اسلام آباد:ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس جواد طارق نے ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا، اس موقع پر دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ، ڈی آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا،ڈیوٹی پر موجود افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں الرٹ رہنے کی ہدایت کی انہوں نے افسران و جوانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہرافسر چوکس رہے ، شہریوں کے تحفظ میں کوئی کمی برداشت نہیں کی جائے گی، شہر میں امن و امان کا تسلسل ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے ، کسی بھی قسم کی شرپسندی یا قانون شکنی کی صورت میں قانون فوری حرکت میں آئے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
Category: اہم خبریں
-

سینٹرل پولیس دفتر میں آپریشنل کمانڈرز کانفرنس ،اہم ہدایات جاری شہریوں کی خدمت اور قانون کے مؤثر نفاذ کو اولین ترجیح بنایا جائے ،آئی جی
اسلام آباد:انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آپریشنل کمانڈرز کانفرنس کا انعقادہوا، آئی جی نے پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کیلئے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ،انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ شہریوں کی خدمت اور قانون کے مؤثر نفاذ کو اولین ترجیح بنایا جائے اور جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کو مزید بہتر کیاجائے ،انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے ، نشہ اب نہیں تحریک کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور شہریوں کی آسانی کے لئے زیادہ سے زیادہ آن لائن سہولیات فراہم کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ۔پولیس افسران کی استعداد کارکو مزید بڑھانے کیلئے ٹریننگ کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے ، انہوں نے تمام آپریشنل کمانڈرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ماتحت ٹیموں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائیں،تمام کمانڈرز سخت محکمانہ احتساب کے ساتھ جوانوں کی ویلفیئرکا بھی خاص خیال رکھیں اور انہیں روزانہ کی بنیادوں پر بریف کریں،آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت پولیس ویلفیئر اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی اہم اجلاس ہوا، آئی جی نے پولیس افسران و جوانوں اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لئے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
-

یورپ میں پاکستانی چاول کی فروخت میں کمی کا اندیشہ بھارتی تاجروں نے ڈھائی سو سے لے کر300 ڈالر تک فی ٹن کم ریٹ دیے
کراچی:بھارتی چاول کی قیمتوں میں کمی سے یورپین یونین میں پاکستانی چاول کی فروخت میں کمی کا خطرہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اس سال جرمنی کے شہر کولون میں لگنے والی خوراک کی بڑی نمائش انوگا میں بھارت کے چاول کے تاجروں نے یورپی خریداروں کو پاکستانی تاجروں کے مقابلے میں ڈھائی سو سے لیکر 300 ڈالر تک فی ٹن کم ریٹ دیے ہیں جس سے خریداروں کو فی کنٹینر 6 سے 7 ہزار یورو تک کا فائدہ پہنچتا ہے ، اس عمل سے یورپ میں پاکستانی چاول کی فروخت میں کمی کا اندیشہ ہے ۔ اس کی بنیادی وجوہات پر اگر غور کیا جائے تو بھارتی تاجر امریکی منڈی میں چیلنج کے باعث اب یورپ کی مارکیٹ پر زیادہ فوکس کر رہے ہیں۔ تاکہ وہ نہ صرف اپنے اسٹاکس کی فروخت کو یقینی بنا سکیں بلکہ پاکستان سے یورپی مارکیٹ میں اپنی وہ جگہ بھی واپس حاصل کر سکیں جو یورپ میں بھارتی چاول پر پابندی کے دوران پاکستانی چاول نے لے لی تھی۔
-

پہلی سہ ماہی میں 141.41 ارب کے موبائل فونز درآمد ستمبر میں درآمدات 56.35ارب روپے تک پہنچ گئیں،اسٹیٹ بینک
کراچی:پاکستان نے مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر)کے دوران تقریباً 141.41 ارب روپے مالیت کے موبائل فون درآمد کیے ، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 68.63 ارب روپے کی درآمدات کے مقابلے میں 106.05 فیصد زیادہ ہے ۔ماہانہ بنیادوں پر بھی موبائل فونز کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ستمبر 2025 میں یہ درآمدات 56.35 ارب روپے تک پہنچ گئیں، جو اگست 2025 میں 43.91 ارب روپے تھیں۔اس طرح 28.45 فیصد اضافہ ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر موازنہ کیا جائے تو ستمبر 2025 کی درآمدات 56.35 ارب روپے رہیں جو ستمبر 2024 کی 29.01 ارب روپے کی درآمدات کے مقابلے میں 94.44 فیصد زیادہ ہیں۔تاہم مکمل مالی سال 2024-25 کے دوران موبائل فونز کی مجموعی درآمدات 417.35 ارب روپے رہیں، جو مالی سال 2023-24 کی 535.69 ارب روپے کی درآمدات کے مقابلے میں 22.09 فیصد کمی ظاہر کرتی ہیں۔ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی درآمدات بھی مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر تقریباً 594 ارب روپے رہ گئیں۔
-

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ: تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو شکست
جوہر بارو: ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو شکست ہو گئی۔انگلینڈ نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں چوتھی پوزیشن پر رہی۔پاکستان کی جانب سے حنان شاہد اور سفیان خان نے ایک، ایک گول کیا۔
-

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاک افغان جنگ بندی کرانے کیلئے تیار
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاک افغان جنگ بندی کرانے کو تیار ہوگئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں جنگ بندی کرانا پڑی تو میرے لئے بہت آسان ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں، نوبل انعام کیلئے نہیں زندگیاں بچانے کیلئے جنگیں رکوا رہا ہوں۔امریکی صدر نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی، پاکستانی وزیراعظم نے کہا میں نے لاکھوں زندگیاں بچائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں، کوئی دوسرا امریکی صدر ایک بھی جنگ نہیں رکوا سکا۔
-

لاہور میں محدود سطح پر بسنت منانے کی اجازت دینے کی تجویز
لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت فیسٹیول کو محدود پیمانے پر منانے کی تجویز سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت مخصوص علاقوں میں صرف دو روز، ہفتہ اور اتوار، بسنت منانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے بسنت سے متعلق ایک تفصیلی محفوظ پلان حکومت کو پیش کیا ہے۔ اس منصوبے میں بسنت کو اندرونِ لاہور کے مخصوص علاقوں جیسے شاہی قلعہ، موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ اور رنگ محل تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔بسنت کے دوران سیکیورٹی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متعدد احتیاطی تدابیر تجویز کی گئی ہیں۔ ان علاقوں میں موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی ہوگی، اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے سیفٹی اینٹینا اور گلے کا کور لازمی قرار دیا گیا ہے۔مزید برآں شہر کی مین سڑکوں پر سیفٹی نیٹس اور وائر پروٹیکشن سسٹم نصب کرنے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ پتنگ کی ڈور سے ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے، بسنت کے دوران صرف کپاس یا نشاستے سے تیار شدہ ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی، جبکہ نائیلون، کیمیکل یا دھاتی تار سے بنی خطرناک ڈور پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔انتظامیہ نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ پتنگیں اور ڈور بار کوڈ کے ساتھ رجسٹرڈ کی جائیں تاکہ ان کی خرید و فروخت پر نظر رکھی جا سکے، غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں اور غیر محفوظ ڈور بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ تجویز اب حکومت کے پاس ہے اور حتمی منظوری کے بعد ہی بسنت فیسٹیول کی محدود اجازت کا اعلان کیا جائے گا۔ -

پنجاب حکومت کا فتنہ فساد پھیلانے والوں کے خلاف بڑا اعلان
لاہور: تشدد ،فتنہ فساد اور خون ریزی کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا، پنجاب حکومت نے بڑا اعلان کردیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن امان سے متعلق دوسرا غیر معمولی اجلاس ہوا، پنجاب حکومت کا احتجاج کے نام پر خون ریزی، شرانگیزی اور فتنہ و فساد پھیلانے والوں کے خلاف آہنی گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کا ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اورعمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر 400 لاشوں والے اشتعال انگیز جھوٹے بیان پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت نے واضح کر دیا کہ ریاست کا ہدف فساد ہے کوئی مذہبی جماعت یا عقیدہ نہیں، کارروائیاں صرف اُن کے خلاف ہیں جو امن برباد کرنے کی تاریخ کے حامل ہیں، پنجاب میں مساجد کے منبروں اور مدارس کے فورمز کو نفرت،انتشار یا تشدد کے فروغ کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے۔صوبائی حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ مدارس کے تقدس کو مجروح کرنے اور بچوں کے ذہنوں میں نفرت یا تشدد کے بیج بونے والوں کے خلاف دہشت گردی کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی،پنجاب حکومت نے احتجاج کے دوران کیلوں والے ڈنڈوں ، پٹرول بم اور ہر قسم کے اسلحہ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
-

جلاؤ گھیراؤ اور امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے: عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ اور امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔وفاقی دارالحکومت میں محسن نقوی،سردارمحمد یوسف،طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزرا عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نےفلسطین کا معاملہ ہرعالمی فورم پرلڑا،پاکستان میں احتجاج کےنام پرپرتشدد کارروائیاں کی گئیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نےہرطرح سےفلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دیا،جنگ بندی معاہدے سےفلسطینی سجدہ ریزہوئے، پوری دنیا میں فلسطینیوں کےحق میں پرامن مظاہرے کیےگئے، احتجاج کے نام پر پرتشدد کارروائیاں کی گئیں،پاکستان نے فلسطین کا معاملہ ہر عالمی فورم پر لڑا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر طرح سے فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دیا، جنگ بندی معاہدے پر فلسطینی سجدہ ریز ہوئے، مہذب دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے، لندن، اٹلی، برطانیہ میں احتجاج کے دوران ایک گملا نہیں ٹوٹا۔عطا تارڑ نے کہا کہ فلسطین کے حق میں یہ کیسا احتجاج ہے جس میں جدید ہتھیار، خنجر، چاقو اٹھائے لوگ شریک ہوئے، احتجاج کرنے والوں کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچائیں، مظاہرین نے پولیس انسپکٹر کو شہید کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ شہید انسپکٹر کا کیا قصور تھا کہ اسے اکیس گولیاں ماری گئیں، جلاؤ گھیراؤ اور امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، سو سے زائد پولیس اہلکاروں کو احتجاج کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
-
اسلام آباد، 24 گھنٹے میں ڈینگی کے 37 نئے کیس رپورٹ
اسلام آباد : اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ڈیلی رپورٹ جاری کر دی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلعی ٹیمز کی جانب سے 40ہزار 169مقامات پر انسدادِ ڈینگی انسپکشن مکمل کر لیا گیا، ڈینگی کے ممکنہ پھیلائو کو روکنے کیلئے شہر کے 2,111 مقامات پر فوگنگ کی گئی ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 37نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
