عمان؛ جھولا گرنے سے 7 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی
مسقط: عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں فیسٹیول کے دوران ایک جھولا گر گیا جس کے نیچے دب کر ایک خاتون اور 7 بچے شدید زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق جھولا گرنے کا واقعہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں پیش آیا جہاں کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں ایک فیسٹیول جاری تھا اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔
سول ڈیفنس اینڈ ایمبولینس اتھارٹی نے امدادی کاموں کے دوران جھولے میں پھنسے ایک درجن سے زائد افراد کو باہر نکالا اور 8 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ خطرے سے باہر ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے تاہم ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث ہوا۔
عمان میں اس قسم کے واقعات شاز و نادر ہی پیش آتے ہیں تاہم 2016 میں ایک غیر ملکی لڑکا جھولا گرنے سے ہلاک ہوگیا تھا جب کہ ایک شخص زخمی بھی ہوا تھا۔