Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 15 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • انٹرنیٹ بندش: پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، پی پی کا چیف جسٹس سے مداخلت کا مطالبہ

    انٹرنیٹ بندش: پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، پی پی کا چیف جسٹس سے مداخلت کا مطالبہ

    اسلام آباد: تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے انٹرنیٹ کی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا، پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر اور پیپلز پارٹی نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

    تحریک اںصاف کے سینیٹر سید علی ظفر نے انتخابات کے روز ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا دیا۔

    انہوں ںے خط میں کہا ہے کہ انتخابات کے روز ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش سے پاکستان کو شدید اور سنگین نقصان پہنچ رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش سے لاتعلقی کا بیان ناقابل قبول ہے۔

  • مہمند: اے این پی اور پی ٹی آئی کارکنان میں ہاتھا پائی، پریزائڈنگ افسر زخمی

    مہمند: اے این پی اور پی ٹی آئی کارکنان میں ہاتھا پائی، پریزائڈنگ افسر زخمی

    پشاور: مہمند میں اے این پی اور پی ٹی آئی کارکنان میں ہاتھا پائی کے دوران پریزائڈنگ افسر زخمی ہوگئے۔

    حلقہ پی کے 67گورنمنٹ جی جی پی ایس شہید بانڈہ 165 کے مشترکہ پولنگ اسٹیشن پر ہاتھا پائی کا واقعہ ہوا، ہاتھا پائی کے بعد پولیس اور انتظامیہ جائے وقوعہ پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق اے این پی اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان زبانی تکرار کے بعد ہاتھا پائی ہوئی، واقعے کے بعد پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عمل روک لیا گیا۔

  • مجھے نہیں پتا موبائل فون بندش سے شہریوں کو کیا مشکلات ہیں، نگراں وزیراعظم

    مجھے نہیں پتا موبائل فون بندش سے شہریوں کو کیا مشکلات ہیں، نگراں وزیراعظم

    اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتا موبائل فون بندش سے شہریوں کو کیا مشکلات ہیں تاہم اسے سیکیورٹی تناظر میں دیکھا جائے تو بہتر ہے، کامیاب الیکشن پر حکومت، مسلح افواج، الیکشن کمیشن و دیگر کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں عام انتخابات 2024ء کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے، میڈیا اور ان تمام اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جنہوں ںے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اہم موقع ہے جہاں نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی، پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش اس جمہوری مشق کا سنگ بنیاد رہا ہے، ووٹروں کا زیادہ ٹرن آؤٹ ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لیے عوامی عزم کا واضح اشارہ ہے، ووٹوں کے ذریعے ظاہر ہونے والی آوازیں ہماری جمہوریت کی مضبوطی میں کردار ادا کریں گی۔

    انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے چند واقعات کے باوجود ملک بھر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، ایل ای اے، سویلین ایڈمنسٹریشن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، اپنے فرائض سے ان کی غیر متزلزل وابستگی انتخابات کے پُرامن انعقاد میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے پاکستانی عوام نے غیر معمولی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

    نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد آپ کا عزم، انتخابی عمل میں شرکت جاری رکھنا، ان قوتوں کے خلاف ایک طاقتور بیان ہے جو ہماری قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں، یہ امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہماری اجتماعی خواہش کو واضح کرتا ہے، ایک بار پھر میں اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں،دعا ہے کہ یہ الیکشن پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کی نوید ثابت ہوں۔

    قبل ازیں وفاقی دارالحکومت میں ایک پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتا کہ موبائل فون سروس بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو کیا مشکلات درپیش ہیں، تاہم اسے سیکورٹی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔

    ماڈل اسکول فار بوائز جی سیس فور میں پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر صحافی کی جانب سے موبائل فون سروس بند ہونے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مجھے نہیں پتا ابھی تک کیا مشکلات ہیں، لیکن ملک میں دہشت گردی کی لہر ہے، بہت سی جگہوں پر سکیورٹی تناظر میں کوئی فیصلہ کیا گیا ہے، اسے اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔

    پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نگراں وزیراعظم کو پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔

    نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات کے ٹرن آؤٹ کے حوالے سے کوئی بھی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

  • ملک بھر میں انتخابات سو فیصد شفاف ہوئے، چیف الیکشن کمشنر

    ملک بھر میں انتخابات سو فیصد شفاف ہوئے، چیف الیکشن کمشنر

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ‏ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف ہوئے ہیں، پورے پاکستان میں کسی ووٹر کو نہیں روکا گیا، یقین ہے ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن سوفیصد شفاف اور پُرامن ہوئے، پولنگ کاعمل بغیرکسی کے وقفے کے جاری رہا کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں کنیکٹویٹی کا مسئلہ ہوگا متعلقہ پریزائیڈنگ افسر خود متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر فارم 45 فراہم کرے گا، ای ایم ایس میں فارم 45 اپ لوڈ کرنے کے بعد جہاں سروس بحال ہوگی فارم خود بخود آر او کو موصول ہوجائے گا، قانون کے مطابق دن دوبجے تک اگر وقت بڑھانے کا کہا جاتا ہے تو وقت بڑھایا جاسکتا ہے گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز میں وقت بڑھایا گیا کیونکہ متعلقہ آر اوز نے وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

    نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر

    قبل ازیں چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو حتمی پولنگ اسکیم جاری ہوتے ہی اپنا ووٹ چیک کرلینا چاہیے تھا۔ سیکورٹی خدشات کے باعث بند موبائل سروس کی بحالی کے احکامات دینا ہمارا مینڈیٹ نہیں۔ الیکشن کمیشن پہلے کی طرح مضبوط ہے۔

    سکندر سلطان راجا نے کہا کہ موبائل سروس معطلی کی خبریں میڈیا پر دیکھیں۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارے سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے۔ انتخابات صاف و شفاف ہوں گے۔ ووٹر اپنی مرضی کے امیدوار کو آزادی سے ووٹ ڈالیں۔ انتخابات قومی فریضہ ہے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

  • کراچی: سیکڑوں نوجوانوں نے پہلی بار ووٹ دیا، مردوں سے زیادہ خواتین نے ووٹ ڈالا

    کراچی: سیکڑوں نوجوانوں نے پہلی بار ووٹ دیا، مردوں سے زیادہ خواتین نے ووٹ ڈالا

    کراچی: شہر قائد میں عام انتخابات کے موقع پر سیکڑوں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ان نوجوان بچے اور بچیوں کی عمریں 18 سال یا اس سے زائد تھیں، نوجوانوں نے شہر کے تمام اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، کچھ نوجوان بچے اور بچیاں اپنے والدین کے ہمراہ آئے تھے۔

    سراج الدولہ کالج کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کے لیے آنے والی انٹر کی طالبہ ثمینہ نے بتایا کہ وہ گژشتہ برس 18 سال کی ہوئی ہیں اور ووٹ کاسٹ کرنا میری زندگی کا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا، بس دعا ہے کہ جس کی حکومت آئے ملک ترقی کرے۔

    ایک اور نوجوان احمد نے بتایا کہ ووٹ کاسٹ کرنا قومی فریضہ ہے جو میں نے پورا کر دیا ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں۔

    بیشتر نوجوانوں کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور اس کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے۔

    بزرگوں سمیت خصوصی افراد نے بھی ووٹ کا سٹ کیا

    اسی طرح، بزرگوں سمیت خصوصی افراد نے بھی اپنا ووٹ کا سٹ کیا۔ کئی پولنگ اسٹیشنز پر بزرگ خواتین اور افراد نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز پر قطاروں میں لگ کر ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے شکوہ کیا کہ بزرگوں کے لیے پولنگ بوتھ الگ ہونا چاہیے۔

    یہ بھی دیکھنے میں آیا کئی پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی افراد کی بڑی تعداد نے بھی اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ان خصوصی افراد کا کہنا تھا کہ معذور افراد کے لیے کئی پولنگ اسٹیشنز پر ریمپ یا وئیل چیئر موجود نہیں تھیں۔

    انہوں نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی کہ وہ خصوصی افراد کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے کوئی حکمت عملی بنائے تاکہ وہ پریشانی کے بغیر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

    بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں نے خود سہولت فراہم کی جس پر ان افراد نے دعائیں دیں اور شکریہ ادا کیا۔

    پولنگ اسٹیشنز پر مردوں کے مقابلے میں خواتین کی تعداد زیادہ رہی

    عام انتخابات میں کراچی میں دیکھا گیا کہ ضلع وسطی، شرقی، کورنگی اور ایسٹ کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر خواتین علی الصباح ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئیں جبکہ ان پولنگ اسٹیشنز پر مردوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی۔

    اپوا اسکول لیاقت آباد کے پولنگ اسٹیشنز میں موجود ایک خاتون ووٹر ریحانہ نے بتایا کہ وہ گھریلو خاتون ہیں، گھر میں سب آرام کر رہے تھے تو میں نے سوچا کہ ووٹ کاسٹ کردوں اس لیے میں صبح ساڑھے 8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی اور میں نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

    رعنا ہوم اکنامکس کالج پولنگ اسٹیشن میں بھی صبح کے اوقات میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔ ایک خاتون شمائلہ نے بتایا کہ میں ایک نجی فارم میں نوکری کرتی ہوں، ووٹ ڈالنا قومی فریضہ ہے اس لیے میں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

    لائنز ایریا کے کھیتوں والے اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کرنے والی خاتون ندا نے بتایا کہ میں اور میری والدہ علی الصباح ووٹ کاسٹ کرنے آئے ہیں، دن میں گھریلو کام ہوتے ہیں اس لیے ووٹ ڈالنے کے لیے وقت ملنا مشکل ہوتا ہے۔

    مختلف پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کا کہنا تھا کہ یہ اچھی علامت ہے کہ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر خواتین ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں، منتخب ہونے والے نمائندوں سے امید رکھتے ہیں کہ وہ خواتین کے مسائل حل کریں گے، مہنگائی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے جو بھی حکومت آئے وہ مہنگائی کو کنٹرول کرے۔

    خواتین نے صبح اور مردوں نے دیر سے ووٹ کاسٹ کیا

    عام انتخابات کے موقع پر مردوں اور نوجوانوں کی اکثر تعداد نے صبح کے مقابلے میں دن میں ووٹ کاسٹ کیا۔ مختلف اضلاع کے کئی پولنگ اسٹیشنز کا جائزہ لیا گیا تو یہ بات دیکھنے میں آئی کہ صبح کے اوقات میں کئی مردوں اور نوجوانوں نے عام تعطیل کو بھرپور انجوائے کیا اور نیند پوری کرنے اور ناشتہ کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا اور اپنی پسند کے امیدواروں کو ووٹ دیئے۔

    پی آئی بی کے ایک پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹر سہیل نے بتایا کہ مجھ سمیت کئی لوگ نجی اداروں میں نوکریاں کرتے ہیں اور ان نوکریوں کے اوقات کار زیادہ ہوتے ہیں اس لیے آرام کا موقع کم ملتا ہے اسی لیے نیند پوری کرکے صبح 11 بجے اٹھا اور ووٹ کاسٹ کیا۔

    کیماڑی کے ایک پولنگ اسٹیشن میں موجود ووٹر زبیر نے بتایا کہ میں نیند اور ناشتہ کرنے کے بعد ضروری کاموں سے دوپہر تقریبا ساڑھے 12 بجے فارغ ہوا پھر میں نے پولنگ اسٹیشن کا رخ کیا اور ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    دیگر مرد ووٹرز کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی صورت حال ہے جو بھی جماعت حکومت بنائے وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کرے اور کھانے پینے کی اشیاء کو سستا کرے۔

    اکثر ووٹرز نے یہ رائے دی کہ انہیں اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ کون حکومت بنا رہا ہے بس جو بھی حکومت بنائے وہ عوام کے مسائل کو حل کرے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔

  • عام انتخابات 2024؛ ’’99 فیصد ایسے لوگ امیدوار ہیں جنہیں میں ووٹ نہ دوں‘‘

    عام انتخابات 2024؛ ’’99 فیصد ایسے لوگ امیدوار ہیں جنہیں میں ووٹ نہ دوں‘‘

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں 99 فیصد ایسے امیدوار ہیں جنہیں میں ووٹ نہ ڈالوں۔

    مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کے حلیے 1960 جیسے ہیں جبکہ 2024 میں جی رہے ہیں، ہمارا سسٹم کھوکھلا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا منشور محض دعووں تک محدود ہے جبکہ ووٹرز کو لالچ دی جاتی ہے کہ ووٹ دیں روٹی کیلئے، مکان کیلئے یا کپڑے کیلئے۔

  • ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، الیکشن کمیشن

    ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔

    الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق عام انتخابات میں ووٹنگ کا وقت شام 5 بجے تک ہے۔ ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

  • غیرملکی سپلائرز اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور فروخت کی اجازت دینے کا فیصلہ

    غیرملکی سپلائرز اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور فروخت کی اجازت دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے غیرملکی سپلائرز اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے، مقامی سطح پر فروخت کرنے اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کسٹمز رولز 2001ء میں ترامیم کی جارہی ہیں، جس کے ذریعے کسٹمز بونڈڈ فسلیٹیشن رولز 2024ء رولز جاری کیے جارہے ہیں۔

    کسٹمز بونڈڈ فسلیٹیشن رولز کے تحت غیر ملکی سپلائرز اکاؤنٹس پر پٹرولیم مصنوعات درآمد، مقامی سطح پر فروخت اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کی جاسکیں گی۔

    ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز بونڈڈ فسلیٹیشن رولز 2024ء رولز پر مشتمل کسٹمز رولز 2001ء میں ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے آراء کیلئے بھی جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان مجوزہ رولز کے بارے میں تجاویز اور اعتراضات پندرہ دن کے اندر اندر بھجواسکتے ہیں، مقررہ میعاد کے بعد موصول ہوئی آراء و تجاویز اور اعتراضات قبول نہیں کیے جائیں گے اور گزٹ نوٹی فکیشن کے ذریعے ان ترامیمی رولز کا اطلاق کردیا جائے گا۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز رولز 2001ء میں ترمیم کرتے ہوئے کسٹمز بونڈڈ فسلیٹیشن رولز 2024ء رولز پر مشتمل XLV کے نام سے نیا چیپٹر شامل کیا جارہا ہے، ان رولز کا اطلاق بین الاقوامی آئل سپلائرز پر ہوگا۔

    مجوزہ رولز کے تحت حکومت کی طرف سے جاری کردہ پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق فارن سپلائرز اکاونٹ پر تیل کی درآمد، مقامی سطح پر فروخت کرنے اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کی جاسکیں گی اس کیلئے تیل کے غیر ملکی سپلائرز کے پاس پاکستان میں اپنا ذاتی رجسٹرڈ بزنس قائم کرنے یا پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنی کی سبسڈیری (ذیلی ادارے) کے ذریعے آپریٹ کرنے کا آپشن ہوگا۔

    وہ چاہے تو اپنا رجسٹرڈ بزنس قائم کرکے فارن سپلائرز اکاونٹ پر پٹرومیم مصنوعات درآمد کرنے کے ساتھ مقامی سطح پر سپلائی اور پاکستان سے دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرسکے گا اور اگر چاہے تو پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنی کے ذیلی ادارے کے ذریعے فارن سپلائرز اکاؤنٹ پر پٹرومیم مصنوعات درآمد کرنے کے ساتھ مقامی سطح پر سپلائی اور پاکستان سے دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرسکے گا۔

    مجوزہ رولز میں مزید کہا گیا ہے کہ تیل کے انٹرنیشنل سپلائرز پاکستان میں جہاں کہیں بھی کسٹمز بونڈڈ ویئر ہاوس میں پبلک میں خام تیل یا دیگر پٹرولیم مصنوعات رکھیں گے وہاں مقامی خریداری یا ری ایکسپورٹ کیلئے موجود خام تیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی بغیر فارم ایکسچینج کے انوینٹری رکھنے کی بھی اجازت ہوگی۔

    مجوزہ رولز میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل آئل سپلائرز پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنی کی جس سبسڈیری کے ذریعے آپریٹ کرے گا اس سبسڈیری کا ایف بی آر کے پاس رجسٹرڈ ہونا لازمی ہوگا اور پاکستان میں بینک اکاؤنٹ ہونا بھی لازمی ہوگا جبکہ جو انٹرنیشنل سپلائرز پاکستان میں اپنا بزنس قائم کریں گے اگر وہ اپنا اسٹوریج رکھنا چاہیں گے تو اس کیلئے انہیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے اسٹوریج لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔

    مجوزہ رولز میں مزید بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی سپلائرز اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے، مقامی سطح پر فروخت کرنے اور دوسرے ممالک کو ری ایکسپورٹ کرنے کےلیے درآمد کی جانے والی پٹرولیم مصنوعات پر پوسٹ ڈیٹڈ چیک کی صورت میں سیکیورٹی اور ایشورٹی بونڈ بھی دینا ہوں گے اور اسیسنگ آفیسر کو پوسٹ ڈیٹڈ چیک کی صورت میں سیکیورٹی اور ایشورٹی بونڈ کو یقینی بنانا ہوگا۔

  • سندھ کے شہری علاقوں میں کامیابی حاصل کریں گے، حافظ نعیم

    سندھ کے شہری علاقوں میں کامیابی حاصل کریں گے، حافظ نعیم

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ موبائل فون کی بندش انتخابی دہشت گردی ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون بند کرنا انتخابی دہشت گردی ہے، رابطے کا ذریعہ ہی ختم ہوگیا، انتخابی عمل میں تاخیر ہے، رکشہ میں سامان لایا جارہا ہے، یہ کیا مذاق ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پری پول دھاندلی ہورہی ہے، عوام سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالنے کے لئے نکلیں، الیکشن کے بائیکاٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
    حافظ نعیم نے زور دیا کہ کراچی میں ہم 12 سے زائد نشستیں حاصل کریں گے، سندھ کے شہری علاقوں میں جماعت اسلامی کامیابی حاصل کرے گی، جماعت اسلامی کے بغیر نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی سندھ حکومت بن سکتی ہے۔

  • پنجاب؛ 65ہزار میں سے صرف ڈیڑھ ہزار قیدیوں نے ووٹ کاسٹ کردیے

    پنجاب؛ 65ہزار میں سے صرف ڈیڑھ ہزار قیدیوں نے ووٹ کاسٹ کردیے

    لاہور: پنجاب میں قیدیوں نے اپنی پسندیدہ شخصیات کو منتخب کروانے کے لیے حق رائے دہی استعمال کرلیا، تاہم 65 ہزار میں سے صرف ڈیڑھ ہزار قیدیوں نے ووٹ ڈالے۔

    آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق ملک میں ہونے والے عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں پنجاب بھر کے قیدیوں نے اپنے پسندیدہ امیدواروں کو منتخب کروانے کے لیے حق رائے دہی استعمال کیا۔

    صوبے کی 43جیلوں میں قید 65ہزار سے زائد قیدیوں میں سے صرف ڈیڑھ ہزارقیدیوں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق راہے دہی استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے قیدیوں کا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو خط لکھا گیا تھا۔ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پوچھا گیا، جس پر صرف ڈیڑھ ہزار قیدیوں کے کوائف پورے ہوئے۔

    آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے مطابق سپرنٹنڈنٹ نے کیمروں کی نگرانی میں ووٹ کا عمل مکمل کروا کرپوسٹل بیلٹ پیپر بھجوا دیے۔ قیدیوں نے اپنا پوسٹل ووٹ کاسٹ کرلیا، جس کا رزلٹ الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبریں چلا کرشفاف عمل کو متنازع بنایا جارہا ہے۔