چاند نظر نہیں آیا، یکم رجب المرجب منگل کو ہوگی
اسلام آباد: ملک بھر میں کہیں بھی رجب المرجب کا چاند نظر نہیں آیا، وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ یکم رجب 1444 ہجری منگل کو ہوگی۔
رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس آج دفتر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کوہسار بلڈنگ پاک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی جس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
پورے ملک میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزلاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور میں منعقد ہوئے، ملک بھر سے کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہات موصول نہیں ہوئی۔
وزارت مذہبی امور نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق رجب کا چاند نظر نہیں آیا، یکم رجب 1444 ہجری 24 جنوری بروز منگل کو ہوگی۔