پرتھ:آسٹریلیا نے بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں بھارت کو شکست دے دی۔بھارتی اننگز کے دوران دو مرتبہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا جس کے بعد میچ کو 26 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔بھارت نے 26 اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 26 اوورز میں 131 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی 3 وکٹوں پر 21.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
Category: کھیل
-

راولپنڈی ٹیسٹ کا آج آغاز،ا ظہر محمود سیریز جیتنے کیلئے پر عزم
ہم ٹاس ہار بھی گئے تو کوشش ہوگی 350 رنز سے زائد سکور کریں،ہوسکتا ہے کہ تین سپنرز، ایک فاسٹ باؤلر کھلائیں،قومی ہیڈ کوچ ہمیں معلوم ہے نعمان علی اور ساجد خان کا چیلنج ہمیں پنڈی میں بھی درپیش ہوگا ، انہیں کھیلنے سے متعلق پلان بنالیا ہے ، ایڈن مارکرم راولپنڈی:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا ۔گزشتہ روز پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن ہوا۔ پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پچ کا جائزہ لیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوں گی، پچ دیکھ کر فائنل الیون کا اعلان کریں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ اگر ہم ٹاس ہار بھی گئے تو کوشش ہوگی کہ پہلی اننگز میں 350 رنز سے زائد سکور کریں۔ پہلے ٹیسٹ میں تمام 7 بلے بازوں نے رنز کیے سب نے اپنا کردار ادا کیا۔بدقسمتی سے ہمارا لوئر آرڈر نہیں چل سکا، ہم ان سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ رنز سکور کریں گے کیونکہ لوئر آرڈرز کے رنز بھی معنی رکھتے ہیں ، ہوسکتا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں تین سپنرز، ایک فاسٹ باؤلر کھلائیں۔ ہمارا مقصد ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنا ہے ۔اللہ نے بہترین موقع دیا ہے کہ ہم بہترین ٹیم کے خلاف سیریز جیتیں۔جنوبی افریقی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے نعمان علی اور ساجد خان کا چیلنج ہمیں پنڈی میں بھی درپیش ہوگا۔ جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ نعمان علی اور ساجد خان کے حوالے سے ٹیم میٹنگ میں گفتگو ہوئی ہے ، انہیں کھیلنے سے متعلق پلان بنالیا ہے ۔ایڈن مارکرم نے کہا کہ یہاں بھرپور ٹریننگ کی ہے ، ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم سیریز میں کم بیک کرتے ہوئے سیریز برابر کریں۔
-

انگلش کپتان ہیری بروک نے ٹی 20 کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا
اوول: انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کرلیے۔ہیگلے اوول میں کھیلے گئے میچ کے دوران ہیری بروک نے صرف 35 گیندوں پر 78 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔دائیں ہاتھ کے بلے باز نے یہ سنگ میل اپنے 51 ویں ٹی 20 میچ میں حاصل کیا، اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1000 رنز مکمل کرنے والے انگلینڈ کے 10ویں بلے باز بن گئے۔انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سابق کپتان اور وکٹ کیپر جوز بٹلر سرفہرست ہیں جنہوں نے 143 میچوں میں 3869 رنز اسکور کیے، ایون مورگن 115 میچز میں 2458 رنز کے ساتھ دوسرے اور ایلکس ہیلز 75 میچز میں 2074 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں۔دریں اثنا انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 65 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے تھے۔ فل سالٹ 85 اور ہیری بروک 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 اوورز میں 171 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
-

دوسرا ٹیسٹ:پاکستان، ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں
راولپنڈی:پاکستان ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کھیلنے کے لئے پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئیں۔ دونوں ٹیمیں آج اسلام آباد کلب میں 12:30 بجے سے 3:30 بجے تک پریکٹس کریں گی۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کا دوسرا میچ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان 20 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
-

جنوبی افریقا سے وائٹ بال سریز کیلئے فلیٹ پچزنہ بنانیکا فیصلہ وائٹ بال سیریز میں بڑے رنز کیلئے پچز تیار نہیں کی جائینگی، فلیٹ بیٹنگ ٹریکس پر جنوبی افریقا کے بیٹرز کی سٹرنتھ کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا بولرز، خاص طور پر سپنرز کو بھی مدد ملے گی،قومی سکواڈ پر مشاورت جاری، اضافی سپنر کھیلانے کا امکان، بابر اعظم اور نسیم بھی زیر غور
لاہور:پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے پلان تیار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق تھنک ٹینک نے کیوریٹرز کو پچز کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں اور وائٹ بال سیریز میں فلیٹ بیٹنگ ٹریکس نہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال سیریز میں یکطرفہ طور پر بڑے رنز کے لیے پچز تیار نہیں کی جائیں گی، فلیٹ بیٹنگ ٹریکس پر جنوبی افریقا کے بیٹرز کی سٹرنتھ کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا، وائٹ بال سیریز میں ٹریکس سے بولرز، خاص طور پر سپنرز کو بھی مدد ملے گی۔ دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز کیلئے سکواڈ پر مشاورت جاری ہے اور پاکستان سکواڈ میں اضافی سپنر کو شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لئے تیاری آخری مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں، بہترین دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ آنے والے میچز کے لیے سکواڈ ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ ذرائع سلیکشن کمیٹی کے مطابق ٹی ٹونٹی سکواڈ کیلئے کسی کے نام کے آگے کراس کا نشان نہیں، بابر اعظم اور نسیم شاہ سمیت تمام وائٹ بال کھیلنے والے کھلاڑی زیر غور ہیں، کوئی بھی کھلاڑی اگر اس وقت ٹیم کی ضرورت ہے تو اسے نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹونٹی میچز 28 اکتوبر سے یکم نومبر کے درمیان کھیلے جائیں گے جب کہ ون ڈے میچز 4 ، 6 اور 8 نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔
-

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ: تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو شکست
جوہر بارو: ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو شکست ہو گئی۔انگلینڈ نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں چوتھی پوزیشن پر رہی۔پاکستان کی جانب سے حنان شاہد اور سفیان خان نے ایک، ایک گول کیا۔
-

رضوان کی جگہ شاہین کو کپتان بنائے جانےکی خبروں پر پی سی بی نے وضاحت کردی
لاہور: محمد رضوان کی جگہ شاہین آفریدی کو کپتان بنائے جانے کے معاملہ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی وضاحت سامنے آ گئی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق کپتان کی تبدیلی سے متعلق ایسی کوئی بات علم میں نہیں، قومی سکواڈ کا اعلان دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد ہوگا۔دوسری جانب یاد رہے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے سکواڈ کا باضابطہ اعلان پیر کو متوقع ہے۔واضح رہے میڈیا میں اس طرح کی خبریں سامنے آرہی تھی کہ محمد رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کا امکان تھا۔
-

’’ٹیسٹ 20‘‘ کے نام سے کرکٹ میں نیا فارمیٹ متعارف فارمیٹ 80 اوورز پر مشتمل ،ہر ٹیم کی 2،2 اننگز ، ہر اننگز 20 اوورز کی ہو گی
لاہور:ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش کے دوران ایک نیا فارمیٹ منظرِ عام پر آگیا، جو روایتی ریڈ بال کرکٹ اور جدید ٹی 20 کرکٹ کے عناصر کو یکجا کرتا ہے ، اس نئے فارمیٹ کا نام ‘ٹیسٹ 20’ رکھا گیا ہے ۔یہ خیال بھارتی سپورٹس سرمایہ کار اور ‘ون ون سِکس نیٹ ورک’ کے ایگزیکٹو چیئرمین گورو بہیروانی نے پیش کیا، اس منصوبے کو سابق کرکٹ سٹارز اے بی ڈی ویلیئرز، کلائیو لائیڈ، میتھیو ہیڈن اور ہربھجن سنگھ جیسے نامور کھلاڑیوں کی سرپرستی حاصل ہے ۔یہ فارمیٹ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا، جس میں ہر ٹیم کو 2،2 اننگز کھیلنے کا موقع ملے گا، ہر اننگز 20 اوورز پر مشتمل ہوگی اور دونوں اننگز کے سکور آگے منتقل کیے جائیں گے ۔ٹیسٹ 20 کا پہلا مکمل سیزن جنوری 2026 میں شروع ہوگا، جس میں 6 عالمی سطح کی بڑی فرنچائزز حصہ لیں گی، جس میں 3 بین الاقوامی (دبئی، لندن، اور ایک امریکی شہر) اور 3 بھارتی شہروں سے شامل ہوں گی۔ ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کو جونیئر ٹیسٹ 20 چیمپئن شپ کے ذریعے دریافت کیا جائے گا۔ تاہم اس تجویز پر ابھی تک باضابطہ طور پر غور و خوض نہیں کیا گیا۔
-

پی سی بی کا ڈریسنگ رومز کو مزید محفوظ بنانے کا فیصلہ
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی سٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ڈریسنگ رومز کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق انکلیوژر اور ڈریسنگ رومز کے درمیان حفاظتی باڑ لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے تاکہ میدان میں موجود تماشائی یا غیر متعلقہ افراد کسی صورت ڈریسنگ رومز تک نہ پہنچ سکیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک نوجوان بابراعظم کا فین دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم تک پہنچ گیا تھا۔
-

دوسرے ٹیسٹ کیلئے بھی سپن فرینڈلی وکٹ بنائی جائیگی
لاہور:پاکستان جنوبی افریقا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کیلئے بھی سپن فرینڈلی وکٹ بنائی جائیگی۔راولپنڈی سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے لئے سپنرز کو مدد دینے والی پچ تیار کی جا رہی ہے ،اطلاعات کیمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے پچ انچارج گزشتہ تین دنوں سے اس وکٹ کی تیاری میں مصروف ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس بار پچ ایسی بنائی جا رہی ہے جس پر سپن بولرز کو زیادہ مدد ملے گی اور میچ دلچسپ بنے گا۔دوسری جانب پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید آ ج راولپنڈی پہنچیں گے تاکہ پچ اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج اسلام آباد پہنچیں گی، جہاں وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔
