ناروے،آئرلینڈ اورسپین نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا،اسرائیل میں کھلبلی
(سنگ میل نیوز)ناروے ، آئرلینڈ اور سپین کی طرف سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیے جانے کے بعد اسرائیل کے ایوانوں میں کھلبلی مچ گئی ۔
یورپی ممالک ناروے اور آئرلینڈ نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے پراسرائیل نے دونوں ملکوں سے اپنے سفیر طلب کرلیے ہیں ۔یورپ کے دو نوں اہم ممالک فلسطین کو آزاد تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں ،اسرائیل کی حکمران جماعت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہےاور فلسطینیوں کی تحریک کو نئی جہت ملی ہے ، اس صورت حال کو جانچنے اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے کے لیے تل ابیب نے آئرلینڈ اور ناروے سے اپنے سفیر بلالیے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ناروے کے وزیراعظم جونس گار اسٹور کا کہنا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا مقصد دیگر ملکوں کو پیغام بھیجنا ہے۔وزیراعظم جونس گار اسٹور نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم آئرلینڈ سیمون ہیرس نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئرلینڈ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔
ادھر سپین کے وزیراعظم پیڈرو سینشز نے پارلیمنٹ سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم متعدد وجوہات کی بنا پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں اور اسے مختصراً ہم تین الفاظ’امن، انصاف اور مستقل مزاجی‘ سے بیان کر سکتے ہیں۔ہمیں دو ریاستی حل کو عزت دینی ہو گی اور اس معاملے پر مشترکہ سکیورٹی بھی ضروری ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ دونوں فریقین امن کے لیے مذاکرات کریں اور یہی وجہ ہے کہ فلسطین کو تسلیم کر رہے ہیں۔
ہسپانوی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسپین 28 مئی کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے گا جبکہ ناروے کے وزیر خارجہ نے بھی 28 مئی کوباضابطہ طورپر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
“ناروے،آئرلینڈ اورسپین نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا،اسرائیل میں کھلبلی” ایک تبصرہ