اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں کامیابی پر قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور دلی مبارک باد دی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی، جذبے اور ٹیم ورک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قومی ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتح قوم کےلیے فخر اور خوشی کا باعث ہے، ہاکی ٹیم کی محنت قابلِ تحسین ہے، یقین ہے کہ ٹیم فائنل میں بھی اسی جذبے سے کامیابی حاصل کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کیا اور دل جیت لیے۔اُن کا کہنا تھا کہ دعا ہے پاکستانی ہاکی ٹیم فائنل میچ میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑے، امید ہے جلد ہم ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔
Category: کھیل
-

نیشنز ہاکی کپ ،پاکستان فرانس کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
کوالالمپور:انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان فرانس کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ۔ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری نیشنز کپ کے پہلے سیمی فائنل کے پہلے کواٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔دوسرے کواٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے گول اسکور کرکے پاکستان پر 0-1 برتری حاصل کی۔تیسرے کواٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی پلئیر نے گول داغ کر برتری 0-2 کردی تاہم 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے گول کرکے میچ میں پاکستان کیلئے پہلا گول اسکور کیا۔بعدازاں تیسرے کواٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ کا اپنا دوسرا گول اسکور کرکے میچ 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔تاہم چوتھے کواٹر کے اختتامی لمحات میں فرانس کی جانب سے شارلٹ وکٹر نے گول داغ کر ایک مرتبہ پھر میچ 3-3 سے برابر کردیا۔دوسرے سیمی فائنل میں کوریا کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔
-

ایشین سکواش چیمپئن شپ: پاکستان کے ناصر اقبال کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
کوچینگ: پاکستان کے ناصر اقبال ایشین سکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ملائیشیا کے شہر کوچینگ میں جاری ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں ناصر اقبال اپنی شاندار پرفارمنس کے بعد کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے جب کہ نور زمان کو شکست کا سامنا رہا۔پری کوارٹر فائنل میں ناصر اقبال نے ہانگ کانگ کے کھلاڑی کو شکست دی اور لائی چیوک نم کے خلاف 11 ۔7، 2 ۔ 11، 11 ۔5 اور 11 ۔ 8 سے کامیابی حاصل کی جب کہ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ ہانگ کانگ کے ہینری لیونگ سے ہوگا۔دوسری جانب ورلڈ انڈر 23 چیمپئن نور زمان پری کوارٹر فائنل میں اپنا میچ ہار گئے، نور زمان میچ کے دوران انجری کا شکار رہے لیکن کمر میں تکلیف کے باوجود انہوں نے میچ مکمل کیا۔نور زمان کو ملائیشیا کے جواسم چواہا نے 3 ۔ 2 سے شکست دی، ملائیشین کھلاڑی کا نور زمان کیخلاف جیت کا اسکور 11 ۔ 3، 11 ۔ 3، 3۔ 11، 10 ۔12 اور 11۔ 2 رہا۔
-

پاکستان نے نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
کوالالمپور: پاکستان نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ملائیشیا نے گروپ بی کے آخری گروپ میچ میں جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔گروپ بی میں پاکستان نے ایک میچ جیت جیتا،ایک میں شکست ہوئی اور ایک میچ برابر رہا، بہترین گول اوسط کی بنیاد پر پاکستان نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔پہلے میچ میں پاکستان اور میزبان ملائیشیا کا میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا، شاہینوں نے دوسرے میچ میں جاپان کو 0-3 سے شکست دی جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست دیدی۔دوسری جانب پول اے سے فرانس اور کوریا کی ٹیموں نے پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
-

نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان کی جاپان کو 2-3 سے شکست
کوالالمپور:ملائیشیا میں جاری نیشنز ہاکی کپ کے ایک سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے جاپان کو 2-3 سے شکست دے دی۔جاپان کے خلاف میچ کے دوران پاکستان کی جانب سے علی غضنفر نے پہلے کوارٹر میں گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ تیسرے کوارٹر میں رانا وحید نے ایک اور گول داغ کر پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔فیصلہ کن لمحہ چوتھے کوارٹر میں آیا جب صفیان خان نے اپنے شاندار گول سے میچ کو پاکستان کے نام کر دیا۔دوسری جانب جاپان نے پہلے کوارٹر میں ہی دونوں گول اسکور کیے تاہم، جاپان کی ٹیم باقی کوارٹروں میں واپسی نہ کر سکی اور پاکستان نے میچ اپنے نام کر لیا۔ایونٹ میں قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 18 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
-

جنوبی افریقہ آسٹریلیا کو شکست دیکر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بن گیا
لارڈز: آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن کا ٹائٹل جنوبی افریقہ نے جیت لیا۔ لارڈز میں کھیلے گئے فائنل کے چوتھے روز جنوبی افریقا نے 213 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی تو اُسے تاریخی کامیابی کے لیے مزید 69 رنز کی ضرورت تھی۔ ایک رن کے اضافے پر ہی کپتان ٹیمبا باووما اپنی وکٹ گنوابیٹھے، اُنہوں نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایڈن مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ اسٹبس بھی مارکرم کا پوری طرح ساتھ نہ دے سکے، وہ 241 کے مجموعی اسکور پر 8 رنز بنا سکے، ڈیوڈ بیڈنگھم اور مارکرم آہستہ آہستہ ٹیم کو کامیابی کی جانب لے جارہے تھے مگر فتح سے صرف 6 رنز کی دوری پر مارکرم بھی آؤٹ ہوگئے، وہ 136 رنز بناکر پویلین لوٹے، اُنہوں نے 207 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے لگائے۔جیت کے لیے درکار بقیہ 6 رنز بیڈنگھم اور ورینی نے حاصل کرکے اپنی ٹیم کو 27 برس بعد آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جتوادیا۔جنوبی افریقا نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور 5 وکٹوں سے آسٹریلیا کو شکست دی۔ بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ، شاندار اننگز کھیلنے پر مارکرم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔یہ جنوبی افریقا کا آئی سی سی کا دوسرا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل اس نے 1998 میں آئی سی سی ون ڈے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی ۔
-

پاکستان کیلئے پانچ گولڈ میڈل جیتنے والے اسد اقبال کی گورنر خیبرپختونخواسے ملاقات
اسلام آباد(نعیم فاروق روحانی) تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین انڈور روونگ چیمپئن شپ میں پانچ گولڈ میڈل جیتنے والے اسد اقبال نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ، پاکستان روونگ فیڈریشن کے چیئرمین رضوان الحق اور سنٹرل سیکریٹریٹ پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے انچارج اور نیشنل روونگ فیڈریشن اسلام آباد کے صدر سید سبط الحسن بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسد اقبال کو اس اعزاز کے حصول پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا نام روشن کرینگے ، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں روونگ کے فروغ کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان باصلاحیت ہیں ہماری کوشش ہے کہ صوبہ کا سافٹ امیج روشن کرنے کے لیئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے، اسد اقبال نے اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔
-

آئی سی سی نے ٹی 20 پلیئرز کی عالمی رینکنگ جاری کر دی
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے محدود فارمیٹ ٹی 20 پلیئرز کی عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ٹی 20 رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی اور بھارت کے ابھیشک شرما کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔بھارت کے تلک ورما ایک درجہ ترقی پاکر دوسری سے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے جبکہ انگلینڈ کے فل سالٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئےہیں۔انگلینڈ کے جوز بٹلر ایک درجہ ترقی پاکر چھٹے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور بھارت کے سوریا کمار یادیو ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)ٹی ٹونٹی بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم 12 ویں اور محمد رضوان 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ 14 درجے ترقی پاکر کے 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔انگلینڈ کے بین ڈکٹ بھی لمبی چھلانگ کے ساتھ 48 درجے ترقی پاکر کے بعد 16 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ویسٹ انڈیز کے راومن پاول 8 درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بائولنگ کے شعبے میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید 2 درجہ ترقی پاکر د دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔بھارت کے ورن چکرورتی کی تیسری پوزیشن برقرار ہے اور سری لنکا کے وانندو ہسارانگا ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین 3 درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رؤف اور عباس آفریدی کی ایک ایک درجہ ترقی ہوئی ہے، جو بالترتیب 19ویں اور 20ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹی 20 آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں بھارت کے ہاردیک پانڈیا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔آسٹریلیا کے مارکس پیٹر سٹوئنس دوسرے جبکہ انگلینڈ کے لیام سٹیفن لیونگ سٹون تیسرے نمبر پر ہیں۔
-

آسٹریلیا نے آئندہ برس وائٹ بال سیریز کیلئے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی
لاہور:آسٹریلیا نے آئندہ برس کے اوائل میں وائٹ بال سیریز کیلئے پاکستان کے دورہ کی تصدیق کردی۔کرکٹ آسٹریلیا کے نئے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے آن لائن پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میرے خیال میں یہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کا اچھا دورہ ہو گا۔ پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے شیڈول کا ایک اہم حصہ ہے۔ ریڈ بال اور وائٹ بال سیریز کے لئے پاکستان آسٹریلیا کی آپس میں اچھی بات چیت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مزید سیریز کے لیے مواقع تلاش کرنا ہیں جو یقینی طور پر ہم کریں گے، ہم پاکستان میں سیریز کھیلنا چاہیں گے، 2022 میں طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا، 2022 میں دورہ بہت شاندار رہا تھا، آسٹریلیا ٹیم کا اچھا استقبال ہوا، اس طرح کی سیریز مزید ہوتی ہیں تو بہت اچھا ہو گا۔ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ ہم بگ بیش لیگ میں زیادہ سے زیادہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہیں گے، پاکستان کے کھلاڑیوں کی کمیونٹی میں بہت مقبولیت ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ پوری دنیا سے بی بی ایل کے لئے کھلاڑیوں کی توجہ حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے سرکردہ کھلاڑی آتے ہیں تو یقینی طور پر وہ یہاں لطف اندوز ہوں گے، سرکردہ کھلاڑیوں کی وجہ سے لیگ ان کی ٹیمز اور فرنچائزز کے لئے بہت اچھا ہوگا، پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے اس وقت بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، مجھے امید ہے کہ بی بی ایل کے اگلے ایڈیشن کیلئے چند کھلاڑیوں کی توجہ ضرور حاصل کریں گے۔
-

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں مالیاتی پائیداری کو مضبوط بنانے اور عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی۔فلپائن میں قائم مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بہتر وسائل کی وصولی اور استعمال میں اصلاحات کے پروگرام کے دوسرے ذیلی مرحلے میں 30 کروڑ ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض شامل ہے، اور اے ڈی بی کی طرف سے پہلی مرتبہ پالیسی پر مبنی ضمانت دی جا رہی ہے، جو 50 کروڑ ڈالر تک ہوگی، جس سے کمرشل بینکوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل ہونے کی توقع ہے۔اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے کہا کہ پاکستان نے معاشی حالات کو بہتر بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، یہ پروگرام حکومت کے اس عزم کی حمایت کرتا ہے کہ وہ پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے عوامی مالیات کو مستحکم کرے اور پائیدار ترقی کو فروغ دے۔یہ پروگرام ٹیکس پالیسی، انتظامیہ اور عمل درآمد کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی حمایت کرتا ہے، ساتھ ہی سرکاری اخراجات اور نقدی کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کرتا ہے۔منیلا میں قائم ادارے نے کہا کہ یہ پروگرام ڈیجیٹلائزیشن، سرمایہ کاری میں سہولت کاری، اور نجی شعبے کی ترقی کو بھی فروغ دیتا ہے، ان اقدامات کا مقصد پاکستان کے مالیاتی خسارے اور عوامی قرض کو کم کرنا ہے، جب کہ سماجی اور ترقیاتی اخراجات کے لیے گنجائش پیدا کرنا بھی ہے۔اس پروگرام کے تحت ایک جامع معاونتی پیکیج بھی فراہم کیا جائے گا، جس میں تکنیکی معاونت اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری شامل ہے، تاکہ پاکستان کو طویل مدتی مالی استحکام اور لچک حاصل کرنے میں مدد ملے۔وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے تصدیق کی کہ اس مالیاتی ادارے نے پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ معاشی امور اور وزارت خزانہ کی قیادت میں سفارت کاری نے اے ڈی بی کے بورڈ میں اکثریتی حمایت حاصل کی۔
