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ مزید براں، اجلاس کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے تحلیل ہونے اور نئی کمپنی “انرجی انفراسٹرکچر، ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی” (EIDMC) کے قیام کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام اصلاحات اور منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
-

سپریم کورٹ کے چار ججز کا چیف جسٹس کو خط، جوڈیشل کمیشن اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چار ججز نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے دس فروری کو شیڈول جوڈیشل کمیشن اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھنے والوں میں جسٹس منصور، جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ اور جسٹس اطہر من اللّٰہ شامل ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں ترمیم کیس میں آئینی بنچ فل کورٹ کا کہہ سکتا ہے، نئے ججز آئے تو فل کورٹ کون سی ہو گی یہ تنازعہ بنے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججز ٹرانسفر ہوئے،،آئین کے مطابق نئے ججز کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوبارہ حلف لازم تھا۔خط میں مزید کہا گیا کہ حلف کے بغیر ان ججز کا جج ہونا مشکوک ہوجاتا ہے۔اس کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی لسٹ بدلی جا چکی ہے۔موجودہ حالات میں ججز لانے سے کورٹ پیکنگ کا تاثر ملے گا۔پوچھنا چاہتے ہیں عدالت کو اس صورتحال میں کیوں ڈالا جا رہا ہے؟ سپریم کورٹ نے26ویں آئینی ترمیم کیس میں تمام فریقین کونوٹسز جاری کر دیئے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کس کے ایجنڈے اور مفاد پر عدالت کو اس صورتحال سے دوچار کیا جا رہا ہے؟ 26 ویں ترمیم کے فیصلے تک ججز تعیناتی موخر کی جائے۔
-

پنجاب اسمبلی میں پہلی سی پی اے کانفرنس کا انعقاد، 20 اسمبلیوں کے نمائندگان شریک
لاہور: پنجاب اسمبلی میں ایشیاء اور جنوب مشرقی ایشیاء کی پہلی کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن ( سی پی اے )کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ سی پی اے کانفرنس میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائیشیا اور پاکستان سمیت 20 اسمبلیوں کے 100 سے زائد نمائندے شریک ہیں، شرکاء میں 13 سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہیں، برانچ سیکرٹریٹ کی میٹنگ میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب اور سی پی اے ریجنل سیکرٹری مسز کشانی انوشا کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی۔کانفرنس کا ایجنڈا پارلیمانی جمہوریت، شفاف قانون سازی اور احتساب پر مبنی ہے، سپیکر ملک محمد احمد خان نے تقریب میں شریک مہمانوں کو سوینئر پیش کیے، کانفرنس میں علاقائی ایگزیکٹو کمیٹی کا بھی اجلاس شروع ہوگا جس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور ڈاکٹر جگتھ وکرمارتنے کریں گے۔کمیٹی کی منظوری کے بعد علاقائی ترجیحات پر تبادلہ خیال ہوگا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی پر خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی جائے گی، کانفرنس کے آغازپرچیئرپرسن آف دی سی پی اے ایگزیکٹو کمیٹی ڈاکٹر کرسٹوفر خلیلا ریمارکس دیں گے، کانفرنس سے ملائشین پارلیمنٹ کے سینیٹر پیلے پیٹرٹنگ گوم خطاب کریں گے۔کانفرنس میں ڈپٹی سپیکر پیپلزمجلس آف مالدیپ احمد ناظم ،سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر جگت وکراما رتنے بھی خطاب کریں گے، سی پی اے کانفرنس کے پہلے روز سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق مہمان خصوصی ہیں، دوپہر کے اجلاس میں خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں سمیت کم نمائندگی والے گروہوں کو بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے گا۔
-

پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہ مل سکی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں مل سکی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد کردی۔ ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو لاہور میں کرکٹ میچ، انٹرنیشنل اسپیکر کانفرنس، ہارس اینڈ کیٹل شو جیسے اہم ایونٹس ہیں، ان ایونٹنس کی وجہ سے پہلے ہی سیکیورٹی پر ہزاروں اہلکار تعینات کیے جا چکے ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے باعث پی ٹی آئی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو 8 فروری کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے حکم دیا تھا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایت کی تھی کہ آج ہی 5 بجے شام تک درخواست پر فیصلہ کریں۔ جسٹس فاروق حیدر نے چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
