Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 559 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • بھارت سے رہائی کےبعد 17 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    بھارت سے رہائی کےبعد 17 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: بھارت کی جیلوں میں سزائیں مکمل کرنیوالے 17 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

    واہگہ بارڈرپر جیسے ہی پاکستانی شہری اپنی سرزمین میں داخل ہوئے خوشی سے سربسجود ہوگئے۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے پاکستانی شہریوں کو رہائی نصیب ہوگئی۔

    17 پاکستانی شہری رہائی کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں ، بھارتی حکام نے واہگہ / اٹاری بارڈر پر پاکستانی قیدیوں کو پاکستان رینجرزپنجاب کے حوالےکیا۔ بھارت سے رہاہوکرآنیوالوں کو ہارپہنائے گئے اوران کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو خصوصی سفری دستاویزات مہیا کی گئی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق بھارت سے رہاہوکرآنیوالےقیدیوں نے بتایا کہ بھارتی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے ساتھ انتہائی براسلوک کیا جاتا ہے۔ خاص طورپر تہاڑجیل میں کئی پاکستانی ایسے ہیں جن کی سزائیں مکمل ہوچکی ہیں لیکن بھارتی خفیہ ایجنسیاں ان کی رہائی کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ پاکستانی قیدیوں پر بدترین جسمانی تشدد کیا جاتا ہے ، انہیں بھوکا پیاسارکھا جاتا ہے۔

    دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک اور بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا۔

    واضع رہے کہ یکم جنوری 2023 کو پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا۔ دونوں ملک 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں 705 بھارتی زیرحراست ہیں جن میں 51 عام شہری اور 654 ماہی گیر شامل ہیں۔ جبکہ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 434 ہے جن میں 339 سولین قیدی اور 95 ماہی گیر شامل ہیں۔

    دفترخارجہ نےبھارتی حکومت سے51 سولین قیدیوں اور 94 ماہی گیروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کی درخواست کی تھی جنہوں نے اپنی متعلقہ سزا پوری کر لی ہے اور ان کی قومی حیثیت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مزید برآں 1965 اور 1971 کی جنگوں میں لاپتہ ہونے والے دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے اور 56 سول قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کا بھی متعددبارمطالبہ کیا جاچکا ہے۔

  • فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

    فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

    فواد چوہدری کو چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو دھمکی دینے کے الزام میں گرفتاری کے بعد 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    دوران سماعت پولیس اور پراسیکیوٹر نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے بعد میں جاری کردیا، جس میں عدالت نے فواد چوہدری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجا نے محفوظ فیصلہ سنایا، جس میں پولیس اور وکیل الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔

    عدالتی حکم کے بعد پی ٹی آئی نے فواد چوہدری کی ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم کچھ ہی دیر میں درخواست ضمانت دائر کردیں گے۔

    قبل ازیں سماعت شروع ہوتے ہی پراسیکیوٹر نے دلائل کا آغاز کیا اور عدالت کو ایف آئی آر پڑھتے ہوئے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر ، نگراں وزیر اعلیٰ کے خلاف یہ زبان استعمال کی گئی۔ رجیم چینج کے پیچھے یہ بیانیہ لے کر چل رہے ہیں۔ ہم نے فواد چوہدری کی وائس میچ کرا لی ہے ۔ فوٹو گرائیمٹری ٹیسٹ کرانا ہے۔ ابھی ریکوریز بھی کرنی ہیں۔ پراسیکیوٹر نے شہباز گل کیس میں ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی پڑھ کر سنایا۔

  • سینیٹ؛ سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد متفقہ منظور

    سینیٹ؛ سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد متفقہ منظور

    اسلام آباد: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سینیٹ کے اجلاس میں پیش کی گئی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

    ایوان میں مذمتی قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ سینیٹ قرآن پاک کو جلانے، پھاڑنے اور بے حرمتی پر صدمے کا اظہار کرتا ہے۔ سینیٹ آف پاکستان ایسے شدت پسندوں اور جنونیوں پر سراپائے احتجاج ہے۔ اسلامو فوبیا پر مبنی نفرت انگیز، شیطانی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

    مذمتی قرارداد کے متن کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا اقدام بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے خلاف ایک سازش ہے۔ یورپ کے سفیر کو طلب کرکے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس افسوسناک واقعے پر او آئی سی ممالک کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔
    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھایا جائے۔

  • حکومت کا شیخ رشید سے لال حویلی کا قبضہ چھڑوانے کا فیصلہ

    حکومت کا شیخ رشید سے لال حویلی کا قبضہ چھڑوانے کا فیصلہ

    راولپنڈی: حکومت نے شیخ رشید سے لال حویلی کا قبضہ چھڑوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے راولپنڈی متروکہ وقف املاک بورڈ نے ضلع انتظامیہ سے مدد مانگ لی۔

    متروکہ وقف املاک بورڈ نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، قبضہ چھڑوانے کے لیے پولیس کی مدد فراہم کریں، متروکہ وقف املاک کے عملے کے ساتھ کم از کم ڈی ایس پی رینک کا افسر موجود ہو۔

    دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لال حویلی پر قبضے کے ارادے ہیں، نااہل حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، 5 مرلہ کی لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے جو کہ دل یزداں میں کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے۔
    انہوں نے مزید کہا کہ دو باتیں طے کرلی گئی ہیں کہ صوبے کے الیکشن مرکز کے ساتھ ہوں گے۔

  • الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر 16مارچ کو ضمنی انتخابات کا اعلان

    الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر 16مارچ کو ضمنی انتخابات کا اعلان

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی،ملتان سمیت قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوگا۔ امیدوار کاغذات نامزدگی 6سے 8فروری تک جمع کراسکیں گے۔

    کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن 33حلقوں میں امیدواروں کو انتخابی نشانات 23فروری کو جاری کرے گا۔

    ان 33 نشستوں میں کراچی کے 9، راولپنڈی کے 5 ، اسلام آباد کے 3، لاہور اورملتان کے دو دو ، جبکہ کوئٹہ ، جہلم، بھکر اور ڈی جی خان کا ایک ایک جبکہ خیبرپختونخوا کے 8 حلقے شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ان 33 حلقوں سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس کے نتیجے میں نشستیں خالی ہوئی ہیں۔

  • عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا

    عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا

    لاہور: خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا۔

    سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلانے پر تحریک انصاف نے احتجاج بھی کیا۔

    عمران خان پر حملے کے بعد کے پی کے 50 پولیس اہلکار سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی واپس بلانے کے لیے پنجاب حکومت نے کے پی حکومت کو 24جنوری کو مراسلہ بھیجا تھا۔

    رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آج پنجاب حکومت کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں سابق وزیر عمران خان کی سیکیورٹی اور خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی واپس لے لیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی ان کا حق ہے کیونکہ پہلے یہ پولیس ہی عمران خان کو خطرے کا خط لکھ چکی ہے، اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری وزیر داخلہ پر ڈالیں گے۔

    دوسری جانب، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر لاہور زمان پارک کے باہر رات گئے کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی جہاں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے عمران خان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

    کارکنان کا لہو گرمانے کے لیے زمان پارک کے باہر اونچی آواز میں ترانے بھی بجائے گئے، خواتین کارکنان بھی رات گئے عمران خان کی سپورٹ کے لیے موجود رہی۔

    زمان پارک میں کارکنان کے لیے 35 سے زائد کیمپ لگائے گئے ہیں، کارکنان پارٹی ترانوں پر رقص بھی کر رہے ہے۔

  • پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج

    پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج

    لاہور: سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما کے خلاف یہ مقدمہ پولیس افسر عدیل شوکت کی مدعیت میں تھانہ فیروز والا میں درج کیا گیا ہے جس میں فرخ حبیب سمیت آٹھ سے دس نامعلوم مسلح افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمہ میں ڈکیتی، کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں درج ہے کہ ملزمان نے سرکاری اسلحہ، سرکاری گاڑی اور وائرلیس چھینا، ملزمان کالا شاہ کاکو ٹول پلازا پر گاڑیاں روک کر ہمارے ساتھ ڈکیتی کرنے لگے تھے، ملزمان نے گرفتار ملزم فواد چوہدری کو چھڑانے کی کوشش کی۔

    دریں اثنا فرخ حبیب نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ درجنوں بندوقوں والے تربیت یافتہ پولیس والوں سے نہتے اکیلے فرخ حبیب نے ڈکیتی کرلی اور ان کی وردیاں بھی پھاڑ دیں، ایف آئی آر کا متن ویسے بہت ہی ماٹھی کہانی بنائی گئی ہے میں نے تو ویسے بغیر نمبر پلیٹ کالی ویگو کو روکا تھا عدالتی احکامات بتانے کے لیے یہ پولیس کے ساتھ ڈکیتی کہاں سے آگئی؟

    بعد ازاں فرخ حبیب نے فیروز والا کی عدالت سے ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور کرالی جس کی تصدیق انہوں نے دوپہر ڈھائی بجے اپنے ٹوئٹ میں بھی کی۔

    انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی بوگس ایف آئی آر میں عبوری ضمانت مںظور ہوگئی ہے، جعلی مقدمات ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔

  • پاکستان کے کم عمر فنکاروں نے بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا

    پاکستان کے کم عمر فنکاروں نے بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا

    لندن: پاکستان شوبز انڈسٹری کے 5 بڑے فنکاروں کے نام ’30 انڈر 30 جنوئی ایشیائی‘ فہرست میں شامل کر لیے گئے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے ’ایسٹرن آئی‘ نے سال 2022 کے بہترین کم عمر فنکاروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ فہرست میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے کم عمر اداکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔

    سال 2022 کے بہترین اور کم عمر فنکاروں کی جنوبی ایشیائی فہرست میں پاکستان کی صفِ اوّل کی اداکارہ سجل علی، کنزہ ہاشمی اداکار بلال عباس جبکہ گلوکار و اداکار عاصم اظہر اور اذان سمیع خان جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

  • لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کی دوبارہ میدان پر واپسی

    لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کی دوبارہ میدان پر واپسی

    جمیکا: کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سابق لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کو ‘پرفارمنس مینٹور’ کے طور پر شامل کرلیا۔

    ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق سابق لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کھلاڑیوں کو حکمت عملی سے متعلق مشورے فراہم کرنے کے علاوہ کھلاڑیوں کے گیم سینس کو بہتر بنانے کیلئے کوچز کی مدد کریں گے۔

    اس موقع پر سابق کرکٹر برائن لارا نے کہا کہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ نئی حکمت عملی بنانے میں کامیاب ہوسکتا ہوں۔
    برائن لارا کا پہلا پروجیکٹ زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ سیریز ہوگی، جو 4 فروری سے بلاوایو میں شروع ہوگی۔

  • پاکستان کی معاشی ترقی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے، اسحاق ڈار

    پاکستان کی معاشی ترقی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے۔

    اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان معاشی دلدل میں ہے۔ انشا اللہ اس دلدل سے نکل جائیں گے۔

    اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں رہنے کے لیے قائم کیا ہے۔ یہ واحد ملک ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا حتی کہ سعودی عرب بھی کلمہ شریف کے نام پر نہیں بنا۔ اگر اللہ نے پاکستان بنایا ہے تو اس کی حفاظت ، ترقی اور خوشحالی بھی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے۔ بطور قوم ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی۔
    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ 5 سال میں پاکستان کی معیشت تباہ کی گئی مگر اتحادی جماعتوں کی حکومت اگلے انتخابات تک بہتری لانے کی خواہاں ہے۔ پانچ سال میں پاکستان کی معیشت تباہ کی گئی مگر اتحادی جماعتوں کی حکومت اگلے عام انتخابات تک بہتری لانے کی خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ 2018 کے پانچ سال بعد ہم کہاں کھڑے ہیں۔ اس کی پوری طرح تحقیقات اور احتساب ہونا چاہیے۔ وزیراعظم شہبازشریف چیلنجز سے لڑ رہے ہیں۔ آج پاکستان ڈان اور پاناما ڈرامے کو بھگت رہا ہے۔