اسلام آباد: بھارتی جریدے کا 20 ہزار پاکستانی فوجی غزہ بھیجنے کا دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا نکلا۔ذرائع کے مطابق بھارتی جریدے کا 20 ہزار پاکستانی فوجی غزہ بھیجنے کا دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا ہے، بھارتی رپورٹ میں شامل انٹیلی جنس لیکس اور دعوے من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر اور دفتر خارجہ نے بھی غزہ میں کسی فوجی مشن کی تائید یا اعلان کبھی نہیں کیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا فلسطینیوں کی خود ارادیت کی حمایت میں مؤقف واضح اور اصولی ہے۔وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا نہ ہی کسی فوجی تعیناتی پر بات ہوئی۔
Category: اہم خبریں
-

جنرل ساحر شمشاد کا دورہ بنگلہ دیش:اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں چیف ایڈوائزر محمد یونس، عسکری قیادت سے دفاعی تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق چیئرمین جوائنٹ چیفس کا سکول آف انفنٹری و ٹیکٹکس کا دورہ، فیکلٹی اور طلبہ سے گفتگو
راولپنڈی :چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، نیول سٹاف کے چیف ایڈمرل محمد ناظم الحسن، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کامرل حسن سے الگ الگ ملاقات کی۔دونوں طرف سے عالمی و علاقائی سکیورٹی کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دفاعی تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ جنرل ساحر شمشاد نے کہا دونوں ممالک خودمختاری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات مزید گہرا کرنے کے عزم رکھتے ہیں۔ فوجی تعاون بڑھانے اور ملٹری ٹو ملٹری اقدامات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس سلیٹ کا دورہ کیا اور فیکلٹی و طلبہ سے گفتگو کی۔ بنگلہ دیش کی سول اور ملٹری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، دہشتگردی کے خلاف جدوجہد اور قربانیوں کو سراہا۔
-

عوام جان لیں مسلط طبقات سے حق چھین کر لینا پڑیگا، حافظ نعیم جاگیریں چھوٹے کاشتکاروں میں تقسیم کرنیکا مطالبہ قوم کی آواز بنا دینگے ،خطاب
لاہور:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے حقوق مینار پاکستان سے شروع ہونے والی بدل دو نظام کوتحریک کا سرفہرست ایجنڈا ہوگا۔ کسان ساتھ دیں، انگریزوں کی وفاداری سے حاصل کی گئی جاگیروں کو چھوٹے کاشتکاروں میں تقسیم کرنے کے مطالبہ کو پوری قوم کی آواز بنا دیں گے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 35سو روپے من گندم کی امدادی قیمت کو مسترد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ میں کسان بچاؤ پاکستان بچاؤروڑ کارواں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ساٹھ فیصد آبادی زراعت سے منسلک لیکن حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے شعبہ تیزی سے زوال کا شکار ہے ، زراعت کی شرح نمو ایک سال میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد سے اعشاریہ پانچ تک آگئی۔اس سے جاگیردار کو کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت ان سے ٹیکس بھی نہیں لیتی، انہوں نے مزید کہا کہ عوام جان لیں انہیں مسلط طبقات سے اپنا حق چھین کر لینا پڑے گا، جماعت اسلامی سے مل کر گلیوں کوچوں میں آواز اٹھائیں، ایوانوں کا گھیراؤ کریں، ظلم کے اس راج کو بدلنا ہوگا، ملک پر عوامی راج چاہیے ،جماعت اسلامی نومبر میں استحصالی نظام کے خلاف پرامن تحریک چلا ئے گی۔فارم 45 کی پیداوار کو عوام، کسان مزدور سے کوئی غرض نہیں، چہرے نہیں نظام بدلنا ہوگا۔دریں اثنا نعیم الرحمن نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے ۔ کشمیریوں کی تیسری نسل کو بھارتی مظالم کا سامنا ہے ۔
-

فیلڈ مارشل کی شاہ عبداللہ دوئم سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر گفتگو عاصم منیر کا اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ اردنی افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے بھی ملاقات، گارڈ آف آنر پیش
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کے سرکاری دورہ کے دوران شاہ عبداﷲ دوئم سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداﷲ بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی امور پر گفتگو کی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے آرمی چیف نے پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداﷲ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔شاہ عبداﷲنے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل نے اردنی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے بھی ملاقات کی جبکہ ان کو جنرل ہیڈکوارٹرز عمان آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔فریقین نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔
-

پاکستان سے سیریز، سری لنکا کی ریکی ٹیم لاہور پہنچ گئی ٹیم لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لے گی:ذرائع
لاہور:سری لنکا وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لینے کے لیے سری لنکا کرکٹ کی ریکی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کرکٹ کی ریکی ٹیم معمول کے مطابق لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لے گی۔سری لنکا کی ریکی ٹیم کو میچز کے وینیوز پر انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔سری لنکن ٹیم نے لاہور میں ٹرائی سیریز کے میچز جبکہ راولپنڈی میں ون ڈے سیریز کھیلنا ہے ۔ ٹرائی سیریز ٹی ٹو نٹی ٹورنامنٹ کی تیسری ٹیم زمبابوے ہے ۔
-

پاک جنوبی افریقہ پہلا ٹی 20آج، کپتان جیت کیلئے پر عزم میچ رات 8بجے شروع ، بابر کی شمولیت پر ٹیم کو فائدہ ہوگا:سلمان علی آغا،ہمارے پاس باصلاحیت بیٹرز اور بالرز موجود :ڈونوون فریرا
راولپنڈی:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچزپرمشتمل ٹی 20 سیریز آج سے شروع ہو گی ،دونوں ٹیمیں آج رات 8بجے راولپنڈی سٹیڈیم میں پنجہ آزماہونگی ،دونوں کپتان جیت کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں ،قومی کپتان سلمان علی آغانے پنڈی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ایشیاکپ میں کافی کچھ سیکھا ہے ،غلطیوں سے سیکھ کر ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاری کریں، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک سٹریٹجی یہی رہے گی،بابراعظم کے پاس سو سے زیادہ میچز کا تجربہ ہے ،بابراعظم ورلڈکلاس کھلاڑی ہیں، شمولیت پر ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ غلطیوں پر بات ضرور کی جاتی ہے ، کیونکہ غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہتے ،جس بھی گراؤنڈ میں جائیں اس کے اسٹیٹس دیکھتے ہیں،گراؤنڈ کے اوسط سکور سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کرتے ہیں،میری انفرادی پرفارمینس حالیہ دو تین سیریز سے اچھی نہیں،میری کوشش ٹیم کو جتوانے کی ہوگی،ہیڈکوچ مائیک ہیسن مجھے پیغام نہیں بھیجتے ،میں خود گراؤنڈ میں فیصلہ کرتاہوں۔ٹی ٹونٹی میں ضرورت پڑی تو باؤلنگ ضرور کروں گا، باؤلنگ میں بہتری کرنے کی ضرورت ہے ،بیٹرز کو سٹرائیک ریٹ پر کام کرنا ہے ،عبدالصمد، حسن نواز، محمد نواز پاورہٹنگ کیلئے استعمال ہونگے ، قومی ٹیم پنک ڈے منانے کیلئے پرجوش ہیں کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہونے جارہا ہے ۔ادھر جنوبی افریقہ کپتان ڈونوون فریرا نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز اہم ہے کیونکہ ورلڈکپ قریب ہے ،ٹی ٹونٹی میں حال ہی میں ساؤتھ افریقہ نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے ، ہمارے پاس باصلاحیت بیٹرز اور بالرز موجود ہیں۔ پہلی ایک دو گیندوں کے بعد معلوم ہوگا کہ ٹی ٹونٹی کی پچ کیسی ہے ؟جو بھی میچ کھیلیں گے جیتنے کے لیے کھیلیں گے ،پہلا ٹی ٹونٹی جیت جائیں تو سیریز میں اچھی شروعات ملے گی۔دریں اثنا سیریز کے اگلے دو میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 24 ٹی ٹونٹی کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ٹیموں نے بارہ بارہ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
-

ڈالرکی قدرمزید کم،تولہ سونا 3ہزار300روپے سستا تولہ سونا 4لاکھ 30ہزار 362،دس گرام لاکھ 68ہزار 966روپے ریکارڈ
کراچی:انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر مزید سستاہوگیاتاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا،ادھر عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر ایک پیسے کی کمی سے 281.01 روپے کا ہوگیاتاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر282.05روپے پر مستحکم رہا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 33 ڈالر کی کمی سے 4080 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 3 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی سے 4 لاکھ 30 ہزار 362 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 829 روپے کی نمایاں کمی سے 3 لاکھ 68 ہزار 966 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ ہفتے کو فی تولہ سونا 1800 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 33 ہزار 662 روپے پر جاپہنچا تھا۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 27 روپے کی کمی سے 5097 روپے ہوگئی۔
-

ستمبر، ٹیکسٹائل برآمدات 1.60ارب ڈالر سے تجاوز نٹ وئیر کی برآمدات پہلی بار 48.50کروڑڈالر کی بلند سطح پر جاپہنچیں برآمدات میں یہ اضافہ زرمبادلہ ذخائر میں مثبت اثر ڈالے گا،صنعتی ماہرین
کراچی:ٹیکسٹائل برآمدات ستمبر 25ء میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے 1 ارب 60 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں جس کا اعلان اسٹیٹ بینک نے جاری کردہ اعداد و شمار میں کیا۔ یہ 3 برس بعد ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات کی بلند ترین سطح ہے ۔ مرکزی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق، خاص طور پر میڈ ان پاکستان نٹ وئیر کی برآمدات پہلی بار 48 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچیں ہیں جو اس صنعت کی عالمی منڈی میں مضبوط پوزیشن کو بلاتردد ظاہر کرتی ہیں۔پاکستان کی مجموعی برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ تقریباً 60 فیصد تک پہنچ چکا ہے جو ملکی معیشت میں اس شعبے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے ۔ صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمدات میں یہ اضافہ ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بھی مثبت اثر ڈالیں گے اور ٹیکسٹائل صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائیں گے ۔اسٹیٹ بینک کے کے مطابق ستمبر 25ء میں برآمدات کی یہ بڑھوتری نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ ٹیکسٹائل شعبے کی پائیدار ترقی کے امکانات کو بھی روشن کرتی ہے۔
-

لبنان: اقوام متحدہ کی امن فوج نے اسرائیلی ڈرون مار گرایا
بیروت: جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن (یونیفل) کے اہلکاروں نے ایک اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا۔یونیفل نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ڈرون نے ان کی ٹیم کے اوپر ’جارحانہ انداز‘ میں پرواز کی، ڈرون کی پرواز کے بعد امن فوج کے اہلکاروں نے ’دفاعی کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو ناکارہ بنا دیا‘۔یونیفل کے مطابق اس واقعے کے فوراً بعد ایک اور اسرائیلی ڈرون نے امن مشن کے قریب گرینیڈ پھینکا جبکہ ایک اسرائیلی ٹینک نے ان کی جانب فائرنگ کی، اس حملے میں امن فوج کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے پیر کے روز کہا کہ ڈرون جنوبی لبنان کے سرحدی قصبے کفرکلا میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے قریب موجود تھا اورمعمول کی پرواز کررہا تھا۔ترجمان کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے امن فوج پر کوئی فائرنگ نہیں کی اور ڈرون گرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے اس مقام پر ایک دستی بم پھینکا جہاں ڈرون گرا تھا۔
-

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید سستا ہوگیا
کراچی:انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 281 روپے ایک پیسے پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 2 پیسے پر بند ہوا تھا۔
