اسلام آباد: اسلام آباد اور راولپنڈی میں جدید اور تیز رفتار ٹرین چلانے میں پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے کی۔مفاہمتی یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس میں ریلوے اور سی ڈی اے کے سینئرافسران نے شرکت کی، یاداشت کے مندرجہ جات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تجویز کردہ روٹ، لے آؤٹ پلان، بہترین بزنس ماڈل اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کی زیرصدارت ایک اور اجلاس ہوا جس میں پانی کے میٹروں کی تنصیب، نان ریونیو واٹر کو کم کرنے، واٹر پمپس کو انرجی ایفیشنٹ بنانے، سیوریج لائنوں کی مرمت و بحالی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو مکمل فعال کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Category: اہم خبریں
-

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے
اسلام آباد: ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد جواد طارق نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے۔، انہوں نے افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس مختلف اقدامات کے ذریعے عام شہریوں تک پہنچ کر ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے، اسلام آباد پولیس کی اس عوامی رابطہ مہم کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنا ہے۔
-

پاک،سعودی اسٹریٹجک معاہدے کی نظیر کہیں نہیں ملتی،وفاقی چیمبر
کراچی: فاقی چیمبر کی قیادت نے پاک سعودی تاریخی معاہدے کی اہمیت پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں قائم مقام صدر ثاقب فیاض مگوں، نائب صدور امان پراچہ، ناصر خان اور۔ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تحریری دفاعی اور اسٹریٹجک معاہدے کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں ملتی، یہ معاہدہ خطے میں پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو نمایاں کرے گا ،سعودی عرب کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری پاکستان میں آنے والی ہے اور بزنس کمیونٹی اس تاریخی پیش رفت پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودیہ کے بعد دیگر خلیجی ممالک بھی جلدپاکستان کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کرنے والے ہیں جس سے خطے میں اقتصادی اور دفاعی شراکت داری کو فروغ ملے گا۔ قائم مقام صدر کے مطابق اس معاہدے سے اسلحے کی برآمد، ترسیلات زر اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے ۔
-

ٹیکس و کسٹمز میں بے ضابطگیوں کا حجم 92 ہزار 59کروڑ رہا،اوورسیزانوسٹرز
کراچی: اوورسیز انویسٹرز چیمبر نے اعلامیے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ آڈٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 میں ٹیکس اور۔ کسٹمز میں مجموعی بے ضابطگیوں کا حجم 92 ہزار 59 کروڑ رہا جس میں 64 ہزار 30 کروڑ روپے براہِ راست اور بلاواسطہ ٹیکسز کی کمی اور 1 ہزار 900 کروڑ روپے کسٹمز اور دیگر اخراجات میں غیر معمولی کمی شامل ہے۔ ادارہ شماریات کی تفصیلات کے پیش نظر پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری جی ڈی پی کے ایک فیصد کے قریب رہی۔
-

پاکستان ٹیم کی شیڈول پری میچ پریس کانفرنس اچانک منسوخ، اے سی سی کا بیان بھی آگیا
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے شیڈول پری میچ پریس کانفرنس اچانک منسوخ کر دی گئی۔دبئی میں ٹیم کی پریس کانفرنس آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہونا طے تھی تاہم آخری لمحات میں اسے منسوخ کر دیا گیا، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے بھی اس فیصلے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔کرکٹ حلقوں میں پریس کانفرنس کی منسوخی کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ میچ سے قبل کھلاڑیوں اور کپتان کے خیالات جاننے کا ایک اہم موقع سمجھا جاتا ہے۔دوسری جانب اے سی سی حکام کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کی منسوخی پاکستان کرکٹ ٹیم کی درخواست پر کی گئی ہے تاہم اس کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں کی گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے نے شائقین اور میڈیا میں تجسس پیدا کر دیا ہے کیونکہ سب کی نظریں اہم میچ اور ٹیم کی تیاریوں پر جمی ہوئی تھیں۔
-

پی ٹی آئی نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے: اسد قیصر
اسلام آباد: سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا بانی پی ٹی آئی کا دور ختم ہو گیا ہے اور دنیا آگے بڑھ گئی ہے، مریم بی بی! میں آپ کا چیلنج قبول کرتا ہوں، صاف اور شفاف الیکشن کرائیں اور صرف 10 نشستیں جیت کر دکھا دیں۔اسد قیصر نے کہا کہ حرمین شریفین ہمارے عقیدے، اعتقاد اور عوامی جذبات سے جُڑے ہیں، یہ سب کو پتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کسی پارٹی کا معاہدہ نہیں، بلکہ ریاست سے ریاست کا معاہدہ ہے، اس پر سیاست نہ کریں، یہ پاکستانی عوام کی حرمین شریفین کے ساتھ کمٹمنٹ ہے۔
-

پاک سعودیہ معاہدہ معرکہ حق کی فتح کی مرہون منت ہے: خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ معرکہ حق کی فتح کی مرہون منت ہے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ معاہدےکے بعد سعودی عرب میں ہماری افواج کی تعداد میں اضافہ ہوگا، اس معاہدے کے ثمرات سے پاکستان معاشی طور بھی مستحکم ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا معاہدہ تاریخ ساز ہے، یہ معاہدہ معرکہ حق کی فتح کی مرہون منت ہے،75 سال میں ہم نے پہلے بھی دفاعی معاہدے کیے لیکن مشکل وقت آیا تو معاہدے کرنے والوں نے مدد نہیں کی۔وزیردفاع کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی دفاعی معاہدے ممکن ہیں، جو ہمارے خیر خواہ نہیں وہ اِس معاہدے سے ناخوش ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہدنےمجھے یادکرایا تھا کہ سن 71 میں سعودیہ نے 2 گن بوٹس کراچی بھجوائی تھیں۔
-

ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس 30ستمبر کو طلب
دبئی: ایشیا کپ کے اختتام پرایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کا اجلاس 30 ستمبر کو دبئی میں طلب کر لیا گیا۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اجلاس کی صدارت اے سی سی صدر محسن نقوی کریں گے ، ایشیا کپ کے تنازعات بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہونے کا امکان ہے ۔اے سی سی کے اجلاس میں بھارت سے کون شرکت کرے گا،فیصلہ 28 ستمبر کو بی سی سی آئی کے اجلاس میں ہوگا۔راجیو شکلا اور آشش شیالر بی سی سی آئی کے نامزد نمائندے ہیں۔
-

یکم اکتوبر کے بعد ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر مقدمات اور گرفتاریوں کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر کے بعد ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر مقدمات اور گرفتاریاں ہوں گی، آئی جی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کو واضح احکامات جاری کر دیئے۔سرکاری ڈرائیورز کی سہولت کیلئے ان کے دفاتر میں لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق خلاف ورزی پر مقدمات کے علاوہ لائسنس کے حصول تک کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی جاری نہیں ہوگا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ڈرائیور کی شخصی ضمانت بھی نہیں ہوسکے گی۔
-

غزہ : اسرائیلی فوج کی بربریت میں اضافہ، بمباری سے ایک دن میں مزید51 فلسطینی شہید
غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج نے بربریت میں اضافہ کرتےہوئے حملے تیز کردیے، بمباری سے ایک ہی دن میں 51 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ سٹی میں 43 فلسطینی شہید، درجنوں افراد زخمی ہوئے، اسرائیلی حملوں کے بعد 4 لاکھ 50 ہزار افراد غزہ سٹی سے نکل مکانی پر مجبور ہیں۔میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ 24 گھنٹوں میں امداد لینے والے 4 فلسطینی شہید، 18 زخمی ہوئے جب کہ شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 208 ہوگئی،1لاکھ 66ہزار 271 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔قبل ازیں اقوام متحدہ کے سربراہ گوتریس نے غزہ کی تباہی کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی دباؤ سے خوف زدہ نہ ہو، غزہ میں ہر روز بڑھتی لاشوں پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، غزہ کی صورتحال بد سے بدتر اور انسانی بحران شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔
