علی پور، جلالپور پیر والا، قصور، نوشہرو فیروز:پاسکو حکام کی مبینہ غفلت،مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں پاسکو کے دو بڑے سنٹرز سیلاب میں ڈوب گئے،کروڑوں روپے مالیت کی گندم ضائع ہوگئی۔ پی ڈی ایم اے کی وارننگ کے باوجودسیت پور کے دونوں سنٹرزکو بچانے کیلئے اقدامات نہ کئے گئے ،ادھر ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں دریائے ستلج کے سیلابی پانی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مشرقی علاقے سے 11 روز بعد بھی سیلابی پانی کا اخراج نہ ہوسکا ،مزید 2افراد ٖڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔دوسری طرف دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی سطح بلند ہو گئی ،نوشہرو فیروز کے مقام پر بڑے سیلابی ریلے سے مزید کئی دیہات زیرِ آب آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق علی پور کے نواحی علاقے سیت پور میں پاسکو کے دو بڑے سنٹرز شدید سیلابی ریلے کی زد میں آ گئے ، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی ہزاروں بوریاں گندم ضائع ہوگئیں ۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے قبل از وقت جاری کردہ وارننگ کے باوجود پاسکو حکام نے خاموشی اختیار کئے رکھی اور گندم کو محفوظ مقامات پر منتقل نہ کیا ،سیلاب کا پانی داخل ہونے سے گندم کی ہزاروں بوریاں خراب ہو گئیں۔ مقامی زرعی اور سماجی حلقوں نے اس نقصان کو شدید غفلت اور بدانتظامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاسکو حکام کی لاپروائی کے باعث قومی خزانے پر بھاری بوجھ آن پڑا ہے ،اس نقصان کی تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ دوسری طرف دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں مزید اضا فہ سے پانی کی سطح بلند ہو گئی،وہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے مگر بہا ؤبڑھ کر 3 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہو گیا،دریا میں شدید طغیانی سے جامشورو ڈائون سٹریم میں بند کے علاقے متاثر ہوگئے ،ٹھٹھہ میں دریا ئی کٹاؤ کئی ایکڑ زمین نگل گیا ،کپاس سمیت دیگر تیار فصلیں تبا ہ ہونے کا خطرہ ہے ، دادو مورو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور ریلے سے 10 گا ؤ ں ،سکول متاثر ہوئے ہیں ۔علاوہ ازیں دریائے سندھ میں نوشہرو فیروز کے مقام پر بڑا ریلا گزرنے سے کنڈیارو کے قریب سیلابی پانی بکھری شہر میں داخل ہوگیا ، ریلے سے ضلع کی 16 یو سیز کے 445 دیہات متاثر ہوئے ہیں، 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق گڈو اور سکھر بیراج پر بہاؤ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور یہاں نچلے درجے کے سیلاب ہیں، گڈو بیراج پر بہا ؤ2 لاکھ 68 ہزارجبکہ سکھر بیراج پر پانی کا بہا ؤ3 لاکھ 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ادھر قصور میں دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی ہوئی ہے ، گزشتہ روز گنڈاسنگھ والا تلوار پوسٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ89ہزار 60کیوسک ، سطح 6اعشاریہ 20فٹ ، فتح محمد پوسٹ پر پانی کی سطح 11اعشاریہ 70 جبکہ کیکر پوسٹ پر پانی کی سطح19اعشاریہ 90فٹ ریکارڈ کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈی پی ایس گورنمنٹ ہائی سکول گنڈا سنگھ والا اور شیخ پورہ نو میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں سیلاب زدگان کو تین وقت کا کھانا، بچوں کو دو وقت دودھ اور مویشیوں کو چارے کی فراہمی جاری ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ متاثرہ علاقوں کی ازسرنو بحالی کیلئے سروے شروع کیا جا چکا ہے ۔دریں اثناء ضلع ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا کے مشرقی علاقے 11 روز سے 40 ہزار کیوسک سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور پانی کا اخراج نہ ہوسکا، ریلے کے باعث موٹروے ایم 5 سے جلالپور کے مشرقی علاقوں میں ایک ہی لیول پر کھڑا پانی ڈیم کا منظر پیش کررہا ہے ، کھڑے پانی کے باعث مکانات مسلسل گر رہے ہیں ۔ سیلابی پانی میں موہانہ سندیلہ کا 17 سالہ نوجوان محمد سانول اور اوباڑہ جنوبی میں 25 سالہ رمضان ارائیں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ۔ ملتان تا جھانگڑو ایم 5 موٹر وے بدستور بند ہے ،کمالیہ میں سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی شروع ہو چکی۔
Category: اہم خبریں
-

علی پور: پاسکو کے 2بڑے سنٹرز سیلاب میں ڈوب گئے، کروڑوں کی گندم ضائع
-

سپریم کورٹ : ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ مجرموں کو اپیل کا حق دینے کیلئے 45 دن میں قانون سازی کا حکم
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ مجرموں کو اپیل کا حق دینے کیلئے 45 دن میں قانون سازی کا حکم دیتے ہوئے کہا آرمی ایکٹ میں بنیادی ضابطہ موجود ہے مگر عام شہریوں کیلئے اپیل کے مناسب فورم کا فقدان ہے۔ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف حکومتی اپیلوں پر سپریم کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔جسٹس امین الدین خان نے 68 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیاجس میں جسٹس محمد علی مظہر نے 47 صفحات کا اضافی نوٹ لکھا جس سے جسٹس امین، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال نے اتفاق کیا ہے ۔تحریری فیصلے میں عدالت نے ملٹری کورٹ کے سزا یافتہ مجرموں کو اپیل کا حق دینے اور 45 دن میں اپیل کے حق سے متعلق قانون سازی کرنے کا حکم دیاہے ۔تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے لکھا ہے کہ مناسب آئینی ردعمل کا مقصد آرمی ایکٹ کی دفعات کو یکسر کالعدم کرنا نہیں، آرمی ایکٹ میں بنیادی ضابطہ موجود ہے مگر عام شہریوں کیلئے اپیل کے مناسب فورم کا فقدان ہے ، فوجی عدالتوں سے سزایافتہ شہریوں کیلئے ہائیکورٹس میں آزادانہ اپیل کیلئے قانون سازی کو پورا کیا جانا چاہیے۔آزاد حق اپیل کی عدم موجودگی میں آرمی ایکٹ میں موجود ضابطہ کار عام شہریوں کیلئے آئینی طور پر مکمل نہیں،حق اپیل کی کمی کو پورا کرنے کیلئے قانون سازی سے مداخلت کی ضرورت ہے ،آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائلز آئینی طور پر بنیادی حقوق کے نظام سے باہر رکھے گئے ہیں،مگرملٹری ٹرائل میں بھی آرٹیکل 10 اے میں وضع معیار کی پاسداری ہونی چاہیے ،فیصلہ میں مزید کہا گیا کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل اختیارات کی تقسیم کے اصول سے متصادم نہیں،آرٹیکل 175(3) فوجی عدالتوں کے وجودکی نفی نہیں کرتا،جبکہ پانچ رکنی بینچ نے یہ نتیجہ اخذ کرنے میں غلطی کی تھی،تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کیس کے دوران اٹارنی جنرل نے کئی بار حق اپیل پر حکومتی ہدایات کیلئے وقت لیا، پانچ مئی کو آخری سماعت پر بھی اٹارنی جنرل نے ایسا ہی کہا، اٹارنی جنرل نے کہا عدالت ہدایت دے تو پارلیمنٹ میں قانون سازی ہو سکتی ہے ، اٹارنی جنرل نے کہا عدالتی حکم کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔جبکہ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 7 مئی کو انٹرا کورٹ اپیلیں منظور کی تھیں۔سپریم کورٹ نے ملٹری ٹرائل کا پانچ ججز کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔اس کے علاوہ جسٹس جمال مندوخیل ،جسٹس نعیم افغان نے اختلافی نوٹ تحریر کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے انٹرا کورٹ اپیل میں ملٹری ٹرائل کی اجازت دے دی تھی۔
-

سیلاب متاثرہ علاقوں میں ٹینٹس سکول قائم کرنیکا فیصلہ
ملتان:سیلاب متاثر علاقوں میں ٹینٹس میں سکول قائم کرنے کافیصلہ ،تیاریاں شروع کردی گئیں تفصیل کے مطابق ملتان میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں تدریسی سرگرمیاں شروع کرنے کافیصلہ کرلیا اوربحالی کا کام شروع کردیا گیاہے۔پہلے مرحلے میں ایسے سکول جہاں ابھی سیلا بی پانی کھڑا ہے یا ان کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ان کی جگہ کلاسز ٹینٹس میں لگائی جائیں گی تاکہ بچوں کا تعلیمی ہرج نہ ہو۔اس سلسلے میں سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کا کہنا ہے کہ ہمارے 153 سکول سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ملتان سٹی اور صدر میں 8سکولوں میں ریلیف کیمپ لگائے تھے جو اب خالی ہوچکے ہیں ان میں کلاسز شروع کی جائیں گی جبکہ سیلابی علاقوں کے سکولوں کو پہلے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے چیک کرایا جائے گا جبکہ تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں تاحال سیلابی پانی موجود ہے کچھ ایسے سکول ہیں جن کے اندر پانی داخل ہو گیا ہے کچھ ایسے ہیں جن تک پہنچنے کا راستہ نہیں ہے ان کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے کہ کیسے عملہ وہاں جاکر عمارت کو چیک کرے تو ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جہاں جہاں ایکسس ہورہی ہے ان سکولوں کو بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے ویریفائی کروانے کے بعد وہاں پہ اپنی اکیڈمک ایکٹیوٹی شروع کریں اور جہاں پہ ابھی ممکن نہیں ہے کہ آبادی بھی وہاں پہ کم ہے اور سکول بھی ابھی فنکشنل نہیں ہو سکتے تو وہاں ہم کوشش کریں گے کوئی محفوظ جگہ ڈھونڈ کے وہاں پرکوئی ٹینٹ یاشامیانے میں سکول قائم کردیں تاکہ وہاں پہ جتنی آبادی ہو وہاں پہ جو بچے ہیں ان کو تدریس کا عمل مکمل کرایا جائے ، سیلابی علاقوں میں تدریسی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے پورا ڈیپارٹمنٹ متحرک ہے۔
-

ایشیا کپ: سری لنکا کیخلاف اہم میچ کیلئے پاکستان ٹیم ابوظبی پہنچ گئی
ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ کھیلنے کیلئے دبئی سے ابوظبی پہنچ گئی ہے، وہ کل سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔آج قومی کرکٹ ٹیم کی کوئی سرگرمی شیڈولڈ نہیں تھی، کرکٹرز نے ابوظبی پہنچنے کے بعد آرام کیا جبکہ کچھ کھلاڑیوں نے انفرادی طور پر معمول کے مطابق جم میں ٹریننگ کی۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سپر فور مرحلے میں پہنچنے کے بعد بھارت سے اپنا پہلا میچ ہار چکی ہے، اب فائنل کی ریس میں رہنے کیلئے منگل کو سری لنکا کو شکست دینا ہوگی، جبکہ اگلا میچ جمعرات کو بنگلادیش سے ہوگا۔گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے بھارت سے میچ میں پاکستانی بولرز 172رنز کا دفاع نہیں کر سکے۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بڑے اسکور کے باوجود پاکستانی بولنگ ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہی اور بھارت نے پاکستان کے خلاف سپر فور کا میچ 6 وکٹ سے جیت لیا اور لگاتار چوتھی کامیابی حاصل 7 گیندوں پہلے حاصل کرلی۔پاکستانی ٹیم آٹھویں بار بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میچ ہاری ہے۔
-

دفاعی معاہدہ سے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور : طاہر اشرفی
لاہور:پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کے بعد اسرائیل کا گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں مل گیا ہے، کل کئی ممالک آزاد فلسطین ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاک سعودی عرب معاہدہ پورے عالم میں امن کا ضامن بنے گا جبکہ بہت سارے اسلامی و عرب ممالک پاکستانی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔پاکستان اور سعودی عرب دفاعی معاہدہ سے سب سے پہلے گریٹر اسرائیل کا خواب زمیں بوس ہوگیا ہے ، قطر کے بعد دنیائے اسلام سوچ رہی اپنے فیصلہ خود کرنے ہیں۔کل کئی ممالک آزاد فلسطین ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جو بار بار پاکستان کا نام لیتا تھا، پاک سعودی دفاعی معاہدے کے بعد اسے سانپ سونگھ گیا ہے ۔پاکستان دفاعی لحاظ سے مضبوط ملک ہے ، معرکہ حق میں پاک افواج نے بھارت کو شکست دی جب کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑی ہے۔
-

آئی جی کا پولیس میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ،ڈی آئی جی اور3ایس ایس پیز کو ہٹانے کی سفارش
کراچی:آئی جی سندھ نے محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے میں تبدیلی کافیصلہ کر لیا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی رینج کے ایک ڈی آئی جی اور 3 ایس ایس پیزکو ہٹانے کی سفارش کی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ آئی جی سندھ نے کراچی رینج میں تعینات مجموعی طور پر 65 پولیس افسران کو تبدیل کرنے کی سفارش وزیر اعلیٰ سندھ سے کی ہے ، لسٹ میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسدر رضا،ایس ایس پی کیماڑی،ایس ایس پی کورنگی اور ایس ایس پی سٹی کے علاوہ ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں، وزیر اعلیٰ نے اتنے بڑے پیمانے پر تبادلوں کافیصلہ فوری طورپرکرنے کے بجائے لسٹ میں شامل افسران کی رپورٹ اسپیشل برانچ اور دیگر انٹیلی جنس اداروں سے طلب کر لی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ آئی جی سندھ 31 دسمبر 2025 کو اپنی مدت ملازمت مکمل کر لیں گے ،آئی جی سندھ کے ریٹائرمنٹ کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈوھو آئی جی سندھ کے مضبوط امیداوار ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی میں گزشتہ چند ماہ سے سردجنگ چل رہی ہے ، آئی جی سندھ کی خواہش ہے کہ ایڈیشنل آئی جی سندھ آزادخان کو آئی جی سندھ بنایاجائے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھتہ خوری کے الزامات پر ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک، ڈی ایس پی کلاکوٹ آصف منور، ڈی ایس پی کھارادر شبیر احمد، ڈی ایس پی عیدگاہ ظفر اقبال کے خلاف تنویر عالم اوڈھو کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔
-

پاک سعودیہ معاہدہ، بیرونی سازشوں خطرات کیخلاف موثر آواز، بیرسٹر عتیق
اسلام آباد :اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن بیرسٹر سید عتیق الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ اُمتِ مسلمہ کے اتحاد اور خطے کے امن و استحکام کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔معاہدہ نہ صرف دونوں برادر ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ بیرونی سازشوں اور خطرات کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ ان خیالات میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
-

قومی اسمبلی کا اجلاس 29ستمبر کو طلب کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس 29ستمبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس طلب کرنے کی سمری وزارت پارلیمانی امور نے ارسال کر دی گئی.دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں اراکین اسمبلی کو پاک سعودی دفاعی معاہدے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
-

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی
کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی کا سلسلہ برقرار رہا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 1 پیسہ کمی ریکارڈ کی گئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 46 پیسے سے کم ہو کر 281 روپے 45 پیسے پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 46 پیسے پر بند ہوا تھا۔
-

ایشیا کپ: فخر زمان کا متنازع آؤٹ، پاکستان کی آئی سی سی کو شکایت
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران فخر زمان کو متنازع آؤٹ دینے پر آئی سی سی سے ایمپائر کی شکایت کر دی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ایمپائر کے خلاف انکوائری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں ایمپائر نے فخر زمان کو غلط آؤٹ قرار دیا تھا جس پر قومی ٹیم اور شائقین کرکٹ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔دوسری جانب ایشیا کپ ٹی 20 میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان کے کیچ آؤٹ کو ممکنہ طور پر غلط قرار دیا تھا۔پاکستانی ٹیم کےکپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا، ہمیں لگا گیند زمین پر لگی مگر فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔