پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہو گئے اور ایوان سے پہلے خطاب میں کہا کہ ریاست عوام ہے اور عوام ہی ریاست ہے۔خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت شروع ہوا، علی امین گنڈاپور ایوان میں پہنچے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا، سہیل آفریدی کو 90 ایم پی ایز نے منتخب کیا۔قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد سہیل آفریدی کا کے پی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ایک ادنیٰ سے ورکر کو جس کا نا بھائی، نا باپ اور نا ہی چچا ہی سیاست میں ہے اسے اس عہدے کے لیے منتخب کیا، پرچی سے وزیر اعلیٰ نہیں بنا، محنت کر کے یہاں پہنچا ہوں، میں سب سے پہلے پاکستانی، پھر پختون اور قبائلی ہوں، نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو لگنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کی بدولت ہی ریاست قائم رہتی ہے، اس عوام نے 8فروری کو پورے پاکستان میں صرف اورصرف پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا، بدقسمتی سے8فروری کو دھاندلی کی گئی، لندن پلان میں خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہاں دوبارہ دہشتگردی لانے کی کوشش کی گئی، دنیا ڈائیلاگ کی جانب جارہی ہے، لیڈر کی جانب سے جو بھی ہدایات آئیں پہلے کی طرح فرنٹ سے لیڈ کروں گا، آپ کی معلوم ہے میں احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ دنوں سے کہا جارہا ہے بانی کی جیل تبدیل کی جارہی ہے، اعلان کرتا ہوں بانی کی بغیر مشاورت جیل تبدیل کی گئی تو پورا پاکستان جام کریں گے، بدقسمتی سے یس بوس نہ کہنے کے بعدلندن پلان کے مطابق میرے لیڈر کی جمہوری حکومت کو گرایا گیا۔قبل ازیں سپیکر نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی، غیر حاضر اراکین واپس آجائیں، اندر جو اسمبلی میں ہیں انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں، اراکین اسمبلی لابی کے گیٹ پر موجود رجسٹر میں اپنے ناموں کا اندراج کریں۔بابر سلیم سواتی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ جو استعفیٰ علی امین نے 8 اکتوبر کو دیا تھا اس کے متعلق آج تصدیق ہو رہی ہے، گورنر کا اقدام مکمل طور پر غیر آئینی ہے، میں رولنگ دیتا ہوں، سہیل خان کو پارٹی کے چیئرمین نے نامزد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 8 کے تحت استعفیٰ دیا، 8 اور پھر 11 اکتوبر کو علی امین نے دو استفے گورنر کو بھیج دیئے، دونوں استعفوں پر علی امین نے ہی دستخط ہیں۔بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ علی امین نے جو استعفیٰ دیا ہے وہ خود منظور ہوتا ہے، وزیراعلیٰ کے پہلے اور دوسرے استعفے کے دستخط میں کوئی فرق نہیں، وزیر اعلیٰ کے استعفے کے تمام لوازمات آئین اور قانون کے مطابق تھے۔
Category: اہم خبریں
-

صحت دشمنوں کیخلاف فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن،بھاری جرمانے،مقدمات،30لٹر رینسڈ آئل تلف، ریسٹورنٹ،بیکری کو 40،40ہزا رروپے جرمانہ، شہریوں کی صحت سے کسی کو کھیلنے نہیں دینے ، ڈی جی
ملتان:شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زبیر احمد اعجاز کی سربراہی میں صدر بازار اور دوکوٹہ چوک دنیاپور میں 2 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، 30 لٹر رینسڈ آئل تلف، ریسٹورنٹ اور بیکری کو 40، 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زبیر احمد اعجاز اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز طاہر سعید کی سربراہی میں دنیاپور میں 2 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔ کچن ایریا میں حشرات اور فریزر میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر ریسٹورنٹ کو بھاری جرمانہ کیا گیا۔ خوراک کی تیاری میں رینسڈ آئل کے استعمال پر سویٹس اینڈ بیکرز کو بھاری جرمانہ عائد کیا ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ خوراک کی تیاری کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد لازم و ملزوم ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو غیر محفوظ خوراک بیچنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
-

انسداد پولیومہم میں غفلت برداشت نہیں کرینگے ،کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی ،اسسٹنٹ کمشنرز مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں سیلاب یا دشوار گزار علاقوں کیلئے خصوصی موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں، عامرخٹک
راولپنڈی:کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، سول ڈیفنس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ پولیو مہم 13 سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی جس کے دوران 5 سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، لہٰذا اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں ۔ سیلاب یا دشوار گزار علاقوں میں بچوں تک پہنچنے کے لیے خصوصی موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ ہر گھر تک رسائی کے لیے یونین کونسل سطح پر نگران افسران تعینات کیے جائیں ۔کمشنر راولپنڈی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
-

سپیکر قومی اسمبلی سے پی آر اے وفد کی ملاقات،نومنتخب باڈی سے حلف لینے کی درخواست
اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نو منتخب صدر پی آر اے پی ایم بی سومرو نے کی۔ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر، احمد نواز اور جاوید نور شامل تھے ۔وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ پی آر اے کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیں۔ سردار ایاز صادق نے نو منتخب باڈی سے حلف لینے کا یقین دلایا۔
-
سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان کی پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو شکست
کولاالمپور:ملائیشیا میں سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستان کا ایونٹ میں شاندار آغاز ہو گیا۔پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 2-7 سے شکست دے دی، قومی گرین شرٹ کی جانب سے سفیان خان نے 3گول کرکے قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب پاکستان کی جانب سے ندیم خان نے 2 گول کرکے ٹیم کی برتری پر مہر ثبت کردی۔واضح رہے پاکستان اپنا دوسرامیچ کل انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا جب کہ 14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا۔
-

امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
رحیم یار خان: سی سی ڈی رحیم یار خان کی جانب سے تھانہ کوٹ سبزل کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں لاہور پولیس کو مطلوب ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اہلکار ملزم طیفی بٹ کو تفتیش کے لیے رحیم یار خان لے کر جارہے تھے کہ راستے میں اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر کے اسے چھڑا لیا، پولیس نے فوری تعاقب کیا اور مسلح ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ طیفی بٹ کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کانسٹیبل نور حسن بھی زخمی ہوگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم طیفی بٹ کو دبئی سے لاہور لایا گیا تھا جس پر قتل کے متعدد الزامات تھے، ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے طیفی بٹ سے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا، اس پر ملزم نے پاکستان جانے اور مقدمات کا سامنا کرنے کا کہا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ ملزم کی رضا مندی پر دبئی کی عدالت نے طیفی بٹ کو پنجاب پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کردیا تھا۔
-

بھارت کا افغانستان کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان
نئی دہلی: بھارت نے افغانستان کے ساتھ اپنے مکمل سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے کابل میں اپنے ٹیکنیکل مشن کو باضابطہ طور پر سفارت خانے کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے جمعہ کی صبح اپنے افغان ہم منصب، امیر خان متقی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔افغان ہم منصب سے ملاقات میں جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، مجھے خوشی ہے کہ بھارت کا ٹیکنیکل مشن اب سفارت خانے کا درجہ حاصل کر رہا ہے۔بھارتی وزیرِ خارجہ نے افغانستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھارت کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی یاد دہانی کروائی ہے کہ بھارت پہلے ہی افغانستان میں کئی ترقیاتی منصوبوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ بھارتی وزیرِ خارجہ نے مزید چھ نئے منصوبوں کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے۔جے شنکر نے افغانستان میں صحت کے شعبے میں بھارت کی معاونت کا ذکر کیا، خاص طور پر کووڈ-19 کی وبا کے دوران، اور خیر سگالی کے طور پر 20 ایمبولینسز عطیہ کرنے کا اعلان کیا، اس کے علاوہ بھارت جدید طبی آلات، ویکسین اور کینسر کی ادویات کی فراہمی بھی کرے گا۔یاد رہے کہ 2021 میں افغانستان میں امریک فوج کے انخلا اور طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد بھارت نے کابل میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا۔
-

ایل ڈی اے : ریونیو جنریشن بارے اقدامات کی ہدایت ،ٹیپا افسران ریونیو جنریشن میں بہتری کیلئے روڈ میپ مرتب کریں:ڈی جی
لاہور : ایل ڈی اے اور ٹیپا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعیداور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے رکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے نے ریونیو جنریشن بارے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ہاؤسنگ، ٹاؤن پلاننگ اور آکشن ٹیمیں مل کر ریونیو جنریشن کا روڈمیپ مرتب کریں۔ کارپوریٹ سیکٹر اور مارکیٹ کے نئے رجحان کی طرز پر ریونیو جنریشن پر کام کیا جائے ۔ایل ڈی اے سٹی میں بزنس بے اور دیگر کمرشل سرگرمیوں کا جلد آغاز کیا جائے ۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے اپنی دیگر سکیموں میں بھی ریونیو جنریشن کے لیے آؤٹ آف باکس اقدامات کرے ۔ ایل ڈی اے اپنی قیمتی پراپرٹی کو مارکیٹ میں بہتر سے بہتر استعمال میں لائے ۔ٹیپا افسران بھی ریونیو جنریشن میں بہتری کے لیے روڈ میپ مرتب کرے ۔ ٹاؤن پلاننگ، میٹرو پولیٹن پلاننگ ونگ بھی ریونیو جنریشن میں بہتری بارے نئے اقدامات تجویز کرے ۔
-

فیڈرل تعلیمی بورڈنے پاسنگ مارکس 33 کے بجا ئے 40 فیصد کردئیے
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ نے امتحانی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا، پاسنگ مارکس 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر د ئیے۔نئی پالیسی سالانہ امتحانات 2026سے نافذ ہو گی، تبدیلی میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ پر لاگو ہو گی ۔فیڈرل بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ 2027 سے پالیسی میٹرک اور انٹر کے دوسرے فیز پر بھی لاگو ہو گی۔
-

راولپنڈی ، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 11ملزم گرفتار
راولپنڈی : راولپنڈی پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تھانہ صدر واہ پولیس نے 3منشیات سپلائرز کو گرفتار کرکے ایک کلو 260 گرام ہیروئن، 550 گرام آئس اور ایک کلو 660 گرام چرس برآمد کی ۔ رتہ امرال پولیس نے شاہراہِ عام پر آتش بازی کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے 18 سوتر گولے اور 12 ہوائیاں برآمد کر لیں۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 7 افراد کو حراست میں لے کر 45 لٹر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ تھانہ بنی پولیس نے دو، کینٹ، سول لائنز اور ٹیکسلا پولیس نے ایک ایک شخص کو شراب برآمدگی پر گرفتار کیا جبکہ مندرہ اور روات پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔
