نگراں وزیراعلٰی کے لیے کسی نام پر اتفاق نہ ہو سکا، آگے کیا ہو گا؟
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے تاہم نگراں وزیراعلٰی کے لیے ابھی تک کسی ایک نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ صوبے کے عارضی وزیراعلٰی پرویز الٰہی ہی ہیں جو محدود اختیارات کے ساتھ اُس وقت تک کام جاری رکھیں گے جب تک نگران وزیراعلٰی کا تقرر نہیں ہوجاتا۔
نگراں وزیراعلٰی کی تقرری کے عمل میں حکومت کی جانب سے اب تک تین نام دیے گئے ہیں جن احمد نواز سکھیرا، ناصر کھوسہ اور نصیر خان شامل ہیں۔ اُدھر اپوزیشن نے جن تین ناموں کی منظوری دی ہے اُن میں ملک احمد خان، حسن مرتضیٰ، خلیل طاہر سندھو شامل ہیں جس کا مطلب ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کے دیے گئے ناموں میں سے کسی پر اتفاق نہیں کیا۔
پہلے مرحلے میں تین روز تک کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے 17 جنوری کی رات 10:10 منٹ پر گورنر پنجاب نے آئینی تقاضا پورا کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کو خط لکھا تھا کہ وہ ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں جو حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل ہو۔
’یہ کمیٹی اگلے تین روز میں کسی نتیجے پر پہنچے اور مشترکہ طور پر پنجاب کے نگران وزیر اعلی کا تعین کرے۔‘