اسلام آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سے ایس پی سواں زون خرم اشرف نے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے تھانہ جات کی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور انسدادِ جرائم کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ،منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔
Category: اہم خبریں
-

اسرائیلی ٹیم کی شرکت پر سپین کا فیفا ورلڈ کپ بائیکاٹ کا عندیہ
میڈرڈ: سپین نے اسرائیلی ٹیم کی شرکت کی صورت میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بائیکاٹ کا عندیہ دے دیا۔ہسپانوی کانگریس میں سوشلسٹ پارٹی کے ترجمان پیٹسی لوپیز نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل عالمی چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرتا ہے۔ تو سپین ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے پر غور کر سکتا ہے ۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سپین میں سیاسی دباؤ بڑھ رہا ہے کہ یوکرین پر حملے کے کے باعث روس کے اخراج کی مثال کے بعد کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیموں نے غزہ میں ہونے والی نسل کشی کی وجہ سے اسرائیل کو باہر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسرائیل اس وقت اٹلی، ناروے ، ایسٹونیا اور مالڈووا کے ساتھ گروپ میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے یورپی کوالیفائرز میں حصہ لے رہا ہے ۔پانچ میچوں کے بعد اسرائیل نو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔
-

پاکستان کا بھارت کیلئے فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ
کراچی: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے ) نے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نیا نوٹم جاری کر دیا۔نوٹم کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں 23 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ کے باعث پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے 23 اپریل سے فضائی حدود بند کر رکھی ہے۔
-

پاک،سعودیہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم اور ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں: بلاول بھٹو
کراچی :چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاک،سعودیہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں۔شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ اُمید ہے وزیراعظم کراچی میں منصوبوں کی سپیڈ سےمتعلق اپنےوعدے کوپورا کریں گے،قدرتی آفت کے دوران سیاست نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم توسیاست نہیں کرتے مگرمخالفین کوئی موقع نہیں چھوڑتے،تاریخی سیلاب کےاثرات عوام بھگت رہےہیں، سیلاب سے خیبرپختونخوا،پنجاب متاثرہوئےہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد کرنے کی درخواست کی تھی، جب ایسے سیلاب آتے ہیں تو دنیا سے مدد کی اپیل کی جاتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک، سعودیہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم اوران کی پوری ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں اور معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔اُن کا سعودی عرب کےساتھ معاہدے کومثبت پیشرفت قراردیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان پر حملہ، سعودی عرب پر حملہ تصور ہو گا ہم نے بھارت سے مقابلہ کرکے جنگ میں کامیابی حاصل کی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان نے بدترین سیلاب کا سامنا کیا ہے، بدقسمتی سے قدرتی آفت کے بعد اب تک عالمی سطح پرامداد کی اپیل نہیں ہوئی،عالمی سطح پرامداد کی اپیل کرنا سیلاب متاثرین کا حق تھا۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے پنجاب سب سے زیادہ متاثرہوا ہے، سندھ کے بھی کچےکےعلاقوں میں لوگ سیلاب سے متاثر ہوں گے۔
-

بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کی ازسرنو تشکیل کا فیصلہ
کراچی: میئربیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت سٹی کونسل ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی پی اے ایس، مشیر مالیات گلزار ابڑو، میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد، ڈی جی ٹی ایس طارق مغل اور۔ دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران متعلقہ انجینئرز نے میئر کراچی کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔میئر نے محکمہ انجینئرنگ کی از سر نو تشکیل کے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے شفافیت، کارکردگی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایک مرکزی ادائیگی کا نظام بنایا جائے جسے فنانشل ایڈوائزر سے منظور کرایا جائے اور تکمیل کا سرٹیفکیٹ فنانس ڈپارٹمنٹ میں جمع کرانے کے بعد ہی ادائیگی کی جائے ۔مزید برآں میئر نے ہدایت کی کہ ضلعی اے ڈی پی، صوبائی اے ڈی پی، ایمرجنسی کاموں اور کلک پروجیکٹس کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ اضافی آسامیوں کی تخلیق پر بھی غور کیا جائے ۔ میئر نے سختی سے واضح کیا کہ کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں کسی بھی ترقیاتی کام کا آغاز بغیر باقاعدہ منظوری اور این او سی کے نہیں ہوگا، خواہ وہ کسی بھی محکمے ، ادارے یا حکومت کی طرف سے ہو۔
-

ملک کا معاشی مستقبل اہم،سعودی عرب کی سلامتی ہماری سلامتی :شہباز شریف
لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے پاک سعودی دفاعی معاہدہ کو عالم اسلام اور پاکستان کیلئے نیک فال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اثرات دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے اہم اور خطہ میں ہر طرح کے خطرات و خدشات کے خاتمہ میں معاون ہوں گے۔یہ دور جارحانہ عزائم پر کاربند ہونے کا نہیں حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کر کے آگے بڑھنے کا ہے ۔پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ ایک واضح پیغام ہے کہ ایک دوسرے کی سلامتی اور بقا ہمارا ہدف اور عزم ہے کسی کو ایک دوسرے پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے ،آنے والا وقت پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالہ سے اہم ہے ،جس میں ہم سعودی عرب اور اپنے دوستوں کو کبھی نہیں بھول سکتے ،ان کی سلامتی بقا ہماری سلامتی بقا ہے اور یہی جذبہ ہماری اصل طاقت ہے ۔ دیرپا اور پائیدار امن کے حوالہ سے پاکستان کا کردار اہم ہے ہم نے نہ پہلے کسی کو کسی دوسرے پر چڑھ دو ڑنے کی اجازت دی اور نہ ہی مستقبل میں کسی کو ایسا طرز عمل اختیار کرنے دیں گے۔امن ہماری ترجیح ہے مگر ہم اسے اپنی کمزوری نہیں بننے دیتے ، اپنی بقا و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے جارحیت کرنے والوں کو جوابدہ بنانا کٹہرے میں لانا لازم ہے اور یہی حکمت عملی نتیجہ خیز بنے گی۔سعودی عرب سے لندن روانگی سے قبل روزنامہ دنیا سے بات چیت کر تے ہوئے شہباز شریف نے سعودی عرب سے پاکستان کے دفاعی معاہدہ کو ایک اہم پیش رفت قرار دیااورکہا کہ ہم ایک دوسرے کی بقا ،سلامتی اور تحفظ کے ضامن ہیں، سعودی عرب سے ہماری جذباتی وابستگی تھی ،ہے اور ہمیشہ یہ رہے گی، حرمین شریفین کا تحفظ کسی اعزاز سے کم نہیں، سعودی لیڈر شپ کا پاکستان پر اعتماد اور اعتبار ہماری طاقت ہے کہ انہوں نے کسی مشکل صورتحال میں ہمیں کبھی اکیلا چھوڑا اور نہ ہم ایسا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت اور موثر دفاع کی نئی جہت عالم اسلام کو مضبوط اور توانا بنائے گی، عالم اسلام کی اصل طاقت اتحاد و یکجہتی ہے اور دوحہ کانفرنس میں طے شدہ حکمت عملی ہی خطہ کو ہر طرح کے خدشات سے پاک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں طاری قیامت صغریٰ ہم سب کیلئے چیلنج ہے ،اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرانا ،جوابدہ بنانا اور کٹہرے میں لانا ہمارا فرض ہے ۔ فلسطین ریاست کو تسلیم کرنا ہو گا ،ہم اپنے اصولی موقف پر کاربند ہیں کہ دنیا غزہ میں جنگ بندی یقینی بنائے ، فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے ۔شہباز شریف نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ پر ہمارا ردعمل فطری تھا ہم اپنے عرب دوستوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ، ہم نے پہلے ہی روز کہا تھا کہ ہم غیر مشروط طور پر ان کے ساتھ ہیں۔دوحہ کانفرنس کتنی نتیجہ خیز تھی یہ وقت بتائے گا ،خلیجی ممالک امن کے خواہاں ہیں یہ کسی کو اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ کوئی جارحانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے امن کو چلتا کرے ، ہم اپنے دوستوں کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔وزیراعظم نے ایک سوال پر کہا کہ ہم خالصتاً اخلاص کی بنا پر سعودی عرب سے معاہدہ پر اﷲ کا شکر ادا کرتے ہیں ،پاکستان اﷲکا انعام اور عالم اسلام کی طاقت ہے ،ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے ۔ ان کا کہناتھاکہ اچھی مضبوط اور پیشہ ورانہ فوج کسی نعمت سے کم نہیں ہوتی ،یہ اعزاز پاکستان کے سپہ سالار اور ہماری فوج کو حاصل ہے کہ اس نے اپنے سے چھ گنا بڑی طاقت کو شکست فاش دیکر ثابت کیا کہ ہم ناقابل تسخیر ہیں اور اپنی سرزمین، اس کا تحفظ ہمیں ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے ، آج دنیا بھر میں پاکستان کی پذیرائی کی وجہ اس کا ذمہ دارانہ کردار اور موثر دفاعی قوت ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بار بار کہتے رہے کہ اﷲنے پاکستان کو سرخرو کیا ہے ۔قبل ازیں شہبازشریف نے اپنی ایکس پوسٹ میں سعودی عرب میں بے مثال استقبال پرسعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فضا میں رائل سعودی ایئرفورس کے جیٹ طیاروں کا میرے طیارے کوحصار میں لینا اورسعودی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کا گارڈ آف آنر،یہ بے مثال استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے مابین محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے ،سعودی ولی عہدکے ساتھ بات چیت میں علاقائی چیلنجوں اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کا جائزہ لینے سمیت کئی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہدکی طرف سے مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے مابین سعودی سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ان کی گہری دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دوستی کے فروغ اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھونے کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تاریخی دورہ مکمل کر کے 4روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے ،انہیں سخت سکیورٹی میں سنٹرل لندن پہنچایا گیا ،ان کی آمد سے قبل برطانوی پولیس بھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی تھی ۔شہباز شریف نے جنیوامیں نوازشریف کی عیادت کیلئے مختصرقیام بھی کیا ،وزیراعظم لندن میں اہم ملاقاتیں کرینگے اور 21ستمبر کو برطانیہ سے امریکا روانہ ہو جائیں گے ۔اسلام آباد ،ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کو ایک لاکھ 58 ہزار تک لے گیا۔پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اورکاروبار کے اختتام تک یہ سلسلہ برقرار رہا۔ماہرین کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بلندی ہوئی۔100 انڈیکس ایک ہزار 775 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 57 ہزار 953 پر بند ہوا ہے ۔کاروباری دن میں 100 انڈیکس نے اپنی بلند ترین سطح ایک لاکھ 58 ہزار 82 بنائی ۔بازار میں ایک ارب 95 کروڑ شیئرز کے سودے 56 ارب 93 کروڑ روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 183 ارب روپے بڑھ کر 18 ہزار 541 ارب روپے ہوگئی ۔دوسر ی طرف دفاعی معاہدے کی خبر کو پاکستان اورسعودی عرب سمیت عالمی میڈیامیں بھرپور کوریج دی گئی ۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کو خطے کیلئے نئی جہت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ بھارت سمیت پورے خطے پر اثر ڈال سکتا ہے ۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے کہا کہ نئی دفاعی صف بندی سامنے نظر آرہی ہے ، دفاعی معاہدہ امریکا پر خلیجی ریاستوں کے کم ہوتے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے کہا کہ قطر پر اسرائیل کے حملے نے خطے کو ہلا کر رکھ دیا ، خلیجی ریاستوں کا امریکا پر انحصار کم ہوتا محسوس ہورہا ہے ۔پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے پر امریکی تجزیہ مائیکل کوگلمین نے کہا کہ چین، ترکیہ اور اب سعودی عرب کی مکمل حمایت کے ساتھ پاکستان کی پوزیشن بہت مضبوط ہوگئی ہے ۔ دفاعی معاہدے کی خوشی میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو پاکستانی اور سعودی پرچموں سے شاندار انداز میں سجایا گیا ہے ،شہر کی اہم سڑکیں اور بلند و بالا عمارتیں دونوں ممالک کے پرچموں سے مزین کر دی گئیں،جگہ جگہ خیرمقدمی بینر لگائے گئے ہیں جبکہ کنگڈم ٹاور پر پاکستانی اور سعودی پرچم کی پروجیکشن نے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔ اسلام آباد میں بھی سعودی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی اور سرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگمگا اٹھیں اورشہر بھر میں خیر مقدمی بینرز نظر آرہے ہیں ۔عوام کی جانب سے اس شاندار سجاوٹ کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خوبصورت علامت قرار دیا جارہا ہے ۔
-

جوعوام کوتقسیم کرتے ہیں اب ہمیں اُن سےلڑنا ہوگا: حافظ نعیم الرحمان
کوئٹہ :جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جوعوام کوتقسیم کرتے ہیں اب ہمیں اُن سےلڑنا ہوگا۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نےبلوچستان کوبےشماروسائل سےنوازا ہے،عدالتوں میں انصاف نہیں ہے یہ نظام بدلنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ترقی کر کے اپنے علاقے کے لیے ایک مثال بن جائیں، ہمیں آج یہاں بلوچستان کا مستقبل نظر آ رہا ہے، صرف تعلیم ہی انہیں آگے بڑھا سکتی ہے، نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں، جوعوام کوتقسیم کرتے ہیں، اب ہمیں ان سےلڑنا ہوگا۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے بلوچستان کے عوام کے لیے کام کریں گے اوراُن کے حقوق کے لیے لڑیں گے، جماعت اسلامی آپ کے لیے آواز بلند کرے گی، بنو قابل کا سفر کراچی سے شروع ہوا، آج کوئٹہ اور اُس کے بعد پورے بلوچستان جائیں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلوچستان کے 45 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوالٹی اور فری تعلیم فراہم کرے، پروگرام کے تحت ہم مفت کورس کرائیں گے، تعلیم تجارت نہیں، ہمیں اِس کانسپٹ کو ختم کرنا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ وفاق اور چاروں صوبوں کے 2 ہزار ارب روپے تعلیم پر خرچ نہیں ہوتے، جب ہم ٹیکس دیتے ہیں تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہمیں تعلیم دے، حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی پروگرام میں سہولیات فراہم کرے تو ہماری برآمدات بڑھیں گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان با صلاحیت ہیں جو پورے ملک کے لیے کام کر سکتے ہیں، ہمیں جتنے بھی دکھ ہوں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، 21 سے 23 ستمبر کو مینار پاکستان کا بڑا اجتماع کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری عوام ایک ہے ، یہ خود ایک ہیں لیکن عوام کو ایک دوسرے سے دور کرتے ہیں، 78 سال میں حکمرانوں نے ملک کو ترقی نہیں دی ، ہمارے نوجوان اس ملک کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
-

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے چیف جسٹس کے اختیارات و اقدامات چیلنج کر دیے
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے مختلف اقدامات اور اختیارات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے انفرادی طور پر اپیلیں دائر کر دی ہیں۔ججز کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جج کو کام سے روکنے کی درخواست ہائیکورٹ میں قابل سماعت نہیں، کسی جج کو صرف آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ہی کام سے روکا جا سکتا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پانچوں ججز نے یہ آئینی درخواست آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت دائر کی ہے، مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 202 کے تحت بنے رولز کے مطابق ہی چیف جسٹس بینچ تشکیل دے سکتے ہیں، جبکہ ماسٹر آف روسٹر کا نظریہ سپریم کورٹ پہلے ہی کالعدم قرار دے چکی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی کمیٹیوں کے 3 فروری اور 15 جولائی کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیے جائیں، ان کمیٹیوں کے اقدامات بھی کالعدم قرار دیے جائیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ رولز غیر قانونی قرار دیے جائیں۔درخواست میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت اپنے آپ کو رِٹ جاری نہیں کر سکتی۔پانچ ججز نے اپنے خلاف فیصلے کے خلاف انفرادی طور پر اپیلیں بھی سپریم کورٹ میں دائر کیں، جسٹس طارق محمود جہانگیری سائلین کے گیٹ سے کارڈ لے کر سپریم کورٹ پہنچے، ان کے ساتھ جسٹس بابر ستار، جسٹس ثمن رفعت، جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس محسن اختر کیانی بھی عدالتِ عظمیٰ میں موجود رہے، ججز نے اپیلیں دائر کرنے کے لیے بائیو میٹرک بھی کرایا۔اس موقع پر جسٹس محسن اختر کیانی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ رولز کے مطابق ایک ہی درخواست میں تمام ججز فریق نہیں بن سکتے، اسی لیے الگ الگ اپیلیں دائر کی گئی ہیں، پانچوں ججز اپیلیں دائر کرنے کے بعد سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔واضح رہے کہ آج ہی کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے اختیارات کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی، درخواست میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور ریاست پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے مؤقف اپنایا کہ انتظامی اختیارات عدالتی اختیارات پر حاوی نہیں ہوسکتے، چیف جسٹس پہلے سے تشکیل شدہ بنچ میں تبدیلی کرنے کے مجاز نہیں، اپنی منشا کے مطابق دستیاب ججز کو روسٹر سے الگ نہیں کرسکتے اور نہ ہی ججز کو عدالتی فرائض کی انجام دہی سے روک سکتے ہیں۔
-

پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا: دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا تاریخ دفاعی معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے، معاہدہ خطے میں امن و استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا سعودی فرمانروا کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے 17 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان سرکاری سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں وفود نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بھائی چارے اور تعاون کی منفرد مثال ہیں، پاکستانی عوام کو سرزمین حرمین شریفین سےخاص عقیدت ہے، 1960 کی دہائی سے دفاعی تعاون پاکستان سعودی تعلقات کا بنیادی ستون رہا ہے، دونوں ممالک کی قیادت تعلقات نئی بلندیوں تک لےجانےکاعزم رکھتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب نے تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال، وزیراعظم پاکستان اور ولی عہد سعودی عرب نے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
-
وزیر آباد میں بھی الیکٹرک بس چل پڑی، ترقی کا سفر ہر گلی، محلے پہنچے گا : مریم نواز
لاہور،وزیر آباد،بہاولپور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیرآباد میں بھی الیکٹرک بس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں الیکٹرک بس پر خواتین، طلبہ، بزرگوں اور سپیشل افراد کے لئے مفت سفر، گوجرانوالہ میں امراض دل کے علاج کے لئے سنٹر بنانے ،میٹرو بس سروس کی جلدتعمیرشروع کرانے کااعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کے لئے فی ایکڑ 20ہزار روپے ،سیلاب میں مکمل گھر گرنے پر10 لاکھ اور جزوی طور پر گھر گرنے پر5 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا سیلاب متاثرہ ہر فرد کی بحالی تک چین اور آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ترقی کا سفر اب ہرگلی محلے کے کونے کونے تک پہنچے گا۔ سیلاب کے باوجود پنجاب میں ترقیاتی کام نہیں روکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں دسمبر تک1100 اور اگلے سال تک1500 الیکٹرک بسیں پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا سیلاب متاثرین کو سیلاب متاثرین نہیں کہوں گی بلکہ وہ میرے مہمان ہیں۔ پوری حکومتی مشینری ،پاک آرمی، نیوی ، ریسکیو ، سول ڈیفنس ، پولیس اور انتظامیہ نے مثالی اشتراک کار کے ساتھ کام کیا۔سیلاب متاثرین کے لئے میری پوری کابینہ میدان میں ہے ۔ مریم اورنگزیب، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ اور رانا سکندر حیات مستقل فیلڈ میں ہیں۔ہمارے وزراسیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے کئی کئی راتیں نہیں سوئے ۔ سیلاب متاثرہ عوام کو پوری طرح بحال کرکے سو ئیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا متاثرہ خاندانوں کو کھانا، راشن،ادویات ، مویشیوں کے لئے چارہ اور سر چھپانے کے لئے ٹینٹ بھی دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا گوجرانوالہ میں لاہور سے بہتر اور جدید بس چلائیں گے ۔اب وزیر آباد سے گکھڑ منڈی کا سفر 200روپے کی بجائے صرف 20 روپے میں ہوگا۔وزیرآباد کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل سکی۔ صرف بڑے شہروں کو بسیں دینے کی روایت توڑ دی ہے ۔ انہوں نے کہا عوام اب پنجاب میں خود کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں۔ مفت ادویات بھی مل رہی ہیں اور سڑکیں بھی بن رہی ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے الیکٹرک بس پراجیکٹ کا افتتاح کیا ۔ وزیر اعلیٰ گکھڑ منڈی بس سٹاپ سے ای بس پر سوار ہوئیں،بس کے تمام راستے میں عوام پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا وزیرآباد میں 15ماحول دوست الیکٹرک بسیں شہر کے مختلف مضافاتی روٹس پر چلائی جائیں گی۔ دریں اثنائوزیراعلیٰ مریم نواز بہاولپور پہنچ گئیں ۔انہوں نے احمد پور شرقیہ کے علاقے اُچ شریف کے نواح میں بھلہ جھلان میں حفاظتی بند کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث سیلاب متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا اور سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔انہوں نے فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی ۔ وہ خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں ، ننھی بچی کو گود میں اٹھا کر اظہار مسرت کیا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔
