اسلام آباد(سنگ میل نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات سے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی آبادی کا 10 سے 15 فیصد طبقہ پہلے ہی ڈیجیٹل کاروبار سے مستفید ہو رہا ہے اور مستقبل میں ڈیجیٹل اثاثوں کی طرف رجحان مزید بڑھے گا۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے حکومت تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کا عمل جاری ہے، ملکی معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور وقت کے تقاضوں کے مطابق معاشی ترجیحات کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری سستی، برق رفتار اور شفاف ہے اس لیے اس شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانا اور ریگولیشنز کو مزید بہتر بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کا بینکنگ نظام پیچیدہ ہے جسے جدید تقاضوں کے مطابق آسان اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
Category: کاروبار
-

فی تولہ سونا 2 ہزار روپے مہنگا ، قیمت 3 لاکھ ، 57 ہزار 200 ہو گئی
کراچی(سنگ میل نیوز) عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہو گیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 20 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 345 ڈالر کا ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی 24 قیراط کا حامل فی تولہ سونا 2 ہزار روپے مہنگا ہو گیا جس سے فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 57 ہزار 200 روپے کی سطح پر آ گئی۔ اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 1715 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ ، 6 ہزار 241 روپے کی سطح پر آ گئی۔واضح رہے گزشتہ دو روز میں سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
-

ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا اضافہ
کراچی(سنگ میل نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 1 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 24 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 14 ارب 25 کروڑ 62 لاکھ ڈالر ہوگئے۔ مرکزی بینک کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 6 کروڑ 11 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا جس کے باعث باعث کمرشل بینکوں کے ذخائر بڑھ کر 5 ارب 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے 5 ارب 31 کروڑ 46 لاکھ ڈالرہوگئے۔ سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے مجموعی ذخائر ایک ہفتے میں 7 کروڑ 41 لاکھ ڈالر بڑھ گئے، سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے مجموعی ذخائر 19 ارب 49 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ کر 19 ارب 57 کروڑ 8 لاکھ ڈالرہوگئے ہیں۔
-

ڈیجیٹل ڈیٹا پر مبنی ترقی نیاکا سنگ میل‘ پاکستان نے معاشی مردم شماری 2023 کا اجرا کردیا
اسلام آباد(سنگ میل نیوز)وفاقی وزارت برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے تعاون سے معاشی مردم شماری 2023 کے نتائج کا اجرا کردیا جوکہ پاکستان کی معاشی منظرنامے کا پہلا جامع ڈیجیٹل عکس ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے اس مردم شماری کو ثبوت پر مبنی منصوبہ بندی اور جامع ترقی کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔مردم شماری میں 71 لاکھ اداروں کا نقشہ بنایا گیا، جن میں 27 لاکھ خوردہ دکانیں، 1 لاکھ 88 ہزار ہول سیل کاروبار، 23 ہزار فیکٹریاں، اور 6 لاکھ 43 ہزار پیداواری یونٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ 42 ہزار اسکول، 36 ہزار مدرسے، اور 1 لاکھ 19 ہزار صحت کے مراکز کی نشاندہی کی گئی، جو اہم شعبوں کو پہلی بار اجاگر کرتی ہے۔ خصوصاً 1 کروڑ 9 لاکھ گھریلو سرگرمیاں ریکارڈ کی گئیں، جو خواتین کے معاشی کردار کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ اعداد و شمار سے پتا چلا کہ 95 فیصد اداروں میں 10 سے کم کارکن ہیں، جو چھوٹے کاروباروں کی غلبہ کو واضح کرتا ہے۔یہ مردم شماری چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی ترقی، خواتین کی بااختیاری، اور متوازن علاقائی ترقی کے لیے پالیسیوں کی رہنمائی کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری کے رجحانات، شعبہ جاتی خلا، اور بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کی نشاندہی کرتی ہے، جو برآمدات بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہدفی حکمت عملیوں کو ممکن بناتی ہے۔ چیف شماریات دان ڈاکٹر نعیم الظفر نے اس ڈیٹاسیٹ کے کردار پر زور دیا کہ یہ اچھی گورننس، جوابدہی، اور شفاف وسائل کی تقسیم کو فروغ دے گا، جو پاکستان کو جامع، ڈیٹا پر مبنی ترقی کے لیے تیار کرتا ہے۔
-

وزیراعظم کے ہاتھوں اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح
اسلام آباد(سنگ میل نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح کر دیا۔ ون ونڈو بزنس سہولت مرکز کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مختلف محکموں میں جانا پڑتاتھا، بزنس سہولت مرکز کے قیام سے ایک چھت تلے سہولیات دستیاب ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بزنس سہولت مرکز میں کسٹمر سے بات چیت کا انداز قابل ستائش ہے، بزنس سہولت مرکز میں ایچ آر کا شعبہ نہایت قابل ہے، امید ہے کہ نوجوان بی ایف سی کو کامیاب بنائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم کسٹمرز کو مطمئن کریں، بدقسمتی سے بزنس سہولت مرکز کے قیام میں تاخیر ہوئی، ابتدائی تجربات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں بڑی کامیابی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بزنس سہولت مرکز کو دنیا کیلئے رول ماڈل ہونا چاہیے، ہم کاروباری مراکز کو پرکشش اور رول ماڈل بنا سکتے ہیں، بزنس سہولت مرکز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جائے گا۔
-

سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم‘ انڈیکس ڈیڑھ لاکھ پوائنٹس بھی عبورکرگیا‘وزیراعظم کا اظہار تشکر
کراچی/اسلام آباد (سنگ میل نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس بھی عبور کر گیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار 770 پوائنٹس پر بند ہوا۔خریداری میں نمایاں دلچسپی آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکنگ، سیمنٹ اور فارماسیوٹیکل سیکٹرز میں دیکھی گئی، جبکہ بڑی کمپنیوں جیسے ڈی جی خان سیمنٹ، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔ماہرین کے مطابق یہ تیزی حکومت کی متوقع گردشی قرضے سے متعلق اصلاحات کی مہم کی خبروں کے باعث ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ توانائی کے شعبے میں لیکویڈیٹی کے مسائل میں کمی آئے گی، یہ مسئلہ طویل عرصے سے ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1704 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزاربیسس پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار :
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزاربیسس پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کاروباری برادری سے حکومتی پالیسیوں پر اعتمادکرنے پراظہار تشکر کیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معیشت کی بہتری کی بدولت سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا،ملک ترقی کی جانب گامزن ہےمگر مزید محنت درکار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم نے شب و روز محنت سے معیشت کو مشکلات سے نکالا،سرمایہ کاروں و تاجر برادری نے مشکل وقت میں بھی پاکستان میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھیں، جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کی ترقی و سرمایہ کاروی میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ -

پاکستان کی شرح نمو 2027 تک 3.5 فیصد ہونے کا امکان ہے: فچ ریٹنگ ایجنسی
کراچی: فچ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی حقیقی شرح نمو 2027 تک 3.5 فیصد ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ فچ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان کے بینک کاروباری حجم بڑھانے کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ معاشی دباو کم، کاروباری حالات بہتر اور پاکستان کا قرض منظرنامہ مضبوط ہوا ہے۔ پاکستان کی معاشی بحالی مشکل دور اور بلند افراط زر کے بعد آئی ہے جس سے حقیقی شرح نمو 2027 تک 3.5 فیصد ہو جائے گی۔ نجی شعبے کی قرضوں کی طلب بڑھے گی۔ بینکوں کی بڑی سرمایہ کاری حکومتی سیکیورٹیز میں ہے، بینکوں نے ریاستی اداروں کو بڑے قرض فراہم کر رکھے ہیں۔ فچ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق مشکل حالات میں بینکوں کی کارکردگی بہتر رہی ہے، بینکوں کے غیرفعال قرضوں کا تناسب 7.6فیصد سے کم ہوکر 7.1فیصد ہوا ہے۔
-

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاگلے 15 روز کے لئے بڑی کمی کردی
اسلام آباد(سنگ میل نیوز)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ حکومت نے اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی تجاویز کی روشنی میں اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اگست سے اگلے 15 روز کے لیے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے، جس کے نئی قیمت فی لیٹر 272 روپے 99 پیسے ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت اس سے قبل 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر تھی۔ حکومت نے پیڑول کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا اور فی لیٹر قیمت 264 روپے 61 پیسے برقرار رکھی ہے۔ وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت فی لیٹر 7 روپے 19 پیسے کم کرکے 178 روپے 27 پیسے مقرر کی ہے، اس سے قبل 185 روپے 46 پیسے تھی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 8 روپے 20 پیسے کمی کردی گئی ہے اور 170 روپے 36 پیسے کے مقابلے میں فی لیٹر نئی قیمت 162 روپے 37 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
-

پاکستان سینٹرل ایشیاء تک تجارتی راہداریوں کاخواہاں ہے،عبدالعلیم خان
اسلام آباد(سنگ میل نیوز)پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے چین کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک زمینی رسائی اور تجارتی راہداریوں کی تعمیر کے لئے اپنے ملک کی جانب سے سو فیصد سرمایہ کاری میں آمادگی کا اظہار کیا ہے تاکہ پہلے سے موجود مشکل زمینی راستوں کی بجائے نئے کوریڈورز سے دو طرفہ اور بین الملکی تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ وزارت مواصلات کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے بتایا کہ قازقستان کے صدر نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے جس کے دوران دونوں ممالک کے مابین بڑے بریک تھرو کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ دورہ سے قبل دونوں ممالک کے مابین تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں جوائنٹ ورکنگ گروپس کی تشکیل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان سے دو طرفہ تجارت میں اضافے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کاشغر سے ترکمانستان سے قازقستان تک موجودہ راہداری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کراچی سے چمن سے قندھار تک کے تجارتی روٹ کو بہتر بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین،افغانستان اور ایران کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی راہداریوں کے لئے سنجیدہ اقدامات چاہتا ہے۔انہوں نے حال ہی میں بیلاروس اور ایران میں ہونے والی بین الملکی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ممالک باہمی زمینی راستہ تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور پاکستان شاہراہ قراقرم کی طرح بین الملکی روڈ نیٹ ورک کی تشکیل کا خواہاں ہے۔ملاقات میں این ایل سی سے ممکنہ ٹریڈ معاہدوں پرپیش رفت اور پاکستان اور قازقستان کے مابین حل طلب امور پر بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود بھی ملاقات میں موجود تھے-
-

وزیراعظم کے ایک اور وعدے کی تکمیل‘گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کی منظوری
اسلام آباد: (سنگ میل نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، ایکنک نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کے اعلان کے محض 2 دن بعد ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) نے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 100 میگاواٹ سولر فوٹووولیٹک پاور پلانٹ منصوبے کی منظوری دی، جس کے بعد منصوبے پر کام کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ گلگت کے دوران اعلان کیا تھا کہ ایکنک جلد ہی یہ منصوبہ منظور کرے گا، منصوبہ پہلے ہی سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے، منصوبے سے استور، داریل، تنگیر دیامر، گھانچے، غذر، گلگت، ہنزہ، اشکومن، نگر، روندو، اسکردو اور شگر کے اضلاع مستفید ہوں گے۔پہلے مرحلے میں ضلع سکردو کو 18.958 میگاواٹ، دوسرے مرحلے میں ہنزہ کو 6.005 میگاواٹ، گلگت کو 28.013 میگاواٹ اور دیامر کو 13.126 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی، تیسرے مرحلے میں باقی اضلاع کو 16.096 میگاواٹ بجلی دی جائے گی، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کے لیے آف دی گرڈ 18.162 میگاواٹ بجلی مختص ہوگی۔24957 ملین روپے لاگت سے 3 سالہ منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں بجلی کی کمی دور کرنے اور عوامی سہولیات میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔
