اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی قیمتوں میں مزید کمی کیلیے کوششیں جارہی ہیں، عالمی منڈی میں پیٹرولیم نرخ کم ہونے پر ایک بار پھر پیٹرول کے بجائے بجلی سستی کریں گے۔اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے قوم کو ہرشعبے میں فائدہ پہنچے گا جس میں مزید کمی کے لیے کوشش کی جارہی ہے امید ہے کہ چند ماہ میں مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حال ہی میں کمی واقع ہوئی ہے اس کا دیرپا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے، تجاویز پر غور کیا جارہا ہے، جلد ایک آپشن بناکر لائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایک آپشن تو یہی ہے کہ آج سے چند ہفتے پہلے تیل کی قیمت میں کمی واقع ہوئی تھی لیکن ہم نے پیٹرول کی قیمت کم نہیں کی بلکہ اسے پی ڈی ایل میں لے گئے تاہم ہم نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے اس کے عوض بجلی کے نرخ کم کردیے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح عالمی سطح پر پیٹرول کی جو مزید قیمتیں کم ہورہی ہیں اس کے لیے ہم پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کریں گے تاکہ اس کا بھی فائدہ بالآخر ہماری معیشت اور ہمارے عوام کو پہنچے۔
Category: اہم خبریں
-

پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے 1500الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی منظوری
لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں کیلئے 1500الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی منظوری دیدی گئی ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا،اس موقع پرمریم نواز کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار الیکٹرک بسوں پر مشتمل ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کیا جائے گا۔انہوں نے پہلے مرحلے میں 380 الیکٹرک بسوں کی خریداری جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسیں چلا نے کیلئے جون کی ڈیڈلائن مقرر کی۔سرگودھا،شیخوپورہ، سیالکوٹ اور گجرات سمیت 6اضلاع میں نئے ٹرانسپورٹ سسٹم پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ لاہور،فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کی جائے گی۔فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس کے ٹریک کیلئے بھی پلان طلب کر لیا گیا،لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کی پلاننگ کیلئے 15روز کی مہلت دی گئی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک بسوں کے چارجنگ اسٹیشن کا پلان بھی طلب کر لیا،اجلاس میں لاہور میں جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی منظوری دی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں،لاہور ہی نہیں باقی شہروں کے عوام کا بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر پورا حق ہے۔ خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر بڑے شہر میں شاندار اور جدید ترین بس سسٹم موجود ہو،ترقی کے سفر میں سب کو شریک کرنے کیلئے دیگر شہروں میں الیکٹرک بس چلائی جائے گی۔
-

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اس ٹاسک فورس کی کاوشوں سے بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی ممکن ہوئی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کی طرز پر میری ٹائم سیکٹر میں بھی پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، تاکہ سمندر سے جڑی اکانومی میں طویل عرصے سے موجود جمود کو ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو طویل ساحل، سمندر اور دیگر لامحدود وسائل عطا کیے ہیں، جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی معیشت کی ترقی کے لیے سمندری وسائل تک رسائی ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی بندرگاہوں کو عالمی سطح پر مسابقتی معیار پر لانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے گرین چینل کی طرز پر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ بندرگاہوں پر موجود کنٹینروں کے قیام کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کے لیے بھی ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
-

کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگرد گرفتار
کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان رینجرز نے کہا ہے کہ تینوں دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ترجمان نے بتایا ہے کہ گرفتار دہشت گرد نعیم اللہ عسکری تربیت یافتہ اور وزیرستان میں کارروائیوں میں ملوث ہے جو کچھ عرصہ قبل کراچی میں آکر اپنا نیٹ ورک منظم کرنے میں سرگرم تھا۔انہوں نے بتایا کہ تینوں دہشت گرد کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
-

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے اس بار سنجیدہ اقدامات کریں گے: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا امریکی کانگرس کے بل سے متعلق ردعمل سامنے آ گیا۔میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اس بار سنجیدہ اقدامات کریں گے، رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ آزاد عدلیہ کا نہ ہونا ہے۔بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ اگر عدلیہ فیصلہ نہیں کرتی تو ہمارا پولیٹیکل الائنس فیصلہ کرے گا، اعظم سواتی نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر ہم ایکشن لیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قرآن اور قسم کی روش ختم ہونی چائیے، آئندہ کوئی بات پبلک پر نہیں کی جائے گی۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ امریکہ میں کئی بل آتے رہتے ہیں، کوئی پاس ہوتے ہیں کوئی نہیں ہوتے، میں نے بل دیکھا ہے نہ پی ٹی آئی کا اس بل سے کوئی لینا دینا ہے۔
-

ہائیکورٹ کے اختیار میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی
اسلام آباد: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے اختیار میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔سپریم کورٹ نے 9 مئی سے متعلق کیس میں اے ٹی سی راولپنڈی کے جج سے مقدمات منتقلی کی اپیلیں نمٹا دیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو کیا گیا 22 لاکھ روپے کا جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔عدالت نے سماعت کے دوران کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ پراسیکیوٹر جنرل اور اے ٹی سی جج کے کیریئر پر اثرانداز نہیں ہو گا، اس موقع پر پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ جج کا تبادلہ ہو چکا ہے، مسئلہ ہائی کورٹ کے ریمارکس اور جرمانے کا ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے پورا صوبہ چلانا ہوتا ہے، انہوں نے جج کے خلاف ریفرنس پر حکومت کو پیغام دینا تھا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو پیغام دے دیا جس سے ایڈمنسٹریٹو جج نے اتفاق کیا، ہائی کورٹ کے اختیار میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، جرمانے ادا کر دیں یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے سابق اے ٹی سی جج راولپنڈی اعجاز آصف کیخلاف ریفرنس دائر کیا تھا، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ریفرنس اور مقدمہ منتقلی کی درخواست خارج کر دی گئی تھی، جس پر پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
-

بانی پی ٹی آئی کو نہیں، قائل ان کو کیا جائے جن سے بات کرنی ہے، سینیٹر عرفان صدیقی
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تو پہلے ہی سے قائل ہیں، قائل انھیں کیا جائے جن سے بات کرنی ہے۔ اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ جس کی بھی اڈیالہ جیل تک رسائی ہوتی ہے وہ اپنی اہمیت بنانے کےلیے نیا شوشا چھوڑ دیتا ہے۔ ہر ایک اپنا ذاتی ایجنڈا لیے پھرتا ہے۔عرفان صدیقی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تو پہلے سے ہی قائل ہیں اور چھت پر کھڑے ہو کر ڈیڑھ سال سے دہائی دے رہے ہیں، اس طرح کے بیانات پی ٹی آئی کے اندرونی جھگڑوں کا شاخسانہ ہیں۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کسی کو نہ بانی پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے نہ پارٹی سے ہمدردی ہے، ہر ایک اپنا ذاتی ایجنڈا لیے پھرتا ہے۔
-

صدر زرداری کورونا میں مبتلا : کراچی کے نجی ہسپتال میں علاج جاری
اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری کورونا میں مبتلا ہوگئے، صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ مختلف ٹیسٹوں کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ صدر مملکت کورونا میں مبتلا ہیں اور انہیں اس وقت قرنطینہ (آئیسولیشن) میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے۔قبل ازیں صدر زرداری کو بخار اور انفیکشن کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا،جہاں ان کا علاج جاری ہے اور انہیں الگ تھلگ رکھا گیا ہے ۔واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے پر نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔صدر مملکت انفیکشن اور بخار میں مبتلا ہونے کے باعث زرداری ہاؤس نوابشاہ میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے عید بھی نہیں مل سکے تھے جبکہ کل 4اپریل کو گڑھی خدا بخش میں بھٹو کے یوم شہاد ت کے حوالے سے ہونے والے اجتماع میں بھی شریک نہیں ہوسکیں گے ۔ذرائع نے کہا کہ صدر کی طبیعت اب بہتر ہے ۔دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری پیغام میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے صدر مملکت کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے ، ان شااللہ وہ جلد ہی مکمل صحت یاب ہوں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے لیے قوم دعا کرے ،اللہ تعالیٰ انہیں شفاء کاملہ عطا فرمائے اور جلد از جلد صحت یاب کرے ،وزیراعظم نے صدر مملکت کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے صدر زرداری سے رابطہ کر کے مزاج پرسی بھی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی صدرزرداری کی خیریت دریافت کی او ر جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ادھر صدر زرداری کی درازی عمر کیلئے ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی تنظیموں کے زیر اہتمام دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ صدقات اور مزارات مقدسہ پر حاضری اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کی ہدایت پر وسطی پنجاب کے 26اضلاع میں صدر زرداری کی درازی عمر کی دعائیں مانگی گئیں۔
-

علی امین اور بیرسٹر سیف کو عمران خان نے مذاکرات کا ٹاسک دیدیا
راولپنڈی(خبرنگار، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور بیر سٹر سیف کی اڑھائی گھنٹے طویل الگ الگ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں۔ بانی پی ٹی آئی نے علی امین کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی اجازت دیدی۔
کے پی کے سے متعلق تمام معاملات پر علی امین گنڈا پور خود مختار ہو نگے۔ بدھ کی دوپہر دو بجے علی امین گنڈاپور سرکاری پروٹوکول میں اڈیالہ جیل پہنچے ان کے ہمراہ سنیئر مشیر بیرسٹر سیف بھی تھے۔ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنمائوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔جیل کے کانفرنس روم میں ہونے والی ملاقاتوں میں سب سے پہلے بیرسٹر سیف کی ملاقات ہوئی اس کے بعد علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی ۔ علی امین ساڑھے چاربجے کے بعد جیل سے واپس روانہ ہو گئے ۔ملاقاتوں کے حوالے سے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کو کے پی کے حکومت کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔ بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا اور فلاحی منصوبوں کی تعریف کی ۔ سپیکر اسمبلی اور اعظم سواتی کے حوالے سے معاملہ کو خود حل کرنے کی ہدایت کی ۔ مجموعی طور پر علی امین کی کارکردگی کو سراہا اور کے پی کے سے متعلق تمام معاملات میں فیصلہ کرنے کا اختیار بھی دیا ۔ ملاقات میں قیادت پر سوشل میڈیا پر جاری بے جا تنقید بھی زیر بحث آئی،ملاقات میں اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی پر نظر ثانی پر بھی بات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا،آنے والے چند دنوں میں علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی سے ایک اور ملاقات کرینگے ، ملاقات میں پارٹی معاملات سمیت تمام امور پر بھی بات چیت کی گئی، بیر سٹر سیف اور گنڈاپور نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کو اپنے نقطہ نظر پر قائل کیا۔
دوسری طرف عید کے دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے فیملیز ملاقات کے لئے نہ آئیں عید کے دوسرے دن اعظم سواتی ، نادیہ خٹک اور مبشر مقصود اعوان کی ملاقات ، سلمان اکرم راجا کی دی گئی فہرست پر ملاقات نہ ہو سکی ۔ عید کے دوسرے دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے قبل گیٹ 5 پر تنازع کھڑا ہوگیا۔بانی سے ملاقات کے لیے نامزد کوارڈنیٹر سلمان اکرم راجہ کو ملاقات کی اجازت نہ ملی جبکہ اعظم خان سواتی، نادیہ خٹک، تابش فاروق، مبشر اعوان اور انصر کیانی کو اجازت مل گئی ۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے میں نے نام دئیے اور مجھے ہی ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔سلمان راجہ اجازت نہ ملنے پر ساتھیوں سمیت گیٹ پانچ پر موجود رہے ۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے بعد اعظم خان سواتی، مبشر اعوان اور نادیہ خٹک جیل سے باہر آئے اور اعظم سواتی اور سلمان اکرم راجا میں طویل مشاورت ہوئی ۔باقی رہنمائوں کو مشاورت میں شامل ہونے سے روک دیا گیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان سواتی نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے دیگر دو لوگوں کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے ۔بانی کو بتایا سلمان اکرم راجا آپ کا سودا نہیں کرے گا۔میں نے بانی کو مانسہرہ کی کرپشن کے معاملات پر بتایا۔میں نے بانی کو بتایا کمیٹی کے معاملات سامنے لائے جائیں۔بانی نے کہا ہے کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے تو سپیکر کے پی اسمبلی کو مستعفی ہوجانا چا ہئے ۔پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے تیسری عید اڈیالہ جیل میں گزار ی ۔بعض میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اعظم سواتی خاص پیغام لے کر اڈیالہ جیل گئے تھے اور اعظم سواتی کی ملاقات علی امین گنڈا پور نے مینیج کی تھی۔ -

سندھ حکومت نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا
کراچی: سندھ حکومت نے سابق ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔کل پیپلز پارٹی کے بانی کی چھیالیسویں برسی ہے، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار ادارے، کارپوریشنز اور مقامی کونسلیں بند رہیں گی۔پیپلز پارٹی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں تعزیتی اجتماع منعقد کرے گی، ملک بھر سے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد کے شریک ہونے کی توقع ہے۔
