عمران خان کے متنازع بیان سے پیپلز پارٹی کیلیے خطرہ ہوسکتا ہے، خواجہ آصف
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان پیپلز پارٹی کے لیے خطرات کا باعث ہوسکتا ہے، عمران خان کے اس پینترے سے خون خرابا ہو سکتا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست میں ایسے واقعات نہ پہلے ہوئے ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے، بے نظیر بھٹو نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جان گنوائی جبکہ ہیپلزپارٹی نے پرتشدد طریقے کی بجائے جمہوری طریقہ اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار چھننے کا غم عمران خان کو نہیں چھوڑ رہا اور اس کا الزام امریکا سے شروع ہو کر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی تک پہنچ گیا، عمران خان پہلے اور آج ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اگر ملک میں کوئی بھی سانحہ ہوا اسکا ذمہ دار عمران خان ہو گا، قانون اور آئین سیاسی طابع نہیں ہونا چاہئے، چوہدری فواد کی گرفتاری سیاسی انتقام نہیں، مجھے انہوں جیل میں صرف دو کمبل دیے تھے، ان کو ہر سہولت مل رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کہتا ہے کہ فوج سے میری ملاقات کرواؤ، اب سیاست 2012 کی طرح کی نہیں چلے گی بلکہ اب اپنے بل بوتے پر ہو گی۔