بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی
(سنگ میل نیوز)راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش سے شرمناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں 2 درجے تنزلی ہوگئی۔
بنگلہ دیش نے گزشتہ روز پنڈی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو اسی کی سر زمین پر 10 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی 23 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں زیر کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کی انتہائی خراب پرفارمنس صرف شرمناک شکست کی وجہ ہی نہیں بنی بلکہ قومی ٹیم کے آئندہ سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی امیدوں پر بھی اوس پڑ گئی ہے۔
اس بدترین پرفارمنس سے پاکستان ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں 12 قیمتی پوائنٹ سے محروم ہونے کے ساتھ 2 درجے تنزلی کے بعد رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر چلی گئی اور اس ٹیبل پر وہ صرف ویسٹ انڈیز سے ہی اوپر ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم جو 8ویں نمبر پر تھی، اس فتح کے ساتھ 12 پوائنٹ سمیٹ کر پاکستان کی جگہ چھٹے نمبر پر براجمان ہوگئی ہے۔
بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل پاکستان اس رینکنگ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر تھا اور مہمان ٹیم کے خلاف وائٹ واش اس کو تیسرے نمبر پر پہنچا سکتی تھی تاہم اب تو قومی ٹیم کے لیے خود سیریز بچانے کے لالے پڑ گئے ہیں۔