کراچی:ـپاکستان سعودی عرب کے تیزی سے ترقی کرتے ٹیکنالوجی سیکٹر میں اپنی اعلیٰ ہنر مند افرادی قوت کی برآمدات بڑھانے کیلئے موزوں پوزیشن میں ہے جہاں وژن 2030 کے تحت بڑے ترقیاتی منصوبوں کے باعث آئی ٹی ماہرین، خصوصاً مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی،آٹومیشن اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں طلب میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ماہرین کے مطابق اس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دوطرفہ اقدامات، ہدفی مہارت سازی کے پروگرامز اور ادارہ جاتی تعاون کوفروغ دیناناگزیر ہے۔ سعودی عرب میں مقیم آئی ٹی اورسائبر سیکیورٹی ماہر تیمور بٹ کے مطابق وژن 2030 کے تحت سعودی کمپنیاں غیر ملکی ماہرین کو پرکشش تنخواہوں کے ساتھ ویزااسپانسرشپ اورمراعات فراہم کررہی ہیں،حساس نوعیت کے باعث سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستانی ماہرین کو ترجیح دی جاسکتی ہے۔
Category: اہم خبریں
-

ترلائی دھماکہ کا ایک اور زخمی چل بسا، تعداد 35 ہو گئی
اسلام آباد: ترلائی دھماکہ کا ایک اور زخمی چل بسا، شہدا کی مجموعی تعداد 35 ہو گئی۔بتایا گیا ہے کہ لاڑکانہ کا رہائشی زخمی علی نقی بوسن اسلام آباد کے نجی ہسپتال (الشفا اںٹرنیشنل) میں زیر علاج تھا۔پمز، پولی کلینک اور نجی ہسپتال میں شہدا کی تعداد 35 ہوگئی، اب تک پمز میں 29 اور پولی کلینک میں 5 اور 1 نجی ہسپتال میں زخمی شہید ہوچکے ہیں۔
-

پاکستان کسی کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتا، گھر آئے مہمان کو عزت دینی چاہئے: محسن نقوی
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان بات چیت جاری ہے اور اس معاملے میں پیش رفت ہو رہی ہے۔لاہور میں پی ایس ایل کی فرنچائز ملطان سلطانز کی نیلامی کی تقریب کے بعد پاک بھارت میچ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گھر آئے مہمان کو عزت دینی چاہیے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان نے بنگلادیش کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی ہے اور وہ انصاف اور کھیل کے تقاضوں کے مطابق فیصلوں کے حق میں ہے، پاکستان کرکٹ میں شفافیت اور برابری کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کے خلاف میچ کے بائیکات کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی اور آئی سی سی وفد کے درمیان گزشتہ روز میٹنگ ہوئی تھی جس میں پاکستان نے کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور ساتھ ہی بنگلا دیش کے ساتھ ہونے والئی زیادتی کے ازالے پر روز دیا تھا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ولی ٹیکنالوجی کو مبارکباد دیتے ہیں، نجم سیٹھی کا شکریہ انہوں نے ملتان سلطانز بنائی، تمام بڈرز کو مبارک باد دیتا ہوں، آپ سب کا بہت شکریہ۔محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے کہ ٹیم کی قیمت ایک ارب بھی نہیں جائے گی، وہ دیکھ سکتے ہیں، جب محنت ہوتی ہے تو اس کا رزلٹ اچھا نکلتا ہے۔
-

ملک میں 78 سال سے بہت واقعات ہوئے، غلطیوں کا ازالہ کرنا ہوگا: خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ ملک میں 78 سال سے بہت واقعات ہوئے ، ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر ازالہ کرنا ہوگا۔سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو،تین سال میں دہشت گردی کے واقعات بڑھے ہیں، ہم دہشت گردی کی مذمت کرنے کے لیے بھی متحد نہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کیا یہ قرض اُن پرواجب ہے جو اپنی جان وطن کے لیے نچھاور کر رہے ہیں، کیا یہ قرض کسی اور پر واجب نہیں ہے؟ اقتدارکے حصول کے لیے اُن کے جنازوں پر بھی نہیں جاتے، ہم اُن کی قربانیوں کوبھی اون نہیں کرتے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ دہشت گردی کی مذمت تک نہیں کی جاتی، ملکی دفاع کے لیے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میں نے جمعہ والے دن واقعہ ہوا تو مسلک بتایا تھا، مجھے اسلام کے کسی بھی فقہ سےکوئی اختلاف نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے تھریٹ آگئی، میرا فون بھرا ہوا ہے، اِس سے میں کوئی خائف نہیں، اس مٹی کو اپنا وجود مانیں، اگر باہر سے بھی آئے تھے، شناخت اِس کو بنائیں، اِس شناخت کو تلاش کرنے کے لئے کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ صدیاں گزر گئیں تو اس مٹی سے رشتہ تو جوڑیں، اگر کسی قومیت کو اختلافات ہیں تو وہ بھی سرحد پار نہ دیکھے، ہم اپنے سپانسر باہر جا کر نہ ڈھونڈیں، ہم کفالت کے لئے کبھی واشنگٹن، کبھی ماسکو چلے جاتے ہیں۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ بھارت نے جو جنگ ہم سے ہاری، اب وہ ڈائریکٹ سٹیٹ ٹو سٹیٹ وار کی جرأت نہیں کرے گا، مودی ساری دنیا اور اپنے ملک میں بھی رُل گیا ہے، نہ وہ گھر کا نہ گھاٹ کا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں پہلی دفعہ افغانستان گیا میرے ساتھ اُس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی تھے، افغانستان نے کہا ہم اُن کو دور کہیں لے جاتے ہیں، اِس کے لئے ہم سے دس ارب مانگا گیا، وہ گارنٹی دینے کو تیار نہیں تھے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس کے بعد جتنے بات چیت کے ادوار ہوئے ہیں انہوں نے ہماری باتیں تسلیم کی ہیں لیکن گارنٹی دینےکو تیار نہیں، کیا افغانستان کی حکومت کو نہیں پتہ یا وہ اِس میں ملوث ہیں، بھارت سامنے آکے مقابلہ نہیں کرسکتا، افغانستان کے پلو میں چھپ کے ہم پہ وار کر رہا ہے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ دونوں جنگیں ہماری نہیں تھیں، ایک نقطے پر ہمار اتحاد ہونا چاہیے کہ ہندوستان ہمارے خلاف پراکسی وار لڑ رہا ہے، اِس ایوان کو فعال بنائیں، اس ملک میں 78 سال میں بہت سے واقعات ہوئے، ہم اپنی ماضی کی غلطیوں کا ازالہ بھی کر سکتے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر صوبوں میں وسائل ہیں تو صوبوں کا پہلا حق ہے، آپ سوچ بھی نہیں سکتے موجودہ حالات میں کتنے اتحاد کی ضرورت ہے۔
-

ورلڈ بینک کا پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے حمایت کا اعادہ
اسلام آباد:ورلڈ بینک نے پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے حمایت کا اعادہ کر دیا۔وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے سعودی عرب میں ورلڈ بینک کی ایم ڈی اینا بجردے سے ملاقات کی، جس میں سالانہ الولا کانفرنس برائے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومی کے موقع پر ہوئی۔الولا کانفرنس میں اُبھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش اہم معاشی مسائل اور مواقع پر بات کی جاتی ہے، ملاقات میں کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور مالیاتی اصلاحات پر گفتگو کی گئی،اینا بجرڈے نے پاکستان کے 20 ارب ڈالر کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے ورلڈ بینک کی حمایت کا اعادہ کیا۔اینا بجرڈے نے پروگرام کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے موثر عمل درآمد کی اہمیت کو اُجاگر کیا، اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، اُنہوں نے زور دیا کہ بہتر کوآرڈینیشن اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کے کردار اور تعاون ضروری ہے۔
-

سپریم کورٹ:عمران خان کیخلاف13مقدمات کل سماعت کیلئے مقرر:خصوصی عدالت:ذاتی معالج سے معائنے کی درخواست مسترد
القادر ٹرسٹ، سائفر کیس سے بریت کے خلاف اپیلیں، توشہ خانہ ،9مئی کیسزشامل، نوٹسز جاری، چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں2 رکنی بینچ سماعت کریگا ایسے کیا حالات بنے رات گئے پمز لے جانا پڑا:وکیل بانی، قیدی کے ذاتی معالج کا رول نہیں:پراسیکیوٹر، معاملہ زیر سماعت نہ ہونے پر حکام کو بھجوا دیا:سپریم کورٹ اعلامیہ
اسلام آباد، راولپنڈی :سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف 13 مقدمات کل سماعت کیلئے مقرر کر دیئے گئے ، خصوصی عدالت نے ذاتی معا لج سے معائنے کی درخواست مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے 13 مختلف مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر دیئے ، چیف جسٹس یحیٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل دو رکنی بینچ 9 فروری کو سماعت کرے گا۔ بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں، بانی پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کی فوجداری شکایت کے خلاف اپیل، بانی پی ٹی آئی کے آفیشل سیکرٹریٹ اور نیب کے مقدمات پر سماعت فکس کر دی گئی، القادر ٹرسٹ کیس میں بانی کی ضمانت کے خلاف نیب اپیل، سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل، 9 مئی لاہور مقدمات میں بانی کی ضمانت کے خلاف حکومتی اپیل، ہتک عزت کیس میں شہباز شریف کے خلاف بانی کی اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہیں۔ رجسٹرار آفس نے تمام متعلقہ فریقین اور وکلاء کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔توشہ خانہ کیس سے متعلق فوجداری درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیس دوبارہ سپریم کورٹ نے سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطل کر دی تھی۔ الیکشن ایکٹ کی دفعات 167 اور 173 کے تحت سزا سنائی گئی تھی، بانی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس پر 9 فروری کو سماعت ہوگی۔ انسداد دہشتگرد ی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ سے متعلق دائر درخواست خارج کر دی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں ذاتی معالج کی سہولت حاصل رہی،بانی پی ٹی آئی ملک کے سابق وزیراعظم اور برابر سلوک کے مستحق ہیں۔اڈیالہ جیل میں آنکھوں کی ٹریٹمنٹ کا انتظام نہیں، وہ انڈر ٹرائل قیدی ہیں ذاتی معالج سے میڈیکل چیک اپ حق ہے ، تین سال میں بانی کو کبھی جیل سے باہر نہیں لے جایا گیا، ایسے کیا غیر معمولی حالات بنے کہ رات گئے پمز ہسپتال لے جانا پڑا،استدعا ہے ذاتی معالجین کو اڈیالہ جیل میں رسائی دی جائے ۔ سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت کی اور دلائل میں کہا بانی پی ٹی آئی انڈر ٹرائل قیدی نہیں نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر اور انڈر ٹرائل ملزم ہیں قیدی نہیں، کریمنل کورٹ کے پاس اختیار نہیں ضمانت پر کسی ملزم کی کسٹڈی ریگولیٹ کرے ، قیدی کے علاج معالجے کیلئے حکومت ڈاکٹرز کا تعین کرتی ہے ، پاکستان پرزن رولز میں پرائیویٹ ڈاکٹرز سے علاج کرانے کا کوئی ذکر نہیں، قیدی کیلئے ذاتی معالج کا پرزن رولز میں کوئی رول نہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد بانی کیلئے ذاتی معالجین کی اڈیالہ جیل میں رسائی کی درخواست خارج کر دی۔ سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔سپریم کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان کو بانی پی ٹی آئی سے متعلق یاد داشت بھیجنے کے معاملہ میں احتجاج اور یاد داشت سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا جس میں کہاگیا کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن ارکان نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا، بانی پی ٹی آئی تک رسائی اور میڈیکل رپورٹس کے حصول کا مطالبہ کیا گیا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے وفد کی جانب سے میمورنڈم وصول کیا،پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کرائی گئی، سپریم کورٹ نے معاملہ زیر سماعت مقدمے سے متعلق نہ ہونے پر متعلقہ حکام کو بھجوا دیا، ایک ہفتے تک جواب موصول نہ ہونے پر پی ٹی آئی وفد دوبارہ سپریم کورٹ پہنچا، سپریم کورٹ نے ایسے معاملات کیلئے متاثرہ فریقین سے رابطے کیلئے ایس او پیز بنا دیئے جن میں انصاف تک رسائی اور ادارہ جاتی معاونت سمیت دیگر مسائل کو دیکھا جائے گا۔
-

چاندی 444، سونا 11ہزار 700روپے فی تولہ مزید مہنگا
تولہ سونا 5لاکھ 19ہزار 462، 10گرام 4لاکھ 45ہزار 354کا ہوگیا عالمی مارکیٹ میں سونا قیمت 117ڈالر بڑھی، چاندی 8ہزار 269کی ہوگئی
کراچی:عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس کے بعد سونا اور چاندی مزید مہنگے ہوگئے ہیں، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 11 ہزار 700 روپے اضافے سے 5 لاکھ 19 ہزار 462 روپے کی نئی سطح پر پہنچ گیا، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 10 ہزار 30 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 45 ہزار 354 روپے ہو گئی ہے ، مقامی سطح پر چاندی کی قیمت بھی اضافے سے مستثنیٰ نہ رہی، 24 قیراط فی تولہ چاندی 444 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 269 روپے کی سطح پرآ گئی۔ دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 117 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 967 ڈالر پر پہنچ گیا، عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات فوری طور پرمقامی صرافہ بازاروں میں منتقل ہوئے ۔ ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیریقینی صورتحال، کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ اور محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے کے باعث سونے کی طلب بڑھ رہی ہے ، جس سے قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔
-

آئی سی سی سے رجوع نہیں کیا، پی سی بی نے بھارتی میڈیا کا دعویٰ مسترد کر دیا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے رجوع کرنے کے بھارتی میڈیا کے تمام دعوے مسترد کر دیئے۔پی سی بی ترجمان عامر میر نے کہا کہ پی سی بی بھارتی سپورٹس صحافی وکرانت گپتا کے دعوے کو مسترد کرتا ہے، پی سی بی نے آئی سی سی سے رجوع نہیں کیا۔ترجمان پی سی بی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہندوستانی میڈیا کے گماشتے افسانے پھیلانے میں مصروف ہیں۔عامر میر نے کہا کہ تھوڑا صبر اور، وقت واضح طور پر دکھائے گا کہ اصل میں کس نے دستک دی اور کس نے نہیں کی۔
-

اسلام آباد دھماکے میں شہید ہونے والوں کی نمازِ جنازہ ادا
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے شہدا کی نمازِ جنازہ امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ اور امام بارگاہ جامع صادق میں ادا کردی گئی۔امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں گیارہ شہدا جبکہ امام بارگاہ جامع صادق میں تین شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی ہے، نمازِ جنازہ کے موقع پر وفاقی وزراء، پولیس حکام، تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کل 33 شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔شہداء کی میتیں جب نمازِ جنازہ کے لیے لائی گئیں تو فضا رقت آمیز ہو گئی، ہر طرف آہیں اور سسکیاں سنائی دیتی رہیں اور سوگوار اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں نمازِ جنازہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے پڑھائی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ رہے۔دوسری جانب امام بارگاہ جامع صادق جی نائن میں شہداء کی نمازِ جنازہ آغا شیخ محمد شفا نجفی نے پڑھائی، جس میں اپوزیشن لیڈر، آئی جی اسلام آباد، سیاسی و مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنازہ گاہ کے اطراف بھی سخت سیکیورٹی انتظامات نافذ کیے گئے تھے۔اس موقع پر شرکا نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، جبکہ مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
-

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، تاجروں کے کروڑوں ڈوب گئے
کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچیبج میں ٹریڈنگ کا اختتام شدید مندی سے ہوا۔کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس 3702 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 84 ہزار 129 پوائنٹس پر بند ہوا۔انڈیکس دوران ٹریڈنگ 4 ہزار سے زائد پوائنٹس مائنس ہو کر 1 لاکھ 88 ہزار سے 1 لاکھ 83 ہزار تک ٹریڈ ہوا۔سٹاک ایکسچینج میں 564 کمپنیوں میں سے 113 کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ، 323 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ہوئی۔سٹاک ایکسچینج میں 60 ارب روپے مالیت کے 1 ارب 27 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔
