کراچی: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل کریں گے تو انشاء اللہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو گا۔کراچی میں پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے حکومت کو جس جس کاروباری معاملات سے نکال سکتے ہیں نکال دیں، ملک اب نجی شعبے کو چلانا ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ 24 کروڑ لوگوں کا ملک چلانے کے لیے ہمیں ٹیکس ریونیو چاہیے، ہماری کوشش ہے ٹیکس اتھارٹی میں اصلاحات لائی جائیں، بزنس کمیونٹی کہتی ہے کہ ہم مزید ٹیکس دینے کو تیار ہیں لیکن ہم ٹیکس اتھارٹی سے ڈیل نہیں کرنا چاہتے، تاہم یہ قابل عمل نہیں کیونکہ ہم 3 سے 4 ملین لوگوں کا ملک نہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس سے استثنیٰ کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، مینوفیکچرنگ سیکٹر سمیت ہر وہ شعبہ جات جو برآمدات کرتا ہے اور آمدنی کماتا ہے اسے ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہ دار طبقے کی زندگی کو سادہ اور آسان بنانے کی کوشش جاری ہے، 70 سے 80 فیصد تنخواہ دار طبقے کی سیلری اکاؤنٹ میں گرتے ہی ٹیکس کاٹ لیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں، ہم اس بجٹ میں کیا کرسکتے ہیں کیا نہیں کر سکتے یہ سب بھی دیکھنا ہے، بطور عوام خادم ہم نے سب شراکت داروں کے پاس جانا ہے کہ آپ اپنی سفارشات بھی دیں، ایسا نہیں کہ ان سفارشات کو ردی میں ڈال دیا جائے گا۔
Category: کاروبار
-

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا شیڈول جاری، ایجنڈے میں پاکستان شامل
نیویارک:عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان شامل ہے۔آئی ایم ایف کا بورڈ اجلاس 9 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے ۔ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں پاکستان شامل ہے۔ پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر قسط اجرا پر حتمی فیصلہ ہوگا۔آئی ایم ایف کی خبر آتے ہی اسٹاک مارکیٹ بہتر ہونے لگی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج دوبارہ منفی سے مثبت زون میں آگئی،500 پوائنٹس کی مندی کے بعد مارکیٹ میں 135 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ مارچ میں طے پاگیا تھا، اقتصادی جائزے کے تحت پاکستان کو بورڈ کی منظوری سے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط ملے گی۔آئی ایم ایف کے مطابق کلائمیٹ فنانسنگ کا بھی 1.3 ارب ڈالر کا معائدہ ہوگیا، کلائمیٹ فنانسنگ کا نیا معاہدہ 28 ماہ پرمحیط ہے، پاکستان کو مجوعی طور پر 2.3 ارب ڈالر ملیں گے،آئی ایم ایف نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔آئی ایم ایف عملے اور پاکستانی حکام کے درمیان ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی کے تحت پہلے جائزے پر معاہدہ ہوا، ریزیلینس اینڈ سسٹینبیلٹی فیسلیٹی کے تحت ایک نئے معاہدے پراسٹاف لیول معاہدہ بھی طے پاگیا، ای ایف ایف کے تحت جاری پروگرام کا مضبوط نفاذ جاری ہے،پاکستانی حکام عوامی قرضوں کو پائیدار طور پرکم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
-

عالمی بینک کا پاکستان کیلئے 10 کروڑ ، 80 لاکھ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان
اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی اضافی مالی امداد کا اعلان کر دیا۔عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق رقم خیبر پختونخوا میں منصوبوں کے لیے استعمال کی جائے گی، دیہی رسائی منصوبے پر 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رقم خرچ کی جائے گی۔عالمی بینک نے مزید کہا ہے کہ سیاحت اور ترقیاتی منصوبے کے لیے 30 ملین ڈالر کی رقم خرچ کی جائے گی، ، منصوبوں کا مقصد صحت، تعلیم، روزگار اور منڈیوں تک رسائی بہتر بنانا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دیہی رسائی منصوبے سے 17 لاکھ 60 ہزار افراد کو فائدہ پہنچے گا، منصوبے مقامی روزگار، تربیت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں مددگار ہوں گے۔
-

نوشکی میں تیل سے بھرے ٹرک میں آگ لگنے سے دھماکا، 20 سے زائد زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ٹرک اڈے کے قریب تیل سے بھرے ٹرک میں آگ لگنے سے دھماکا ہوگیا، جس سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 20 زخمیوں میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، ٹرک کی ٹینکی میں گیس ویلڈنگ کرنے کے دوران آگ لگی۔پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث دھماکے سے قریب موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی، اڈے پر کھڑے ٹرک میں آگ لگی تو ڈرائیور ٹرک کو کھلے میدان میں لے گیا، ڈرائیور اگر متاثرہ ٹرک کو آگے نہ لے جاتا تو بڑی تباہی ہوتی، ٹرک اڈے پر تیل کی درجنوں دکانیں ہیں، ان میں آگ لگ سکتی تھی۔
-

اسلام آباد: پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹو کے حوالے سے پاکستان میں بہت مواقع موجود ہیں۔ اور پاکستان کے نوجوانوں میں بہت صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان نے بہت کم وقت میں کرپٹو سے متعلق پیشرفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹو کونسل کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ہیں۔چیئرمین ورلڈ لبرٹی فنانشل نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔
-

سندھ میں شاہراہوں کی بندش سے ملکی برآمدات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں: ایس ایم تنویر
لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے سندھ میں قومی شاہراہوں کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا کہ سندھ میں شاہراہوں کی بندش سے ملکی برآمدات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، حالیہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں 12 فیصد کمی آئی ہے جس کی ایک وجہ لاجسٹک چیلنجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری موجودہ صورتحال کے بارے میں فکر مند ہے اور غیر یقینی کیفیت کا شکار ہے، سڑکوں کی بندش نہ صرف ہمارے برآمدی اہداف کو متاثر کر رہی ہے بلکہ ایک قابل اعتماد تجارتی شراکت دار کے طور پر ملک کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔سرپرست اعلیٰ یو بی جی نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدی کھیپ کو اہداف کو پورا کرنے کے لیے بلاتعطل نقل و حرکت کی ضرورت ہوتی ہے، ہم مزید وقت اور مواقع ضائع کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، حکومت کو اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ایس ایم تنویر نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرے اور انہیں اپنے مظاہروں کو سڑک کے کنارے منتقل کرنے پر آمادہ کرے، تاکہ برآمدی سامان کی آسانی سے نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کا ایسا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے جو مظاہرین کے حقوق کو معیشت کی ضروریات کے ساتھ متوازن کرے، انہوں نے زور دیا کہ اس مسئلے کا بروقت حل پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔
-

حکومت کا بینکوں سے 1275 ارب قرض لینے کا ارادہ، سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں انکشاف
اسلام آباد: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت پاور سیکٹر کے گردشی قرض کو ختم کرنے کےلیے بینکوں سے 1 ہزار 275 ارب قرض لینے کی بات کر رہی ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں سینیٹر شبلی فراز سمیت دیگر شرکاء نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء کو ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ پاور سیکٹر گردشی قرض ختم کرنے کےلئے حکومت بینکوں سے 1275 ارب قرض لینے کی بات کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس میں سے 658 ارب روپے پاور سیکٹر کے قرض ادائیگی کے لیے استعمال کرےگی، 400 ارب روپے سکوک بانڈ اور باقی رقم دیگر قرض ادائیگی کےلیے استعمال ہو گی۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے شرکاء کو بتایا کہ حکومت دیگر ضروریات کےلیے مزید 670 ارب روپے کا قرض لے گی، جس کےلیے فریقین میں مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔اس پر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت گردشی قرض ختم کرنے کےلیے قرض لے گی، یہ قرض کتنی مدت کےلیے ہوگا؟ پہلے قرض پر سود حکومت ادا کرتی تھی، اب سود عوام ادا کریں گے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت صرف گردشی قرض کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہی ہے۔
-

حکومت کا مزید ایک ہزار یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے رواں ماہ مزید ایک ہزار یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فاروق ستار کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں یوٹیلٹی اسٹورز حکام نے بتایا کہ رواں ماہ مزید ایک ہزار یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب تک 2237 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے۔جی ایم یوٹیلیٹی اسٹورز نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 38 ارب روپے سے زائد سبسڈی دی گئی تھی ، رواں مالی سال کیلئے مختص 60 ارب کی سبسڈی نہیں ملی۔واضح رہے اس سے قبل بھی وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے ملک بھر میں سینکڑوں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر دیا تھا۔
-

کے پی ٹی میں جتنا قومی آمدن کا ضیاع ہو رہا، اس کا مقابلہ ایف بی آر بھی نہیں کر سکتا: خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کے پی ٹی میں جتنا قومی آمدن کا ضیاع ہو رہا ہے اس کا مقابلہ ایف بی آر بھی نہیں کر سکتا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کے پی ٹی میں ہر قسم کی لوٹ مار کا بازار گرم ہے، جتنا ریونیو اور آمدن کے پی ٹی سے مل سکتا ہے اتنا کام نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی سے جتنی ممکنہ آمدن ہو سکتی ہے اس کو بڑھایا جا رہا ہے، میں اس کمیٹی کا چیئرمین تھا جب یہ معاملہ میرے سامنے آیا، کے پی ٹی میں ہزاروں ارب روپے کے گلچھڑے اڑائے جا رہے ہیں، کرپشن کے سارے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات کو اعلیٰ سطح پر دے دیا ہے، کمیٹی میں جو ماہرین تھے انہوں نے اعلیٰ کام کیا ہے، لیکیج کے حوالے سے متبادل طریقہ کار پر کام کیا گیا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ دہائیوں سے کے پی ٹی میں لوٹ مار میں یہ سب مصروف تھے، وہ ایسا کام نہیں کرنے دے رہے تھے کہ ان کی لوٹ مار میں کوئی رکاوٹ آئے۔
-

نئی تاریخ رقم، فی تولہ سونا 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے کا ہوگیا
کراچی: دنیا بھر میں معاشی بےیقینی اور سیاسی کشیدگی کے باعث سونے کی قیمت میں ایک بار پھر زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور پاکستان میں فی تولہ سونا 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پہلی بار 3 ہزار 500 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد اس میں کچھ کمی ضرور آئی مگر قیمتیں اب بھی تاریخی سطح پر برقرار ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق سونے کی قیمتوں میں یہ غیر معمولی اضافہ اس وقت ہوا جب خبریں آئیں کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کو عہدے سے ہٹا سکتے ہیں۔اس خدشے نے سرمایہ کاروں کو امریکی اسٹاکس، بانڈز اور ڈالر سے ہٹا کر “محفوظ” سرمایہ کاری جیسے سونا، جاپانی ین اور سوئس فرانک کی طرف دھکیل دیا۔
پاکستان پر بھی عالمی رجحان کا اثر پڑا اور سونے کی فی تولہ قیمت میں آج یعنی 22 اپریل کو مزید 5 ہزار 900 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز سرآفہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی 10 گرام سونا بھی بڑھ کر 3 لاکھ 11 ہزار 814 روپے کا ہوگیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا تھا جو 8 ہزار 100 روپے تھا اور فی تولہ سونا پہلی بار 3 لاکھ 57 ہزار 800 روپے پر پہنچا تھا۔
سال کے آغاز سے اب تک پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 91 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ 30 دسمبر 2024 کو سونے کی قیمت 2 لاکھ 72 ہزار 600 روپے تھی، جو اب 33 فیصد اضافے کے بعد نئی بلندی پر ہے۔
