ہم جناب سے مزاج نہیں پوچھتے نہ ہی سرمہ ٹوپی لگاتے ہیں، عدنان صدیقی
کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے نئی بھارتی فلم ’مشن مجنوں‘ پر تنقید کرتے ہوئے اپنا ردِعمل دیا ہے۔
بالی ووڈ کے اداکار سدھارتھ ملہوترا کی فلم مشن مجنوں آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے جس میں بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو دہشتگرد دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
فلم مشن مجنوں ایک ایسے بھارتی جاسوس کی کہانی ہے جو پاکستان میں درزی کا رُوپ دھار کر ملک کے ایٹمی منصوبے کو ناکام بنانے کے مشن پر کام کرتا ہے۔
تاہم اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سدھارتھ ملہوترا کے مسلمان روپ کو سوشل میڈیا پر خوب ٹرول کیا جارہا ہے، سدھارتھ نے فلم میں مسلمان دکھائی دینے کیلئے سر پرٹوپی گلے میں تعویذ جبکہ آنکھوں میں سُرمہ لگا رکھا ہے اور وہ پاکستانیوں کو جناب اور آداب کہتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
عدنان صدیقی نے بھی پاکستانیوں کو دہشتگرد دکھانے کے ایجنڈے پر مبنی اس فلم پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے خوب تنقید کی ہے۔