راحت فتح علی خان نے بنگلادیش میں پاکستانی موسیقی کا جادو جگایا

پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے آرمی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ ’ایکوز آف ریوولوشن‘ میں پرفارم کرکے پاکستانی موسیقی کا جادو دکھایا۔ اس کنسرٹ کا مقصد جولائی-اگست 2024 میں ہونے والے پرتشدد احتجاج میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کی مدد کرنا تھا، اور اس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی ‘شہدا میموریل فاؤنڈیشن’ کو عطیہ کی گئی۔

راحت فتح علی خان نے اپنی ٹیم کے ساتھ بغیر کسی معاوضے کے پرفارم کیا، اور ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والے منافع سے بھی انہوں نے اجتناب کیا۔ اس کے علاوہ مقامی بینڈز آرٹ سیل، چرکٹ، آفٹرمتھ اور سلسیلا نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ ریپ آرٹسٹ شیزان اور حنان نے بھی اپنے منفرد انداز میں پرفارمنس دی۔

کنسرٹ کے منتظمین نے بنگلادیش کے انقلاب میں طلبا کے کردار کو سراہتے ہوئے طلبا کو ٹکٹوں پر خصوصی رعایت فراہم کی۔ وی آئی پی ٹکٹوں پر 16 فیصد، پہلی قطار کے ٹکٹوں پر 24 فیصد، اور جنرل ٹکٹوں پر 36 فیصد رعایت دی گئی۔ ٹکٹ خریداری کے لیے ڈھاکہ کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں بوتھ قائم کیے گئے تھے، تاکہ طلبا کو آسانی سے ٹکٹ مل سکیں۔

اس سے قبل پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھی بنگلادیش میں ’میجیکل نائٹ 2.0‘ میں اپنی پرفارمنس سے سامعین کے دل جیت لیے تھے۔ عاطف اسلم نے آڈیئنس کے اصرار پر اپنے مقررہ وقت سے 2 گھنٹے زائد پرفارمنس دی، جس سے ان کے مداحوں میں بے پناہ محبت اور جوش بڑھا۔ اس کنسرٹ نے نہ صرف پاکستانی موسیقی کی مقبولیت میں اضافہ کیا بلکہ دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات کو بھی مضبوط کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں