دستور اور جمہوریت سے بےنیاز ہوکر نظمِ ریاست چلانے پر ملک بحرانوں کی لپیٹ میں آیا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے اور عوامی مینڈیٹ کی حامل تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا، پنجاب اور مرکز میں مضبوط حکومت سازی کا آئینی و جمہوری حق دینے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین تحریک انصان بیرسٹر گوہر خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل دستور کی مکمل بالادستی اور جمہوری اقدار و روایات کے ازحد احترام سے جڑا ہے، دستورِمملکت اقتدار و اختیار کی ملکیّت عوام کو سونپتا ہے جو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے یہ اختیار بروئے کار لاتے ہیں، ریاست اور عوام کے مابین اس مقدس رشتے کو نیچا دکھا کر بطور ریاست ہمارے لیے کسی بھی خیر کی توقع عبث ہے۔

تاریخ گواہ ہے جب بھی دستور اور جمہوریت سے بےنیاز ہوکر نظمِ ریاست چلانے کی کوشش کی گئی، ملک بحرانوں کی لپیٹ میں آیا اور حادثات نے ہماری دہلیز پر دستک دی، آج بطور ریاست ہم جس مقام پر کھڑے ہیں وہ ہم سے نہایت سنجیدگی اور ہوش مندی کا متقاضی ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جھوٹے، من گھڑت اور جعلی مقدمات میں جیل میں ناحق قید کیا گیا،تحریک انصاف سے بلّے کا انتخابی نشان چھین لیا گیا، تحریک انصاف کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی اور قدم قدم پر آئین و قانون کی دھجیاں اڑا کر انتخابی دوڑ سے باہر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ تمام ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک انصاف کو سونپے گئے واضح اور فیصلہ کن عوامی مینڈیٹ پر کھلی نقب زنی ہر لحاظ سے عوام کے ووٹوں کی بے حرمتی اور دستور و جمہوریت کی پامالی کے مترادف اور پاکستان کے مفاد سے متصادم ہے۔

الیکشن کمیشن کی قابلِ مذمت سہولت کاری سے انتخابی نتائج میں مجرمانہ ردّ و بدل کے ذریعے عوام کی منتخب اکثریت کو جبراً اقلیّت میں بدلنے کا اقدام پر لحاظ سے تباہی کا نسخہ ہے۔

بیرسٹر گوہرخان نے نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام کے جائز مینڈیٹ کو غیر قانونی طور پر عوام کے مسترد شدہ سیاسی گروہوں میں بانٹ کر انہیں بطور حکمران ملک پر مسلّط کیے جانے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کی روش ترک کرکے فی الفور فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں اور تحریک انصاف کی چھینی گئی نشستیں لوٹائی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کیلیے غیرآئینی و غیر قانونی سیلیکشنز پر اصرار کی بجائے عوامی مینڈیٹ کی حامل تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا، پنجاب اور مرکز میں مضبوط حکومت سازی کا آئینی و جمہوری حق دیا جائے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بہرصورت عوام کے مینڈیٹ کی نگہبانی کا فریضہ سرانجام دے گی اور عوام کے ووٹ کی حرمت کے تحفظ کیلیے ہر سطح پر پوری قوت سے آواز بلند کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں