اسلام آباد:رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 6.19 فیصد اضافے کے بعد 4ارب 80کروڑ ڈالرز تک جا پہنچیں۔ذرائع نے بتایا کہ ستمبر میں ماہانہ بنیادوں پر ٹیکسٹائل برآمدات میں 3.27 فیصدکا اضافہ ہوا تاہم ستمبر میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں دوفیصد سیزائد کی کمی ہوئی۔ جولائی تا ستمبر 2025کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 4ارب80کروڑ ڈالرز رہیں جن کا حجم گزشتہ سال اسی عرصے میں 4 ارب 52 کروڑ ڈالرز رہا تھا۔
Category: کاروبار
-

سونے اورچاندی کی قیمتیں آسمان پر،ڈالر کی قدر کم تولہ سونا 4 لاکھ 28 ہزار 200 ،دس گرام 3 لاکھ 67 ہزار 112 پرجاپہنچا
کراچی:سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں سونے اور چاندی کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچیں ۔ادھرانٹربینک میں پیر کو ڈالر کی قدرگھٹ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 55 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4071 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 5 ہزار 500 روپے کے ہوشربا اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 715 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 67 ہزار 112 روپے ہوگئی ۔ دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 147 روپے کے اضافے سے پہلی بار 5 ہزار 247 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک ڈالر ایک پیسے کی کمی سے 281.16 روپے کاہوگیا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر282.20روپے پر مستحکم رہا۔
-

اسٹاک ایکسچینج میں 4657 پوائنٹس کی شدید مندی،534 ارب خسارہ حصص کی فروخت ترجیح ، سیاسی ہلچل، پاک افغان کشیدگی اور آئی ایم ایف قسط میں تاخیرمندی کی وجہ قرار 100انڈیکس 1 لاکھ 58 ہزار 443 پربند،6 ٹریٹنگ سیشنز میں 10 ہزار پوائنٹس سے زائدکی گراوٹ ریکارڈ
کراچی:ملک میں جاری سیاسی ہلچل ، امن و امان کی خراب صورتحال ، پاک افغان کشیدگی ، امریکا کا چین پر100فیصد ٹیرف عائد کرنا اور آئی ایم ایف سے ملنے والی قسط میں مسلسل تاخیر سٹاک مارکیٹ میں جاری مندی کی لہر کو مزید بڑھاوا دے گئی۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 1694 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 61 ہزار 403 سے ہوا ،بعدازاں سیاسی بے یقینی کی کیفیت سے پریشان مالیاتی اداروں نے حصص کی فروخت کوترجیح دی ، دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس 5420پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 61 ہزار کی نفسیاتی حدسے گرتا گرتا 1 لاکھ 60 ہزار ، 1 لاکھ 59 ہزار ،1 لاکھ 58 ہزار اور 1 لاکھ 57 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ،یعنی 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ شدید گراوٹ کے باعث یکے بعد دیگرے چار نفسیاتی حدوں کو کھو بیٹھا۔کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس 4 ہزار 654 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 58 ہزار 443 پوائنٹس پر بند ہوا۔ 100 انڈیکس مسلسل چھ ٹریڈنگ سیشن میں شدید مندی کے زیر اثر 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کراچکا ہے ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1444 پوائنٹس کی کمی سے 48740 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 2790 پوائنٹس کی کمی سے 48740 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 534ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم گھٹ کر 18ہزار 376 ارب روپے رہ گیا۔مجموعی طور پر 482 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 74 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 375 میں کمی اور 33 میں استحکام رہا۔گزشتہ روز1 ارب 36 کروڑ 57 لاکھ 3 ہزار 374 روپے مالیت شیئرز کے سودے 62 ارب 46 کروڑ 56 لاکھ 7ہزار 12 روپے میں طے پائے ۔ اسٹاک ایکسپرٹ سلمان نقوی نے دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف سے ملنے والی قسط پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جاری بڑی مندی کو پھر سے بہتری کی جانب گامزن کرسکتی ہے جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کاروبار کا اہم جز ہے ۔
-

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، سٹاک مارکیٹ میں 7 ہزار پوائنٹس کا بڑا اضافہ
کراچی: سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج دوبارہ مثبت رجحان دیکھا گیا، ایک روز کی شدید مندی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال ہوگیا ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جو کاروباری روز کے اختتام تک برقرار رہی۔سٹاک مارکیٹ میں کاروباری روز کے اختتام پر 7 ہزار 32 پوانٹس کے اضافے کیساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار 476 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی جا رہی ہے جن میں آٹو موبائل سمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز شامل ہیں، حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل مثبت زون میں دکھائی دیئے۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر انڈیکس 4654 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 58 ہزار 443 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔سٹاک مارکیٹ میں آج 44 ارب 82 کروڑ 78 لاکھ 78 ہزار 166 روپے مالیت کے 58 کروڑ 68 لاکھ 48 ہزار 420 شیئرز کا لین دین ہوا۔
-

سٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ماہانہ اعداد و شمار جاری کر دیئے
کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ماہانہ بنیادوں پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2025 میں 10601 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے گئے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 8 لاکھ 62 ہزار357 ہوگئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ستمبر25 میں روشن اکاؤنٹ میں 19 کروڑ ڈالر جمع کرائے گئے، روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں ستمبر 2025 تک 11 ارب 10 کروڑ ڈالر جمع کرائے گئے۔سٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے ستمبر میں 1.90 کروڑ ڈالر نکالے گئے، روشن اکاؤنٹ سے ستمبر 20 سے ستمبر 25 تک 1 اب 87 کروڑ ڈالرز نکالے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق ستمبر25 تک روشن کھاتوں سے 11.7 کروڑ ڈالر پاکستان میں خرچ کئے گئے، روشن برقی کھاتوں میں ستمبر 2025 تک واجب الادا ڈیپازٹس 2.11 ارب ڈالر ہیں۔
-

روپے کی قدر میں بہتری، انٹربینک میں ڈالر مزید سستا ہوگیا
کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں آج روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 16 پیسے پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 281 روپے 17 پیسے پر بند ہوا تھا۔فاریکس ڈیلرزکا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائرمیں استحکام اوردرآمدی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کے باعث مارکیٹ میں ڈالرکی طلب نسبتاً کم دیکھی گئی، اسی باعث شرحِ مبادلہ میں معمولی بہتری آئی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قدرمیں معمولی کمی دیکھی گئی اوروہ 282 روپے 50 پیسوں پرفروخت ہوتا رہا، کرنسی ایکسچینجرزکے مطابق آنے والے ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں مزید معمولی اتارچڑھاؤ کا امکان ہے۔
-

روئی کے بھاؤ میں شدیدمندی، ملز کی محتاط خریداری سندھ و پنجاب میں بھاؤ15 ہزار300 روپے من رہا،کاٹن ایسوسی ایشن
کراچی:مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روئی کے بھاؤ میں شدیدمندی کا عنصر غالب رہا۔ٹیکسٹائل ملز نے محتاط خریداری کی جبکہ جنرز نے نیچے داموں پر روئی فروخت کرنا شروع کر دی گو کہ جنرز یہ بھی بات کر رہے ہیں کہ پھٹی کے بھاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے لیکن مارکیٹ میں روئی کی خریداری کم ہونے کی وجہ سے وہ کم داموں پر روئی فروخت کرنے لگے ۔ روئی کے بھاؤ میں کمی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے بھی بتائی جاتی ہے کہ 30 ستمبر کی کاٹن جنرزکی کپاس کی پیداواری رپورٹ میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت پیداوار میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ آئندہ 15 دنوں میں بھی روئی کی آمد نسبتاً زیادہ ہونے کی توقع ہے ۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے بھی روئی کے اسپاٹ ریٹ میں فی من 500 روپے کی کمی کر کے اسپاٹ ریٹ فی من 15100 روپے کر دیا ہے ۔ سندھ میں روئی کا بھاؤ کوالٹی کے حساب سے فی من 14800 تا 15300روپے رہا، پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 7000 تا 7600 روپے رہا ۔ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 14750 تا 15300 روپے رہا ،پھٹی کا بھاؤ 7000 تا 8200 روپے رہا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی روئی کے بھاؤ میں مندی غالب رہی ،نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھاؤ فی پاؤنڈ 63.84 تا 68.10 امریکن سینٹ کے درمیان رہا۔
-

معاشی بدحالی نظامی ناکامی کا نتیجہ ہے ،شبر زیدی
قیادت بیل آؤٹ پروگرام کے جال میں جکڑی ہوئی ہے ،ماہرِ معیشت ،کراچی معروف ماہرِ معیشت، سابق چیئرمین ایف بی آر اور سابق صوبائی وزیرِ خزانہ سندھ شبر زیدی نے امریکی ایوارڈ یافتہ میگزین ساؤتھ ایشیا کو دیے گئے انٹرویو میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور کراچی کے بگڑتے حالات پر سخت تنقید کی ۔شبّر زیدی نے وزیرِاعظم کی قیادت میں معیشت کی سمت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی بدحالی کسی ایک شخص کی نہیں بلکہ ایک نظامی ناکامی کا نتیجہ ہے جسے آئی ایم ایف پروگرام نے مزید بگاڑ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت بین الاقوامی بیل آؤٹ پروگرام کے جال میں جکڑی ہوئی ہے جو معیشت کی جڑوں میں موجود مسائل جیسے کمزور انفرااسٹرکچر اور سیاسی انتشار کا حل پیش نہیں کرتا۔شبّر زیدی نے وضاحت کی کہ کس طرح کراچی کو منظم انداز میں نظرانداز کیا گیاان کے مطابق انتظامی غفلت، سیاسی مفادات اور سماجی تقسیم نے شہرِ قائد کی ترقی کو روک دیا ہے ۔شبّر زیدی نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی طاقتوں نے کراچی کو نوآبادیاتی انداز میں اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے ۔
-

آباد اور ایس پی بی سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
تعمیرات، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کیلئے جامع فریم ورک تشکیل ،کراچی:پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)اورسعودی پاکستان بزنس کونسل (ایس پی بی سی)کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔ دستخط سعودی شہزادے منصور بن محمد آل سعود کی سربراہی میں کیے گئے ۔ ایم او یو پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید اور سعودی پاکستان بزنس کونسل کے وائس چیئرمین محمدعبدلعزیز الجلان نے دستخط کیے ۔معاہدے کے تحت آباد اور ایس پی بی سی نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے ،سرمایہ کاری کے موقع بڑھانے اور تجارت وتعمیرات سے متعلق سرگرمیوں میں توسیع کیلئے ایک جامعہ فریم ورک تشکیل دیا ہے ۔معاہدے کے مطابق آباد اور ایس پی بی سی پاکستان کے تعمیراتی اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سعودی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرینگے اور تعمیراتی منصوبوں میں جوائنٹ ونچر کے امکانات تلاش کریں گے ۔
-

ڈالرکی قدر3پیسے کم،تولہ سونا4578روپے سستا
چاندی کی فی تولہ قیمت 34 روپے کے اضافے سے 5100روپے پرجاپہنچی ،کراچی:انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا،ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم چاندی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر3پیسے کی کمی سے 281.17 روپے کا ہوگیا۔یاد رہے کہ جمعرات کو مقامی کرنسی 281.20 روپے پر بند ہوئی تھی ۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 44 ڈالر کی کمی سے 3995 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 4 ہزار 578 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 20 ہزار 600 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3924 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 60 ہزار 597 روپے ہوگئی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 34 روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 5 ہزار 100 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ہے۔
