کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کنزیومر کورٹ کے فیصلے کے خلاف نجی کورئیر کمپنی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے 6 سال بعد فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے کمپنی کو حکم دیا کہ وہ صارف کو گم شدہ موبائل فون کے ساتھ جرمانے کی رقم بھی ادا کرے۔سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ صارف نے اپنا موبائل فون بذریعہ کورئیر لاہور بھیجا تھا جو راستے میں گم ہو گیا، اس پر کنزیومر کورٹ نے کمپنی کو 45 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل سنگل بنچ نے صارف محمد شاہد کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ کورئیر کمپنی صارف کے نقصان کی ذمہ دار ہے اور اسے موبائل فون کے ساتھ جرمانے کی رقم بھی ادا کرنا ہو گی۔
Category: اہم خبریں
-

ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس،27ویں ترمیم منظوری بارے اہم فیصلہ
اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہاؤس بزنس مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جس میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم 14 نومبر کو منظور کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی اجلاس بھی 14 نومبر تک جاری رہے گا جب کہ اجلاس کے ایجنڈے اور شیڈول کی بھی منظوری دیدی گئی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر نے شرکت نہیں کی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اجلاس کے دوران ماحول کو خوشگوار رکھنے کی درخواست کی۔
-

27 ویں آئینی ترمیم پہلے سینیٹ میں پیش کی جائے گی: اسحاق ڈار
اسلام آباد:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پہلے سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔سینیٹ اجلاس اسحاق ڈار کا اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی بالکل ہونی چاہیے، حکومت اِس مسئلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم آنے والی ہے، ترمیم ایوانوں میں آئین کے مطابق پیش کی جائے گی ، حکومت اتحادیوں کو اعتماد میں لے رہی ہے اور اُنہیں ساتھ لے کر چل رہی ہے، ہم ایم کیو ایم ، اے این پی سمیت دیگر اتحادیوں کے تحفظات بھی دور کریں گے۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں علی ظفر کو یقین دلاتا ہوں کہ 27 ویں آئینی ترمیم پر ایوان میں بحث ہو گی، آپ ایوان میں تقریر کے دوران اپنی رائے دے دینا، قانون سازی کرنے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، تجویز دیتا ہوں کہ ترمیم پہلے سینیٹ میں پیش کی جائے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ27 ویں آئینی ترمیم متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں بھی جائے گی ، یہ کہیں سے پیرا شوٹ نہیں ہو رہی ہے، ہم شراکت دار وکلا فورمز سے بھی رائے لیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ایک سیاسی جماعت کےچیئرمین ہیں، بلاول بھٹو کو ٹویٹ کرنےکا حق حاصل ہے، بلاول بھٹو نے ہوا میں باتیں نہیں کیں، ہم ملاقاتوں کے بعد ایک پوائنٹ پر پہنچے ہیں۔نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ 14-2013 میں ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی، ماضی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے فنڈز فراہم کیے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ماضی میں آپریشنز کیے گئے، مالی مشکلات کےباوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے فنڈ دیے گئے۔
-

خیبرپختونخوا: افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، 3 خارجی جہنم واصل
راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے بالمقابل علاقے ایشام میں خوارج کی نقل وحرکت محسوس کی گئی، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں مارے گئے خوارج میں ایک کی شناخت افغان شہری قاسم کے نام سے ہوئی، قاسم نامی خارجی افغان بارڈر پولیس میں کام کر رہا تھا۔دوسری جانب ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھی ایک خارجہ کو جہنم واصل کردیا گیا، مارے گئے خارجی کی شناخت افغان شہری اکرام الدین عرف دجانا کے نام سے ہوئی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فتنہ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دراندازی کی کوششوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے اندر اپنی موجودگی کا تاثر دینا اور باجوڑ و مہمند میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں سے خوارج کا گرتا ہوا حوصلہ بحال کرنا ہے۔
-

پنجاب:احتجاج،ریلیوں،دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار 8نومبر تک 7یوم تک دفعہ144کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری لائوڈ سپیکر ایکٹ ، شادی تقریبات اور جنازوں پر اطلاق نہیں ہوگا
لاہور:پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 یوم کی توسیع کر دی گئی،محکمہ داخلہ پنجاب نے 8 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے ، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماع اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے ، دفعہ 144 کے تحت 4 یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پرمکمل پابندی ہو گی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہناتھا کہ دفعہ 144 کے دوران اسلحے کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہے ، اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی ہے ۔ دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ امن وامان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسرو اہلکار اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ لاؤڈ سپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبہ کے لئے استعمال جاسکتے ہیں۔
-

صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کو طلب کرلیا
اسلام آباد:صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس مورخہ 5 نومبر 2025 بروز بدھ سہ پہر 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے۔صدر مملکت نے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہو طلب کیا ہے۔خیال رہے قومی اسمبلی کا 5 نومبر کو ہونے والا اجلاس موجودہ قومی اسمبلی کا 21 واں اجلاس ہوگا۔
-

پاک امریکہ بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 کا آغاز پاکستانی سفیر کادو نوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کی اہمیت پر زور امریکی مارکیٹ کومدنظررکھ کر حکمت عملی ترتیب دی جائے ،رضوان شیخ
واشنگٹن ڈی سی:امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست ورجینیا میں پاک امریکہ جوائنٹ بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 کا افتتاح کیا جس میں انہوں نے دو نوں ملکوں کے درمیان دیرپا شراکت داری استوار کرنے میں معاشی تعاون کی کلیدی اہمیت پر زور دیا ۔یہ تقریب برین ڈیزائنر پاکستان ، راولپنڈی چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز اور یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبرکے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں کاروباری رہنماؤں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کی تلاش کیلئے اکٹھا کیا۔رضوان سعید شیخ نے پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ضمن میں امریکی مارکیٹ کی وسیع صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور اس متحرک معیشت میں کامیابی کیلئے مناسب حکمت عملی ترتیب دینے کی اہمیت پر زور دیا۔سفیر پاکستان نے امریکہ کو دنیا کی اعلیٰ ترین صارف مارکیٹ قرار د یتے ہوئے اسے عالمی کاروباروں کی توسیع کے لیے ناگزیر قرار دیا۔پاکستان کی صدیوں پرانی تجارتی روایات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے پاکستانی کاروباری افراد کو منظم کاروباری طریقہ کار اختیار کرنے ، باہمی اتحاد اور دستیاب وسائل یکجا کرنے کی ترغیب دی تاکہ امریکی معیشت میں موجود وسیع پیمانے کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
-

خاموشی کے وقت مجھ پر یقین رکھنے والوں کا شکریہ : بابراعظم سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام شیئر ،کبھی لگتا ہے سب اچھا ہے لیکن چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں:سابق کپتان کی فتح کے بعد سلمان آغا کیساتھ گفتگو
لاہور:قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا اور ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ شکر گزار ہوں کہ میں دوبارہ وہی کر رہا ہوں جو مجھے پسند ہے ، اُن سب کا شکریہ جنہوں نے ‘‘خاموشی ’’کے وقت میں مجھ پر یقین رکھا۔علاوہ ازیں ٹی ٹونٹی سیریز میں فتح کے بعد کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ابتداء میں 40 رنز تک محتاط انداز میں کھیلنے کا پلان بنایا تھا۔ بیچ میں سپنرز کو کھیلنا مشکل ہورہا تھا تو پلان کیا کہ ان کو محتاط انداز میں کھیلیں، اگر گیند رینج میں آئی تو ہٹ لگائیں گے ، جو کہ پھر آگئی۔سلمان آغا نے بابر اعظم سے کہا کہ ٹیم اور قوم آپ کی اس کارکردگی پر بہت خوش ہے کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ آپ رنز بناتے جائیں گے تو ہم کوئی بھی ایونٹ جیت سکتے ہیں۔بابر اعظم نے اپنی حالیہ ناقص فارم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں اور ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر پارہا تھا لیکن میں مثبت رہا اور محنت جاری رکھی۔ مزاحیہ انداز میں سلمان نے بابر سے پوچھا کہ بیٹنگ کے دوران مجھے اتنا بھگایا کیوں؟ جس پر بابر نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ آپ ہی نے تو زیادہ ڈبل رنز لیے ، آخر آپ کپتان ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ وہ پچھلے کچھ عرصے سے اپنی ٹریننگ اور فوکس پر محنت کر رہے تھے اور ہمیشہ مثبت رہنے کی کوشش کی، کبھی کچھ لمحات ایسے آتے ہیں جس میں لگتا ہے کہ سب اچھا ہے لیکن چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں لیکن الحمداللہ، اللہ نے آج کرم کیا۔آخر میں سلمان علی آغا نے بابر کے عزم و محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب بابر فارم میں نہیں ہوتے تو ضرور پریشان دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کے ورک ایتھکس مثالی ہیں، وہ روز باقاعدہ پریکٹس، فیلڈنگ اور محنت کرتے ہیں، یہی عادتیں انہیں ایک عظیم کھلاڑی بناتی ہے ۔
-

ریاستی ایوانوں میں اب27 ویں آئینی ترمیم کی باز گشت سنائی دے رہی ہے: اسد قیصر
اسلام آباد: سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک اںصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ ریاستی ایوانوں سے ایک بار پھر آئینی ترمیم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ابھی 26 ویں آئینی ترمیم کے زخم تازہ ہیں، اب 27 ویں ترمیم کی باتیں ہو رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین پاکستان کا متفقہ آئین ہے، اس آئین پر کسی کو ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے، ذوالفقار علی بھٹو اور تمام سیاسی جماعتوں نے آئین پر اتفاق کیا تھا۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آئین ریاست کی تمام اکائیوں کو ایک بندھن میں جوڑے رکھتا ہے، اب بھٹو کا جانشین اور ان کی جماعت اسی آئین کے چہرے کو مسخ کرتی ہے یا جمہوریت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔موجودہ پارلیمان فارم 47 کی پیداوار ہے، موجودہ پارلیمان آئینی ترمیم کا اخلاقی جواز نہیں رکھتی، ملک کی تمام جمہور پسند قوتوں کو غیر آئینی ترمیم کے خلاف متحد ہونا ہوگا، اگر ایسا نہ ہوا تو یہ نظام اپنی بنیادوں سمیت زمین بوس ہو جائے گا۔
-

ویمنز ورلڈ کپ میں بدترین ناکامی پر ہیڈ کوچ محمد وسیم عہدے سے فارغ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں بدترین ناکامی پر ہیڈ کوچ محمد وسیم کو عہدے سے فارغ کر دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں بدترین ناکامی پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کو فارغ کرکے ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ویمنز ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش جاری ہے، پی سی بی پر عزم ہے کہ ویمن کرکٹ کو ہر حال میں مضبوط کیا جائے گا۔یاد رہے کہ محمد وسیم کو 2024 میں ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کیا گیا تھا اور انہیں مکمل اختیارات بھی دیے گئے تھے۔آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025 میں پاکستان ٹیم کوئی میچ جیت سکی تھی، قومی ٹیم کو 4 میچز میں شکست ہوئی، اور 3 میچ بارش کی نظر ہوئے تھے، تاہم ٹیم نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کی مظبوط ٹیموں کے خلاف شاندار باولنگ کرکے اپنی موجودگی کا احساس ضرور دلایا۔آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے اپنے تمام 7 میچز کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں کھیلے تھے، پاکستان ویمنز ٹیم کو روایتی حریف بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
