لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق سیریز کا پہلا ٹیسٹ12 اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹیم مینجمنٹ میں اظہر محمود کو ہیڈ کوچ،نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر،عمران فرحت کو بیٹنگ کوچ،عبد الرحمن کو اسپن بولنگ کوچ اور عبد المجید کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔دیگر عہدیداروں میں کلف ڈیکن (فزیوتھراپسٹ)، طلحہ بٹ (پرفارمنس اینالسٹ)، گرانٹ لیوڈن (اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)،سید نعیم گیلانی (میڈیا منیجر)،ارتضی کمال (ٹیم سکیورٹی منیجر)، ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر) اور محمد احسان (مسؤر) شامل ہیں۔قومی ٹیم دونوں ٹیسٹ میچوں کی تیاری کیلئے لاہور میں ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے رہی ہے ،جہاں کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
Category: کھیل
-

سلمان کو ٹی 20 کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ : بابر، رضوان کی واپسی ناممکن
قومی ہیڈ کوچ اور کپتان زیادہ تبدیلیوں کے خواہشمند نہیں ،جنوبی افریقہ کے خلاف صائم اور وکٹ کیپر محمد حارث کو ایک اور موقع دیا جائیگا حارث رؤف کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ عباس آفریدی یا محمد وسیم جونیئر کو موقع دیا جائے گا،بابر،رضوان کی واپسی پر اتفاق نہ ہوسکا،ذرائع :لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلمان علی آغا کو ٹی20 کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ مختصر فارمیٹ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلمان علی آغا کو ٹی20 اور محمد رضوان کو ون ڈے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سے پہلے یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ محمد رضوان سے ون ڈے انٹرنیشنل کی قیادت لے کر سلمان علی آغا کو سونپ دی جائے گی، تاہم ایشیاکپ میں سلمان علی آغا کی بدترین کارکردگی کی بدولت مینجمنٹ یہ فیصلہ نہ کرسکی۔علاوہ ازیں، یہ بھی کہا جارہا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی شان مسعود سے لے کر سعود شکیل کو کپتان بنایا جائے گا تاہم جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے لیے شان مسعود کو ہی کپتان برقرار رکھا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کپتان زیادہ تبدیلیوں کے خواہشمند نہیں ہیں جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف صائم ایوب اور وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کو ایک اور موقع دیا جائے گا۔تاہم، ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث رؤف کو ڈراپ کیا جائے گا اور ان کی جگہ عباس آفریدی یا محمد وسیم جونیئر کو موقع دیا جائے گا۔علاوہ ازیں، ٹی 20 فارمیٹ میں سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی واپسی پر اب اتفاق رائے نہ ہوسکا۔واضح رہے کہ سلمان علی آغا بھارت کے خلاف بطور کپتان 3 میچز میں ناکامی کے بعد تنقید کی زد میں رہے اور ان کی اپنی کارکردگی بھی ایشیاکپ میں بدترین رہی ہے ۔
-

2 اضافی ٹیموں کیساتھ پی ایس ایل 11 اپریل مئی میں ہونیکا امکان
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال بھی پاکستان سپر لیگ رمضان کے بعد اپریل اور مئی میں کراناچاہتا ہے، دو اضافی ٹیموں کے ساتھ پی ایس ایل 11، انڈین پریمیئر لیگ کے ساتھ ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز اور پی سی بی کے درمیان بہت سارے معاملات حل طلب ہیں اور ابھی تک باضابطہ ایسی میٹنگ نہیں ہوئی جس میں اگلی پی ایس ایل پر بات چیت ہو۔اگلے سال کے شروع میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی وجہ سے پی ایس ایل فروری مارچ میں کرانا ممکن نہیں ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہوگی جس کے بعد پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز ہوگی۔ٹی 20 ورلڈ کپ اور پی ایس ایل کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل کی سیریز ہوگی۔ بنگلا دیش کی ٹیسٹ سیریز کے بعد وائٹ بال سیریز مئی کے بعد ہوگی۔پاکستان ٹیم بنگلا دیش میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے گی، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان بھی تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ ہوں گے، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال اپریل اور مئی میں دو اضافی ٹیموں کے ساتھ پی ایس ایل کراناچاہتا ہے۔دوسری جانب آئی پی ایل کا اگلا ایڈیشن 15 مارچ سے 31 مئی تک کھیلا جائے گا اس لیے اس بار بھی قوی امکان ہے کہ دونوں بڑی لیگز کے میچز کی تاریخوں میں ٹکراؤ ہو اور بہت سے انٹرنیشنل کھلاڑی دونوں میں سے کسی ایک لیگ کا انتخاب کر سکیں۔
-

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے ٹکٹس فروخت کیلئے پیش
لاہور:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے ٹکٹس فروخت کیلئے پیش کردئیے گئے ۔ آن لائن ٹکٹس پی سی بی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔لاہور اور راولپنڈی ٹیسٹ میچز کے لیے جنرل، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں فری داخلہ ہوگا۔لاہور اور راولپنڈی ٹیسٹ کے فزیکل ٹکٹس آج سے ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز پر ملیں گے ۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹس 16 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے ۔
-

جنوبی افریقہ سے وائٹ بال سیریز ، قومی سکواڈ میں تبدیلی کا امکان
ایشیاکپ میں ٹیم کی پرفارمنس کے بعد سلیکٹرز، کوچ،کپتان نے سرجوڑ لیے جبکہ ٹی20قائد سلمان کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائیگا ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ میں 3سے 4تبدیلیاں کی جائیں گی لیکن بابراعظم کی واپسی کا اب بھی کوئی امکان دکھائی نہیں دے رہا،ذرائع :لاہور:جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے لیے قومی سکواڈ میں 3 سے 4 تبدیلیاں متوقع ہیں جس پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی اس وقت جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے مشاورت کررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ایشیاکپ 2025میں ٹیم کی پرفارمنس کے بعد سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے سرجوڑ لیے جب کہ ٹی20کپتان سلمان علی آغا کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وائٹ بال سکواڈ میں بہت زیادہ تبدیلیاں متوقع نہیں، البتہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں 3سے 4تبدیلیاں کی جائیں گی۔لیکن بابراعظم کی واپسی کا اب بھی کوئی امکان دکھائی نہیں دے رہا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بھی بات چیت کی جائے گی۔اسی طرح ون ڈے سکواڈ میں بھی چند تبدیلیاں متوقع ہیں، سکواڈز میں تبدیلیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف 2ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے بعد 3ٹی ٹونٹی اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گا۔پاکستان اور ساتھ افریقہ کے درمیان 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
-

قائد اعظم ٹرافی،تمام مقامات پر بارش،کوئی میچ نہ ہو سکا
انتظامیہ کے مطابق اگر موسم میں بہتری آئی تو آج میچز کا آغاز ممکن ہو گاراولپنڈی:قائد اعظم ٹرافی 26-2025 کے افتتاحی روز راولپنڈی، ایبٹ آباد، اسلام آباد اور پشاور کے تمام پانچ مقامات پر مسلسل بارش کے باعث کوئی میچ شروع نہ ہو سکا۔ چار روزہ ایونٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچز 6 سے 9 اکتوبر تک شیڈول ہیں تاہم پہلے دن ایک بھی گیند نہیں پھینکی جا سکی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اور پشاور کے درمیان میچ پشاور سٹیڈیم میں شیڈول تھا مگر مسلسل بارش کے سبب میدان کھیل کے لیے موزوں نہ رہا۔ شعیب اختر سٹیڈیم، راولپنڈی میں لاہور وائٹس اور اسلام آباد کی ٹیموں کے مابین میچ شروع ہونا تھا تاہم وہاں بھی بارش کے باعث کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں فاٹا اور ملتان جبکہ مرغزار گراؤنڈ میں فیصل آباد اور کراچی بلیوز کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہونا تھا مگر دونوں میچز بارش کی وجہ سے شروع نہ ہو سکے ۔ ایبٹ آباد سٹیڈیم میں میزبان ایبٹ آباد اور بہاولپور کی ٹیموں کا میچ بھی بارش کے سبب شروع نہ ہو سکا۔ انتظامیہ کے مطابق اگر موسم میں بہتری آئی تو آج میچز کا آغاز ممکن ہو گا۔
-

جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سکواڈ سے عامر جمال، فیصل اکرام ڈراپ
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کیطرف سے کھلاڑیوں کی تعداد 18 سے کم کرکے 16 کردی گئی ،سیریز کا 12 اکتوبر سے آغاز سکواڈ میں 39 سالہ آصف آفریدی پر اعتراضات، نعمان فرسٹ چوائس اگر فٹنس کا مسئلہ ہوا تو تجربہ کار بولر ہونا چاہیے ،رکن کمیٹی لاہور: جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کو مختصر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر عامر جمال اور سپنر فیصل اکرم کو سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 18 سے کم کرکے 16 کردی گئی ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کے تحت جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا ہے ۔جنوبی افریقا پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہے ۔جنوبی افریقہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا فاتح ہے ۔دوسری طرف سکواڈ میں آصف آفریدی کی شمولیت پر اعتراضات سامنے آگئے ۔سکواڈ میں 39 سالہ سپنر آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے ۔اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑی کے بجائے آصف آفریدی کو شامل کرنے پر اعتراضات سامنے آئے ہیں جب کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے حال ہی میں سزا مکمل کرنے کے معاملے کو بھی اٹھایا گیا ہے ۔رکن سلیکشن کمیٹی نے وضاحت دی ہے کہ آصف آفریدی کو نعمان علی کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا ہے مگر نعمان علی فرسٹ چوائس ہیں، اگر فٹنس کا مسئلہ ہوتا ہے تو تجربہ کار بولر ہونا چاہیے ۔رکن سلیکشن کمیٹی نے بتایا کہ عمر کی حد کی پابندی نہیں ہونی چاہیے ، اگر کسی کی ضرورت ہے تو کھیلنا چاہیے ، آصف آفریدی ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل پہلے کھیل چکے ہیں۔
-

تیسری ایشیائی گیمز میں کھلاڑیوں کے سیلف فنانس کی بنیاد پر شرکت پر پابندی
لاہور: حکومت پاکستان نے تیسری ایشیائی گیمز میں کھلاڑیوں کے سیلف فنانس کی بنیاد پر شرکت پر پابندی لگا دی۔پاکستان سپورٹس بورڈ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق کوئی بھی فیڈریشن اپنے اخراجات یا سیلف فنانس کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو گیمز میں شرکت کے لئے نہیں بھیج سکتا۔تیسری ایشیائی گیمز میں شرکت کے لئے وزارت خارجہ کی این اوسی لازمی ہے، وزارت خارجہ نے 53 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے این اوسی جاری کی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صرف وزارت خارجہ سے اجازت والے کھلاڑی اور ایتھلیٹس گیمز میں شرکت کے اہل ہیں۔بغیر این او سی گیمز میں شرکت کے لئے بحرین جانے والوں کو ایف آئی اے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، بغیر اجازت جانے والے پاکستان کا نام اور قومی پرچم استعمال نہیں کرسکتے۔
-

ایشیا کی دوسری بہترین ٹیم کے لقب پر افغان ٹیم کے کپتان ناراض
لاہور:افغانستان کے کپتان راشد خان ایشیا کی دوسری بہترین ٹیم کے لقب پر مذاق اڑائے جانے سے نالاں ہیں اورانہوں نے کہا کہ ایک بات میڈیا میں بار بار چل رہی ہے کہ لوگ ہمیں ایشیا کی دوسری بہترین ٹیم کہتے ہیں، ہم نے کبھی یہ نہیں کہا لیکن گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ہم نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ ایشیا کپ، ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور ون ڈے ورلڈ کپ ہر ایونٹ میں ہم نے بڑی ٹیموں کو ہرایا، چیمپیئنز ٹرافی میں بھی انگلینڈ کو مات دی، اسی لیے ہمیں یہ ٹیگ ملا، مستقبل میں اگر ہم اچھی کارکردگی نہ دکھائیں تو یقیناً تیسرے ، چوتھے یا پانچویں نمبر پر ہونگے لیکن ایشین نمبر ٹو کا ٹائٹل ہم نے خود کو کبھی نہیں دیا۔ کبھی آپ اچھا کھیلتے ہیں تو کبھی برا، یہ کھیل کا حصہ ہے ، سوچ ہمیشہ مثبت اور یہ جذبہ ہونا چاہیے کہ بہتر کھیلیں، البتہ لوگ اس پر مذاق اڑاتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ آج کل جتنا آپ کسی کا مذاق اڑائیں لوگ آپ کو اتنا پسند کرتے ہیں لیکن یہ اچھا نہیں لگتا۔ ایشیا کپ سے پہلے ہماری ٹیم نے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز نہیں کھیلے جس کی وجہ سے ہم آہنگی میں کمی رہی، بولنگ اٹیک کنڈیشنز کے مطابق پرفارم نہیں کر سکا اور بیٹنگ بھی مقابلے کے معیار پر پوری نہ اتری، اب ہم اگلے سال کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری پر مکمل طور پر فوکس کر رہے ہیں۔
-

فیفا ورلڈکپ 2026کیلئے آفیشل میچ بال ٹریونڈا متعارف
لاہور:فیفا نے ورلڈکپ 2026 کیلئے آفیشل میچ بالTRIONDA ٹریونڈا لانچ کر دی۔فیفا کی جانب سے متعارف کرا ئی گئی بال جدید ٹیکنالوجی اور 3 میزبان ممالک ( امریکا، میکسیکو اور کینیڈا ) کی نمائندگی کرنے والے ڈیزائن پر مبنی ہے۔اس فٹبال کا نام TRIONDA رکھا گیا ہے ، جسے جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے ڈیزائن کیا ہے ۔TRIONDA ٹریونڈا نام 2 اسپینش الفاظ ملا کر بنایا گیا ہے ۔ Tri (تین) اور Onda کا مطلب(لہر) ہے ۔ یہ نام3 میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا اور بال کے لہر نما ڈیزائن کی عکاسی کرتا ہے ۔ بال میں سرخ، نیلا اور سبز رنگ نمایاں ہے ، جن کے ساتھ ہر میزبان ملک کا علامتی نشان شامل ہے ۔کینیڈا کی نمائندگی کے لیے میپل کے پتے ، میکسیکو کیلئے عقاب اور امریکا کے لیے ستارے کا نشان بال پر ہے جبکہ بال پر موجود پیٹرن اتحاد کی علامت ہے ۔ ورلڈکپ کی آفیشل گیند میں اس بار جدید ٹیکنالوجی بھی نصب کی گئی جو ہرموومنٹ کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔ پہلی بار گیند میں کنیکٹڈ بال ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے ، جس میں 500Hz موشن سینسر نصب ہے ۔ جس کی مدد سے ریفریز کو آف سائیڈ اور ہینڈ بال جیسے فیصلے فوری اور درست کرنے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ اگلے سال 11 جون سے 19 جولائی تک ہوگا۔
