Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
بین الاقوامی – Page 158 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Category: بین الاقوامی

  • بھارتی فضائیہ کا طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا

    بھارتی فضائیہ کا طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع چامراج نگر میں انڈین ایئرفورس کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں دو پائلٹ موجود تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کا طیارہ ’کرن‘ معمول کی تربیتی پرواز پرمامور تھا جس نے سورت گڑھ کے فضائی اڈے سے اُڑان بھری تھی۔ طیارہ زیر تربیت پائلٹ اُڑا رہا تھا اور ایک سینیئر انسٹرکٹر پائلٹ ان کے ساتھ تھے۔

    پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا تھا جس پر طیارے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا اور ایک میدانی علاقے میں طیارے کا ملبہ مل گیا جو آگ لگنے کی وجہ سے مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے صبح ایک فوجی طیارے کو فضا میں ہچکولے کھاتے ہو ئے تیزی سے زمین کی طرف آتے دیکھا جس پر دیہاتی میدان سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ زمین پر گرتے ہی زوردار دھماکا ہوا اور طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔

    بھارتی فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں پائلٹس نے دوران پرواز طیارے میں خرابی پیدا ہونے کے پیش نظر پیرا شوٹ کی مدد سے طیارے سے باہر چھلانگ لگادی تھی۔

  • ناکام جی-20 کے بعد مودی سرکار شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس آن لائن کرانے پر مجبور

    ناکام جی-20 کے بعد مودی سرکار شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس آن لائن کرانے پر مجبور

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں جی-20 اجلاس کی بدترین ناکامی پر اپنی منہ کی کھانی والی مودی سرکار نے شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس آن لائن کرانے میں ہی عافیت جانی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ جے شنکر نے اعلان کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ سمٹ کا 22 واں اجلاس وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں 4 جولائی کو ہوگا۔

    بھارتی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ جی-20 اور ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے برعکس یہ اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کیا جائے گا تاہم انھوں نے اس کی وجہ نہیں بتائی۔

    بھارتی حکام نے میڈیا کے بار بار پوچھنے پر یہ عذر پیش کیا کہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کا انعقاد کی وجہ رکن ممالک کے چند سربراہان کی نجی مصروفیات ہیں جس کے باعث وہ بھارت آنے سے قاصر تھے۔

    بھارت نے اس اجلاس میں ورچوئل شرکت کے لیے ایران، بیلاروس اور منگولیا کو مبصر جب کہ ترکمانستان کو بطورمہمان مدعو کیا ہے۔

    یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک سیاسی اور سیکورٹی بلاک ہے جس میں پاکستان، روس اور چین بھی شامل ہیں۔ گزشتہ برس ستمبر سے اس تنظیم کی سربراہی بھارت کے پاس ہے۔

    رواں ماہ بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں شرکت کے لیے بلاول بھٹو بھارت گئے تھے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں جی-20 کا اجلاس رکھا گیا تھا جو بری طرح ناکام ہوا تھا۔

  • صومالیہ میں مسلح افراد کا فوجی اڈے پر حملہ؛ 17 ہلاکتیں

    صومالیہ میں مسلح افراد کا فوجی اڈے پر حملہ؛ 17 ہلاکتیں

    موغا دیشو: صومالیہ میں باغی جنگجوؤں نے ملک کے وسط میں افریقی یونین کے امن مشن اور یوگنڈا کے فوجیوں کے بیس پر حملہ کردیا جس میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے شمال میں واقع مساگاوا فوجی اڈے پر الشباب کے جنگجوؤں نے حملہ کیا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ اب قصبے میں امن ہے کیوں کہ فوج اور جنگجو جنگ لڑتے لڑتے جنگل کی طرف نکل گئے ہیں جہاں اب بھی دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حملے میں 73 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا غیر مصدقہ دعویٰ کیا ہے جب کہ کیپٹن عبداللہ محمد کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں 12 جنگجو مارے گئے تاہم انھوں نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد نہیں بتائی۔

    عینی شاہدین نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ الشباب کے جنگجوؤں اور فوجیوں میں جھڑپ میں 17 لاشیں اور دو درجن سے زائد زخمیوں کو اسپتال لے جاتے دیکھا ہے۔

    القاعدہ سے وابستگی کا دعویٰ کرنے والی مقامی عسکریت پسند تنظیم الشباب 2006 سے صومالیہ کی حکومت کو گرانے اور اسلامی قوانین کی سخت ترین تشریح کی بنیاد پر نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

    الشباب کو دارالحکومت سے تو پسپا کردیا گیا ہے لیکن ملک کے دیگر حصوں میں اب بھی الشباب کا قبضہ ہے اور وہ وہاں سے نکل کر دارالحکومت میں سرکاری عمارتوں، ہوٹلوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

  • سعودی بریگیڈیئر جنرل جوان بیٹے کو بچاتے بچاتے سمندر میں ڈوب گئے

    سعودی بریگیڈیئر جنرل جوان بیٹے کو بچاتے بچاتے سمندر میں ڈوب گئے

    ریاض: بیٹے کو بچانے کی کوشش میں بریگیڈیئر جنرل سالم بن مسلم آل عبید السھلی سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق بریگیڈیئر سالم بن مسلم اہل خانہ کے ساتھ ہاف مون بیچ پر پکنک منانے آئے تھے۔ سمندر میں نہاتے ہوئے ان کے بیٹے دور نکل گئے اور لہروں کے شکنجے میں پھنس گئے۔

    بریگیڈیئر سالم نے تیراکی کرتے ہوئے اپنے جوان بیٹے کو بچانے کی سمندر کی گہرائیوں میں اتر گئے اور بیٹے کو بچانے میں کامیاب ہوگئے تاہم ساحل تک پہنچتے پہنچتے وہ نڈھال ہو چکے تھے اور ایک بڑی لہر بریگیڈیئر سالم کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئی۔
    بریگیڈیئر سالم بن مسلم کی اندوہناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ دلیر فوجی افسر سالم بن مسلم نے اپنے بیٹے کو بچاتے ہوئے جان کی بازی لگادی۔

  • خلا سے پہلی سعودی خاتون خلا نورد کی ویڈیو منظرِعام پر آگئی

    خلا سے پہلی سعودی خاتون خلا نورد کی ویڈیو منظرِعام پر آگئی

    ریاض: ناسا، کمپنی اسپیس ا یکس، کمپنی ایکسیم اسپیس اور سعودی اسپیس اتھارٹی کے مشترکہ خصوصی مشن پر جانے والے پہلی سعودی خاتون اور مرد خلانورد کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی اسپیس اتھارٹی نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی جس میں سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا نورد ریانہ برناوی نے خلا سے سب کو السلام علیکم کہا۔ ان کے ساتھ سعودی خلانورد علی القرنی اور امریکی خلا باز پیگی وائٹسن بھی موجود تھے۔

    خلا نورد ریانہ برناوی نے کہا کہ خلا سے السلام علیکم ۔۔ ہمارے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ ہم اس تاریخی سفر میں شریک ہیں۔

    یا د رہے کہ سعودی خلانوردوں کو لے جانے والے اسپیس ایکس کے تیار کردہ میزائل فالکن 9 نے گزشتہ روز امریکی ریاست فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سنٹر سے پرواز بھری تھی۔

    سعودی اسپیس اتھارٹی کے سی ای او محمد بن سعود التمیمی نے بتایا کہ سعودی عرب 3 خلابازوں کو بھیجنے والے عرب دنیا کے پہلا ملک بن گیا ہے۔

    انھوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ امریکی ادارے ناسا کی مدد سے سعودی عرب خلائی شعبہ سے متعلق سائنسی تجربات، بین الاقوامی تحقیق اور مستقبل کے مشنوں حصہ لے گا۔

  • دبئی میں سائیکل چلانے والوں کے لیے 93 کلومیٹر طویل انِ ڈور ہائی وے کا منصوبہ

    دبئی میں سائیکل چلانے والوں کے لیے 93 کلومیٹر طویل انِ ڈور ہائی وے کا منصوبہ

    دبئی: دبئی نے کنارے سے شہر کا احاطہ کرنے والی مکمل ان ڈور شاہراہ کا منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت 93 کلومیٹر طویل سرنگ نما روڈ بنایا جائے گا۔ اسے اندرونی طور پر درختوں اور سبزے سے ڈھانپا جائے گا جبکہ پیدل چلنے والے اور سائیکل چلانے والے اس طویل شاہراہ پر گھنٹوں سفرکرسکیں گے۔

    ’دی لوپ‘ نامی اس منصوبے کو سبز راہ کا نام دیا جاسکتا ہے جس میں کار اور موٹرسائیکل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اطراف میں لوگ دوڑنے کے علاوہ بیٹھ کر پرسکون ماحول میں کچھ وقت گزارسکیں گے۔

    دوسری جانب دبئی کی شدید گرمی میں اسے دھوپ کی جلن سے بچانے والے ایک جدید نخلستان کا روپ بھی دیا گیا ہے۔ لیکن اس میں بطورِ خاص ماحولیات اور سبزے کا بہت خیال رکھا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت اسے بڑھا کر زراعتی مرکز بھی بنایا جائے گا۔

    دی لوپ کا دوسرا مقصد یہ ہے کہ لوگ پیدل چلیں یا سائیکل پر آئیں ، دبئی کو ان دونوں ذرائع سے سب سے زیادہ منسلک (کنیکٹڈ) شہر کا درجہ بھی دینا ہے۔

  • فلپائن میں آتشزدگی میں 100 سال پُرانا تاریخی پوسٹ آفس جل کر خاکستر

    فلپائن میں آتشزدگی میں 100 سال پُرانا تاریخی پوسٹ آفس جل کر خاکستر

    منیلا: فلپائن کے دارالحکومت میں تقریباً 100 سال پرانے تاریخی پوسٹ آفس میں آگ لگنے سے پوری عمارت اور ماضی کا اہم ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آگ پانچ منزلہ عمارت کے تہہ خانے میں آدھی رات کو لگی اور صبح تک پھیلتے پھیلتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہ ملک کا قدیم ترین پوسٹ آفس تھا اور اسے قومی نشانی کی حیثیت حاصل ہے۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے 7 گھنٹے کے بعد عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی میں پوسٹ آفس کا چوکیدار زخمی ہوگیا جب کہ ایک فائر بریگیڈ کے عملے کے دو ارکان کو بھی معمولی زخم آئے۔
    فلپائن میں ڈاک سروس ہسپانوی نوآبادیاتی دور میں گھوڑوں پر سوار میل کوریئرز کے ساتھ شروع ہوئی تھی اور اس عمارت کو پہلی بار 1926 میں تعمیر کیا گیا تھا جب کہ دوبارہ 1946 میں تعمیر کی گئی تھی۔

    تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

  • بھارتی فضائیہ نے تمام مگ 21 لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کردیا

    بھارتی فضائیہ نے تمام مگ 21 لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کردیا

    نئی دہلی: بھارتی فضائیہ نے راجستھان میں ہونے والے حادثے کے بعد تمام مگ 21 لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کردیا۔

    این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں راجستھان میں مگ 21 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے کی وجوہات کے لیے جاری تحقیقات میں تاحال کوئی پیش رفت نہ ہونے کی بنیاد پر تمام لڑاکا طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    سینئر دفاعی عہدیداروں نے بتایا کہ مگ 21 کے بیڑے کو اس وقت تک گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جب تک کہ تحقیقات نہیں ہو جاتیں اور حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل جاتا۔
    راجستھان میں گر کر تباہ ہونے والا لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب اسے حادثہ پیش آیا۔ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی۔

    بھارتی فضائیہ کے پاس 31 لڑاکا طیارہ اسکواڈرن ہیں جن میں تین MiG-21 بائسن قسم شامل ہیں۔

  • شام : امریکا نے عام شہری کو القاعدہ کا کمانڈر قرار دے کر ہلاک کردیا

    شام : امریکا نے عام شہری کو القاعدہ کا کمانڈر قرار دے کر ہلاک کردیا

    واشنگٹن: امریکی حکومت شام میں اپنے فضائی حملے میں ایک شہری کے قتل کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا وہ واقعی القاعدہ کا سینئر لیڈر تھا یا ایک عام شہری۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے (سینٹکام) ترجمان میجر جان مور نے کہا کہ شام میں القاعدہ کے سینئر لیڈر کی نشاندہی پر امریکی حملے میں ممکنہ طور پر ایک عام شہری کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    3 مئی کو امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے لطفی حسن 56 سال کے تھے اور 10 بچوں کے والد تھے۔ مقتول حملے کے وقت اپنی بھیڑ بکریوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھے۔
    لطفی حسن کے اہلخانہ نے مقتول کے القاعدہ سے تعلق ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔ سینٹکام نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ مئی کے اوائل میں ہونے والے حملے میں القاعدہ کے ایک سینئر لیڈر کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں دہشتگرد تنظیم کی شکست کی تصدیق ہوتی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ نے پورے خطے میں مسلح گروہوں کے خلاف فضائی حملوں پر انحصار جاری رکھا ہوا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ حملے انتہائی درستگی کے ساتھ کیے جاتے ہیں تاہم اس سے قبل بھی امریکا کئی غلط حملوں کا اعتراف کرچکا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی میڈیا کی تحقیقات، انسانی حقوق اور واچ ڈاگ تنظیموں کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں اکثر عام شہری مارے جاتے ہیں۔

  • امریکا اوراتحادی ممالک یوکرین کو ایف 16 طیارے فراہم کریں گے

    امریکا اوراتحادی ممالک یوکرین کو ایف 16 طیارے فراہم کریں گے

    واشنگٹن: امریکا اور اتحادی ممالک یوکرین کو ایف 16 سمیت جدید ترین جنگی طیارے دیں گے۔

    امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلیوین نےبیان میں کہا کہ صدر جوبائیڈن نے یوکرین کو ایف 16 سمیت جدید جنگی طیارے دینے کے فیصلے سے جی سیون ممالک کے سربراہان کو مطلع کردیا ہے۔ امریکی فوجی یوکرینی پائلٹس کو ایف 16 طیارے اڑنے کی تربیت بھی فراہم کریں گے۔

    امریکی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے مہینوں میں یوکرینی پائلٹس کی تربیت کے دوران یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ یوکرین کو طیارے کب دئیے جائیں گے۔
    یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امریکا اور اتحادیوں کے فیصلے کو تاریخی اور قابل تعریف قرار دیا۔