کراچی میں ایک مرتبہ پھر یخ بستہ ہواؤں کا راج؛ سردی کی شدت میں اضافہ
کراچی: بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں نے پھر کراچی کا رخ کرلیا، جمعرات کو کم سے کم پارہ 9.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
بلوچستان میں گذشتہ روز داخل ہونے والے ہواؤں کے نئے مغربی سلسلے کے شہر پر اثرات پڑنے شروع ہوگئے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہر میں معمول سے تیز شمال مشرقی (بلوچستان) یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہوئیں، جس کا سلسلہ پورے دن جاری رہا، ہواؤں کی رفتار ابتداء میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ جب کہ رات کے وقت 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
شہر کے مضافات سمیت چندعلاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کم سے کم پارہ 9.5 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ 26.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند کے سبب حد نگاہ ڈھائی کلومیٹر رہ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعے کو ہواؤں کی رفتار معتدل رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 22 اور 23 جنوری کے درمیان سرد ہوائیں ایک مرتبہ پھر سردی کا سبب بن سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران کم سے کم پارہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے، سردی کی نئی لہرایک ہفتہ جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اگلے دو روز کے دوران شہر کا مطلع سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، آج (جمعے) کو کم سے کم پارہ 14 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، نئے مغربی سسٹم کے سبب جیکب آباد، قمبرشہدادکوٹ، لاڑکانہ، سکھر سمیت دیگر اضلاع میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔