پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفی دے رہا ہوں۔اپنے بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں، ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہے گی۔واضح رہے کہ سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے سے متعلق خبر کی تصدیق کی تھی کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ طلب کرکے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، بانی نے کہا اب میرے پاس علی امین گنڈا پور کو تبدیل کرنے کے علاوہ راستہ نہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال بدترین ہے، دہشت گردی کے مسئلے کو بڑے تناظر میں دیکھنا ہوگا، یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی نے خود کیا ہے۔رہنما پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے کہا دہشت گردی کے مسئلے کو بیٹھ کر حل کیا جائے، بانی نے کہا جرگوں، قبائل سے معاونت لی جائے، بانی نے آج اورکزئی میں ہونے والی شہادتوں پر غم کا اظہار کیا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج اورکزئی میں ہمارے افسر اور جوان شہید ہوئے، بانی پی ٹی آئی دہشت گردی اور آج ہونے والے اورکزئی واقعے پر غمگین ہیں، بانی نے کہا علی امین گنڈا پور عہدہ چھوڑ دیں، بانی نے خیبرپختونخوا حکومت کو کہا ہے کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو الگ کرے۔انہوں نے کہا کہ بانی کو توقع ہے سہیل آفریدی وفاقی حکومت کو سمجھائیں گے، ہم نے ایک نئی شروعات کرنی ہے، واضح پالیسی دینی ہے، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے، نئی شروعات ہوں گی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے ایک نئی شروعات کرنی اور واضح پالیسی دینی ہے، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے وہ نئی شروعات کریں گے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ علیمہ خان کےخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، وقت کے ساتھ فیصلے اور حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور پارٹی کے وفادار ہیں، کوئی وجہ نہیں ہے کہ علی امین گنڈا پور بانی کے حکم کو نہ مانیں، علی امین گنڈا پور کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، وہ پارٹی کے وفادار رہیں گے۔رہنما پی ٹی آئی کے مطابق بانی نے کہا علی امین گنڈا پور وزارت اعلیٰ چھوڑ کر عوامی سیاست کا حصہ بنیں۔
Category: اہم خبریں
-

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، پہلا فیز تقریباً مکمل، دوسرا بھی شروع فیز ون کے تحت 349 کلومیٹرسیوریج لائن ، 441 کلومیٹر واٹرسپلائی کا کام مکمل
لاہور: وزیر اعلیٰ کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں ترقیاتی سرگرمیاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔پہلا فیز تقریباً مکمل جبکہ دوسرے فیز پر بھی تیزی سے پیشرفت جاری ہے ۔تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت کل351 کلومیٹر سیوریج لائن میں سے 349 کلومیٹر کا کام مکمل اور448 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن میں سے 441 کلومیٹر کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔واسا کے تحت پہلے فیز میں365 گلیوں میں سے 364 کا کام مکمل کر لیا گیاجبکہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام 1573 گلیوں میں سے 1404 مکمل کر لی گئیں۔ فیز ون میں واسا نے 94 فیصد کام مکمل کر لیا ۔فیز ٹو پربھی کام کا آغاز کر دیا گیا جسکے تحت ابتک 290 کلومیٹر سیوریج لائن میں سے 39 کلومیٹراور 310 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن میں سے 25 کلومیٹر مکمل کر لی گئیں۔فیز ٹو میں واسا کل 1554 گلیوں کا سیوریج نظام درست کریگی،جسکے بعد ان گلیوں کی تعمیر و بحالی ضلعی انتظامیہ کے تحت مکمل کی جائیگی۔ حکومت نے واضح ہدایت کی ہے کہ تمام کام مون سون سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بارشوں پرمشکلات کا سامنا نہ ہو۔
-

ایمرجنسی اینڈ ر سپانس کمیٹی کی ڈینگی اقدامات تیز کرنیکی ہدایت
تمام محکمے الرٹ، بارش کے باعث پیش آنیوالی مشکلات دورکی جا ئیں، ڈی سی راولپنڈی راولپنڈی: ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ر سپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات دانیال چودھری ،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات پنجاب شازیہ رضوان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ بتایا گیا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے مری، اسلام آباد، چکوال، اٹک اور دیگر اضلاع کے مریض بھی شمار ہوتے ہیں جس سے کیسز کی مجموعی تعداد زیادہ نظر آتی ہے جبکہ راولپنڈی کے حقیقی مریضوں کی تعداد اس سے کہیں کم ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا ئیں ، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے شہر میں ہونے والی بارش کے بعد تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور نکاسی آب کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہتمام محکمے الرٹ رہیں، بارش کے باعث پیش آنیوالی مشکلات دورکی جا ئیں ، واسا، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ،ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر محکمے فیلڈ میں موجود رہیں۔
-

آن لائن نوکریوں کی آڑ میں پاکستان کی حساس معلومات حاصل کرنے کی کوششیں،بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا منصوبہ بے نقاب
لِنکڈ ان ، نوکری گلف اور دیگرویب سائٹس پرلوگوں کوہدف بنایاجاتا، پُرکشش تنخواہ سے انگیج کیاجاتا،حیلے بہانوں سے ملکی حساس اداروں ، اہم عمارتوں کی تصاویر اور لوکیشنز منگوائی جاتیں سروے اورریسرچ کی آڑ میں قومی منصوبوں کی تصاویر اور دیگر معلومات حاصل کی جاتیں،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا بھارتی ویب سائٹس بلاک کرنے کیلئے پی ٹی اے کوخط،ملک گیر مہم کا آغاز
اسلام آباد:پاکستانی اداروں کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ دشمن ملک کی ایجنسیاں آن لائن نوکری کا جھانسہ دے کر پاکستان کی حساس تنصیبات کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے انھوں نے کچھ ویب سائٹس بنا رکھی ہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو مراسلہ لکھا گیاہے کہ بھارتی آن لائن ویب سائٹس کو بلاک کیا جائے جو جعلی کمپنیوں کے نام سے پُرکشش تنخواہ آفر کر کے پاکستانیوں کو انگیج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور پاکستان سے متعلق اہم اداروں اور اُن کی لوکیشن سے متعلق شہریوں کو ٹُول کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے نوجوانوں کی آگاہی کے لیے ایک مُلک گیر مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی خفیہ ایجنسیاں آن لائن کمپنیاں بنا کر نوجوانوں کو نوکری پر رکھتی ہیں اور پھر مختلف حیلوں اور بہانوں سے ملکی حساس اداروں اور اہم عمارتوں کی تصاویر اور لوکیشنز منگواتی ہیں۔ لِنکڈ ان پلیٹ فارم ، نوکری گلف اور اس جیسی دیگر ویب سائٹس پر لوگوں کو ہدف بنایا جارہا ہے ۔نوکری گلف جیسی ویب سائٹ بھارت سے چلائی جارہی ہیں۔ان ویب سائٹس پر لوگوں نے اپنا پروفائل بنایا ہوتا ہے جن میں نوکری کے خواہش مند افراد کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں ۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے بھر پور مہم کا آغاز کردیا تاکہ وہ ان ملک دشمن ایجنسیوں کا آلہ کار بننے سے بچ سکیں ۔ پی ٹی اے نے کالز پر چلنے والے پیغام میں یہ کہا ہے کہ دشمن کی خفیہ ایجنسیوں کی سازش سے بچیں ، یہ ایجنسیاں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کمپنیوں کے ناموں سے نوجوانوں کو نوکریاں آفر کرتی ہیں، سروے اور ریسرچ کی آڑ میں قومی منصوبوں کی تصاویر اور لوکیشن حاصل کرتی ہیں، یہ معلومات مُلک اور شہریوں کے خلاف استعمال ہو سکتی ہیں ، ذمہ دار بنیں اور دُشمن کے ایجنڈے سے با خبر رہیں۔
-

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب کا الرٹ جاری
لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب بارے الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 2 روز میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہاؤ کا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
-

غزہ امن منصوبے پر مذاکرات جاری، حماس نے اپنی شرائط پیش کردیں
قاہرہ: ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے پر فریقین کے درمیان مصر میں جاری بالواسطہ مذاکرات کے دوران حماس نے اپنی شرائط پیش کردیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق حماس نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے لیے اپنی اہم شرائط واضح کر دی ہیں جس میں حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایسے معاہدے کے لیے کوشاں ہے جو فلسطینی عوام کی خواہشات اور بنیادی مطالبات کی عکاسی کرے۔حماس کے سینئر رہنما اور ترجمان فوزی برھوم نے بتایا کہ ہمارے مذاکراتی وفود اس بات کے لیے کام کر رہے ہیں کہ تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور ایسا معاہدہ سامنے آئے جو فلسطینیوں کی امنگوں پر پورا اترے۔ان کے بقول حماس وفد نے جنگ بندی معاہدے کے لیے درج ذیل شرائط پیش کی ہیں:
مستقل اور جامع جنگ بندی
اسرائیلی افواج کا غزہ سے مکمل انخلا
انسانی ہمدردی کی امداد کا بلا روک ٹوک داخلہ
بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کی ضمانت
قیدیوں کے منصفانہ تبادلے کامعاہدہ
غزہ کی تعمیر نو کا فوری آغاز
حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے اسرائیلی وزیراعظم پر الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو ماضی کی طرح اس بار بھی مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ نیتن یاہو ہر مرحلے پر جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالتے رہے ہیں تاکہ کسی پائیدار امن معاہدے تک نہ پہنچا جا سکے۔حماس رہنما نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام اپنی جدوجہد، اتحاد اور انصاف پر مبنی موقف پر قائم ہیں اور کسی بھی ایسے منصوبے کو ناکام بنائیں گے جو ان کے قومی مقصد کو کمزور کرنے کی کوشش کرے۔یاد رہے کہ یہ مذاکرات اس وقت ہو رہے ہیں جب غزہ میں کئی ماہ سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شدید انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔ -

اسلام آباد میں ڈینگی کے 29نئے مریضوں کی تصدیق
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 29 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔رواں سال اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1173 ہو چکی ہے، دیہی علاقوں سے 817 جبکہ شہری علاقوں سے 356 مریضوں کی تصدیق ہوئی ، گزشتہ 24 گھنٹے میں دیہی علاقوں سے 16 اور شہری علاقوں سے 13 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔
-

چیئر مین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے مختلف امتحانی مراکزکے دورے
راولپنڈی :چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے فتح جنگ ضلع اٹک جبکہ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے راولپنڈی کے مختلف امتحانی مراکز کے ہنگامی دورے کیے۔امتحان میٹرک دوسرا سالانہ 2025 کو حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت شفاف اور منصفانہ ماحول میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔چیئرمین بورڈ نے امتحانی مراکز کے دورے کے دوران امتحانی انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور امیدواران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
-

تیسری ایشیائی گیمز میں کھلاڑیوں کے سیلف فنانس کی بنیاد پر شرکت پر پابندی
لاہور: حکومت پاکستان نے تیسری ایشیائی گیمز میں کھلاڑیوں کے سیلف فنانس کی بنیاد پر شرکت پر پابندی لگا دی۔پاکستان سپورٹس بورڈ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق کوئی بھی فیڈریشن اپنے اخراجات یا سیلف فنانس کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو گیمز میں شرکت کے لئے نہیں بھیج سکتا۔تیسری ایشیائی گیمز میں شرکت کے لئے وزارت خارجہ کی این اوسی لازمی ہے، وزارت خارجہ نے 53 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے این اوسی جاری کی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صرف وزارت خارجہ سے اجازت والے کھلاڑی اور ایتھلیٹس گیمز میں شرکت کے اہل ہیں۔بغیر این او سی گیمز میں شرکت کے لئے بحرین جانے والوں کو ایف آئی اے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، بغیر اجازت جانے والے پاکستان کا نام اور قومی پرچم استعمال نہیں کرسکتے۔
-

شہباز شریف ملائشیا پہنچ گئے،شاہی پروٹوکول ،سڑکوں پر پاکستانی پر چموں کی بہار
ملائشین وزیراعظم انورابراہم نے رہائشگاہ پرمجوشی سے استقبال کیا،بے حد خوش ،دورہ تعلقات کو مضبوط کریگا:وزیراعظم شہباز شریف ہم منصب سے ملاقات کرینگے ، وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوگی ، مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گےاسلام آباد ،لاہو: وزیراعظم شہباز شریف 2روزہ سرکاری دورے پر ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے ، بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم اورا ن کے وفد کا شاندار استقبال کیا۔وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ملائشین وزیراعظم انورابراہیم کی رہائش گاہ پرلے جایاگیا،اس موقع پرکوالالمپور کی شاہراہوں کو پاکستانی اور ملائشیائی پرچموں سے سجایاگیاتھا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر 2روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز کوالالمپور پہنچے ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں،انورابراہیم نے اپنی رہائش گاہ آمد پر شہبازشریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور خوش آمدید کہا، شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔شہباز شریف نے اپنے ایکس پیغام میں کہاکہ ملائشیا آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے ، پر تپاک استقبال پر ملائشیا کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ملائشیا کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی ،دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے ۔دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے ، عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوگی۔ دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے دورہ لندن کے دوران تعلیمی میدان میں ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستانی نژاد طالبہ ماہ نور چیمہ سے ملاقات کی اور اے لیول کے امتحانات میں 24 مضامین میں انفرادی طور پر امتیازی گریڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے اور شاندار کارکردگی دکھانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ماہ نور چیمہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے ماہ نور چیمہ کو تحائف بھی پیش کئے ۔
