لاہور:لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تبصرے مکمل طور پرغلط، غیر مناسب وقت پراور حقائق کے منافی ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی کی جانب سے سابق کرکٹرراشد لطیف کے خلاف کی گئی کارروائی کسی بھی قسم کی تنقید کو دبانے کیلئے نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد جھوٹے ، بے بنیاد اور ہتک آمیزالزامات کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔محسن نقوی نے کہا کہ بورڈ کی ہرکارروائی قانون کے دائرے کے اندر رہ کر کی جاتی ہے اور اس کا واحد مقصد پاکستان کرکٹ، اس کے کھلاڑیوں اورادارے کی ساکھ کا تحفظ ہے۔انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کا مؤقف حقائق سے میل نہیں کھاتا اور یہ تاثر دینا کہ پی سی بی کسی کی آواز بند کر رہا ہے ، سراسرغلط ہے ۔چیئرمین پی سی بی کے مطابق راشد لطیف نے اپنے ٹویٹ میں معذرت کر کے بورڈ کے مؤقف کی تصدیق کردی ہے جو واضح ثبوت ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات درست سمت میں تھے ، راشد لطیف کی معذرت کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ حقیقت کا اعتراف ہمیشہ اداروں کومضبوط بناتا ہے ۔
Category: کھیل
-

پاکستان شاہینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹی ٹونٹی کا چیمپئن فائنل میں مقابلہ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں بنگلا دیش کو شکست دیدی 7 رنز کا ہدف پاکستان نے 4گیندوں پر ہی حاصل کر لیا،وزیرِ اعظم کی مبارکباد
دوحہ، اسلام آباد: پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو فائنل میں شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹی ٹونٹی کا ٹائٹل جیت لیا۔دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے فائنل میں مقررہ 20 اوورز میں مقابلہ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں میچ کا فیصلہ ہوا۔دونوں ٹیموں نے 20، 20 اوور میں 125، 125 رنز بنائے تھے جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔سپر اوور میں بنگلا دیش کی ٹیم 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے سپر اوور میں 7 رنز کا ہدف چار گیندوں پر حاصل کرلیا۔اس سے قبل دوحہ میں ہونے والے فائنل میں بنگلا دیش اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بیٹرز کے لیے مشکل وکٹ پر پاکستان شاہینز 20 اوور میں 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سعد مسعود 38 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے ، عرفات منہاس نے 25 اور معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے ۔بنگلا دیش اے کے رپون منڈل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پاکستان شاہینز کے بولرز نے بنگلا دیش اے کے بیٹرز کو بھی مشکل میں ڈالا۔شاہین کے بولرز کی شاندار پرفارمنس کی بدولت بنگلا دیش کا سکور 125 تک ہی محدود رہا۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رائزنگ سٹار ایشیا کپ فائنل میں پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر پوری قوم کو مبارکباد اورکھلاڑیوں کی پذیرائی کرتے ہوئے پاکستانی شاہینز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ٹیم کے کوچز اور بورڈ حکام بھی اس فتح پر لائق تحسین ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے ۔
-

آئی سی سی اجلاس: ٹیسٹ کرکٹ کو 2 درجوں میں تقسیم کرنے کی تجویز مسترد
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کو 2 درجوں میں تقسیم کرنے کی تجویز مسترد کردی۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی اجلاس میں فنڈنگ سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث ٹیسٹ کرکٹ میں درجہ بندی کی تجویز مسترد کیا گیا۔ویب سائٹ کے مطابق 2027 سے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 12 ٹیموں کی شمولیت کا امکان ہے ، تمام 12فل ممبرز کو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 20ہی رہے گی، ون ڈے سپر لیگ کو بحال کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
-

پہلا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دیدیا
راولپنڈی: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دے دیا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے فیلڈنگ کی دعوت ملنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز سکور کیے۔پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان نے کیا، تاہم مجموعی سکور جب 14 رنز تھا تو صائم ایوب صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔صائم ایوب کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے اور فخر زمان کے ساتھ 54 رنز کی شراکت قائم کی، مگر 68 کے مجموعی سکور پر فخر زمان 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم کے ساتھ اگلے بلے باز محمد رضوان میدان میں آئے لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد سلمان آغا نے بابر اعظم کا ساتھ دیا، تاہم بابر اعظم 29 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔پاکستان کی ٹیم اس وقت مشکل میں تھی کیونکہ 95 رنز پر اس کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں لیکن سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگ کو سہارا دیا۔سلمان آغا نے شاندار 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 62 رنز کا عمدہ اضافہ کیا اور محمد نواز 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ مہیش تھکشنا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
-

راولپنڈی میں کرکٹ سیریز،سکیورٹی کیلئے 5500پولیس اہلکار تعینات
راولپنڈی: پاکستان سری لنکا/زمبابوے کرکٹ ٹرائی سیریز، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن، سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق فول پروف سکیورٹی کیلئے راولپنڈی پولیس کے 5500سے زائد افسران تعینات کر دئیے گئے۔جبکہ ٹریفک انتظامات کیلئے 350سے زائد افسران فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سی پی او کے مطابق سینئر افسران فیلڈ میں سکیورٹی پر مامور فورس کو چیک اور بریف کر رہے، روف ٹاپ پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جس کیلئے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
-

پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا فائنل میں کویت کو 43 رنز سے ہرایا، کپتان عباس آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار
مونگ کوک :پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز 2025 کے فائنل میں کویت کو 43 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ کپتان عباس آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔گزشتہ روز مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں کویت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو پاکستان کے حق میں بہتر ثابت ہوا۔ گرین شرٹس نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے ۔ عباس آفریدی نے طوفانی بیٹنگ کی اور 11 گیندوں پر 52 رنز بنائے جن میں 7 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ عبدالصمد نے 13 گیندوں پر 42 جبکہ خواجہ نافع نے صرف 6 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔کویت کے میٹ بھوسار واحد نمایاں بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم 5.1 اوورز میں 92 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عدنان ادریس نے 30 اور میٹ بھوسار نے 33 رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کو ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ۔ ایکس پر جاری پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ مہارت، جذبے اور ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ پاکستان کی کرکٹ کے جذبے کو بہترین طریقے سے ظاہر کرتا ہے ۔
-

سری لنکا کیخلاف ون ڈے سکواڈ کا اعلان ، حسن نواز ڈراپ حسن قائداعظم ٹرافی کے لیے ریلیز ،تجربہ کار بیٹر فخرزمان کو شامل کیا گیا جبکہ ایک روزہ سیریز کیلئے ان کا کوئی متبادل نہیں رکھا گیا سہہ ملکی سیریز کیلئے سکواڈ میں سلمان،عبدالصمد، ابرار ، بابر ، فہیم ، فخر،نواز، وسیم،سلمان ، نسیم،فرحان،صائم ، شاہین و دیگر شامل
راولپنڈی:پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور تین ملکی سیریز کیلئے ٹی 20 سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں شامل حسن نواز کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے ڈراپ کردیا گیا ہے ، انہیں قائداعظم ٹرافی میں شرکت کے لیے ریلیز کردیا گیا ۔سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز اور پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی20 سیریز کے لیے فخر زمان کو سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز 11 سے 15 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔اسی طرح، پاکستان ،سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ٹی20 سہ فریقی سیریز کا آغاز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوگا۔قومی ون ڈے سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسین طلعت، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا شامل ہیں۔قومی ٹی20 سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان (وکٹ کیپر)، عثمان طارق شامل ہیں۔
-

سنگا کپ میں تاریخی کامیابی کے بعد لیاری کی فٹبال ٹیم پاکستان پہنچ گئی
کراچی: سنگا کپ 2025 میں تاریخی کامیابی کے بعد لیاری فٹبال اکیڈمی کی ٹیم واپس وطن پہنچ گئی۔ایشیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں سلور میڈل اپنے نام کرنے والے لیاری کے نوعمر فٹبالرز اور آفیشلز کا کراچی نٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا، مداحوں نے ان کو ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا، انہوں نے کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی نہ صرف لیاری بلکہ پورے پاکستان کا فخر ہیں جنہوں نے انتہائی محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود ملک کا نام روشن کیا۔لیاری فٹبال اکیڈمی کے صدر شیخ عبدالرحمن نے کہا کہ حکومت سندھ اور صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر سنگا کپ 2025 میں سلور میڈلز حاصل کرنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے مکمل سرپرستی، مالی معاونت فراہم کریں تاکہ یہ نوجوان آئندہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم مزید بلند کر سکیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما سفیان دلاور، سید جواد شعیب، جان محمد بلوچ، زوہیب حسین بلوچ و دیگر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ سنگاپور میں منعقدہ سنگا کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے بوائز انڈر16 ایونٹ میں لیاری فٹبال اکیڈمی نے رنر اپ کی حیثیت سے پاکستان کے لیے سلور میڈل حاصل کیا تھا، ٹورنامنٹ میں انڈر8، انڈر10، انڈر12، انڈر14 اورانڈر16 کے ایونٹس میں 13 ممالک کی 160 ٹیموں نے شرکت کی جبکہ 15 ویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پیرا فٹبال مقابلے بھی شامل کیے گئے تھے۔
-

میرا کام ون ڈے کرکٹ کوبہتر بنانا ہے: شاہین شاہ آفریدی
پشاور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میرا کام ون ڈے کرکٹ کوبہتر بنانا ہے۔ پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی ہے، کوشش ہوگی غلطیوں پر قابو پائیں اور پرفارمنس کوبہتر بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ میرا کام ون ڈے کرکٹ کوبہتر بنانا ہے، کیچ ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے،ہماری فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے،محمد رضوان کی پرفارمنس اچھی ہے۔قومی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ صائم ایوب کی بھی کارکردگی میں بہتر آ رہی ہے جو کھلاڑی فارم میں نہیں اسے ہمیں بیک کرنا ہے تاکہ وہ اچھا پرفارم کرے، امید ہے بابر اعظم جلد فارم میں آئیں گے، وہ اچھے پلیئر ہیں۔
-

پاکستان کے الپائن اسکیئر محمد کریم نے سرمائی اولمپکس 2026 کیلئے کوالیفائی کرلیا
دبئی :پاکستان کے معروف الپائن اسکیئر محمد کریم نے دبئی میں منعقدہ ایف آئی ایس بین الاقوامی اِس کی ریسز میں شاندار کارکردگی کے بعد سرمائی اولمپکس 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔گگلت بلتستان کے علاقے نلتر سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ کھلاڑی مسلسل چوتھی مرتبہ اولمپکس میں جگہ بنا کر دنیا کے واحد اسکیئر بن گئے ہیں جنہوں نے یہ اعزاز مسلسل 4 بار حاصل کیا۔محمد کریم اس سے قبل سوچی، پیونگ چانگ اور بیجنگ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، اگرچہ وہ اب تک تمغہ نہیں جیت سکے، تاہم عالمی سطح پر ان کی مسلسل موجودگی کو پاکستان کے سرمائی کھیلوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب محمد کریم کی کامیابی پاکستان اسکی فیڈریشن کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھاتی ہے، فیڈریشن سالانہ بھاری فنڈز کے باوجود نئے کھلاڑی، خصوصاً خواتین اسکیئرز سامنے لانے میں ناکام رہی ہے۔
