چین کی نیوکلئیر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

اسلام آباد: چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پنگ چن شوئی نے کہا ہے کہ چین پاکستان میں نیوکلئیر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز چائنہ نیشنل نیوکلئیر کارپوریشن کی وائس چیئرمین لیو جینگ اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پنگ چن شوئی کی قیادت میں آئے وفد نے ملاقات کی۔

وفد نے وزیراعظم کوبتایا کہ چین پاکستان میں نیوکلئیر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے جلد وفود کی سطح پر ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے گا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔

وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان چین کے سٹریٹجک تعلقات میں وسعت دونوں ممالک کی دہائیوں پر محیط دیرینہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کراچی میں گزشتہ روزکے تھری منصوبے کا افتتاح دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید استحکام کا عکاس ہے۔یہ پاور پلانٹ نہ صرف پاکستان کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات پورا کرے گا بلکہ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا اور پاکستان کی طویل مدتی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

جمعہ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں بھی وزیراعظم نے کہا کراچی میں لگائے گئے کے تھری منصوبے کی شمولیت سے ایٹمی بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار 3600میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں