کراچی؛ نیوی اہلکار کے قتل میں ملوث دو ڈاکو پولیس مقابلے میں گرفتار
کراچی: بوٹ بیسن پولیس نے بیچ ویو پارک ڈیفنس کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزمان نے 17 جنوری کو کلفٹن پاک ٹاور میں نیوی اہلکار کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا تھا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 22 سالہ محمد وقاص ولد بخت نواز اور 20 سالہ بلال خان ولد وحید خان کے نام سے کی گئی، ملزمان سے دو پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
بوٹ بیسن پولیس کے مطابق گرفتار دونوں ملزمان نیوی اہل کار کے قتل میں ملوث ہیں، 17 جنوری کو کلفٹن پاک ٹاور ہیلی پیڈ کے قریب موجود نیوی اہلکار محمد شان ولد محمد اسلم اپنے کزن کاشف نواز کے ہمراہ موبائل فون سے تصویر کھینچ رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکوؤں نے محمد شان سے اس کا موبائل فون چھینا اور مزاحمت پر نائن ایم ایم پستول سے دو گولیاں مار کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش وقاص نے بتایا کہ نیوی اہلکار محمد شان کو اس نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، نیوی اہلکار سے چھینا ہوا موبائل فون اور نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیا۔
بوٹ بیسن پولیس نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو خیبر پختون خوا کے رہائشی ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جاچکے ہیں، گرفتار ڈاکو وقاص 9 جنوری کو ہی ضمانت پر جیل سے رہا ہوا تھا۔