اسلام آباد:۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایکسپریس وے پر قائم بکر منڈی کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران محسن نقوی نے پارکنگ کے لئے ایریا مختص کرنے کا حکم دیا اور فی جانور فیس میں مناسب کمی کی ہدایت بھی کی، انہوں نے بکر منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، صفائی کے انتظامات کا معائنہ اور مویشی منڈی میں انتظامات کا مشاہدہ کیا جبکہ ملک بھر سے آئے بیوپاریوں سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے دوران ملاقات بیوپاریوں سے انتظامات کے متعلق بھی دریافت کیا، بیوپاریوں کے استفسار پر وزیر داخلہ نے مویشی منڈی کیلئے جگہ وسیع کرنے کا فوری حکم دیا اور مویشی منڈی میں لائٹنگ اور پانی کی وافر فراہمی کی ہدایت کی۔دوسری جانب بیوپاریوں کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ منڈی میں ابھی تک گاہک کم آ رہے ہیں اور موسم کی شدت کی وجہ سے زیادہ تر لوگ شام اور رات کو منڈی کا رخ کرتے ہیں۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے منڈی میں ایک سفید بیل میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور بیل کی خوبصورتی کی تعریف بھی کی، اس بیل کی ڈیمانڈ 18 لاکھ اور وزن 14 من سے اوپر ہے۔علاوہ ازیں محسن نقوی نے منڈی میں آئے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور شہریوں کی درخواست پر وزیر داخلہ کا منڈی سے ملحقہ کراسنگ پل کی فوری مرمت کا حکم بھی دیا۔
Category: کاروبار
-

آئندہ مالی سال ترقیاتی منصوبوں پر ایک ہزار روپے خرچ کرنے کی تجویز
اسلام آباد: نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری کیلئے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون کو طلب کرلیا گیا۔ آئندہ سال ترقیاتی منصوبوں پر ایک ہزار ارب روپے خرچ کرنے کی تجویز، سڑکوں کی تعمیر کیلئے 170 ارب، پانی کے منصوبوں کیلئے 140 ارب، پاور ڈویژن کیلئے 105 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، مالی گنجائش نہ ہونے کے باعث اعلیٰ تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں کمی کا امکان ہے، اگلے سال 50 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ رواں مالی سال قومی اقتصادی سروے 9 جون کو جبکہ پارلیمنٹ میں نئے مالی سال بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا۔سماء نے بجٹ 26-2025 سے متعلق وفاقی ترقیاتی بجٹ کے اہم خدوخال حاصل کرلئے، آئندہ مالی سال ترقیاتی منصوبوں پر ایک ہزار ارب روپے خرچ کرنے کا پلان ہے، این ایچ اے کیلئے 170 ارب، آبی وسائل کیلئے 140 رکھنے کی تجویز ہے جبکہ آئندہ مالی سال سڑکوں کی تعمیر کیلئے 9 ارب سے زائد اضافی خرچ کرنے کا پلان ہے۔ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں پاور ڈویژن کیلئے 105 ارب رکھے جانے کا امکان، نئے بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں پر 50 ارب روپے خرچ کرنے کی تجویز ہے اور مالی مشکلات کے باعث ایچ ای سی کے بجٹ میں 11 ارب کمی کا خدشہ ہے، نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 4 ارب رکھنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انفارمیشن اور صنعت و پیداوار کیلئے تین، تین ارب رکھنے کا امکان ہے، میری ٹائم کیلئے 3.5 ارب روپے، بین الصوبائی رابطے کیلئے 1.5 ارب رکھنے کا پلان ہے۔حکام وزارت خزانہ کے کے مطابق مجوزہ وفاقی ترقیاتی پلان کی منظوری اے پی سی سی سے لی جائے گی، سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون بروز بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 6 جون کو بلانے کی تجویز ہے۔رپورٹ کے مطابق قومی اقتصادی کونسل میکرو اکنامک اہداف اور ترقیاتی پلان کی منظوری دے گی، مختلف وزارتوں نے مجوزہ ترقیاتی پروگرام پر تحفظات کا اظہار کر دیا، رواں مالی سال 2024-25 کا قومی اقتصادی سروے 9 جون کو جاری کیا جائے گا جبکہ نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش ہوگا۔
-

زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 7 کروڑ ڈالر کا اضافہ
کراچی: زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران 7 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو گیا۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ کے سر کاری ذخائر کی مالیت 23 مئی کو 11 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 8 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے جس سے ذخائر 5 ارب 12 کروڑ 7 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔مرکزی بینک کے مطابق مجموعی ذخائر کی مالیت ایک کروڑ 18 لاکھ ڈالر کمی سے 16 ارب 63 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
-

پی آئی اے کی خریداری میں صرف 4کمپنیوں کی دلچسپی، قائمہ کمیٹی اجلاس میں انکشاف
اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی خریداری میں ابھی تک 4 کمپنیوں نےاظہار دلچسپی ظاہر کیا۔باوثوق ذرائع کے مطابق سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے کہا ہے کہ 19 جون تک پی آئی اے کی خریداری کیلئے 5 سے 6 کمپنیوں کی اظہار دلچسپی کے لیے درخواست مل سکتی ہیں ، قومی ائیرلائن کی نجکاری اسی سال کے دوران کی جائے گی، پی آئی اے کی خریداری میں مقامی کمپنیوں کے ساتھ عالمی کمپنیاں کنسورشیم بنا رہی ہیں۔فاروق ستار کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری اجلاس میں نجکاری کمیشن حکام کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث اظہار دلچسپی کی تاریخ میں توسیع کی۔سیکرٹری پی آئی اے کا کہنا تھا کہ خریداری کیلئے سابقہ کمپنیاں نے بھی اظہار دلچسپی کی درخواست دی ہے، جون میں حیسکو اور پیسکو کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزر تعیناتی کیے جائیں گے۔سیکرٹری نجکاری عثمان باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری وزارت توانائی اور عالمی کی مشاورت سے ہو گی جبکہ ممبر کمیٹی ذوالفقار علی نے کہا کہ ہم کسی صورت پیسکو کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے بھلے پورا ملک بیچ دیں مگر پیسکو نہیں۔
-

تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا، سیکرٹری خزانہ
اسلام آباد: وفاقی سیکرٹری خزانہ نے واضح کیا ہے کہ تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا۔سیکرٹری خزانہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے باہر صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی بجٹ دس جون کو ہی پیش ہوگا۔وفاقی بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حکومت عید کی تعطیلات کے باعث بجٹ کی تاریخ میں رد و بدل پر غور کررہی ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ دس جون کو پیش کرنے کا اعلان کیا تھا،خرم شہزاد نے کہا تھا کہ رواں مالی سال کا قومی اقتصادی سروے نو جون کو جاری کیا جائے گا۔
-

پاکستان کا پہلا اسٹریٹجک بِٹ کوائن ریزرو قائم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان نے کرپٹو کو قانونی کرنسی نہ بنانے کا مؤقف تبدیل کرلیا اورامریکا کی پیروی کرتے ہوئے اسٹریٹیجک بِٹ کوائن ریزرو قائم کرنے کا اعلان کردیا۔لاس ویگاس میں بِٹ کوائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو اور بلاک چین مالیاتی ڈھانچے کو ریگولیٹ کرنے کیلئے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا۔بلال بن ثاقب نے کہا کہ بٹ کوائن مائننگ ، اے آئی ڈیٹا سینٹرز، ٹیک کمپنیوں کیلئے دروازے کھول رہے ہیں، 2 ہزار میگا واٹ بجلی مختص کی ہے۔تقریب میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس ، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شریک تھے، بلال بن ثاقب نے تقریب کے دوران حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امن اورکرپٹو اپنانے کیلئے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان میں 40 ملین کرپٹو والٹس موجود ہیں، پاکستان دنیا کی سب سے بڑی اور فعال فری لانس معیشتوں میں سے ایک ہے،بٹ کوائن والٹ ایسے ڈیجیٹل اثاثے رکھے گا جو ریاست کی تحویل میں ہیں۔
-

وفاقی وزیر تجارت جام کمال اوساکا ایکسپو 2025 میں جاپان پہنچ گئے
اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان جاپان کے سرکاری دورے پر اوساکا پہنچ گئے۔جام کمال خان کا کانسائی ایئرپورٹ پر پاکستانی سفارتی حکام نے استقبال کیا، جاپان کا دورہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے ہے جام کمال خان کل اوساکا ایکسپو 2025 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ان کی جاپان ایسوسی ایشن برائے ایکسپو 2025 کے رہنماؤں سے اہم ملاقات متوقع ہے جبکہ وہ پاکستان پویلین کا خصوصی دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر تجارت اپنے دورے کے دوران سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کریں گے جبکہ پاکستان پویلین میں ثقافت، سیاحت اور صنعتی ترقی کو عالمی سطح پر پیش کیا جا رہا ہے ،وزیر تجارت کی جاپانی کاروباری شخصیات و حکام سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
-

پاکستان، آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ اہداف پر اتفاق رائے نہ ہوسکا، مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف پر مکمل اتفاق رائے نہ ہوسکا، تاہم آئی ایم ایف نے نئے مالی سال کے بجٹ پر مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔آئی ایم ایف وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اتفاق رائے کے لیے آنے والے دنوں میں مذاکرات جاری رہیں گے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کا دورہ پاکستان 19 مئی کو شروع ہوا، آئی ایم ایف وفد کی قیادت نیتھن پورٹر نے کی، پاکستان کے ساتھ حالیہ معاشی صورتحال، قرض پروگرام پر عمل درآمد اور آئندہ بجٹ پر مذاکرات ہوئے، پاکستان کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے مالی استحکام اور سماجی اخراجات کے تحفظ کا عزم دہرایا، آئندہ مالی سال کے دوران پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک لے کر جانے پر اتفاق ہوا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ٹیکس نیٹ بڑھانے اور محصولات میں اضافے پر بات چیت ہوئی، اخراجات کو ترجیحی بنیادوں پر منظم کرنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر مذاکرات کیے گئے جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے پر زور دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق پائیدار ترقی اور یکساں کاروباری مواقع کی بہتری کے لیے اصلاحات زیر غور آئیں، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے اور مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور فاریکس مارکیٹ کو فعال رکھنے پر بات چیت ہوئی، جبکہ شرح تبادلہ میں لچک برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ موجود قرض پروگرام اور کلائمٹ فنانسنگ سے متعلق پروگرام کے لیے آئندہ جائزہ مذاکرات 2025 کی دوسری ششماہی میں متوقع ہیں۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آئی ایم ایف سے معاشی بحالی کے لیے مختلف شعبوں کے لیے ٹیکس رعایتیں مانگی گئیں، تاہم آئی ایم ایف نے جواب دیا کہ ٹیکس رعایت پر ڈیٹا اور حکمت عملی دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تنخوا دار طبقے، رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر شعبوں میں ٹیکس رعایتیں چاہتی ہے، آئی ایم ایف نے کسی ٹیکس رعایت کو ابھی مسترد نہیں کیا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ فی الحال کوئی شرائط طے نہیں ہوئیں، آئی ایم ایف کو ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے۔عالمی مالیاتی ادارے نے صوبوں کے اخراجات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور صوبوں کی آمدن بڑھانے پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے زرعی انکم ٹیکس وصولی کے لیے تمام اقدامات لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔یاد رہے کہ موجودہ قرض پروگرام پر عمل درآمد اور آئندہ مالی سال کے بجٹ پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز 15 مئی کو ہوا تھا، پہلے آئی ایم ایف وفد نے ترکیہ سے پاکستانی حکام کے ساتھ ورچوئل مذاکرات کیے اور اس کے بعد پاکستان آکر 19 مئی سے مذاکرات کیے گئے۔
-

صدرمملکت سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات، معاشی صورتحال پر گفتگو‘عالمی ادارے کا اظہار اطمینان
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی جہاد اظہور کی قیادت میں ملاقات ہوئی جس دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا ، صدر مملکت نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام کا باعث بن رہا ہے ۔پروگرام سےملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور استحکام کے حصول میں آئی ایم ایف کا پروگرام معاون ثابت ہو رہا ہے۔آئی ایم ایف ترقی پزید ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔صدر مملکت نے پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہا۔ وفد نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔وفد کے مطابق، پروگرام سے مہنگائی، زرمبادلہ ذخائر اور مالیاتی خسارے جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔
-

پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود کے استعمال پر پابندی میں مزید توسیع کردی
کراچی: پاکستانی فضائی حدود میں بھارتی طیاروں کی پروازپرپابندی میں مزید اضافہ کردیا گیا۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی 24 جون صبح 4 بج کر 59 منٹ تک بڑھادی گئی ہے۔پی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارتی رجسٹرڈ، آپریٹڈ، ملکیت یا لیز پر لیے گئے تمام طیارے پابندی کی زد میں رہیں گے۔پی اے اے کا کہنا ہے کہ پابندی بھارتی فوجی طیاروں پر بھی لاگو ہوگی، بھارتی ائیر لائنز یا آپریٹرز کے زیر انتظام کوئی بھی پروازپاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکے گی۔خیال رہے کہ پہلگام حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے 24 اپریل کو بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود ایک ماہ کے لیے بند کردی تھیں۔
