لندن: وزارت خارجہ کا کہنا ہے پاکستان نے برطانیہ کےقائم مقام ہائی کمشنر کوڈیمارش جاری کردیا۔وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق ڈیمارش برطانوی شہربریڈ فورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کے حوالے سےجاری کیا گیا، برطانیہ میں پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کے آفیشل اکاؤنٹ کو مظاہرین جمع کرنے کیلئے استعمال کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ احتجاج کے دوران مظاہرین نے چیف آف ڈیفنس فورسز کیخلاف انتہائی اشتعال انگیز اور قابل اعتراض زبان استعمال کی، احتجاج کے دوران فیلڈ مارشل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گیئں اور کہا گیا کہ اُن کو ایک کار بم دھماکے میں قتل کردیا جائے گا۔وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے برطانیہ کی سرزمین سے دی جانے والی دھمکیوں کا سخت نوٹس لیا ہے، برطانوی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایاجائے گا۔
Category: اہم خبریں
-

پرامن احتجاج کا حق ہر صورت استعمال کرینگے :سہیل آفریدی سٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کردی ،نوجوان ہر سطح پر تیار رہیں
پشاو:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر سٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کردی ہے ، آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے ، ہم یہ حق ہر صورت استعمال کریں گے ۔پشاور میں تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی ہے اور یہی ہماری پہچان ہے ، نوجوان ہر سطح پر تیار رہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ملک دشمن سیاسی جماعتوں نے اقتدار کی خاطر اداروں اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور سپریم کورٹ پر حملہ بھی انہی قوتوں نے کیا، سازشی عناصر نوجوانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کریں گے اس لیے فوکس نہ ہٹائیں، نوجوان ملک دشمن بیانیے اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غلط سیاسی کلچر اور انتشار کی سیاست کرپٹ عناصر نے متعارف کروائی، حقیقی آزادی کی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں جاری رہے گی۔
-

بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان 17 برس بعد بنگلا دیش واپس پہنچ گئے
ڈھاکا: بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان 17 برس بعد بنگلا دیش واپس پہنچ گئے۔ڈھاکا میں طارق رحمان کا تاریخی عوامی استقبال کیا گیا، ہزاروں افراد سڑکوں پرنکل آئے، بنگلادیشی عوام سے خطاب میں طارق رحمان نے وطن واپسی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔طارق رحمان نے کہا کہ بنگلا دیش 1971 میں لاکھوں شہداء کی قربانیوں سے حاصل ہوا، 1990میں عوام نے آمریت کے خلاف جدوجہد کر کے جمہوری حقوق بحال کیے۔انہوں نے کہا کہ 2024 میں طلبا اور عوام آزادی و خودمختاری کے تحفظ کیلئے متحد ہوئے۔طارق رحمان نے کہا کہ کسان، مزدور اور ہر طبقے کے افراد قومی خودمختاری کے دفاع میں شامل ہیں، عوامی اجتماع میں جمہوریت کی بحالی کے نعرے، سیاسی ماحول گرم رہا۔
-

کیلیفورنیا میں طوفان کی شدت، شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی
لاس اینجلس: کیلیفورنیا میں طوفان کی شدت میں اضافہ، شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔خبر ایجنسی کے مطابق سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی، پل اور شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں، شہری زندگی بری طرح متاثر ہے۔لاس اینجلس اور جنوبی کیلیفورنیا میں شہریوں کے انخلا احکامات جاری کر دیئے گئے، حکام عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ طوفان والے شہروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، کیلیفورنیا میں عوام کے جان اور مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق بجلی اور ٹرانسپورٹ سروسز متاثر ہونے سے شہریوں کے معمولات زندگی میں خلل پڑا، عوام کو احتیاط برتنے، ہدایات پر عمل کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
-

سکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں آپریشن، 2 خوارج جہنم واصل
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی رنگ لیڈر دلاور سمیت 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز عزم استحکام سوچ کے تحت آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بھرپور قوت سے جاری رہیں گے۔
-

امریکا کی جارحیت، وینزویلا کے ایک اور تیل بردار بحری جہاز پر قبضہ
واشنگٹن، کراکس: امریکا نے بین الاقوامی پانیوں میں کارروائی کرتے ہوئے وینزویلا کے ایک اور خام تیل بردار بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے، جو رواں ماہ ضبط کیا جانے والا تیسرا آئل ٹینکر ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وینزویلا کے حکام کے مطابق یہ بحری جہاز اس وقت خالی تھا اور وینزویلا واپس جا رہا تھا کہ امریکی حکام نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔وینزویلا کی جانب سے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی وینزویلا پر عائد پابندیوں کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے پیش نظر اپنی عسکری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، مرسیڈیٹا ہوائی اڈے پر امریکی فوجی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں میکینکس کو بحری بیڑے کی تیاریوں میں مصروف دیکھا گیا ہے، جبکہ ایک سپر اسٹالین ہیلی کاپٹر کی اڑان بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے خطے میں طاقت کے اظہار کے لیے طیارہ بردار بحری جہاز، جنگی بحری جہاز، جدید لڑاکا طیارے اور ہزاروں فوجی کیریبین کے علاقے میں تعینات کر دیے ہیں، ان اقدامات کو وینزویلا پر دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل متعدد مواقع پر یہ بیان دے چکے ہیں کہ وینزویلا میں زمینی فوجی کارروائی کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا، سیاسی اور دفاعی ماہرین کے مطابق امریکا کی حالیہ بحری اور فضائی نقل و حرکت خطے میں ایک ممکنہ بڑے تصادم کی جانب اشارہ کر رہی ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر عالمی برادری کی نظریں امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر مرکوز ہیں، جبکہ خطے میں کسی بھی ممکنہ فوجی اقدام کے اثرات کو دور رس قرار دیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز بھی وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک تیل بردار جہاز کو قبضے میں لیا تھا۔
-

وزیراعظم سے انڈر 19کرکٹ ٹیم کی ملاقات، ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کی فاتح ٹیم نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔وزیر اعظم کی جانب سے ایشین انڈر 19چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کیا گیا، شہباز شریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا, وزیراعظم کےہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی،وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔ٹوزیراعظم نے فرداً فرداً تمام ھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، وزیراعظم نےبھارت کے خلاف بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، وزیراعظم نے ٹیم منیجمنٹ کے ہررکن کے لیے بھی 25،25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، بھارت کو بدترین شکست پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل خود دیکھا ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا امیدکرتاہوں کہ آپ کارکردگی کے تسلسل کوبرقرار رکھیں گے، آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے ، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھاجائے ، تمام کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ میں سے بہت سے کھلاڑی کل پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم نے سمیرمنہاس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور ان کو ہیرو قرار دیا، شہباز شریف نےمحسن نقوی کو پی سی بی معاملات احسن طریقے سے چلانے پر مبارکباد دی۔استقبالیے کے بعد کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیاگیا ، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ہمراہ کھانہ بھی کھایا اور فرداً فرداً گپ شپ لگائی، کھلاڑیوں نے بھرپور عزت افزائی پر بھی وزیراعظم اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ یہ پراسیس 17جون 2025سے شروع کیا جس میں 70نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائل ہوئے، ٹرائل کے بعد 70میں سے30کھلاڑیوں کا کیمپس لگایا گیا، ایشیا کپ میں جانے سے پہلے مقصد تھا کہ کپ اورشائقین کے دل جیتیں گے۔مایہ ناز کرکٹر سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیراعظم نے تمام نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے، تمام نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف نے بہت محنت کی تھی۔سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے پوری انڈر19ٹیم کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، امید ہے مستقبل میں یہ ٹیم مزید ٹرافیاں جیتے گی، وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی، سمیر احمد نے بہت بہترین اننگ کھیلی، عثمان خان نے بھی سمیر احمد کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ مینجمنٹ ہمیں پوری سپورٹ کررہی ہے، ایشیا کپ جیتنے میں تمام کھلاڑیوں کا اہم کردار ہے، مینجمنٹ نے ہمیں کہا آپ اپنی کرکٹ کھیلیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سرفراز احمد نے کہا ہار بھی گئے تو جیت آپکی اورہار ہماری ہے۔کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ انڈر19 ایشیاءکپ میں انفرادی پرفارمینس نہیں دے پایا، ورلڈکپ میں انفرادی پرفارمینس دینےکی کوشش کروں گا، مینجمنٹ نے قومی انڈر19 کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا، مینجمنٹ نے نیچرل گیم کھیلنے کی تجویز دی،کسی کھلاڑی کا مورال ڈاؤن نہیں ہوا، سب پر اعتماد تھے۔سٹار بلے باز سمیر منہاس نے کہا کہ بہت سادہ پلان تھا کہ وکٹ پر وقت گزارنا ہے، کرکٹ کھیلی اوراللہ نے عزت دی، پہلے میچ میں بھی اچھی اننگ کھیلی تھی، بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں تھا۔سمیرمنہاس نے کہا کہ بھارت کے خلاف پچھلے میچ میں اپنی غلطی پر آؤٹ ہوا کوئی پریشر نہیں تھا، بورڈ پر اچھا ٹوٹل کردیں تو مخالف ٹیم پر کافی پریشرآجاتا ہے، سوچا یہی تھا کہ ٹیم کیلئے اچھے رنز کرنے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ایک بڑا میچ تھا اس میں ہمارے کھلاڑیوں نے ایک بڑا سکور کیا ہے، یہ سمجھتا ہوں کہ ٹیم کی بہترین کارکردگی کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اس بھارتی ٹیم کے خلاف کھیلا جو کرکٹ کو کھیل سمجھتی تھی، کل بھارتی کرکٹ ٹیم کا رویہ انتہائی غیر مناسب تھا، اپنے کھلاڑیوں کو کہا تھا سپورٹس مین سپرٹ دکھانی ہے، اپنے لڑکوں کو بولا بھارتی کھلاڑی جو کرتے ہیں ان کو کرنے دیں ،ہم نے اپنی کرکٹ کھیلنی ہے۔
-

توشہ خانہ ٹو کی سزا 190 ملین پاؤنڈ کی سزا کی مدت ختم ہونے کے بعد شروع ہوگی: عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کی سزا 190 ملین پاؤنڈ کی سزا کی مدت ختم ہونے کے بعد شروع ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 14 سال کی سزا ختم ہو گی تو اس کے بعد 17 سال کی سزا شروع ہو گی، فراڈ کے تحت تحائف کی قیمت کم لگوائی گئی، فیصلہ انصاف پر مبنی ہے، تحائف کی قیمت کم لگوا کر سرکار کو کم رقم دی گئی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ٹیٹ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا کر تحائف اپنی ذات کے لیے رکھ لیے، بشریٰ بی بی نے تحائف روک لیے اور مالی فائدہ لیا، 3 کروڑ اور 7 کروڑ کا سٹیٹ کو نقصان پہنچایا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10 سال اور 7 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔
-

اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ،122ارب روپے منافع 1646پوائنٹس بڑھ کر100انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 71ہزار 960پربند
کراچی:آئی ایم ایف اورحکومت کے درمیان مثبت مذاکرات،ریکوڈک منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی آمد،ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر کی بلند پرواز، سعودی عرب سے عنقریب بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی خبریں، گوشت کی سرکاری برآمدی پالیسی، ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپرپلس ہونا ، شرح سود میں کمی ، عسکری و سفارتی مضبوطی اور ملک میں جاری امن و امان کی بہتر صورتحال سے اسٹاک ایکسچینج نئے سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کرگئی ۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روزکا آغازمثبت زون سے ہوا، اسکے بعد دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ کر نئی بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہوکر پہلا نیاریکارڈ اور بلند ترین سطح پر بند ہوکر دوسرا نیا ریکارڈ قائم کیا، یعنی 100 انڈیکس نے آج بھی دو نئے ریکارڈ قائم کردیے۔100 انڈیکس ٹریڈنگ کے وقت1935 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 72 ہزار 248 پوائنٹس کی ریکارڈ حد تک ٹریڈ ہوا، دن بھر اسٹاک سرمایہ کاروں کااعتماد بحال رہا اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا جس کے باعث بینکنگ، فوڈ، سیمنٹ ،آئل اینڈ گیس، ریفائنری، آٹو، فارما، کیمیکل اور فرٹیلائزر اسٹاکس کے شیئرز کا بول بالا دن بھر رہا ۔تاہم اختتامی لمحات میں معمولی نوعیت کی پرافٹ ٹیکنگ سے جاری ریکارڈ تیزی کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1646 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 71 ہزار 960 پوائنٹس کی بلند ترین سطح سے ہوا ،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 703پوائنٹس بڑھ کر52557 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس643پوائنٹس اضافے سے 103659 پوائنٹس پربند ہوا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 121ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 19 ہزار 498 روپے ہوگیا،مجموعی طور پر560کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 217کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،228میں کمی اور115 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔گزشتہ روز 95کروڑ1 لاکھ 45ہزار 18روپے مالیت کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، کاروباری حجم 54 ارب 7 کروڑ 48 لاکھ 68 ہزار 202 روپے رہا ۔اسٹاک ایکسپرٹ سلمان نقوی نے دنیا نیوز کو بتایا کہ اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مقامی سرمایہ کاری کا آنا بھی 100 انڈیکس کو تقویت پہنچاگیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کے اختتام تک اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی برق رفتار ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن ، آئی پی اوز ، نئے اکاؤنٹس اور فی شیئر پرائس کی قیمتوں کے مزید نئے ریکارڈ قائم ہوں گے۔
-

روپے کی قدر میں بہتری، انٹربینک میں ڈالر مزید سستا ہوگیا
کراچی : انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمیں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 25 پیسے پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 26 پیسے پر بند ہوا تھا۔
