Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
بین الاقوامی – Page 157 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Category: بین الاقوامی

  • اٹلی نے ترکی کے مال بردار بیڑے کو قزاقوں سے بچا لیا

    اٹلی نے ترکی کے مال بردار بیڑے کو قزاقوں سے بچا لیا

    روم: اٹلی کے ساحل سے قزاقوں نے فرانس جانے والے ترک مال بردار جہاز کا محاصرہ کیا اور عملے کو دھمکیاں دیں تاہم اٹلی کی اسپیشل فورسز نے کارگو جہاز پر پہنچ کر اسے قزاقوں سے بچا لیا۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کے وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد قزاقوں نے جہاز پر عملے کو دھمکی دینے کے لیے چاقو کا استعمال کیا تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے ہیلی کاپٹروں سے جہاز پر بروقت پہنچ کر جہاز کو قزاقوں سے بچایا۔

    وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بظاہر بحری قزاق تارکین وطن تھے تاہم ان کی قومیت ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ کارگو جہاز 7 جون کو ترکی کے شہر توپکیولر سے روانہ ہوا تھا اور جنوبی فرانس کے شہر سیٹی کی طرف رواں دواں تھا۔

  • سابق صدر ٹرمپ نے امریکی جوہری راز باتھ روم میں چھپائے

    سابق صدر ٹرمپ نے امریکی جوہری راز باتھ روم میں چھپائے

    واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد فرد جرم میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 37 نکات پر مشتمل فرد جرم عائد کی گئی۔ صدر ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہا انہوں نے امریکا کے جوہری راز سے متعلق حساس فائلیں اپنے باتھ روم اور شاور روم میں چھپائیں۔ ان پر تفتیش کاروں سے جھوٹ بولنے کا الزام بھی ہے۔

    فرد جرم میں سابق صدر پردستاویزات کو سنبھالنے کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش اور امریکی جوہری راز اور فوجی منصوبوں سمیت سینکڑوں خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکی جوہری راز اور فوجی منصوبوں سمیت سینکڑوں خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
    ڈونلڈ ٹرمپ 2024 میں صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے سابق صدر ہیں جن پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

  • ترکیہ کی میزائل فیکٹری میں دھماکا ، 5 افراد ہلاک

    ترکیہ کی میزائل فیکٹری میں دھماکا ، 5 افراد ہلاک

    انقرہ: ترکیہ کی میزائل فیکٹری میں دھماکے سے 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت انقرہ کے نواحی علاقے میں واقع میزائل بنانے والی فیکٹری میں اچانک دھماکا ہوا اور پورے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتیں لرز گئیں اورشیشے ٹوٹ گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے۔ متعدد لوگ فیکٹری کے تباہ ہونے والے حصے کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ فیکٹری کے قریبی گھروں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔

  • افغان صوبے بدخشاں کی مسجد میں دھماکا، 15 افراد جاں بحق

    افغان صوبے بدخشاں کی مسجد میں دھماکا، 15 افراد جاں بحق

    کابل: افغانستان کے صوبے بدخشاں کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہو گئے۔

    حکام نے بتایا کہ شمالی افغانستان میں ایک مسجد کے قریب طالبان کے صوبائی ڈپٹی گورنر کی یادگاری تقریب میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہوئے۔ وزارت داخلہ کے مقرر کردہ ترجمان عبدالنفی تکور نے بتایا کہ جمعرات کو مسجد نبوی کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک سابق طالبان پولیس چیف صفی اللہ صمیم بھی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دھماکا بدخشاں کے نائب گورنر نثار احمد احمدی کی یادگاری تقریب کے دوران ہوا جو منگل کو ایک کار بم دھماکے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد میں ہونے والے اس حملے میں ڈپٹی گورنر کا ڈرائیور بھی جاں بحق اور 10 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

    افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مسجد پر بم دھماکا ’دہشت گردی‘ کی کارروائی ہے اور “انسانی اور اسلامی معیارات کے خلاف” ہے۔

    حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم منگل کے روز ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری داعش (ISIS) کے مسلح گروپ نے قبول کی تھی۔

    طالبان انتظامیہ داعش کے ارکان کے خلاف چھاپے مار رہی ہے، جس نے شہری مراکز میں کئی بڑے حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

    اس گروپ نے طالبان انتظامیہ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے اور مارچ میں ایک حملے میں شمالی بلخ صوبے کے گورنر کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

    طالبان کے فوجی سربراہ فصیح الدین فطرت نے بدخشاں میں حملوں کی مذمت کی اور لوگوں سے کہا کہ وہ طالبان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں۔

    دسمبر میں، ایک کار بم دھماکے میں بدخشاں کے صوبائی پولیس سربراہ اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ اپنے کام پر جا رہے تھے۔

    داعش کی علاقائی وابستگی – جسے صوبہ خراسان میں اسلامک اسٹیٹ کے نام سے جانا جاتا ہے – نے اس وقت کہا تھا کہ اس نے یہ حملہ کیا ہے۔ گروپ نے کہا کہ اس نے بارود سے بھری کار سڑک پر کھڑی کی تھی اور اس میں دھماکہ اس وقت کیا جب پولیس چیف قریب ہی تھا۔

  • اسکول نہیں مدرسے جاؤ؛مقبوضہ کشمیرمیں باحجاب طالبات پرپابندی

    اسکول نہیں مدرسے جاؤ؛مقبوضہ کشمیرمیں باحجاب طالبات پرپابندی

    سری نگر: مودی سرکار نے کرناٹک اور دیگر ریاستوں کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھی طالبات کے حجاب کرنے پر پابندی عائد کردی۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نریندر مودی کی فاشسٹ حکومت اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اسکولوں میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کر رہی ہے۔

    سری نگر کے علاقے ریناواری میں واقع وشو بھارتی اسکول کی باحجاب طالبات کو اسکول میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ طالبات کو کہا گیا کہ اگر حجاب کرکے آنا ہے تو اسکول نہیں مدرسے جاؤ۔
    طالبات کے احتجاج پر اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ انھیں یہ احکامات ایک اعلیٰ افسرن سے موصول ہوئے ہیں۔ طالبات اور ان کے والدین کے احتجاج کے باوجود اسکول انتظامیہ نے اپنا مؤقف تبدیل نہیں کیا۔

    میڈیا سے گفتگو میں طالبات کا کہنا تھا کہ ہمیں سر ڈھانپنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ مذہبی تعلیمات پر عمل درآمد ہمارا بنیادی حق ہے۔ ہمیں اس حق سے محروم کرنے والی مودی سرکار کون ہوتی ہے۔

  • امریکی وزیر خارجہ 3 روزہ اہم سرکاری دورے پر سعودیہ پہنچ گئے

    امریکی وزیر خارجہ 3 روزہ اہم سرکاری دورے پر سعودیہ پہنچ گئے

    ریاض: امریکی دباؤ کے باوجود سعودی عرب تیل کی پیداوار کم کرنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہے جس پر وزیر خارجہ انٹونی بلنکن، ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرنے ریاض پہنچ گئے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں اسرائیل اور ایران کے ساتھ سعودی تعلقات، روس یوکرین جنگ پر مؤقف اور پیٹرول کی پیداوار سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے بعد امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پوری دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ میں استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

    میتھیو ملر نے مزید کہا کہ اس عزم میں یمن میں امن کے حصول کے لیے کام کرنا بھی شامل ہے جہاں سعودی اتحادی افواج اور حوثی باغی 2014 سے ایک دوسرے کے خلاف مسلح اور خونی جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

    ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جنگ زدہ سوڈان سے امریکی شہریوں کی بحفاظت انخلا کو یقینی بنانے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات انسانی حقوق پر پیشرفت سے مزید مضبوط ہوسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بھی 7 مئی کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور ان دوروں کا مقصد اسرائیل سعودی تعلقات کی بحالی میں کردار ادا کرنا بھی ہے۔

  • نئی تاریخ رقم؛ 130سال میں پہلی بار کوئی برطانوی شہزادہ عدالت میں پیش

    نئی تاریخ رقم؛ 130سال میں پہلی بار کوئی برطانوی شہزادہ عدالت میں پیش

    لندن: ہیری 130 سال میں برطانوی شاہی خاندان کے عدالت میں پیش ہونے والے پہلے شہزادے بن گئے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری آج لندن ہائی کورٹ میں بطور گواہ پیش ہو گئے۔ 1890 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب عدالت میں برطانوی شاہی خاندان کی کوئی شخصیت پیش ہوئی ہو۔

    انیسویں صدی میں ملکہ وکٹوریہ کے بڑے بیٹے پرنس آف ویلز البرڈ ایڈورڈ (ہفتم) دو مقدمات طلاق اور تاش کھیلنے کے دوران دھوکا دہی میں پیش ہوئے تھے۔

    ملکہ الزبتھ کی بیٹی شہزادہ این بھی ایک مقدمے میں پیش ہوئی تھیں جب ان کے پالتو کتے نے دو بچوں کو حملہ کرکے زخمی کردیا تھا۔

    تاہم مندرجہ بالا دونوں پیشیاں انتہائی مختصر تھیں۔ شہزاہ ہیری لندن ہائی کورٹ میں برطانوی میڈیا گروپ ’مرر گروپ نیوز پیپر‘ کے خلاف اپنے مقدمے میں گواہی دینے پیش ہوئے۔

    شہزادہ ہیری نے اپنے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ برطانوی میڈیا گروپ نے 1991 سے لے کر 2011 کے دوران بڑے پیمانے پر غیر قانونی سرگرمیاں کیں۔ جس میں ان پیچھے کرنا، موبائل ہیک کرنا، جاسوسی کرنا اور بلا اجازت تصاویر بنانا شامل ہیں۔

    اس مقدمے میں شہزادہ ہیری کے علاوہ 100 دیگر لوگ بھی میڈیا گروپ کے خلاف مدعی بن کر سامنے آئے ہیں جن میں نامور اداکار، کھلاڑی اور دیگر مشہور شخصیات شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ مرر گروپ نیوز پیپر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

  • افغانستان؛بم دھماکے میں بدخشاں صوبے کے گورنر ڈرائیور سمیت جاں بحق

    افغانستان؛بم دھماکے میں بدخشاں صوبے کے گورنر ڈرائیور سمیت جاں بحق

    افغنستان کے صوبے بدخشاں میں نگراں گورنر مولوی نثار احمد احمدی اور ان کا ڈرائیور کار بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے جب کہ 10 افراد زخمی ہیں۔

    افغان میڈیا کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب گورنر بدخشاں ایک اہم میٹنگ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ کار بم دھماکا اتنا اچانک ہوا کہ ان کے محافظوں کو ردعمل دینے کا موقع نہیں مل سکا۔

    مولوی نثار احمد احمدی بدخشاں کے ڈپٹی گورنر تھے اور اس وقت ان کے پاس گورنر کا عارضی عہدہ بھی تھا۔

    صوبے بدخشاں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر نثار احمد شدید زخمی ہوگئے تھے جو دوران علاج زیادہ خون بہہ جانے کے باعث جانبر نہ ہوسکے جب کہ ان کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق 10 زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن افغانستان میں طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے حکومتی حکام، سرکاری عمارتوں اور امام بارگاہوں پر حملوں کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بدخشاں میں ہی پولیس چیف کی گاڑی کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا تھا جس میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

  • رجب طیب اردوان نے تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھالیا

    رجب طیب اردوان نے تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھالیا

    انقرہ: ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردوان نے تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھالیا۔

    ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردوان نے 2028 تک صدر منتخب ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں پہلی تقریب انقرہ میں ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں منعقد ہوگی جہاں انہیں صدارتی منصب کی اسناد پیش کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ترک سرکاری میڈیا نے ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کےحوالے سے بتایا تھا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان صدارتی الیکشن میں 54.47 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے رہے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کلیک دار اوغلو کو 45.53 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

    سپریم الیکشن کونسل (وائے ایس کے) کے چیئرمین احمت ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا تھا۔

    وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت

    خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی دعوت پر رجب طیب اردوان کے صدر منتخب ہونے کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ہے۔

    علاوہ ازیں سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کی اور انہیں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔

    وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے اور پاکستانی عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر انادولو گروپ کی حوصلہ افزائی کی۔ صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم ترکی کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

    ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود تھے۔

  • افغانستان؛ دو سہیلیوں نے غار میں ہی اسکول بنالیا

    افغانستان؛ دو سہیلیوں نے غار میں ہی اسکول بنالیا

    کابل: افغانستان میں دو سہیلیوں نے بچیوں کو تعلیم دینے کے لیے غار کو اسکول میں تبدیل کر دیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے پسماندہ صوبے بامیان میں اسکولوں کی بندش اور تعلیم کے مواقع مفقود ہونے کے باعث 18 سالہ رویا سرفراز اور 19 سالہ بیض بیگم نے گاؤں کے دیگر بچوں اور بچیوں کو پڑھانے کے لیے غار میں ہی اسکول بنالیا۔

    اسکول میں مجموعی طور پر 80 طلبا زیر تعلیم ہیں جہاں بچوں کو روزانہ 3 سے 4 گھنٹے تک تعلیم دی جاتی ہے۔

    دونوں دوستوں نے دیگر بچوں کی مدد سے غار کو صاف کیا۔ غار کی دیواروں کو پینٹنگ، کیلی گرافی اور کاغذ کے مختلف دستکاریوں سے سجایا گیا تاکہ بچوں کی دلچسپی کا سامان رہے۔

    دونوں لڑکیاں ہر روز خراب موسم کے باوجود حالات کی پرواہ کیے بغیر گھر سے غار تک آتی ہیں اور فارسی، انگریزی، ریاضی، جغرافیہ اور دیگر مضامین بشمول ڈرائننگ سکھاتی ہیں۔

    غار میں بنے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کی عمریں 4 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔ زیادہ تر بچوں نے مستقبل میں استاد، ڈاکٹر یا پائلٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان میں 28.3 ملین افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے جن میں خواتین اور بچوں سب سے زیادہ متاثر ہیں جب کہ لاکھوں بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔