Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
بین الاقوامی – Page 149 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Category: بین الاقوامی

  • سعودیہ اور جنوبی کوریا کا غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کے سیاسی حل پر زور

    سعودیہ اور جنوبی کوریا کا غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کے سیاسی حل پر زور

    ریاض: جنوبی کوریا کے صدر سعودی عرب پہنچے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ریاض میں ہونے والی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال اور بین الاقوامی پیش رفت کے علاوہ دو طرفہ تعاون اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

  • فتح حاصل کرنے تک لڑائی جاری رکھیں گے، اسرائیلی وزیراعظم

    فتح حاصل کرنے تک لڑائی جاری رکھیں گے، اسرائیلی وزیراعظم

    غزہ: اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو نے اپنی فوج کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھنے کی دھمکی دے دی۔

    اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے بیان میں کہا کہ غزہ میں فتح حاصل ہونے تک لڑائی جاری رکھیں گے۔ جتنے اسرائیلی حماس نے یرغمالی بنائے ہیں انہیں واپس لے کر آئیں گے۔

    دوسری جانب اسرائیل کے وزیردفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ حماس کو شکست ہو جائے گی تو اسرائیل غزہ کی پٹی کے تحفظ یا کسی بھی دیگر چیز کا ذمہ دار نہیں رہے گا۔ فلسطین میں حالیہ تنازع سے قبل اسرائیل غزہ کو ایندھن اور دیگر ممالک سے غزہ بھیجی جانے والی امداد کی نگرانی کرتا تھا۔ غزہ کے لیے نیا سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا۔
    اسرائیلی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پہلے حماس کے انفرا اسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کریں گے اس کے بعد حماس کے بچے کھچے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے فوجی آپریشن کیا جائے گا۔

  • اسرائیلی پولیس چیف کی جنگ مخالف مظاہرین کو بسوں میں ڈال کرغزہ بھیجنے کی دھمکی

    اسرائیلی پولیس چیف کی جنگ مخالف مظاہرین کو بسوں میں ڈال کرغزہ بھیجنے کی دھمکی

    تل ابیب: اسرائیل کے پولیس چیف کوبی شبتائی نے تل ابیب میں جنگ مخالف مظاہرین کو فلسطینی انکلیو میں بھیجنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’”جو کوئی بھی غزہ کے ساتھ ہمدردی کرنا چاہتا ہے اس کا خیرمقدم ہے، میں اسے ابھی وہاں جانے والی بسوں میں ڈال دوں گا۔”

    مختصر ویڈیو میں کوبی شبتائی نے کہا کہ اسرائیل میں غزہ کی حمایت میں مظاہروں کو “ہرگز برداشت” کیا جائے گا، “کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا … احتجاج کے لیے کوئی اجازت نہیں ہوگی”۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل ’’حالت جنگ میں ہے … ہم ایسی صورتحال میں نہیں ہیں جہاں ہم ہر طرح کے لوگوں کو آنے دیں گے اور ہمیں آزمائیں گے‘‘۔
    علاوہ ازیں اسرائیلی پولیس کے ترجمان ایلی لیوی نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ 7 اکتوبر کو غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیل میں 63 افراد کو “دہشت گردی” کی حمایت یا اکسانے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

  • اسرائیل کو ہلاکت خیز ہتھیاروں کی فراہمی پر امریکی محکمہ خارجہ کا اعلیٰ افسر مستعفی

    اسرائیل کو ہلاکت خیز ہتھیاروں کی فراہمی پر امریکی محکمہ خارجہ کا اعلیٰ افسر مستعفی

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار نے اسرائیل کو فوجی امداد فراہم کرنے پر احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ میں سیاسی و فوجی امور کے ڈائریکٹر جوش پال نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ ان کے لئے امریکی حکومت کی اسرائیل کو مسلسل فوجی امداد کی فراہمی کی پالیسی سے اتفاق کرنا ممکن نہیں ۔

    نیویارک ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں، پال نے یہ بھی کہا کہ “اسرائیل کو اپنے دشمنوں کی نسلوں کو مارنے کی کھلی چھوٹ دینے سے دشمنوں کی ایک نئی نسل تیار ہوجائے گی، جو بالآخر امریکہ کے مفاد میں نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت گزشتہ کئی دہائیوں سے جو غلطیاں کرتی آرہی ہے وہ آج انہیں پھر دہرا رہی ہے لہذا وہ اس عمل کا مزید حصہ بننے سے انکار کرتے ہیں۔

    جو ش پال 11 سال سے امریکا کی جانب سے اپنے اتحادی ممالک کو ہتھیاروں کی فراہمی کے شعبے سے منسلک تھے۔

    انہوں نے کہا کہ و ہ مشرق وسطیٰ میں تنازعہ کے ایک فریق کو ہتھیار فراہم کرنے کی حمایت نہیں کر سکتے ۔ ہماری ذمہ داری تھی کہ ہم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے لیکن ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

    جوش پال نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے لیے مزید مصائب کا باعث بنے گا، جو کہ امریکا کے مفاد میں نہیں، لیکن چونکہ میں اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتا تھا اس لیے استعفیٰ دے دیا۔

    جوش پال کا کہنا تھا کہ ‘یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں ، چاہے وہ کوئی بھی انجام دے رہا ہو۔”

    واضح رہے کہ امریکا اسرائیل کو سالانہ 3 ارب 80 کروڑ ڈالر سالانہ سے زیادہ کی فوجی امداد فراہم کرتا ہے۔

  • غزہ اسپتال پر بمباری کے شعلوں میں اسرائیل خود ہی بھسم ہوجائے گا؛ ایران

    غزہ اسپتال پر بمباری کے شعلوں میں اسرائیل خود ہی بھسم ہوجائے گا؛ ایران

    نئی دہلی: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کے سفاکانہ حملے میں 500 فلسطینیوں کی شہادت پر آج یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے طاقت کے زعم میں معصوم اور بے کس مریضوں کو بے رحمی سے نشانہ بنایا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے غزہ کی پٹی میں بیپٹسٹ اسپتال پر تباہ کن اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسپتال پر بمباری سے اُٹھنے والے ان بلند شعلوں میں جلد ہی اسرائیل خود بھسم ہوجائے گا۔

  • خالصتان کے حامی گروپ کی فلسطینیوں کیلیے 21 ہزار ڈالر کی امداد

    خالصتان کے حامی گروپ کی فلسطینیوں کیلیے 21 ہزار ڈالر کی امداد

    لندن: غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے جہاں دنیا بھر سے فلسطینیوں کی نصرت کے اعلانات کیے جا رہے ہیں وہیں بھارت سے علیحدگی کی تحریک چلانے والی تنظیم ’’خالصتان‘‘ نے بھی 21 ہزار ڈالر کی مالیت کا امدادی سامان روانہ کردیا۔

    کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے گرونانک گردوارے کی جانب سے سکھ فار جسٹس (SFJ) نے اسرائیلی بمباری سے تباہ حال فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان اقوام متحدہ کے ادارے کے حوالے کردیا۔

    سکھ فار جسٹس نے رواں ماہ کی 21 تاریخ کو ’’کینیڈا ٹو فلسطین، شٹ ڈاؤن انڈین ٹیرر ہاؤسز” منانے کا اعلان بھی کیا۔
    خیال رہے کہ یہ امدادی سامان 21 ہزار ڈالر کی مالیت کا ہے جسے امداد سکھ کمیونیٹی نے شہید ہردیپ سنگھ نجار کے نام پر جمع کی جو بھارت علیحدگی کی تنظیم خالصتان کے سرگرم رہنما تھے۔

    ہردیپ سنگھ نجار کو 18 جون 2023 کو قتل کردیا گیا تھا اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حال ہی میں قتل کی تحقیقات سے آگاہ کرتے ہوئے قتل کے پیچھے بھارتی خفیہ ادارے را کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کیے تھے۔

    سکھ فار جسٹس نامی گروپ کے رہنما گروپتونت سنگھ پنون نے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر کہا کہ سکھوں اور فلسطینیوں کی تکلیف ایک جیسی ہے دونوں ناجائز قبضے کے زیر تسلط ہیں اور جبری نقل مکانی کو سہہ رہے ہیں۔

    سکھ فار جسٹس نے اقوام متحدہ کی جنرل کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں اور سکھوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرائے۔

  • متحدہ عرب امارات میں 1100 بوتلوں میں بند پیغامات کی نمائش

    متحدہ عرب امارات میں 1100 بوتلوں میں بند پیغامات کی نمائش

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 1100 بوتلوں میں بند پیغامات کی نمائش کرتے ہوئے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔

    ابو ظہبی کے سعدیات جزیرے کے حکام کے مطابق جزیرے پر قائم متعدد ہوٹلوں میں ٹھہرے مہمانوں کو دعوت دی گئی اور ان سے اس جزیرے سے لگاؤ کے متعلق پیغامات لکھنے کا کہا گیا جس کو بعد میں ساحل میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔

    بعد ازاں ترتیب دی گئی بوتلوں کو دنیا کی سب سے بڑی بوتلوں میں بند پیغامات کی نمائش کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قرار دیا گیا۔
    منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ کوشش پیرس کے پونٹ ڈے آرٹ برج سے متاثر ہوکر کی گئی۔

  • حماس اسرائیل تنازع؛ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے، امریکی عہدیدار

    حماس اسرائیل تنازع؛ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے، امریکی عہدیدار

    واشنگٹن: امریکی حکام نے حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کے لیے امریکی جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کے اعلان کے تناظر میں خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ بڑھ سکتا ہے۔

    اسرائیل نے 8 روز قبل حماس کے اسرائیل کے اندر غیر معمولی حملوں کے جواب میں غزہ پر بمباری کی مہم شروع کی ہے جس میں خواتین، بچوں سمیت 2,670 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں سے ایک چوتھائی بچے ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بتایا کہ ’’اس تنازع میں اضافے کا خدشہ ہے اورشمال میں دوسرا محاذ کھل سکتا ہے اور یقیناً اس میں ایران کی شمولیت کا خطرہ ہے‘‘۔
    ایک امریکی اہلکار نے صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے فوجی موجودگی کے بارے میں کہا خہ “ایران کمرے (خطے) میں ہاتھی (سب سے بڑا خطرہ) ہے، جبکہ بحری جہازوں کے ساتھ جنگی جہاز اور حملہ آور طیارے ہیں۔ اسے علاقائی تنازعہ بننے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

  • حماس کے پاس اسرائیل کو تگنی کا ناچ نچانے والا ہتھیار کہاں سے آتا ہے

    حماس کے پاس اسرائیل کو تگنی کا ناچ نچانے والا ہتھیار کہاں سے آتا ہے

    غزہ: حماس کے پاس اسرائیل جیسی طاقتور فوج کو تگنی کا ناچ نچانے والے ہتھیار کہاں سے آئے۔ یہ سوال ہر کوئی جاننا چاہتا ہے۔ امریکی رپورٹ میں حماس رہنما نے خود اس بارے میں صاف صاف بتادیا۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ حماس کیسے اسرائیلی، مصری، سعودی انٹیلی جنس سے بچتے ہوئے ہزاروں راکٹس جمع کرلیتی ہے۔ یہ راکٹس اُن تک کیسے پہنچتے ہیں اور پھر کس طرح اُن کو فائر کرتے ہیں؟

    امریکا بھی حماس کے پاس مہلک ہتھیاروں کی فراوانی کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ ایرانی حکومت حماس کو سُرنگوں اور سمندر کے راستے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اسلحہ فراہم کرتا ہے۔

    دوسری جانب امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی ورلڈ فیکٹ بک میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حماس اپنے ہتھیار اسمگلنگ یا مقامی تعمیرات کے ذریعے حاصل کرتی ہے۔

    لیکن یہ سوال اپنی جگہ ہے کہ حماس اتنے سارے ممالک اور ان کی انٹیلی جنس نیٹ ورکس کو کیسے جل دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔

    ان سوالوں کی ہماری کھوج میں لبنان میں مقیم حماس کے ایک سینئر کمانڈر نے بالکل ہی الگ بات بتائی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہر قسم کا ہتھیار تیار کرنے کے لیے مقامی سطح پر الگ الگ فیکٹریاں ہیں۔

  • غزہ پر اسرائیلی بمباری؛ امریکی اور اماراتی صدور کا کشیدگی کے جلد خاتمے پر اتفاق

    غزہ پر اسرائیلی بمباری؛ امریکی اور اماراتی صدور کا کشیدگی کے جلد خاتمے پر اتفاق

    ابوظہبی / واشنگٹن: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان غزہ کی صورت حال پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کے جلد از جلد خاتمے پر اتفاق کیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے غزہ میں کشیدگی پر قابو پانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    امریکی صدر جوبائیڈن اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے جنگ زدہ علاقوں میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا اور متاثرین تک انسانی امداد کی ترسیل کے لیے محفوظ راہداری کھولنےکی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل پہنچ گئے جہاں انھوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کا پیغام اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو پہنچایا۔

    خیال رہے کہ حماس کے اسرائیل پر حملے میں 1350 سے زائد شہری ہلاک ہوئے جن میں 22 امریکی بھی شامل ہیں۔ جس پر امریکا نے اسرائیل کی مدد کے لیے لڑاکا طیارے بردار بحری جہاز بھی روانہ کیا ہے۔