Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
بین الاقوامی – Page 161 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Category: بین الاقوامی

  • ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

    ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

    تہران: ایران نے رواں ہفتے دبئی سے آنے والا ایک اور آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے قبضے میں لے لیا ہے۔

    آئل ٹینکر دبئی سے روانہ ہوا تھا اور خلیج عرب سے اماراتی بندرگاہ فجیرہ کی طرف منتقل ہو رہا تھا جب ایرانی انقلابی گارڈز کورپس نیوی (آئی آر جی سی این) کی ایک درجن جنگی کشتیوں نے آبنائے کے وسط میں جہاز کو گھیر لیا۔

    آئی آر جی سی این نے آئل ٹینکر کو روکنے کے بعد اُس کے کپتان کو جہاز ریورس کرنے پر مجبور کیا جس کے بعد جہاز کو ایران کی بندر عباس کی طرف موڑ دیا گیا۔
    واضح رہے کہ چھ روز قبل ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایرانی بحریہ نے خلیج عمان سے رواں ہفتے پہلا آئل ٹینکر قبضے میں لیا تھا۔

  • روس اور چین کا اثر و رسوخ روکنے کیلیے نیٹو نے ایشیا کا پہلا دفتر جاپان میں کھول لیا

    روس اور چین کا اثر و رسوخ روکنے کیلیے نیٹو نے ایشیا کا پہلا دفتر جاپان میں کھول لیا

    ٹوکیو: جنوبی ایشیا میں چین اور روس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے نیٹو نے ایشیا کا پہلا دفتر جاپان کے دارالحکومت میں کھول لیا۔

    عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیائی خطے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے نیٹو نے اپنا پہلا دفتر بدھ کے روز جاپان کے دارالحکومت میں کھول دیا۔

    نکی ایشیا کی رپورٹ کے مطابق اس دفتر میں صرف ایشیا میں موجود اتحادیوں سمیت تمام رکن ممالک کو رسائی ہوگی جبکہ اس دفتر میں اہم شراکت داروں، جیسے کہ جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ وقتاً فوقتاً مشاورتی اجلاس ہوں گے جن میں چین اور روس پر کو خطے میں ابھرتے ہوئے چلینج کے طور پر لیا جائے گا۔
    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ نیٹو کے 31 ممبران کے درمیان دفتر کھولنے کے حوالے سے تجویز دی تھی، جس پر جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے نیٹو کے سربراہ جینز سٹولٹن برگ کے ساتھ بات چیت کی اور پھر انہوں نے رواں سال جنوری میں ٹوکیو کا دورہ کیا تھا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹوکیو اور نیٹو دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلیے کام کررہے ہیں، جس کا مقصد جولائی میں لیتھوانیا میں نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل انفرادی طور پر تیار کردہ شراکتی پروگرام (ITPP) پر دستخط کرنا ہے۔

    نیٹو کے نیویارک میں اقوام متحدہ، یورپ میں ویانا میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم، جارجیا، یوکرین، بوسنیا اور ہرزیگووینا، مالڈووا اور کویت میں رابطہ دفاتر ہیں۔

    یاد رہے کہ جاپان پہلے ہی امریکا کی زیر قیادت کواڈ کا حصہ ہے، جو کہ آسٹریلیا اور بھارت کے ساتھ سیکورٹی اتحاد ہے جیسا کہ دوسرے دو ممبران وسیع ایشیا پیسفک خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اقتصادی اور فوجی اثر و رسوخ کے خلاف ہیں۔

  • یوکرین نے ڈرون حملوں کے ذریعے صدرپوتن کو قتل کرنے کی کوشش کی، روس

    یوکرین نے ڈرون حملوں کے ذریعے صدرپوتن کو قتل کرنے کی کوشش کی، روس

    ماسکو: روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے ولادیمیر پوتن کوڈرون حملوں کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کی خوش قسمتی سے یہ حملے ناکام رہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے کریملین کی عمارت کی جانب آنے والے بارود سے بھرے ڈرونز کو ہدف کے نہایت قریب نشانہ بناکر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    روسی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈرونز یوکرین نے صدر پوٹن کو ہلاک کرنے کے لیے داغے تھے تاہم فضا میں ہی ناکارہ بنائے جانے کے سبب کریملین کی عمارت محفوظ رہی۔ حملے کے وقت صدر پوتن محل میں نہیں تھے۔

    روسی فوج نے اس حملے کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے روسی صدر کی زندگی پر حملے کی کوشش قرار دیتے ہوئے یوکرین کو خبردار کیا ہے کہ جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

    ادھر یوکرین نے روسی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریملن پر مبینہ ڈرون حملوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ یوکرین کریملن پر حملہ نہیں کرتا کیونکہ اس سے کوئی فوجی مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے۔

    دوسری جانب ناقدین کہنا ہے کہ روس اس واقعے کو یوکرین کے ساتھ 14 ماہ سے جاری جنگ کو مزید طول دینے کا جواز فراہم کرنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ روسی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک غیر تصدیق شدہ ویڈیو میں کریمیلن محل کے عقب سے ہلکا دھواں اٹھتا دکھایا گیا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں صدارتی محل کے گنبد کے بالکل اوپر ایک ڈرون کو مار گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب سے حج کی براہ راست پروازوں کیلیے بات چیت کر رہے ہیں؛ اسرائیل

    سعودی عرب سے حج کی براہ راست پروازوں کیلیے بات چیت کر رہے ہیں؛ اسرائیل

    تل ابیب: اسرائیل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے لیے ممکنہ براہ راست حج پروازوں کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ حج کی براہ راست پروازوں کے لیے سعودی عرب کو درخواست جمع کرائی ہے۔

    اسرائیلی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ تاہم ابھی یہ مسئلہ زیر بحث ہے اور میں اس وقت یہ نہیں بتا سکتا کہ کیا کوئی پیش رفت ہوئی ہے تاہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے سے متعلق میں کافی پُر امید ہوں۔

    اگر سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو حج کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل جاتی ہے تو یہ پروازیں آئندہ ماہ جون سے اگست تک فعال ہوجائیں گی اور اس سے اسرائیل میں رہنے والے 18 فیصد مسلم آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔

    یاد رہے کہ سابق اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپیڈ نے بھی گزشتہ برس سعودی عرب سے حج کی براہ راست پروازوں کے لیے درخواست کی تھی جب کہ ایک امریکی حکام نے بھی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر اسرائیل کو براہ راست پروازوں کو اجازت مل جائے گی۔

    تاہم سعودی عرب نے رابطہ کرنے پر براہ راست حج پروازوں سے متعلق اسرائیل کی درخواست پر رائٹرز کو مؤقف دینے سے انکار کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین سے مسلمان اس وقت تیسرے فریق ممالک کے ذریعے مکہ جاتے ہیں، جو اضافی اخراجات اور پریشانی کا باعث بنتا ہے۔

  • عالمی برادری طالبان پر دباؤ ڈالنے کے نئے طریقے تلاش کرے، اقوام متحدہ

    عالمی برادری طالبان پر دباؤ ڈالنے کے نئے طریقے تلاش کرے، اقوام متحدہ

    دوحہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے طالبان حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں خواتین کے حقوق سلب ہونے پر فکر مند ہیں۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دوحہ میں افغانستان کی صورت حال پر ہونے والے 20 سے زائد ممالک کے عالمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے مطالبہ کیا کہ طالبان پر دباؤ بڑھانے کے لیے عالمی برادری کو مذاکرات کے نئے راستے چننا ہوں گے۔

    جنرل سیکرٹری یو این انتونیو گوتیرس نے بتایا کہ طالبان حکومت کی جانب سے این جی اوز میں کام کرنے والی خواتین پر پابندی کے بعد عالمی برادری افغانستان سے متعلق اپنی پالیسیوں کو تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے امدادی تنظیموں میں کام کرنے والی خواتین پر پابندی کے بعد اقوام متحدہ بھی افغانستان میں اپنی امدادی سرگرمیوں کو جاری رکھنے یا بند کرنے کا جائزہ لے رہا ہے۔

    انتونیو گوتریس نے پریس کانفرس میں مزید کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہم افغانستان میں رہے اور ہم نے ڈیلیور کیا اور اب بھی ہم اپنا کام جاری رکھنے کے لیے ضروری شرائط تلاش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    یو این کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے تک ہم افغان عوام کو دی جانے والی امدادی سرگرمیوں سے منقطع نہیں ہو سکتے اور بہت سے ممالک نے ان سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ادھر دوحہ میں طالبان دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے کہا کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام افغانستان پر ہونے والے اجلاس میں ہمارے کسی نمائندے کو شامل نہ کرنے سے اجلاس غیر مؤثر اور بے نتیجہ ثابت یوسکتا ہے۔

    طالبان نمائندے سہیل شاہین نے عالمی برادری کے طالبان پر دباؤ ڈالنے کے اقوام متحدہ کے مطالبے پر ’’اے ایف پی‘‘ کو ردعمل میں کہا کہ دباؤ ڈالنے سے مسائل کے حل میں کوئی مدد نہیں ملتی۔

    سہیل شاہین نے مزید کہا کہ دنیا کو ہماری بات سننی چاہیے۔ ہمارے جائز حقوق سے انکار کر کے اور ہمیں افغانستان کے بارے میں ملاقاتوں میں مدعو نہ کر کے یا ہماری بات نہ سننے سے وہ نہ تو اس حقیقت کو بدل سکتے ہیں جو کہ IEA (امارت اسلامیہ افغانستان) ہے اور نہ ہی کوئی ایسا حل تلاش کر سکتے ہیں جس کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے طالبان کی مذاکرات میں شمولیت پر کہا کہ طالبان سے ملاقات مناسب وقت پر ہوگی اور ابھی وہ مناسب وقت نہیں آیا۔

  • بھارتی فضائیہ کا مقبوضہ کشمیر میں جارحانہ جنگی مشقوں کا منصوبہ

    بھارتی فضائیہ کا مقبوضہ کشمیر میں جارحانہ جنگی مشقوں کا منصوبہ

    نئی دہلی: مودی سرکار نے پلوامہ اور راجوڑی میں شرمناک ہزیمت کے بعد ایک اور ڈرامہ کرنے کی سازش تیار کرلی۔

    فروری 2019 کے دوران پاک فضائیہ کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعداپنی صلاحیتوں کو جانچنے کے لئے بھارتی فضائیہ کی جنگی مشقوں کا منصوبہ منظرِ عام پر آگیا۔

    بھارتی فضائیہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر جارحانہ جنگی فضائی مشقوں کا منصوبہ بنانے جا رہی ہے۔ یہ مشقیں پنجاب اور ہماچل پردیش کی شورش زدہ ریاستوں میں 6 مئی 2023 سے شروع ہو نگی.

    دو ہفتوں پر مشتمل مشق کا مقصد نئی تشکیل شدہ بھارتی فضائیہ کی حکمت عملیوں کا جائزہ لینا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں موثر فضائی طاقت کو قائم کیا جا سکے.

    اس کے علاوہ بھارتی فضائیہ کی آپریشن بندر میں عالمی سطح پر شرمندگی کے باعث پہاڑی ماحول میں بھارتی فضائیہ کے نئے حاصل کردہ طویل رینج کے ہیمر میزائل، SCALP کروز میزائل کو بھی استعمال کیا جائے گا۔

    آپریشن بندر کے دوران 6 میں سے 5 فائر ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام ہو گئے تھے۔

    بھارتی افواج میں فضائی حادثے ویسے ہی روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ ماضی میں بھی بے شمار بھارتی فضائیہ کے طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔

    جنوری 2023 کے دوران مدھیا پردیش میں SU-30 اور میراج 2000 طیارے ایک ایسی ہی فضائی مشق کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے تھے۔

    مارچ 2023کے دوران بھارتی بحریہ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب گر کر تباہ ہوا۔ بھارتی فضائیہ میں MIG-21طیارے پہلے ہیFlying CoffinاورWidow Makerکے نام سے جانے جاتے ہیں۔

    بھارتی فضائیہ کو وہ دن نہیں بھولنا چاہیے جب 27 فروری 2019 کو دن کی روشنی میں پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرا یا اور ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو بھی گرفتار کیاتھا۔

    فروری 2019 میں آپریشن سوفٹ ریٹورٹ کے دوران گھبراہٹ کی شکار بھارتی فضائیہ نے اپنا ہی MI-17 ہیلی کاپٹر گرایا تھا جس کا بھانڈہ رواں سال گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری اور ونگ کمانڈر شیام نیتھانی نے پھوڑ دیا تھا۔

    طاقت کے نشے میں چور ہندوستان ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ اس مشق کے دوران بھی نا تجربہ کار بھارتی فضائیہ کی کارکردگی سب کے سامنے آنے والی ہے۔

    کیا مودی ہندوستان کو سپر پاور کے ابھرتے عالمی تنازعہ کے ایندھن میں نہیں جھونک رہا؟۔

  • وائٹ ہاؤس کی عید ملن پارٹی میں مسلمان میئر کو شرکت سے روک دیا گیا

    وائٹ ہاؤس کی عید ملن پارٹی میں مسلمان میئر کو شرکت سے روک دیا گیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس میں ہونے والی عید ملن پارٹی میں امریکا کی خفیہ ایجنسی نے مسلمان میئر کو آخری لمحات میں شرکت سے روک دیا گیا۔

    امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے مسلم میئر محمد خیر اللہ بھی عید ملن پارٹی میں شرکت کے لیے مدعو تھے اور وائٹ ہاؤس جانے کی تیاری کر رہے تھے کہ انھیں اہم کال موصول ہوئی۔

    وائٹ ہاؤس سے آنے والی کال میں مسلم میئر محمد خیر اللہ کو کہا گیا کہ خفیہ ایجنسی نے ان کی سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ شرکت نہیں کر سکتے۔

    دوسری جانب امریکی خفیہ ایجنسی کے ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے مسلم میئر محمد خیر اللہ کو وائٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہ دینے کی تصدیق کی تاہم وجہ نہیں بتائی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں عید الفطر کی مناسبت سے عید ملن تقریب منعقد کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں 5 مئی کو چاند گرہن ہوگا

    سعودی عرب میں 5 مئی کو چاند گرہن ہوگا

    ریاض: سعودی عرب میں 5 مئی یعنی جمعے کے روز 4 گھنٹے اور 17 منٹ تک جزوی چاند گرہن ہوگا جس کے دوران چاند 10 فیصد کم روشن ہوگا۔

    العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند گرہن کا آغاز شام 6 بج کر 14 منٹ پر ہوگا اور 8 بج کر 24 منٹ پر عروج پر پہنچ کر رات ساڑھے دس بجے ختم ہوگا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے آسمان پر سائے کی طرح کا چاند گرہن نظر آئے گا کیوں کہ اس روز زمین کا سایہ تو ہوگا لیکن وہ چاند پر نہیں پڑے گا اور سورج بھی چاند کی سطح کو روشن نہیں کرپائے گا۔
    سعودی عرب فیڈریشن برائے فلکیات کے رکن ملہم ہندی نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کو بتایا کہ نیم سایہ پر مبنی چاند گرہن کو لوگ واضح طور پر محسوس نہیں کرتے اور اس کے آغاز اور اس کے اختتام میں فرق بھی نہیں کرسکتے۔

    تاہم سائنس دانوں اور محققین کے لیے مشاہدہ کے لائق اور قابل مطالعہ منظر ہوگا۔

  • 12 سال بعد دنیا میں کوئی ملک غریب نہیں رہے گا؛ بل گیٹس کی پیش گوئی

    12 سال بعد دنیا میں کوئی ملک غریب نہیں رہے گا؛ بل گیٹس کی پیش گوئی

    واشنگٹن: مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک، بل گیٹس نے کہا ہے کہ 2035 تک دنیا میں کوئی ملک غریب نہیں رہے گا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس بانی بل گیٹس کا خط پڑھا گیا جس میں انھوں نے کہا کہ امیر ممالک کے اہم منصوبوں اور ایجادات کو استعمال کرنے کی بدولت 2035 تک دنیا میں کوئی ملک غریب نہیں رہے گا۔

    بل گیٹس نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے مزید کہا کہ کم یا درمیانی آمدنی والے ممالک اپنے امیر پڑوسی ممالک سے سیکھیں گے جیسے میڈیکل کے شعبے میں نئی ویکسین، زراعت میں بہتر بیج سے زیادہ پیداوار اور ڈیجیٹل انقلاب۔

    بل گیٹس کے مطابق اسی طرح دیگر اور شعبوں میں بھی جدید تبدیلیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کم آمدنی والے ممالک نئی سرمایہ کاری کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ دنیا اس وقت پہلے سے بہتر حالت میں ہے۔ میں کافی پُر امید ہوں اور پیش گوئی کرسکتا ہوں کہ 2035 تک دنیا میں کوئی ملک غریب ملک نہیں رہے گا۔

    بل گیٹس جو 2014 میں بھی ایسا ہی ایک دعویٰ کرچکے ہیں نے کہا کہ 2035 تک 70 فیصد سے زائد ممالک کی فی کس آمدنی آج کے چین اور 90 فیصد کی آمدنی آج کے بھارت سے زیادہ ہوگی۔

  • قطر؛اقوام متحدہ کے افغانستان پر عالمی اجلاس میں طالبان کو نہیں بلایا گیا

    قطر؛اقوام متحدہ کے افغانستان پر عالمی اجلاس میں طالبان کو نہیں بلایا گیا

    دوحہ: افغانستان کی موجودہ صورت حال پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہونے والے 2 روزہ اجلاس میں کئی ممالک کے سفرا نے شرکت کی تاہم اس اجلاس میں طالبان حکومت کو مدعو نہیں کیا گیا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے دارالحکومت میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان سمیت امریکا، روس، چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، بھارت، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ایران، جاپان، قازقستان، کرغزستان، ناروے، قطر، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان، یورپی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم کے سفرا اور نمائندوں نے شرکت کی۔

    دوحہ میں ہونے والے 2 روزہ اجلاس کی صدارت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کر رہے ہیں۔ اجلاس میں افغانستان میں خواتین کی ملازمتوں اور لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی سمیت انسانی حقوق کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سب سے اہم فریق طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا جس سے اجلاس کے مقاصد کے حصول ناممکن نظر آتا ہے تاہم یہ اجلاس عالمی رہنماؤں کو طالبان حکومت سے متعلق اہم نکات پر یکجا ضرور کرسکتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ بند کمرہ اجلاس میں انسانی حقوق بالخصوص خواتین کی ملازمتوں، لڑکیوں کی تعلیم، مخلوط حکمرانی، انسداد دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔