شام میں زلزلے سے خطرناک قیدیوں کی جیل تباہ؛ 20 داعش جنگجو فرار
دمشق: شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ایک ہزار 400 سے زائد افرا جاں بحق ہوگئے اور کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں جن میں ایک جیل بھی شامل ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں ترکیہ کی سرحد کی نزدیک قائم جیل زلزلے میں تباہ ہوگئی جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کئی داعش جنگجو فرار ہوگئے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ یہاں 2 ہزار سے زائد قیدی اسیر تھے جن میں سے 1300 داعش اور 700 کرد جنگجو ہیں جن میں سے 20 داعش جنگجو زلزلے کے بعد فرار ہوگئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں : ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلہ، اموات 4 ہزار 300 سے متجاوز
شام کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ داعش قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے کی تصدیق کر رہے ہیں۔ قیدیوں کو گرفتار کرکے دوبارہ جیل میں ڈالا جائے گا۔
امریکا سمیت عالمی قوتوں نے داعش جنگجوؤں کے فرار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شام کی حکومت سے جیلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جنگ زدہ شام میں کئی جیلوں اور پناہ گاہوں میں داعش جنگجو قید اور ان کے اہل خانہ مقیم ہیں اور زلزلے کے باعث ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔